بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 30. Ar-Room · Ayah 51
وَ لَئِنْ اَرْسَلْنَا رِیْحًا فَرَاَوْهُ مُصْفَرًّا لَّظَلُّوْا مِنْۢ بَعْدِهٖ یَكْفُرُوْنَ﴿51﴾
- وَلَئِنْاور اگر
- اَرْسَلْنَاہم بھیجیں
- رِيْحًاہوا
- فَرَاَوْهُپھر وہ اسے دیکھیں
- مُصْفَرًّازرد شدہ
- لَّظَلُّوْاضرور ہوجائیں
- مِنْۢ بَعْدِهٖاس کے بعد
- يَكْفُرُوْنَناشکری کرنے والے
لغات القرآن آیت نمبر 51 تا 54
مصفر (زرد) ۔ مدبرین (پیٹھ دکھانے والے) ۔ شیبتہ (بڑھاپا) ۔ یخلق (وہ پیدا کرتا ہے)
تشریح : آیت نمبر (51 تا 54) ” گذشتہ آیات میں فرمایا گیا تھا کہ جب بارش سے پہلے خوش خبری دینے والی ہوائیں چلتی ہیں تو وہ اس تصور سے پھولے نہیں سماتے کہ بارش کے بعد موسم کی شدت کم ہوجائے گی اور ان کی کھیتیاں ہری بھری ہوجائیں گی درختوں پر رونق آجائے گی ایسے لوگ خوش تو ہوتے ہیں مگر اس اللہ کا شکرادا نہیں کرتے جس نے اپنے کرم سے بادل بھیج کر ان سے ان کو سکون عطا کیا ہے۔ اس کے برخلاف اگر ان کی ہری بھری کھیتیوں پر سخت سردی، شدید گرمی یا خشک اور جھلسا دینے والی ہوائیں چل پڑتی ہیں جن سے ان کی کھیتیاں بےرونق اور زرد پڑجاتی ہیں تو وہ ناشکری پر ارت آتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اللہ نے ان پر یہ ظلم کیوں کیا۔ فرمایا کہ ایسے لوگ جو ہر وقت اپنے فائدے میں لگے رہتے ہیں اور اپنی ہی ذات میں گم رہتے ہیں اور اللہ کی نعمتوں کی ناقدری کرتے ہیں تو اے نبی ﷺ ! اگر یہ آپ کی باتوں کی ناقدری کرتے ہیں تو اس میں تعجب کی کیا بات ہے۔ اصل میں نبی کریم ﷺ اس بات سے سخت رنجیدہ رہتے تھے کہ مکہ والے ان کی سچی باتوں پر ایمان کیوں نہیں لاتے۔ اگر وہ میری بات مان لیں تو ان کی دنیا و آخرت دونوں سنور جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ نے تسلی دیتے ہوئے فرمایا کہ آپ ان لوگوں کو حق دکھا سکتے ہیں جو آنکھیں رکھتے ہوں۔ آپ ان لوگوں کو سنا سکتے ہیں جو کان رکھتے ہوں لیکن وہ لوگ جو آنکھیں رکھنے کے باوجود اندھے بنے ہوئے ہوں اور کان رکھنے کے باوجود بہرے بنے ہوئے ہوں آپ ان کو نہ تو حق دکھا سکتے ہیں اور نہ سنا سکتے ہیں۔ لیکن وہ لوگ جو ایمان اور عمل صالح کی زندگی اختیار کر کے اللہ کی فرماں برادری میں لگے ہوئے ہیں وہی آپ کی بات سمجھتے بھی ہیں اور سنتے بھی ہیں لہذا اپنا مشن اور مقصد جاری کھئے یہی اہل ایمان ساری دنیا پر چھا جائیں گے۔ فرمایا کہ اگر یہ ناشکرے لوگ صرف اتنا غور کرلیتے کہ جب وہ پیدا ہوئے تھے کس قدر کمزور تھے اور بڑھاپے میں جاکر پھر انتہائی کمزور اور ضعیف ہوجائیں گے۔ زندگی کی ان دو کمزوریوں کے درمیان جوانی اور طاقت کا جو زمانہ انہیں نصیب ہوتا ہے اس پر اترانے اور فخر کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ جوانی اور اس کی طاقت بھی آخر کار کمزوری میں بدل جائے گی ۔ اللہ نے جو بھی طاقت اور جوانی عطا کی ہے اس پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے ورنہ جب زندگی کی کھیتی زرد پڑجائے گی تو پھر عمل کا وہ وقت باقی نہیں رہے گا جو آج حاصل ہے۔