IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 32. As-Sajda · Ayah 4

  1. اَللّٰهُ الَّذِیْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ وَ مَا بَیْنَهُمَا فِیْ سِتَّةِ اَیَّامٍ ثُمَّ اسْتَوٰى عَلَى الْعَرْشِ١ؕ مَا لَكُمْ مِّنْ دُوْنِهٖ مِنْ وَّلِیٍّ وَّ لَا شَفِیْعٍ١ؕ اَفَلَا تَتَذَكَّرُوْنَ﴿4﴾

    1. اَللّٰهُاللہ
    2. الَّذِيْوہ جس نے
    3. خَلَقَپیدا کیا
    4. السَّمٰوٰتِآسمانوں کو
    5. وَالْاَرْضَاور زمین
    6. وَمَااور جو
    7. بَيْنَهُمَاان کے درمیان
    8. فِيْمیں
    9. سِتَّةِچھ
    10. اَيَّامٍدن
    11. ثُمَّپھر
    12. اسْتَوٰياس نے قرار کیا
    13. عَلَي الْعَرْشِ ۭعرش پر
    14. مَا لَكُمْتمہارے لیے نہیں
    15. مِّنْ دُوْنِهٖاس کے سوا
    16. مِنْسے۔ کوئی
    17. وَّلِيٍّمددگار
    18. وَّلَا شَفِيْعٍ ۭاور نہ سفارش کرنے والا
    19. اَفَلَا تَتَذَكَّرُوْنَسو کیا تم غور نہیں کرتے
Translation · Baseerat-e-Quran
اللہ ہی ہے جس نے آسمانوں، زمین اور جو کچھ ان کے درمیان میں ہے ان کو چھ دنوں میں پیدا کی ہے۔ پھر وہ عرش پر قائم ہوا۔ اس کے سوا تمہارا نہ تو کوئی حمایتی و مددگار ہے اور نہ سفارش کرنے والا کیا تم اتنی بات نہیں سمجھتے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر (4 تا 11) ۔

ستتہ (چھ (چھ مدتیں) ۔ استوی (برابر ہوا۔ قائم ہوا۔ ٹھہرا) ۔ یدبر (وہ تدبیر کرتا ہے) ۔ الامر (حکم۔ بات۔ کام) ۔ یعرج (وہ چڑھتا ہے) ۔ الف سنتہ (ایک ہزار سال) ۔ طین (مٹی) ۔ سللتہ (ست نچوڑ) ۔ یتوفی (وہ موت دیتا ہے) ۔ وکل (سپرد کیا گیا) ۔

تشریح : آیت نمبر (4 تا 11) ۔ ” سورة السجد کی آیت نمبر ا تا 3 میں آپ نے پڑھا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پر اس قرآن کریم کو نازل کیا ہے تاکہ اس کے ذریعہ ان لوگوں کو پوری طرح آگاہ کردیا جائے جن کے پاس صدیوں سے کوئی آگاہ کرنے والا نہیں آیا تھا۔ جس اللہ نے اس قرآن جیسی کتاب کو نازل کیا ہے بتایا جارہا ہے کہ اس کی شان یہ ہے کہ

اس نے چھ دنوں میں زمین و آسمان اور اس کے درمیان کی تمام چیزوں کو پیدا کیا اور ساتویں دن وہ اپنی شان کے مطابق تخت سلطنت پر قائم اور جلوہ گر ہوا۔ اس میں یہودیوں کے اس عقیدے کی تردید ہے کہ اللہ نے چھ دنوں میں اس پوری کائنات کو بنایا اور ساتویں دن اس نے آرام کیا۔ یہودیوں نے یہ مسئلہ گھڑ رکھا ہے کہ جس طرح اللہ نے چھ دن کام کر کے ساتویں دن آرام کیا تھا اسی طرح تمام لوگوں کو ہفتہ کے دن آرام کرنا چاہیے حالانکہ اللہ تعالیٰ زمین و آسمان کی حفاظت سے کبھی تھکتا نہیں لیکن یہودیوں نے اس عقیدے کو اپنے اوپر اس طرح مسلط کرلیا ہے کہ وہ ہفتہ کے دن اس طرح آرام کرتے ہیں کہ وہ کسی چیز کو جاتھ تک نہیں لگاتے۔ اللہ نے یہودیوں کے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے فرمایا کہ بیشک اللہ نے اس کائنات کو آہستہ آہستہ ایک خاص نظام کے تحت بنایا ہے اور چھ دنوں یا مدتوں میں اس کو مکمل کیا ہے لیکن اس نے ساتویں دن آرام نہیں کیا بلکہ وہ اپنی شان کے مطابق تخت سلطنت پر جلوہ گر ہوا یعنی اس نے نظام کائنات کو اپنی مرضی کے اور شان کے مطابق چلانا شروع کیا۔

فرمایا کہ وہ اللہ ہی سب چیزوں کا اور انسانوں کا مالک ہے اس کی اجازت کے بغیر نہ کوئی کسی کی حمایت کرسکتا ہے اور نہ سفارش ۔ کیا وہ اتنی سی بات پر دھیان نہیں دے سکتے۔

اللہ کی شان یہ ہے کہ وہی اس کائنات میں ہر چھوٹے، بڑے اور اہم معاملے کا انتظام فرماتا ہے۔ زمین سے آسمان تک جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ سب اس کے پاس پہنچتا ہے اور پہنچایا جاتا ہے۔ اس کے ایک دن کی مقدار انسانی گنتی کے مطابق ایک ہزار سال ہے۔ کفار مکہ کہتے تھے کہ یہ محمد ﷺ برسوں سے ایک ہی بات کہتے چلے آرہے ہیں کہ اگر انہوں نے ان کی بات نہ مانی تو ان پر اللہ کا عذاب آئے گا، ان کو تہس نہس کردیا جائے گا۔ لیکن ہم پر کوئی عذاب نہیں آیا لہذا یہ سب کہنے کی باتیں ہیں۔ اسی بات کو اللہ تعالیٰ نے سورة الحج میں فرمایا کہ یہ لوگ عذاب الہی کی جلدی مچا رہے ہیں تو وہ یادرکھیں کہ یہ اللہ کا وعدہ ہے (جو پورا ہو کررہے گا کیونکہ) اللہ اپنے وعدے کے خلاف نہیں کرتا۔ فرمایا کہ اے نبی ! آپ کے پروردگار کے ہاں کا ایک دن تم لوگوں کے شمار سے ایک ہزار سال جیسا ہے۔ مراد یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فیصلے دنیا کی گھڑیوں اور جنتریوں کے لحاظ سے نہیں آیا کرتے کیونکہ قوموں کی زندگیوں میں نتائج ظاہر ہونے کے لئے صدیاں بھی لگ جاتی ہیں۔ لہذا جب اس کا فیصلہ آجائے گا تو پھر اس میں دیر نہیں ہوگی۔

اللہ کی شان یہ ہے کہ کوئی چیز ظاہر ہو یا چھپی ہوئی ہو اس سے وہ پوشیدہ نہیں ہے وہ ہر چیز کو اچھی طرح جانتا ہے۔ وہ زبردست ہے لیکن اس کی ہر صفت پر صفت رحمت غالب ہے۔

فرمایا کہ اللہ نے اس کائنات میں جتنی چیزیں بھی نبائی ہیں وہ بہترین ہیں۔ انسان لاکھ تدبیر کے باوجود قدرت کی نبائی ہوئی چیزوں کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ خاص طور پر اس نے انسان کو اس کی بنیادی کمزوریوں کے باوجود سب سے خوبصورت اور حسین بنایا ہے۔ اس کی مزید وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ اس بات پر غور کرو کہ حضرت آدم (علیہ السلام) جن کو مٹی، گارے اور تمام انسانوں کو ایک حقیر اور بےقیمت پانی کے قطرے سے پیدا کیا۔ اس نے ماں کے پیٹ میں اس کے تمام اعضا کو تیار کیا۔ اس میں اپنی طرف سے روح کو پھونک کر زندگی عطا کی، سننے کے لئے کان، دیکھنے کے لئے آنکھیں اور سوچنے کے لئے دل عطا فرمایا۔ یہ ایسی زبردست نعمتیں ہیں جن پر ہر انسان کو شکرادا کرنا چاہیے مگر بہت تھوڑے لوگ ہیں جو قدر کرتے ہیں ورنہ اکثر تو ناشکری ہی کرتے رہتے ہیں۔ اور اس قدرت کو اچھی طرح ماننے کے باوجود یہی کہتے رہتے ہیں کہ جب ہم مرنے کے بعد مٹی میں رل مل جائیں گے۔ ہمارے وجود کے ذرات کا بھی پتہ نہ ہوگا کیا ہم دوبارہ پیدا کئے جائیں گے ؟ فرمایا کہ جس اللہ نے انسان کو پہلی مرتبہ پیدا کیا ہے کیا وہ اس کو دوبارہ پیدا کرنے کی طاقت نہیں رکھتا ؟ یقینا صرف اللہ ہی اس کی طاقت رکھتا ہے۔ فرمایا کہ اصل بات یہ نہیں ہے بلکہ یہ ان کی بد نصیبی ہے کہ وہ اللہ کے پاس پہنچنے کی امید نہیں رکھتے۔ اگر وہ اللہ سے ملاقات کا یقین رکھتے اور اس حقیقت کا انکار نہ کرتے تو پھر وہ ایسی بےتکی باتیں نہ کرتے۔

نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ فرما دیجئے کہ تم آخرت میں پہنچ کر اللہ کی ملاقات پر یقین کرو نہ کرو بہر حال ایک وقت سب کو دیکھنا ہے اور وہ یہ ہے کہ اللہ نے جس فرشتے کو (عزرائیل (علیہ السلام) کو) اس بات پر مقرر کیا ہے کہ وہ ہر نفس انسانی اور ہر جان دار کو موت سے ہم کنار کرے گا اور پھر سب کو اللہ کی طرف لوٹایا جائے گا۔ یعنی وہاں پھر ہر انسان کے اعمال کا جائزہ لیکر اس کو جنت یا جہنم کی طرف بھیج دیا جائے گا۔

اللہ کی قدرت ، طاقت اور نظام کائنات کی بقیہ تفصیل اگلی آیات میں آرہی ہیں۔