IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 20. Taa-Haa · Ayah 1

  1. طٰهٰۚ﴿1﴾

    1. طٰهٰطہ
Translation · Baseerat-e-Quran
طا۔ ھا۔ (حروف مقطعات معنی کا علم اللہ کو ہے)
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 1 تا 8

تشقی تو مشقت اٹھاتا ہے۔ تذکرۃ دھیان اور توجہ دینے کی چیز۔ یخشی وہ ڈرتا ہے۔ العلی بلند وبالا۔ استوی وہ برابر ہوا۔ قائم ہوا۔ الثریٰ گیلی مٹی۔ السر بھید، دل میں چھپی بات۔ اخفی بہت زیادہ پوشیدہ، چھپا ہوا۔ اسماء الحسنی بہترین نام۔

تشریح :- آیت نمبر 1 تا 8

اس سورت کو بھی ” حروف مقطعات ‘ ‘ سے شروع کیا گیا ہے۔ جن حروف کے معنی کا علم اور اس کا بھید اللہ کو معلوم ہے۔ فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے اس قرآن کریم کو تمام انسانوں کی ہدایت و رہنمائی کے لئے نازل کیا ہے تاکہ اس کے وہ بندے جو محتاط، خوف الٰہی سے سرشار اور زندگی کے ہر معاملے میں پھونک پھونک کر قدم رکھتے ہیں ان کو صحیح راستہ دکھایا جاسکے اور وہ اپنی حقیقی منزل تک پہنچ سکیں۔ یہ اس اللہ کا کلام ہے جس نے ساری کائنات کو پیدا کیا ہے اور اسے انتہائی نظم و ضبط سے اپنی مصلحت کے مطابق چلا رہا ہے۔ اس نے یہ زمین جس پر انسان چلتا پھرتا، رہتا بستا اور ہر طرح کے بےانتہا فائدے حاصل کرتا ہے اور وہ بلند وبالا آسمان جو ایک سائبان کی طرح تان دیا گیا ہے اس کی قدرت کے نمونے ہیں وہ کائنات کو پیدا کر کے خاموش یا لاتعلق ہو کر نہیں بیٹھ گیا بلکہ وہ اپنی شان کے مطابق عرش پر موجود ہے اور جس طرح چاہتا ہے نظام کائنات کو چلا رہا ہے جو کچھ آسمان زمین بلکہ تحت الثری تک میں موجود ہے وہ ذرہ ذرہ کا مالک ہے اور اس کے ساتھ کوئی شریک نہیں ہے نہ وہ کسی کی شرکت کا محتاج ہے وہ کھلی چھپی اور راز کی تمام باتوں سے اچھی طرح واقف ہے۔ وہ ہر ایک کی سنتا ہے۔ اللہ کو زور سے پکارا جائے یا آہستہ سے وہ انسانی جذبات اور خیالات کا پوری طرح علم رکھتا ہے۔ وہ ہر رواز اور بھید کو جاننے والا معبود حقیقی ہے اس کے سوا کوئی عبادت اور بندگی کے لائق نہیں ہے۔ فرمایا کہ اے نبی ! اللہ نے جس کائنات کو پیدا کر کے اس ہدایت کیلئے اپنی کتاب قرآن کریم کو نازل کیا ہے آپ اس قرآن کریم کی تعلیمات کو ساری دنیا میں پہنچانے کی جدوجہد کیجیے اور اپنی جدوجہد اور کوشش میں کمی نہ کیجیے ہم نے یہ قرآن ہدایت کے لئے نازل کیا ہے آپ کو کسی مشقت یا مصیبت میں ڈالنے کے لئے نازل نہیں کیا ہے۔ یہ قرآن انسانی ذہنوں کی تسکین اور سکون کے لئے بھیجا گیا ہے۔ یہ ایک ورشنی ہے جو آہستہ آہستہ پھیل کر رہے گی اور وہ لوگ جو اس قرآن کے ذریعے اپنے دلوں میں خوف الٰہی کی قندیلیں روشن کرلیں گے۔ ان کو زندگی کا سچا راستہ ضرور نصیب ہوجائے گا۔

ارشاد ہے کہ انسان اپنے مالک اور اس کی مہربانیوں کو پہچان لے کیونکہ آسمان سے لیکر زمین اور اس کی تہہ تک کی ساری چیزیں اس کی ہیں وہ ہر چیز کا مالک ہے۔ اس کی ہستی اس لائق ہے کہ اس کے سامنے جھکا جائے اس کی عبادت اور بندگی کی جائے۔ اس کائنات میں سب سے بہتر اور لائق تعظیم اس کے نام ہیں، اس کے سوا کوئی ایسی ذات نہیں ہے جس کو ایسے حسین اور خوبصورت نام نصیب ہوں۔