بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 20. Taa-Haa · Ayah 133
وَ قَالُوْا لَوْ لَا یَاْتِیْنَا بِاٰیَةٍ مِّنْ رَّبِّهٖ١ؕ اَوَ لَمْ تَاْتِهِمْ بَیِّنَةُ مَا فِی الصُّحُفِ الْاُوْلٰى﴿133﴾
- وَقَالُوْااور وہ کہتے ہیں
- لَوْکیوں
- لَا يَاْتِيْنَانہیں لاتے
- بِاٰيَةٍکوئی نشانی
- مِّنْسے
- رَّبِّهٖاپنا رب
- اَوَکیا
- لَمْ تَاْتِهِمْان کے پاس نہیں آئی
- بَيِّنَةُواضح نشانی
- مَاجو
- فِيمیں
- الصُّحُفِصحیفے
- الْاُوْلٰىپہلے
لغات القرآن آیت نمبر 133 تا 135
لولا یا تینا وہ کیوں نہیں لاتے ہمارے پاس۔ صحف (صحیفۃ) کتابیں۔ ارسلت تو نے بھیجا۔ نذل ہم ذلیل ہوتے ہیں۔ نخزی ہم رسوا ہوتے ہیں۔ متربص انتظار کرتے ہیں۔ السوی برابر۔ اھتدی جس نے ہدایت پائی۔
تشریح :- آیت نمبر 133 تا 135
سورة میں اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اور ان کو دیئے گئے معجزات (عصا اور ید بیضا) کا بڑی تفصیل سے ذکر فرمایا ہے۔ ان معجزات کو دیکھ کر کئی لوگ تو ایمان لے آئے لیکن آل فرعون اور بنی اسرائیل کی بہت بڑی اکثریت نے سب کچھ آنکھوں سے دیکھنے کے باوجود اس کو ایک جادو سے زیادہ نہ سمجھا۔ اس سے معلوم ہوا کہ جس کو ایمان لانا ہے وہ کسی معجزہ یا بہانے کا محتاج نہیں ہوتا۔ بلکہ جب حق و صداقت کی روشنی نظر آتی ہے تو ان کے دل ایمان کے نور سے منور ہوجاتے ہیں۔
کفار مکہ جو ایمان نہ لانے کے بہانے تلاش کرتے رہتے تھے اگر وہ ذرا بھی غور کرتے تو نبی کریم ﷺ کی ذات اور قرآن کریم جیسی عظیم کتاب کے بعد ان کو کسی معجزہ کے مطالبہ کی ضرورت نہ تھی۔ کیونکہ ایک نبی امی (ﷺ) کی زبان مبارک سے ایسا کلام سنا جانا جس کی مثال اور نظیر لانا ممکن ہی نہیں ہے جو عرب کے تمام اہل زبان کے لئے ایک چیلنج تھا اور قرآن کریم میں صاف صاف فرما دیا گیا تھا کہ اگر دنیا کے جنات اور انسان بھی مل جائیں تب بھی اس قرآن جیسا لانے کی کوشش میں ناکام و نامراد ہوجائیں گے بلکہ قرآن کریم کی ایک سورت بھی بنا کر نہیں لاسکتے۔
لہٰذا اس معجزہ کی موجودگی میں کسی بھی نئے معجزہ کا مطالبہ بڑی حماقت کی بات ہے کفار مکہ بڑی جسارت سے کہتے تھے کہ اے نبی (ﷺ) اگر آپ سچے ہیں تو ثبوت کے طور پر کوئی نشانی یا معجزہ لے کر کیوں نہیں آئے جس کو دیکھ کر ہم ایمان لے آتے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کے اس سے پہلے جو کتابیں آ چکی ہیں جن میں انبیاء کرام کے معجزات کا ذکر ہے کیا وہ ایمان لانے کے لئے کافی نہیں ہیں ؟ کیا انہیں یہ بات معلوم نہیں کہ انبیاء کرام نے بڑے بڑے معجزات دکھائے لیکن ان پر ایمان والے صرف چند سعادت مند لوگ ہی تھے ؟ یہاں اس بات کی ایک دفعہ اور وضاحت ضروری ہے کہ نبی کریم ﷺ پر کفار کی فرمائش پر کسی معجزہ کو نازل نہیں کیا گیا کیونکہ اگر وہ اس معجزہ کو دیکھنے کے باوجود اس پر ایمان نہ لاتے تو اللہ کا عذاب نازل ہوتا اور پوری قوم تباہ و برباد ہو کر رہ جاتی جو اللہ کی مصلحت کے خلاف ہوتا کیونکہ اللہ تعالیٰ کو یہ مطلوب ہے کہ یہ امت آخری نبی کی آخری امت ہے اگر یہ مٹ جاتی تو پھر قیامت تک کوئی شخص اور قوم اللہ کا نام لینے والا اور آخری پیغام کو پہنچانے والا نہ ہوتا۔
اس لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ہم نے آپ سے پہلے بہت سی قوموں کو ان پر ان ہی کی نافرمانیوں کی وجہ سے ہلاک کیا ہے جن کے صرف اب کھنڈرات بھی باقی نہیں اور نشان عبرت و نصیحت بن چکے ہیں۔ البتہ آپ سے بیشمار معجزات صادر ہوئے جن کو ہزاروں صحابہ کرام نے دیکھا اور اس کو تفصیل سے بیان کیا چناچہ معجزات نبوی ﷺ پر بیشمار کتابیں لکھی گئی ہیں جن کو ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔
فرمایا کہ ہم نے اپنے رسولوں کو اس لئے بھیجا تھا کہ وہ لوگ یہ نہ کہنے لگیں کہ اگر ہمارے پاس رسول آتے تو ہم اس طرح ذلیل و رسوا نہ ہوتے اور ہم ایمان لے آتے۔ فرمایا کہ اب اللہ نے اپنا آخری رسول اور آخری نبی بھیج دیا ہے جن سے انسان ہدایت پاسکتا ہے اب قرآن کریم کی موجودگی میں نہ کسی نبی کی ضرورت ہے اور نہ کسی نئی کتاب کی۔ فرمایا کہ اہل ایمان کو کفار کی چالوں سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ بہت جلد یہ نافرمان اور سرکش لوگ اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں گے کہ حق و صداقت کو نہ ماننے کا انجام کتنا بھیانک ہے اور جو لوگ سچائی پر ایمان لانے والے ہیں وہ بھی جان لیں گے کہ سیدھے راستے پر چل کر منزل مقصود پر کون پہنچتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے فضل و کرم سے نبی کریم ﷺ کی شان ختم نبوت کے صدقے ایمان اور عمل صالح کی توفیق عطا فرمائے آمین اور آخرت کی ابدی راحتیں عطا کرے آمین ثم آمین
الحمد اللہ سورة طہ کا ترجمہ و تشریح تکمیل تک پہنچی۔
وآخر دعوانا ان الحمد للہ رب العالمین