احسن البیان

Ahsan-ul-Bayan · 2. Al-Baqara · Ayah 267

  1. یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَنْفِقُوْا مِنْ طَیِّبٰتِ مَا كَسَبْتُمْ وَ مِمَّاۤ اَخْرَجْنَا لَكُمْ مِّنَ الْاَرْضِ١۪ وَ لَا تَیَمَّمُوا الْخَبِیْثَ مِنْهُ تُنْفِقُوْنَ وَ لَسْتُمْ بِاٰخِذِیْهِ اِلَّاۤ اَنْ تُغْمِضُوْا فِیْهِ١ؕ وَ اعْلَمُوْۤا اَنَّ اللّٰهَ غَنِیٌّ حَمِیْدٌ﴿267﴾

    1. يٰٓاَيُّهَااے
    2. الَّذِيْنَ اٰمَنُوْٓاجو ایمان لائے (ایمان والو)
    3. اَنْفِقُوْاتم خرچ کرو
    4. مِنْسے
    5. طَيِّبٰتِپاکیزہ
    6. مَاجو
    7. كَسَبْتُمْتم کماؤ
    8. وَمِمَّآاور سے۔ جو
    9. اَخْرَجْنَاہم نے نکالا
    10. لَكُمْتمہارے لیے
    11. مِّنَسے
    12. الْاَرْضِزمین
    13. وَلَااور نہ
    14. تَيَمَّمُواارادہ کرو
    15. الْخَبِيْثَگندی چیز
    16. مِنْهُسے۔ جو
    17. تُنْفِقُوْنَتم خرچ کرتے ہو
    18. وَلَسْتُمْجبکہ تم نہیں ہو
    19. بِاٰخِذِيْهِاس کو لینے والے
    20. اِلَّآمگر
    21. اَنْیہ کہ
    22. تُغْمِضُوْاتم چشم پوشی کرو
    23. فِيْهِاس میں
    24. وَاعْلَمُوْٓااور تم جان لو
    25. اَنَّکہ
    26. اللّٰهَاللہ
    27. غَنِىٌّبےنیاز
    28. حَمِيْدٌخوبیوں والا
Translation · Ahsan-ul-Bayan
اے ایمان والو اپنی پاکیزہ کمائی میں سے اور زمین میں سے تمہارے لئے ہماری نکالی ہوئی چیزوں میں سے خرچ کرو (1) ان میں سے بری چیزوں کے خرچ کرنے کا قصد نہ کرو جسے تم خود لینے والے نہیں ہو ہاں اگر آنکھیں بند کرلو تو (2) اور جان لو کہ اللہ تعالیٰ بےپرواہ اور خوبیوں والا ہے
Tafseer · Ahsan-ul-Bayan

267۔ 1 صدقے کی قبولیت کے لئے جس طرح ضروری ہے کہ ریاکاری سے پاک ہو جیسا کہ گزشتہ آیات میں بتایا گیا ہے اسی طرح یہ بھی ضروری ہے کہ وہ حلال اور پاکیزہ کمائی سے ہو چاہے وہ کاروبار (تجارت و صنعت) کے ذریعے سے ہو یا فصل اور باغات کی پیداوار سے اور یہ فرمایا کہ خبیث چیزوں کو اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کا قصد مت کرو خبیث سے ایک تو وہ چیزیں مراد ہیں جو غلط کمائی سے ہوں اللہ تعالیٰ اسے قبول نہیں فرماتا حدیث میں ہے ان اللہ طیب لا یقبل الا طیبا (اللہ تعالیٰ پاک ہے پاک حلال چیز ہی قبول فرماتا ہے) دوسرے خبیث کے معنی ردی اور نکمی چیز کے ہیں ردی چیزیں بھی اللہ کی راہ میں خرچ نہ کی جائیں جیسا کہ آیت (لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ حَتّٰى تُنْفِقُوْا مِمَّا تُحِبُّوْنَ) 3:92 کا بھی مفاد ہے۔ اس کے شان نزول کی روایت میں بتلایا گیا ہے کہ بعض انصار مدینہ کی خراب اور نکمی کھجوریں بطور صدقہ مسجد میں دے جاتے جس پر یہ آیت نازل ہوئی۔ (فتح القدیر۔ بحوالہ ترمذی وابن ماجہ وغیرہ)۔

267۔ 2 یعنی جس طرح تم خود ردی چیزیں لینا پسند نہیں کرتے اسی طرح اللہ کی راہ میں بھی ردی چیزیں خرچ نہ کرو بلکہ اچھی چیزیں خرچ کرو۔