IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 34. Saba · Ayah 24

  1. قُلْ مَنْ یَّرْزُقُكُمْ مِّنَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ١ؕ قُلِ اللّٰهُ١ۙ وَ اِنَّاۤ اَوْ اِیَّاكُمْ لَعَلٰى هُدًى اَوْ فِیْ ضَلٰلٍ مُّبِیْنٍ﴿24﴾

    1. قُلْفرمادیں
    2. مَنْکون
    3. يَّرْزُقُكُمْتمہیں رزق دیتا ہے
    4. مِّنَ السَّمٰوٰتِآسمانوں سے
    5. وَالْاَرْضِ ۭاور زمین
    6. قُلِفرمادیں
    7. اللّٰهُ ۙاللہ
    8. وَاِنَّآاور بیشک ہم
    9. اَوْیا
    10. اِيَّاكُمْتم ہی
    11. لَعَلٰى هُدًىالبتہ ہدایت پر
    12. اَوْیا
    13. فِيْ ضَلٰلٍگمراہی میں
    14. مُّبِيْنٍکھلی
Translation · Baseerat-e-Quran
اے نبی آپ کہہ دیجئے کہ آسمانوں اور زمین سے تمہیں کون رزق دیتا ہے ۔ آپ کہہ دیجئے کہ بیشک ہم یا تم دونوں میں سے کوئی ایک ہدایت پر ہے یا کھلی گمراہی میں پڑا ہوا ہے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن : آیت نمبر 24 تا 30

یرزق : وہ دیتا ہے

انا : بیشک ہم

ایاکم : تم ہی

لا تسئلون : تم سوال نہ کیے جاؤ گے

اجرمنا : ہم نے گناہ کیا

یفتح : وہ کھولتا ہے

الحقتم : تم نے ملا دیا

کلا : ہرگز نہیں

کافۃ : تمام۔ سب

متی : کب ؟

میعا : مقرر

لا تستاخرون : تم پیچھے نہ ہٹو گے

لا تستقدمون : تم آگے نہ بڑھو گے

تشریح : آیت نمبر 24 تا 30

کفار مکہ اللہ کا نام لیتے ، اس کی ہستی کو مانتے ، اس کے اختیا اور قدرت کے قائل تھے اور یہ بھی جانتے تھے کہ رزق کی تمام کنجیاں اس کے دست قدرت میں ہیں لیکن ان کا گمان یہ تھا کہ اللہ نے ساری دنیا اور اس کے نظام کو پیدا کر کے ا اس کو چلانے کا اختیار ان کے بتوں اور کاہنوں کو دے دیا ہے ۔ اب اگر ہم ان کے سامنے نذر و نیاز پیش کرتے رہیں گے تو وہ ہماری دنیا کے کام بنادیں گے اور آخرت میں بھی جہنم کے عذاب سے بچالیں گے۔ اس کر برخلاف نبی کریم ﷺ کی تعلیم یہ تھی کہ اس کائنات اور اس کے ذرے ذرے کا مالک اللہ ہے وہی سب کو رزق پہنچاتا ہے اور اس کے اختیارات وقدرت میں دوسرا کوئی شریک نہیں ہے۔ ان آیات میں اللہ تعالیٰ نے راہ سے بھٹکے ہوئے لوگوں کو سیدھے راستے پر لانے کے لئے نبی کریم ﷺ خطاب کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ اے بنی ﷺ ! آپ ان لوگوں کو یہ سمجھا ئیے کہ تمہیں زمین اور آسمان سے رزق دیتا ہے ؟ آپ صاف صاف کہہ دیجئے کہ یہ اللہ کے سوا کوئی دوسرا نہیں ہے جو رزق دیتا ہے وہی سب کا رازق ہے ۔ ہم تو اللہ کو ہر شریک سے پاک سمجھر اسی کی عبادت و بندگی کرتے ہیں اور تم اللہ کے ساتھ دوسروں کو شریک کرتے ہو ۔ اس واضح فرق کے بعد یہی ہو سکتا ہے کہ ہم میں سے کوئی ہم میں سے کوئی ایک ہی صراط مستقیم پر ہوگا اور دوسرا گمراہی کے راستے ، اب یہ سوچنا تمہارا کام ہے کہ دلیل اور حالات کس کے برحق ہونے کا فیصلہ کر رہے ہیں اور کون اس اصول کی موجودگی میں گمراہ ہے۔ ہر شخص اپنے اعمال کا ذمہ دار ہے ۔ اگر ہم گناہ کے راستے پر ہیں تو تم تم سے نہیں پوچھا جائے گا اور تم غلط راستے اور عقیدہ پر جمے ہوئے ہو تو ہم سے نہ پوچھا جائے گا ۔ اس کا فیصلہ اس دنیا میں تو ہونا مشکل ہے لیکن آخرت میں جب اللہ تعالیٰ سب کو جمع کر کے ان سے پوچھیں گے تو اس دن ٹھیک ٹھیک فیصلہ کردیا جائے گا کہ کون صحیح راستے پر تھا کون گمراہی کے گڑھے میں جا گرا تھا ۔ وہی ہر چیز کی حقیقت سے اچھی طرح واقف ہے وہی بہتر اور ٹوک فیصلہ فرما سکے گا۔ نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا گیا کہ آپ ان سے پوچئے کہ آخر میں بھی دیکھو کہ وہ کون ہیں جنہیں تم اللہ کا شریک بنائے ہوئے ہو ؟ فرمایا کہ ان مشرکین کا یہ کہنا ہی بہت گھٹیاں اور لچر بات ہے کہ اس کا کوئی شریک بھی ہو سکتا ہے یا اس نے کسی کو اپنے اختیارات میں شریک کر رکھا ہے یا وہ کائنات کے نظام کو چلانے میں کسی کا محتاج ہے ۔ اللہ کا کوئی شریک نہیں ہے وہی ساری قوتوں کا مالک ہے وہی رازق ہے اور وہی ہر چیز کی حکمت اور بھید سے واقف ہے۔

نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فر مایا کہ ہم نے آپ کو موجودہ اور قیامت تک آنے والی نسلوں کے لئے پیام حق دے کر بھیجا ہے خواہ وہ انسان ہوں یا جنات ، عرب ہوں یا عجم ، کالے ہوں یا گورے ، ہر قوم ، ہر ملک اور تمام انسانی طبقوں کی ہدایت و رہنمائی کے لئے بھیجا ہے ۔ آپ کو اور انبیاء کی طرح کسی خاص ملک و قوم اور زمانے کے لئے نہیں بلکہ ساری انسانیت کے واسطے آخری نبی اور آخری رسول بنا کر بھیجا ہے اور آپ کی ہدایت کا یہ سلسلہ قیامت تک جاری رہے گا ۔ اللہ نے آپ پر نازل کئے ہوئے قرآن کریم اور شریعت کی حفاظت کا ذمہ لوگوں کے بجائے اپنے ذمے لے رکھا ہت ۔ لہذا آپ کی نبوت و رسالت اور پیام حق و صداقت کے لئے کسی نئے نبی اور رسول کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ بلکہ اگر آپ کے بعد کوئی اپنی نبوت کا دعویٰ کرتا ہے تو اس سے بڑا جھوٹا شخص دوسرا نہیں ہوسکتا کیونکہ جس طرح اس کائنات کے نظام کو چلانے میں کوئی اس کا شریک نہیں ہے وہ خود ہی اس نظام کائنات کی حفاظت فر ما رہا ہے وہ اللہ اپنے بھیجے ہوئے قرآن حکیم کو خود حفاظت فرماتا رہے گا اس میں بھی کوئی اس کا شریک نہیں ہے ۔ وہ جس سے چاہے گا اپنے وعدے کو پورا کراتا رہے گا۔

حضرت جابر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ مجھے پانچ چیزیں ایسی عطا کی گئی ہیں جو مجھ سے پہلے کسی کو نہیں دی گئیں ( 1) میری مدد مجھے ایسا رعب اور دب دبا دے کر فرمائی کہ ایک مہینے کی مسافت تک لوگوں پر میرا رعب چھا جاتا ہے۔ (2) دوسری خصوصیت یہ ہے کہ میرے لئے پوری زمین کو مسجد اور پاک قرار دیا گیا ہے یعنی مجھ سے پہلی امتوں کو یہ حکم تھا کہ وہ اپنی خاص عبادت گاہوں میں بندگی کریں ۔ کھلے میدان اور گھروں میں عبادت نہ ہوتی تھی اللہ نے آپ کی امت کے لئے پوری روئے زمین کو اس معنی میں مسجد بنا دیا کہ ہر پاک زمین پر نماز ادا کی جاسکتی ہے اور پانی نہ ملنے کی صورت میں پاک مٹی پر مسح کر کے تییم کای جاکتا ہے جو وضو کے قائم مقام ہوگا۔ (3) تیسری خصوصیت یہ ہے کہ میرے لئے مال غنیمت کو حلال کردیا گیا ہے کیونکہ اس سے پہلی امتوں کے لئے مال غنیمت حلال نہ تھا بلکہ جب ان کو مال غنیمت ہاتھ آتا تو وہ اس کو ایک میدان میں جمع کردیتے آسمان سے ایک بجلی اس کو آکر کھا جاتی یہ اس بات کی علامت تھی کہ ان کا جہاد قبول کرلیا گیا ہے۔ (4) چوتھی خصوصیت یہ تھی کہ مجھے شفاعت کبریٰ کا مقام عطا کیا گیا ہے کیونکہ آپ سب کی شفاعت فرمائیں گے۔ (5) اور پانچویں خصوصیت یہ ہے کہ مجھ سے پہلے ہر نبی اور رسول کو کسی خاص قوم کی طرف بھیجا جاتا تھا لیکن مجھے دنیا کی تمام قوتوں کی طرف نبی بنا کر بھیجا گیا ہے۔

(صحیح بخاری و صحیح مسلم)

ان حقائق کو موجودگی میں ان کفار کا یہ پوچھنا کہ قیامت کی وہ گھڑی جس کا وعدہ کیا گیا ہے کہ وہ کب آئے گی ؟ تو اس کا جواب یہ دیا گیا ہے کہ اللہ نے قیامت کے جس دن کا وعدہ کیا ہے وہ دن مقرر ہے جس کا علم اللہ کے سوا کسی کو نہیں ہے لیکن جب وہ گھڑی آئے گی تو وہ لوگ اس سے ایک گھڑی اور لمحے پیچھے نہ ہٹ سکیں گے اور نہ آگے بڑھ سکیں گے بلکہ اپنے وقت پر اللہ کے سامنے حاضر ہو کر اپن زندگی کے ایک ایک لمحے کا حساب دیں گے۔

نبی کریم ﷺ کی بعثت اور قیامت کے درمیان کوئی فاصلہ نہیں ہے بلکہ آپکی بعثت کے بعد صرف قیامت ہی کو آنا ہے اس کے لئے نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ میری بعثت اور قیامت اس طرح ہیں یہ فرماتے ہوئے آپ نے اپنی دو انگلیاں اٹھائیں ۔

(بخاری و مسلم) یعنی جس طرح ان دو انگلیوں کے درمیان کوئی تیسری انگلی نہیں ہے اسی طرح میرے اور قیامت کے درمیان بھی کوئی نبوت نہیں ہے ۔ میرے بعد قیامت ہے اور قیامت تک میں ہی نبی رہوں گا۔