IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 37. As-Saaffaat · Ayah 149

  1. فَاسْتَفْتِهِمْ اَلِرَبِّكَ الْبَنَاتُ وَ لَهُمُ الْبَنُوْنَۙ﴿149﴾

    1. فَاسْتَفْتِهِمْپس پوچھیں ان سے
    2. اَلِرَبِّكَکیا تیرے رب کے لیے
    3. الْبَنَاتُبیٹیاں
    4. وَلَهُمُاور ان کے لیے
    5. الْبَنُوْنَبیٹے
Translation · Baseerat-e-Quran
پھر آپ ان سے پوچھئے کہ آپ کے رب کے لئے تو بیٹیاں ہیں اور ان کے لئے بیٹے ہیں
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 149 تا 166 :۔ استفت ( آپ ﷺ پوچھئے) البنات ( بنت) ( بیٹیاں) البنون ( بن) (بیٹے) انات (عورت ، عورت ذات) شھدون (دیکھنے والے) افک (الزام ، بہتان) اصطفی (اس نے پسند کرلیا) مالکم ( تمہیں کیا ہوگیا) نسب (رشتہ) یصفون (وہ بیان کرتے ہیں) فتنین ( بہکانے والے) صال (جانے والا) المسبحون ( حمد وثناء کرنے والے) ۔

تشریح : آیت نمبر 149 تا 166 :۔ جب اللہ کے حکم سے نبی کریم ﷺ نے اعلان نبوت فرمایا اس وقت عرب کے لوگ عقیدوں اور عمل کی ہزاروں گندگیوں میں ڈوبے ہوئے تھے۔ انہوں نے اللہ کی مخلوق کو خالق اور بےحقیقت چیزوں کو معبود کا درجہ دے رکھا تھا۔ چناچہ عرب کے بعض اہم قبیلوں کا یہ عقیدہ تھا کہ نعوذ باللہ فرشتے جو اللہ کی تابع دار مخلوق ہیں اللہ کی بیٹیاں ہیں ۔ اور جب ان سے پوچھا جاتا کہ پھر ان فرشتوں کی مائیں کون ہیں تو کہتے کہ جنات کے سرداروں کی بیٹیاں ان کی مائیں ہیں ۔ گویا اللہ تعالیٰ کا فرشتوں سے نسبی اور جنات کی بیٹیوں سے زوجیت کا رشتہ ہے ( نعوذ باللہ) ان کا یہ کہنا تھا کہ فرشتوں کے ہاتھ میں اللہ نے یہ اختیار دے رکھا ہے کہ جو وہ چاہیں بھلائی پہنچائیں اور جس کو جو دینا چاہیں دے سکتے ہیں ۔ اس کے بر خلاف جنات جو زبردست قوت و طاقت کے مالک ہیں وہ جس جس طرح چاہیں نقصان پہنچا سکتے ہیں ۔ جنات شر کے اور فرشتے خیر کے معبود ہیں شاید مجوسی آتش پرستوں نے جو خیر و شر کے معبود بنا رکھے ہیں وہ عربوں کے اسی عقیدہ کی نقل ہو ۔ آتش پرست کہتے ہیں کہ ہر چیز اور بھلائی پہنچا نے کی ذمہ داری یزداں کی ہے اور ہر برائی اور شر کو پہنچانے کا اختیار اھرمن کو حاصل ہے۔ آتش پرستوں نے یہیں سے اس عقیدہ کو لے کر دو معبودوں کا تصور قائم کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ان تمام غلط اور بےبنیاد عقیدوں کی تردید کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ سے فرمایا ہے کہ ذرا آپ ان بد عقیدہ کفار و مشرکین سے یہ پوچھئے کہ وہ اپنے لئے تو اس بات کو پسند کرتے ہیں کہ ان کے گھر لڑکا پیدا ہو اور لڑکیوں کی پیدائش کو برا سمجھتے ہیں لیکن انہوں نے اللہ کی مخلوق فرشتوں کو اس کی بیٹیاں بنا دیا ۔ فرمایا کہ ان سے پوچھئے کہ جب اللہ تعالیٰ ان فرشتوں کو پیدا کر رہا تھا تو کیا یہ لوگ اس وقت وہاں موجود تھے اور اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے تھے کہ اللہ نے کس کو نر اور کس کو مادہ بنایا ہے۔ ارشاد ہے کہ اللہ پر اس سے بڑا جھوٹ اور کوئی نہیں ہو سکتا کہ اللہ صاحب اولاد ہے۔ یعنی وہ کائنات کا نظام چلانے میں بیٹے ، بیٹی اور بیوی کا محتاج ہے ( نعوذ باللہ) فرمایا کہ وہ کائنات کے نظام کو چلانے میں کسی طرح کا محتاج نہیں ہے۔ اور یہ تو بڑی بےانصافی کی بات ہے کہ وہ اپنے لئے جس چیز کو ناپسند سمجھتے ہیں اسی کو انہوں نے اللہ کی پسند بنا دیا کیا یہ لوگ غور و فکر سے بالکل ہی دور جا چکے ہیں ۔ اللہ نے فرمایا کہ ان لوگوں کے پاس نہ تو کوئی واضح موجود ہے اور نہ کوئی ایسی کتاب ہے جس میں اللہ نے یہ فرمایا ہو کہ فرشتے میری بیٹیاں ہیں ۔ اگر ان کے پاس کوئی ایسی کتاب ہے تو وہ لا کر دکھائیں لیکن یہ اتنے بڑے جھوٹے لوگ ہیں کہ یہ محض اپنی خواہشات کی تکمیل کے لئے اللہ پر جھوٹے بہتان لگا رہے ہیں اور کسی دلیل کو پیش کرنے کے قابل نہیں ہیں۔

اللہ نے فرمایا کہ یہ لوگ جنات کو صاحب اختیار سمجھتے ہیں کہ وہ جس کو جو نقصان پہنچانا چاہیں پہنچا سکتے ہیں یہ بالکل غلط ہے کیونکہ شریر جنات تو خود قیامت کے دن مجرموں کی طرح باندھ کر لائے جائیں گے اور جن لوگوں نے ان کی عبادت و بندگی کی ہوگی اس دن ان کو پتہ چلے گا کہ وہ زندگی بھر ایک بہت بڑے دھوکے میں مبتلا رہے ہیں ۔ فرمایا کہ یہ لوگ فرشتوں کو اللہ کی بیٹیاں قرار دے کر جس طرح ان کو معبود بنائے ہوئے ہیں اور ان سے اپنی مرادوں کو مانگتے ہیں ان فرشتوں کا یہ حال ہے کہ وہ پوری طرح اللہ کے اختیار میں ہیں وہ اللہ کے تابع دار اور فرماں بردار ہیں وہ ہر وقت صفیں باندھے اس بات کے منتظر رہتے ہیں کہ انہیں اللہ کی طرف سے کیا حکم دیا جا رہا ہے جیسے ہی کوئی حکم ہوتا ہے تو وہ فوراً اس کی تعمیل کرتے ہیں ۔ انہیں اچھی طرح معلوم ہے کہ ان کی حدود ، رتبہ اور مقام کیا ہے۔ اس سے وہ ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھا سکتے۔ وہ فرشتے ہر وقت اللہ کی حمد وثناء اور تسبیح کرتے رہتے ہیں۔