IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 31. Luqman · Ayah 20

  1. اَلَمْ تَرَوْا اَنَّ اللّٰهَ سَخَّرَ لَكُمْ مَّا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الْاَرْضِ وَ اَسْبَغَ عَلَیْكُمْ نِعَمَهٗ ظَاهِرَةً وَّ بَاطِنَةً١ؕ وَ مِنَ النَّاسِ مَنْ یُّجَادِلُ فِی اللّٰهِ بِغَیْرِ عِلْمٍ وَّ لَا هُدًى وَّ لَا كِتٰبٍ مُّنِیْرٍ﴿20﴾

    1. اَلَمْ تَرَوْاکیا تم نے نہیں دیکھا
    2. اَنَّ اللّٰهَکہ اللہ
    3. سَخَّرَمسخر کیا
    4. لَكُمْتمہارے لیے
    5. مَّاجو کچھ
    6. فِي السَّمٰوٰتِآسمانوں میں
    7. وَمَااور جو کچھ
    8. فِي الْاَرْضِزمین میں
    9. وَاَسْبَغَاور بھرپور دیں
    10. عَلَيْكُمْتم پر (تمہیں)
    11. نِعَمَهٗاپنی نعمتیں
    12. ظَاهِرَةًظاہر
    13. وَّبَاطِنَةً ۭاور پوشیدہ
    14. وَمِنَاور بعض
    15. النَّاسِلوگ
    16. مَنْجو
    17. يُّجَادِلُجھگڑتا ہے
    18. فِي اللّٰهِاللہ (کے بارہ) میں
    19. بِغَيْرِبغیر
    20. عِلْمٍعلم
    21. وَّلَا هُدًىاور بغیر ہدایت
    22. وَّلَا كِتٰبٍ مُّنِيْرٍاور بغیر کتاب روشن
Translation · Baseerat-e-Quran
کیا تم نے نہیں دیکھا کہ جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے اس کو اللہ نے تمہارے لئے مسخر (تابع) کردیا ہے۔ اور تمہیں ظاہری اور پوشیدہ بھر پور نعمتیں عطا کی ہیں۔ اور کو گوں میں سے بعض ایسے بھی ہیں جو بغیر علم، بغیر ہدایت اور بغیر روشن کتاب کے اللہ کے بارے میں جھگڑتے ہیں۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر (20 تا 24)

اسبغ (اس نے پورا کیا۔ پھیلایا) ۔ یجادل (وہ جھگڑتا ہے) ۔ منیر (روشن۔ منور) ۔ یدعوا (بلاتا ہے) ۔ السعیر (بھڑک دار (جہنم) ۔ یسلم (وہ جھکا دیتا ہے) ۔

استمسک (اس نے تھام لیا) ۔ العروۃ (گرہ۔ حلقہ) ۔ الوثقیٰ (مضبوط) ۔ نمتع (ہم سامان دیں گے) ۔ نضطر (ہم کھینچیں گے) ۔ غلیظ (سخت۔ بدترین) ۔

تشریح : آیت نمبر (20 تا 24) ۔ ” اگر انسان اپنی کھلی آنکھوں سے دیکھ کر ذرا بھی غور و فکر سے کام لے تو اس کو اس نتیجے تک پہنچنے میں دیر نہیں لگے گی کہ اللہ تعالیٰ نے آسمانوں اور زمین میں ہر چیز کو اس کے کام میں لگا رکھا ہے۔ وہ جس طرح چاہتا ہے چیزوں کو استعمال کرتا ہے۔ اس طرح اللہ نے ظاہری اور باطنی نعمتوں کو اس پر مکمل فرمادیا ہے۔ اللہ کی نعمتوں کا اقرار کر کے اس کا شکر ادا کرنا چاہئے اور اس کی طرف سے جو بھی حکم دیا جائے اس پر عمل کرنا چاہیے۔ جو اللہ کے نیک اور صالح بندے ہیں وہ ہر آن اللہ کا شکر ادا کرکے ایمان اور عمل صالح کی زندگی گذارتے ہیں لیکن ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں ہے جو بغیر علم و ہدایت اور روشن کتاب کے اللہ کے بارے میں ہی جھگڑتے رہتے ہیں اور اس کی نعمتوں کی ناقدری کرتے ہیں۔ جب ان سے یہ کہا جاتا ہے کہ وہ اللہ کی طرف سے بھیجی گئی وحی کے مطابق اپنی زندگی گذاریں تو وہ رسم و رواج کا سہارا لے کر کہتے ہیں کہ ہمیں کچھ معلوم نہیں۔ ہم تو صرف یہ جانتے ہیں کہ ہمارے باپ دادا جس طرح عبادت و بندگی کرتے تھے ہم بھی اسی کے پابند ہیں اور ان کے طریقوں کو سنبھالے ہوئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ایسے لوگوں سے سوال کیا ہے کہ اچھا اگر شیطان نے انہیں جہنم کی آگ کی طرف بلایا ہوا ور وہ شیطان کے بہکائے میں آکر اس غلط راستے پر چل پڑے ہوں کیا وہ پھر بھی باپ دادا کی اندھی تقلید کرتے رہیں گے ؟ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اصل چیز باپ دادا کی رسمیں نہیں ہیں بلکہ اللہ کے سامنے مکمل طور پر اپنی گردن جھکا کر اس کی اطاعت و فرماں برداری کرنا ہے۔ یقینا یہ وہ مضبوط اور مستحکم سہارا، حلقہ یا گرہ ہے جس کو تھام کر انسان گمراہی کی گندگی میں گرنے سے محفوظ رہ سکتا ہے۔ تمام بہتر کاموں کا انجام اللہ ہی کے پاس ہے۔ فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ کفار کی نافرمانیوں اور غلط عقیدوں سے رنجیدہ نہ ہوں بلکہ اپنا فریضہ تبلیغ ادا کرتے رہیے وہ وقت دور نہیں ہے جب تمام لوگوں کو اللہ کے سامنے حاضر ہونا ہے جہاں ان کو بتادیا جائے گا کہ وہ دنیا میں کیا کچھ کرتے رہے ہیں۔ کیونکہ ان کا کوئی عمل اللہ کی نظروں سے پوشیدہ نہیں ہے وہ دلوں کے اندر کے بھید کو بھی اچھی طرح جانتا ہے۔ فرمایا کہ ہم نے ان کو زندگی گذارنے کو جو سامان دے رکھا ہے جس پر وہ اترا رہے ہیں بہت جلد ان کو ایک بدترین عذاب میں کھینچا اور گھسیٹا جائے گا۔ اس وقت دنیا کا یہ سازوسامان ان کے کسی کام نہ آسکے گا۔

ان آیات کی مزیدوضاحت کے لئے چند باتیں عرض ہیں۔

(1) اللہ تعالیٰ کا یہ بہت بڑا کرم ہے کہ اس نے ہر چیز کا انسان کے لئے پیدا کیا ہے تاکہ وہ اس سے پوری طرح فائدے حاصل کرسکے یہ اللہ کی نعمتیں ہیں جن کی قدر کرنا ہر انسان پر فرض ہے۔ ان میں بہت سی نعمتیں تو وہ ہیں جن کو انسان اپنی کھلی آنکھیں سے دیکھتا ہے اور بعض نعمتیں وہ ہیں جن کو دل اور ایمان کی آنکھوں سے دیکھا جاسکتا ہے۔

ہر روز سورج نکلتا ہے، چاند چمکتا ہے، ستارے اپنی روشنی بکھیرتے ہیں، بلندی سے بادل برس کر انسان اور حیوانوں کی پیاس بجھانے اور مردہ زمین کو زندہ کرنے کا سبب بنتا ہے، کھیت لہلہانے لگتے ہیں، پھل اور پھول اور سبزہ، سبزی کو ایک نئی زندگی مل جاتی ہے۔ اسی پانی سے نہریں، دریا اور ندی نالے بہتے ہیں غرضیکہ ہزاروں نعمتیں بکھری ہوئی نظر آتی ہیں۔ یہ تو ظاہری نعمتیں ہیں لیکن ہزاروں وہ نعمتیں بھی ہیں جو آنکھوں سے تو نظر نہیں آتیں مگر دل کی نظروں سے وہ صاف نظر آتی ہیں مثلاً اللہ کی ذات وصفات کی صحیح طور پر پہچان، وحی کے ذریعہ انسانوں کی ہدایت کا سامان، انبیاء کرام (علیہ السلام) کی تشریف آوری، دین کے غلبہ کے لئے ان کی کوششیں اور جدوجہد، فہم و فراست، عقل و بصیرت، سوچ سمجھ اور دور اندیشی یہ سب کی سب باطنی نعمتیں ہیں۔ ہم سب کے لئے سب سے بڑی نعمت نبی کریم ﷺ کی ذات بابرکات ہے جن کے ذریعہ قیامت تک آنے والوں کی وہ رہنمائی ہوئی ہے کہ اب آپ کے بعد کسی دوسرے نبی کی ضرورت باقی نہیں ہے۔ اللہ کا یہ کتنا بڑا کرم ہے کہ اس نے ہمیں نبی مکرم ﷺ کا امتی بنایا۔

(2) سب سے بڑے بد قسمت لوگ وہ ہیں جو اللہ کے احسانات ماننے کے بجائے بغیر کسی علم و ہدایت اور روشن دلیلوں کے اللہ کے بارے میں جھگڑتے ہیں۔ اس پر وہ اڑے بیٹھے ہیں اور کفرو شرک کے بد ترین راستے کو اپنائے ہوئے ہیں حالانکہ ان کے پاس اپنی بات کو ثابت کرنے کے لئے کوئی واضح دلیل اور ثبوت موجود نہیں ہے۔

(3) دوسری بد نصیبی یہ ہے کہ جب بھی ان سے یہ کہا جاتا ہے کہ وہ اللہ کے احکامات کی پیروی کریں۔ اسی کے مطابق اپنی زندگی گذاریں اور صرف ایک اللہ کی عبادت و بندگی کریں تو ان کا جاہلانہ جواب یہی ہوتا ہے کہ ہم کسی حال میں اپنے باپ دادا کے طریقوں کو نہیں چھوڑسکتے جس راستے پر وہ چلتے آئے ہیں ہم بھی اسی راستے پر چلیں گے۔ حالانکہ یہ کوئی دلیل نہیں ہے لیکن وہ لوگ یہ کہہ کر اپنے آپ کو مطمئن کرلیتے ہیں اور زندگی پھر رسم و رواج کے بندھنوں میں جکڑے رہتے ہیں۔ اس جگہ تقلید کرنا یا نہ کرنا اس بحث کی گنجائش تو نہیں ہے لیکن موقع کی مناسبت سے اتنا ضرور سمجھ لیا جائے کہ رسم اور دین کیا ہے۔ عرض ہے کہ رسم اس کو کہتے ہیں جس کے پیچھے کوئی دلیل نہیں ہوتی لیکن دین بہترین دلائل کی روشنی میں ایک سچائی کا نام ہے۔ جو لوگ رسموں میں پھنسے رہتے ہیں ان کے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ اندھی تقلید کر رہے ہیں جس کی کوئی حقیقت نہیں ہے لیکن وہ لوگ جو دین پر چلنے والے ہیں وہ سچائی کی پیروی کرنے والے ہیں جس طرح صحابہ کرام ؓ نے نبی کریم ﷺ کی تقلید اور اتباع کی۔ تابعین نے صحابہ کرام ؓ کی تقلید کر کے اپنے دلوں کو قرآن و سنت کے نور سے روشن ومنور کیا اور اسی طرح آئمہ مجتھدین نے اپنے سے پہلے گذرے ہوئے صحابہ کرام اور تابعین اور تبع تابعین کی پیروی اور تقلید۔ لہذا اگر آج ہم ان چاروں اماموں کو قابل تقلید سمجھ کر کسی ایک کی تقلید کرتے ہیں تو اس کو اندھی تقلید نہیں کہا جائے گا بلکہ ایسی تقلید کرنا عین شریعت ہے اور قرآن و سنت کے تقاضوں کی تکمیل ہے۔

(4) خوش نصیب لوگ وہ ہیں جو اپنی ذات اور جذبات کو اللہ کے سامنے جھکا دیتے ہیں اور ہر اس کام میں سب سے آگے ہوتے ہیں جو نیکی اور بھلائی کا کام ہے۔ درحقیقت ایسے لوگ اس مضبوط اور مستحکم گرہ کو اپنے ہاتھ میں لے لیتے ہیں جو ان کو گمراہی کے گہرے گڑھوں میں گرنے سے بچا لیتی ہے۔ یہ تقلید شخصیتوں کی ہنسی بلکہ اللہ اور رسول ﷺ کی تقلید ہے۔

(5) نبی کریم ﷺ کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا کہ اگر کفار ان سچائیوں کو نہیں مانتے اور انکار کرتے چلے جارہے ہیں تو آپ اس سے رنجیدہ نہ ہوں کیونکہ آخر کار ایسے منکرین کا بد ترین انجام ہے اور وہ عذاب الہی سے نہیں بچ سکتے۔