بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 34. Saba · Ayah 15
لَقَدْ كَانَ لِسَبَاٍ فِیْ مَسْكَنِهِمْ اٰیَةٌ١ۚ جَنَّتٰنِ عَنْ یَّمِیْنٍ وَّ شِمَالٍ١ؕ۬ كُلُوْا مِنْ رِّزْقِ رَبِّكُمْ وَ اشْكُرُوْا لَهٗ١ؕ بَلْدَةٌ طَیِّبَةٌ وَّ رَبٌّ غَفُوْرٌ﴿15﴾
- لَقَدْ كَانَالبتہ تھی
- لِسَبَاٍ(قوم) سبا کے لیے
- فِيْمیں
- مَسْكَنِهِمْان کی آبادی
- اٰيَةٌ ۚایک نشانی
- جَنَّتٰنِدو باغ
- عَنْ يَّمِيْنٍدائیں سے
- وَّ شِمَالٍاور بائیں
- كُلُوْاتم کھاؤ
- مِنْسے
- رِّزْقِ رَبِّكُمْاپنے رب کے رزق
- وَاشْكُرُوْااور شکر ادا کرو
- لَهٗ ۭاس کا
- بَلْدَةٌشہر
- طَيِّبَةٌپاکیزہ
- وَّرَبٌّاور پروردگار
- غَفُوْرٌبخشنے والا
لغات القرآن : آیت نمبر 15 تا 21
مسکن : رہنے کی جگہ (آبادی)
جنتن : دو باغ (دو رویہ باغ)
یمین : داہنے
شمال : بائیں
طیبۃ : پاکیزہ ۔ صاف ستھری
سیل : سیلاب
العرم : بند۔ ڈیم
اکل : پھل
خمط : کڑوا۔ کسیلا
اثل : جھاؤ
سدر : بیری
قرا : بستیاں
ظاھرۃ : نظر آنے والی۔ کھلی ہوئی
بعد : دور کردے۔ درازے کردے
احادیث : باتیں
صبار : بہت صبر کرنے والا
صدق : سچ کر دکھایا
سلطن : طاقتور ۔ زور دار
تشریح نمبر 15 تا 21
نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ” سبا “ عرب کے ایک شخص کا نام تھا جس کی نسل سے عرب میں کندہ ، ازد، اشعرمین، مذحج، عاملہ، جذام، لخم ، غسان اور انمار (جس کی دو شاخیں ہیں (خشم اور بخیلہ ) قبیلے تھے۔ ( ترمذی)
قوم سبا جنوبی عرب یمن کی ایک بہت بڑی قوم کا نام ہے جو چند بڑے بڑے قبائل پر مشتمل تھی ۔ یہ قوم کفر و شرک میں مبتلا تھی جو سورج کو اپنا معبود سمجھ کر اس کی عبادت و بندگی کرتی تھی۔ اس قوم کی اصلاح کے لئے اللہ نے تقریباً تیرہ پغمبروں کو بھیجا۔ جب سب کی ملکہ بلقیس نے حضرت سلیمان (علیہ السلام) کے دست مبارک پر اسلام قبول کیا تو ساری قوم تو حید پر آگئی اور انہوں نے کفر و شرک اور بت پرستی سے توبہ کرلی ۔ یہ گیارہ سو قبل مسیح کا زمانہ تھا بعد میں قوم پھر سے کفر و شرک کر طرف لوٹ گئی اور مال و دولت کی کثرت نے قوم سبا کو انتہائی مغرور اور متکبر بنادیا تھا۔ یہ قوم نہایت ذہین، دولت مند اور دنیاوی ترقیات میں بہت آگے تھی جس کی آبادی یمن میں پھیلی ہوئی تھی ۔ اس کا سب سے بڑا اور مشہور مارب تھا۔ وہ خشکی اور سمندری راستوں سے دنیا پر ایک ہزار سال تک حکومت کرتی رہی۔ ایک طرف تو وہ خشکی اور سمندری تجارت کے ذریعہ دنیا چھائے وہئے تھے اور دوسری طرف انہوں نے آس پاس کے علاقوں میں ایک سو سے زیادہ ایسے بند (DAM) تعمیر کئے ہوئے تھے جس سے پورے یمن کو پانی سپلائی کیا جاتا تھا۔ ہر طرف درختوں کی اتنی کثرت تھی کہ جہاں تک نظر جاتی باغ ہی باغ اور سرسبز شادابی نظر آتی تھی۔ انہوں نے مارب کے قریب چودہ سو میٹر اونچا اور چھ سو میٹر لمبا ایک زبر دست ڈیم بنا رکھا تھا جس میں ندی ، نالوں اور پہاڑوں سے آنے والے پانی کو روکنے کا بہترین انتظام کیا گیا تھا۔ جس سے نہریں نکال کر پانی کو ہر شہر تک پہنچایا جاتا تھا۔ یہ محض اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم تھا جس پر قوم سبا کا اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے تھا مگر وہ مال و دولت کی ریل یل ، عیش و عشرت کے اسباب و بلند وبالا بلڈنگوں اور شہروں کی خوبصورتی میں اتنے گم ہوچکے تھے کہ اللہ کو بھلا کر بےحقیقت بتوں کی عبادت اور طرح طرح کے شرک میں مبتلا ہوگئے تھے ۔ وہ اپنے گھروں میں سونے اور چاندی کے برتن استعمال کرتے۔ ہاتھی دانت جو افریقہ کے دور دراز علاقوں سے منگواتے اس سیاپنے مکانوں ، چھتوں ، دیواروں اور دروازوں کو مزین کرتے تھے ۔ وہ لکڑی کی جگہ دار چینی ، صندل ، عود اور خوشبو اور لکڑیوں کو جلاتے تھے ۔ انہوں نے بڑی اونچی اونچی بلڈنگیں بنانے میں ایک خاص مہارت حاصل کر رکھی تھی۔ ” قصر غمدان “ کے متعلق مورخین نے لکھا ہے کہ یہ بلڈنگ بیس منزلوں تک بلند تھی جس کی ہر منزل 13 فٹ اونچی تھی۔ غرضیکہ ان کا ملک بلند وبالا بلڈنگوں ، سر سبزی و شادابی ، باغات کی کثرت ، کھیتوں اور مویشیوں سے بھرا ہو اتھا۔
زراعت کی اس ترقی کے ساتھ ساتھ وہ تجارت کے ذریعہ ساری معلوم دنیا سے رابطہ رکھتے تھے۔ ان کی بند گاہ دنیا کے مالوں سے بھری ہوئی تھی ۔ چین، انڈونیشیا ، ہندوستان ، مالا بار، مصر ، شام ، اردن اور یونان کے جہاز بہترین اور قیمتی سامان لے کر دن رات آتے اور جاتے رہتے تھے ۔ ان کے بازار ساری دنیا کے جدید سمانوں سے بھرے ہوئے تھے۔ لیکن جب اس قوم کی نا فرمانیاں اور کفرو شرک حد سے زیادہ بڑھ گیا تو اللہ نے ان کے برے اعمال کے سبب ان کے ڈیموں پر ایسے اندھے چوہے مسلط کردیئے جنہوں نے ان کے ڈیموں کی بنیاد کو اندر سے اس قدر کھوکھلا اور کمزور کردیا تھا کہ جب پہاڑوں اور ندی نالوں سے تیز پانی آیا تو وہ ڈیم زیادہ پانی کے دبائو کو برداشت نہ کرسکے اور شہر مارب کے پاس بڑا بند (ڈیم) تھا جس کو سد مارب یا کمرم کہا جاتا تھا وہ بند ٹوٹ گیا۔ اس بڑے ڈیم کے ٹوٹنے سے نیچے کے تمام ڈیم ٹوٹتے چلے گئے ۔ یہ اتنا زبردست سیلاب تھا کہ ملک کا نظام آب پاشی تباہ ہو گر رہ گیا جو پھر کبھی بحال نہ ہوسکا۔ تمام پھلوں سے لدے ہوئے باغات ، ہر ے ، بھرے کھیت ، شہر کی بلند وبالا بلڈنگیں اور مکانات اس پانی میں ڈوب گئے۔ پھلوں سے لدے باغات اور شہر پانی میں غرق ہوگئے۔ ان میوہ اور درختوں کی جگہ کڑوے کسیلے پھل ، جھائو کے درخت رہ گئے۔ ان آبادیوں اجڑ گئیں ، ہر جگہ دھول اڑنے لگی ، گرم ہوائیں خاک دھول کے سوا کچھ بھی باقی نہ بچا اس طرح ان کی نا فرمانیوں کی وجہ سے ان کی تہذیب ، ان کا تمدن ، تجارت اور زراعت خاک میں مل گئے اور ان کا نام صرف ایک افسانہ بن کر رہ گیا۔
ان آیات میں دوسری بات یہ بیان کی گئی ہے کہا اللہ نے یمن سے شام تک کا وہ علاقہ جو نا ہموار پہاڑیوں اور غیر آبادصحرائو سے گذرتا تھا اس میں ایسی نمایاں بستیاں عطا کی تھیں جو شاہراہ عام پر واقع تھیں ۔ جن کے درمیان فاصلے نہ تھے ایک بستی ختم ہوتی تو دوسری بستی کی بلڈنگیں اور آبادی نظر آنے لگتی تھی اس طرح ایک مسافر کا سفر مسلسل آباد علاقوں کی وجہ سے انتہائی آسان اور خوش گو ار ہوگیا تھا۔ ہر طرف امن و سکون تھا۔ راستے میں خوب چہل پہل رہتی تھی کسی کو چوری ڈاکہ یا بھوک پیاس کا کوئی خطرہ نہ ہوتا تھا۔ یہ بھی ان کے لئے ایک عظیم الشان نعمت تھی جس پر شکر ادا کرنے کے بجائے وہ سفر کی ان سہولتوں سے اکتا گئے اور تکلیفیں مانگنے لگے۔ وہ یہاں تک کہنے لگے تھے کہ اے ہمارے رب ہمارے سفر کی منزلوں کے درمیانی فاصلوں کو اور بڑھا دیجئے۔ یعنی اس سفر میں کیا لطف ہے جس میں کوئی تکلیف نہ ہو۔ مزہ تو یہ ہے کہ سفر ہو اور اس میں کچھ مشقتیں اور تکلیفیں ہوں تاکہ ہم پوری طرح سفر سے لطف اندوز ہوسکیں ۔
قوم سبا کو اللہ نے ہر طرح کی نعمتوں سے نواز تھا اگر وہ ان پر اللہ کا شکر ادا کرتے اور اس کی بندگی کرتے تو ان کی نعمتوں میں اضافہ کردیا جاتا مگر وہ شیطان کے جال میں پھنس کر اپنی دنیا اور آخرت کو گنوا بیٹھے۔ کیونکہ شیطان کا کام ہی یہ ہے کہ وہ انسانوں کو بہکا کر ان کو اللہ کی یاد اور عبادت سے غافل کردیتا ہے اور اس عارضی دنیا کا اس کو دیوانہ بنا دیتا ہے لیکن وہ لوگ جو انبیا کی بات سن کر ان کی اطاعت و فرما برداری کرتے ہیں اور اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں کرتے وہی کامیاب و با مراد ہوتے ہیں۔ ایسے لوگوں پر شیطان اپنا غلبہ حاصل نہیں کرسکتا اور اس طرح اللہ پر ایمان لانے والے نجات پالیتے ہیں اور اس کی نافرمانی کرنے والے اور اسکی ذات میں شرک کرنے والے دنیا سے مٹا دیئے جاتے ہیں اور ان کی زندگی صرف ایک قصہ کہانی بن کر رہ جاتی ہے ۔ فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ہر چیز کی نگرانی اور حفاظت کرنے والا ہے ۔ وہ تمام انسانوں کے تمام اعمال و افعال سے پوری طرح واقف ہے۔