IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 20. Taa-Haa · Ayah 90

  1. وَ لَقَدْ قَالَ لَهُمْ هٰرُوْنُ مِنْ قَبْلُ یٰقَوْمِ اِنَّمَا فُتِنْتُمْ بِهٖ١ۚ وَ اِنَّ رَبَّكُمُ الرَّحْمٰنُ فَاتَّبِعُوْنِیْ وَ اَطِیْعُوْۤا اَمْرِیْ﴿90﴾

    1. وَاور
    2. لَقَدْ قَالَتحقیق کہا
    3. لَهُمْان سے
    4. هٰرُوْنُہارون
    5. مِنْ قَبْلُاس سے پہلے
    6. يٰقَوْمِاے میری قوم
    7. اِنَّمَااس کے سوا نہیں
    8. فُتِنْتُمْتم آزمائے گئے
    9. بِهٖاس سے
    10. وَاِنَّاور بیشک
    11. رَبَّكُمُتمہارا رب
    12. الرَّحْمٰنُرحمن ہے
    13. فَاتَّبِعُوْنِيْسو میری پیروی کرو
    14. وَاَطِيْعُوْٓااور اطاعت کرو (مانو)
    15. اَمْرِيْمیری بات
Translation · Baseerat-e-Quran
بلاشبہ ہارون نے پہلے ہی ان سے کہا تھا کہ اے میری قوم (اس بچھڑے کی وجہ سے) تم ایک آزمائش میں پھنس گئے ہو۔ تمہارے رب تو رحمٰن ہی ہے۔ میری پیروی کرو اور میری بات مانو۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 90 تا 98

فتنتم تم آزمائش میں ڈالے گئے۔ لننبرح ہم ہرگز نہ کریں گے۔ عکفین جم کر بیٹھنے والے۔ عصیت تو نے نافرمانی کی۔ یا بنوم اے میری ماں کے بیٹے۔ لاحیۃ داڑھی۔ خشیت میں ڈر گیا۔ فرقت تو نے تفرقہ ڈال دیا۔ لڑا دیا۔ خطبک تیرا کہنا، تیرا حال۔ بصرت میں نے دیکھا۔ قبضت میں نے اٹھا لیا۔ اثر الرسول فرشتے کا قدم، فرشتے کا نشان قدم۔ سولت گھڑ لیا، پھسلا دیا۔ لامساس نہ چھونا، ہاتھ نہ لگانا۔ ظلت تو (بیٹھا) رہا۔ نحرقن ہم ضرور جلا ڈالیں گے۔ ننسفن ہم ضرور بکھیر دیں گے۔

تشریح :- آیت نمبر 90 تا 98

جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کوہ طور پر پہنچ گئے اس وقت بنی اسرائیل کے اکثر لوگوں نے سامری کے فریب میں آ کر اپنا وہ سونا، چاندی اور زیور جو انہوں نے مصر سے لوٹا تھا اس کو پھینک دیا۔ جس کو گلا کر سامری نے ایک بچھڑا بنا لیا تھا اور لوگوں سے کہا تھا کہ تمہاری یہی معبود ہے اس کی پرستش اور عبادت و بندگی کرو اس وقت حضرت ہارون (علیہ السلام) نے جو حضرت موسیٰ کے قام مقام تھے لوگوں کو ہر طرح سمجھانے کی کوشش کی اور فرمایا کہ دیکھو اگر تم نے اس بےجان بچھڑے کو اپنا معبود بنا کر اس کی عبادت کی تو یہ تمہاری بہت بڑی غلطی اور آزمائش ہوگی۔ یہ ایک فتنہ ہے اس سے بچو، میری اتباع کرو، میرا کہا مانو، ان تمام تر نصیحتوں کا جواب قوم بنی اسرائیل نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ دیا کہ ہم تو اسی کی عبادت کریں گے ہم اس سے ہٹنے والے یا ٹہلنے والے نہیں ہیں۔ جب موسیٰ واپس آجائیں گے اس وقت ہم دیکھ لیں گے کہ کیا کرنا ہے۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو توریت جیسی کتاب عطا کردی جو چند تختیوں پر لکھی ہوئی تھی۔ فرمایا کہ اے موسیٰ ! تم نے جب سے اپنی قوم کو چھوڑا ہے تو وہ ایک سخت فتنے، میں مبتلا ہوچکی ہے۔ اس وقت حضرت موسیٰ (علیہ السلام) سخت غصے میں بھرے ہوئے اپنی قوم میں آئے۔ دیکھا کہ قوم کے اکثر لوگ اللہ کی عبادت و بندگی چھوڑ کر ایک بچھڑے کو اپنا معبود بنا کر اس کی پرستش کر رہے ہیں۔ حضرت موسیٰ کو اپنے بھائی حضرت ہارون پر سخت غصہ تھا کہ ان کی موجودگی میں اتنی بڑی تبدیلی کیسے آگئی۔ انہوں نے تصور کیا کہ حضرت ہارون نے یقینا غفلت سے کام لیا ہے اس حالت میں حضرت ہارون کے پاس پہنچے تو ریت کی تختیوں کو ایک طرف رکھ کر حضرت ہارون کے سر کے بال اور ڈاڑھی پکڑ کر اپنی طرف کھینچتے ہوئے کہنے لگے کہ اے ہارون یہ تم نے کیا کیا جب میں تمہیں اپنے پیچھے اس قوم کی اصلاح و تربیت کیلئے چھوڑ گیا تھا تو تم نے ان کی اصلاح کیوں نہ کی۔ ایمان والوں کو ساتھ لے کر ان بت پرستوں کا مقابلہ کیوں نہ کیا۔ کم از کم کوہ طور پر آ کر مجھے بتا سکتے تھے۔ حضرت ہارون (علیہ السلام) نے کہا بھائی میری بات تو سنئے۔ میں نے اس معاملے کو میں نہ تو کسی طرح کی سستی کی ہے نہ غفلت سے کام لیا ہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ میں نے بنی اسرائیل کو ہر طرح سمجھانے کی کوشش کی مگر انہوں نے میری ایک بات بھی نہ مانی اور کہنے لگے کہ جب تک موسیٰ واپس نہیں آجاتے ہم تمہارے کوئی بات سننے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ظالموں نے تو مجھے قتل تک کرنے کی کوشش کی جب میں نے یہ حالت دیکھی تو مجھے اس بات کا اندیشہ پیدا ہو کہ کہیں اہل ایمان اور بچھڑے کے پوجنے والوں کے درمیان جنگ و جدل اور فساد برپا نہ ہوجائے اور قوم تقسیم نہ ہوجائے اور ان میں تفرقہ نہ پڑجائے۔ اس لئے میری سمجھ میں یہی آیا کہ میں آپ کا انتظار کرلوں تاکہ میرے اوپر یہ الزام نہ آجائے کہ میں نے بنی اسرائیل میں پھوٹ ڈالوا کر ان کے ٹکڑے اڑا دیئے ہیں۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے حضرت ہارون کی ان تمام باتوں کو سنا اور انہیں یقین آگیا کہ یہ سب کچھ حضرت ہارون کی غفلت کی وجہ سے نہیں ہوا بلکہ ایک اللہ کو چھوڑ کر بچھڑے کی پوجا کرنے والوں کی وجہ سے ہوا ہے۔ حضرت موسیٰ نے اپنے لئے اور حضرت ہارون کے لئے دعائے مغفرت فرمائی۔ اس کے بعد آپ اپنی قوم کی طرف متوجہ ہوئے۔ انہوں نے اس کا پورا الزام سامری پر رکھ دیا اور کہا کہ ہم نے اپنا وہ تمام زیور، سونا ، چاندی جو ہمارے اوپر بوجھ بنا ہوا تھا۔ جب اس کو پھینک دیا تو سامری نے اس کو گلا کر ایک بچھڑا بنا لیا جس میں سے بچھڑے کی جیسی آواز نکلتی تھی۔ اس نے ہمیں یقین دلایا کہ ہمارا معبود یہی بچھڑا ہے۔

حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے بنی اسرائیل کے لوگوں سے بات کرنے کے بعد سامری سے پوچھا کہ تو نے ایسا کیوں کیا۔ آخر وہ کون سے اسباب تھے جن کی وجہ سے تو نے بچھڑا بنا کر ایک اللہ کی عبادت سے ہٹا کر بچھڑے کی پوجا پر پوری قوم کو لگا دیا۔ اس نے کہا اصل بات یہ ہے کہ جب فرعون ڈوب رہا تھا اس وقت میں نے جبرئیل کو دیکھا کہ وہ فرعن اور بنی اسرائیل کے درمیان حائل ہیں۔ جاں ان کے گھوڑے کا پاؤں پڑتا تھا وہیں سبزہ اگ آتا تھا۔ میں نے گھوڑے کے پاؤں کے نیچے سے کچھ مٹی حاصل کرلی تھی جب میں نے بچھڑا بنا کر اس میں اس مٹی کو ڈالا تو اس میں سے سچ مچھ بچھڑے کے کی آواز نکلنا شروع ہوگئی۔ میں نے کہا کہ یہی تمہارا معبود ہے۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے سامری کی بات سن کر اس کو معاف نہیں کیا بلکہ اس کو بد دعا دی اور فرمایا کہ دنیا کی زندگی میں تیری سزا یہ ہے کہ تو ہر شخص سے کہے گا کہ ” مجھے ہاتھ مت لگانا “ آخرت کی سزا تو یقینا تیرے لئے مقرر ہے۔ جس سے بچنا ممکن ہی نہیں ہے، اس کے بعد حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے حکم سے اس بچھڑے کو جلا ڈالا گیا اور اس کی راکھ کو دریا میں بہا دیا گیا۔ اس کے بعد حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے فرمایا اے لوگو ! عبادت کے لائق صرف ایک اللہ ہی ہے اس کے سوا کوئی تمہارا معبود نہیں ہے، وہ ہر چیز کا علم رکھنے والا اور اس کا علم ہر چیز کو گھیرے ہوئے ہے۔