IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 34. Saba · Ayah 7

  1. وَ قَالَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا هَلْ نَدُلُّكُمْ عَلٰى رَجُلٍ یُّنَبِّئُكُمْ اِذَا مُزِّقْتُمْ كُلَّ مُمَزَّقٍ١ۙ اِنَّكُمْ لَفِیْ خَلْقٍ جَدِیْدٍۚ﴿7﴾

    1. وَقَالَاور کہا (کہتے ہیں
    2. الَّذِيْنَ كَفَرُوْاجن لوگوں نے کفر کیا (کافر)
    3. هَلْکیا
    4. نَدُلُّكُمْہم بتلائیں تمہیں
    5. عَلٰيپر۔ کا
    6. رَجُلٍایسا آدمی
    7. يُّنَبِّئُكُمْوہ خبر دیتا ہے تمہیں
    8. اِذَاجب
    9. مُزِّقْتُمْتم ریزہ ریزہ ہوجاؤ گے
    10. كُلَّ مُمَزَّقٍ ۙپوری طرح ریزہ ریزہ
    11. اِنَّكُمْبیشک تم
    12. لَفِيْالبتہ میں
    13. خَلْقٍ جَدِيْدٍزندگی نئی
Translation · Baseerat-e-Quran
اور کافروں نے کہا ہم تمہیں ایک ایسے آدمی کا پتہ بتائیں جو تمہیں یہ خبر بتا دیتا ہے کہ جب تم ریزہ ریزہ ہو جائو گے تم تمہیں نئے سرے سے پیدا کیا جائے گا۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن : آیت نمبر 7 تا 9

ندل : ہم بتائیں گے

ینبی : وہ بتاتا ہے

مزقتم : تم ریزہ ریزہ ہوگئے

جنۃ : جنون۔ دیوانگی

الضلال : گمراہی

نخسف : ہم دھنسا دیں گے

نسقط : ہم گرا دیں گے

کسف : ایک ٹکڑا۔ ایک حصہ

ایۃ : نشانی۔ نشان عبرت

منیب : لوٹنے والا۔ رجوع کرنے والا

تشریح : آیات 7 تا 9

بنیادی طور پر جانوروں اور انسان میں یہ فرق ہے کہ جانور فکر اور تدبر سے محروم ہے جب کہ انسان تفکر اور تدبر کرسکتا ہے ۔ مال و دولت اور دنیاوی اسباب میں کمی اتنی بڑی بد قسمتی اور محرومی نہیں ہے جتنی یہ بات کہ انسان فکر و تدبر اور ہدایت سے محروم ہوجائے۔ جب نبی کریم ﷺ مکہ کے کافروں سے یہ فرماتے تھے کہ ایک دن یہ دنیا اور اس میں بسنے والی مخلوق ختم کردی جائے گی اور انسان کو اپنی زندگی کے ایک ایک لمحے کا حساب دینا ہوگا تو کفار بڑی حقارت سے مذاق اڑاتے ہوئے کہتے تھے کہ لوگو ! آئو آج ہم تمہیں ایک حیرت انگیز بات بتاتے ہیں اور ایک ایسے شخص کے متعلق بتاتے ہیں جو یہ ان ہونی بات کہتا ہے کہ جب ہم ریزہ ریزہ ہوجائیں گے یا ہمارے بات دادا جن کے وجود کا آج پتہ بھی نہیں ہے وہ سب کے سب زندہ کئے جائیں گے۔ بھلا یہ کیسے ممکن ہے ؟ ایسا لگتا ہے کہ اس شخص نے یہ باتیں خود ہی گھڑلی ہیں یا وہ کسی جنون میں مبتلا ہے ۔ یہ سب باتیں وہ رسول ﷺ کا نام لئے بغیر کہا کرتے تھے ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اگر ان کا آخرت پر ایمان ہوتا تو وہ ایسی باتیں نہ کرتے ان کی ایسی باتوں کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ وہ شدید ترین عذاب میں بتلا کئے جائیں گے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو گمراہی میں بہت دور تک جاچکے ہیں۔ ان آیات سے معلوم ہوا کہ انسان کی سب سے بڑی بد نصیبی یہ ہے کہ وہ سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیتوں سے محروم ہوجائے تو اس کا انجام بڑا بھیانک ہوتا ہے۔ حالانکہ اگر وہ اپنے اردگرد پھیلی ہوئی کائنات اور اس کے نظام پر غور و فکر کرتا تو یہ بات اس کی سمجھ میں آسکتی تھی کہ اللہ نے اس نظام کائنات کو بنا کر اس میں ایک خاص تو ازن اور اعتدال پیدا کیا ہے ۔ اگر وہ اس تو ازن کو ذرا بھی ڈھیلا چھوڑ دے تو یہی زمین و آسمان جو انسان کے لئے راحت و آرام کا بہترین ذریعہ ہیں اس کے لئے قہر الہی بن سکتے ہیں ۔ فرمایا کہ وہ زمین جس سے انسان اپنی غذا اور لباس تک حاصل کرتا ہے اور وہ انسانوں کے بوجھ کو اٹھائے ہوئے ہے ہم اسی زمین کو ایسا بنا سکتے ہیں کہ اس زمین میں سارے انسان دھنس جائیں یا آسمان جو انسانی خیر و برکت کے لئے ایک چھت کی طرح ہے اس کے ایک ٹکڑے کو گرا کر ساری دنیا کو ختم کردیں۔ آخر میں فرمایا کہ یہ سب چیزیں عبرت و نصیحت حاصل کرنے کی نشانیاں ہیں لیکن ان سے وہی فائدہ حاصل کرتے ہیں جو ہر آن اللہ ہی سے امید لگا کر اس طرف متوجہ ہوتے ہیں۔