IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 37. As-Saaffaat · Ayah 50

  1. فَاَقْبَلَ بَعْضُهُمْ عَلٰى بَعْضٍ یَّتَسَآءَلُوْنَ﴿50﴾

    1. فَاَقْبَلَپس رخ کرے گا
    2. بَعْضُهُمْان میں سے بعض (ایک)
    3. عَلٰي بَعْضٍبعض پر (دوسرے کی طرف)
    4. يَّتَسَآءَلُوْنَباہم سوال کرتے ہوئے
Translation · Baseerat-e-Quran
پھر وہ ایک دوسرے کی طرف متوجہ ہو کر پوچھیں گے ( اور گفتگو کریں گے)
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن ( آیت نمبر 50 تا 74) قرین ( دوست ، ساتھی ، ملاقاتی) یدینون ( جزا یا سزا دیئے جائیں گے) مطلعون ( جھانکنے والے) ان کدت ( اگرچہ قریب تھا) لتردین ( تردی) البتہ تو مجھے ہلاک کردیتا) اصل ( جڑ ، بنیاد) طلع ( پھل ، گابھا)

تشریح : آیت نمبر 50 تا 74 :۔ ان آیات میں اللہ تعالیٰ نے جنتیوں اور جہنمیوں پر گزرنے والے حالات اور کیفیات کو بیان کر کے ہر شخص کو غور و فکر کی دعوت دی ہے کہ ان میں سے کون سی حالت بہتر ہے۔ جب اہل جنت اللہ کی بیشمار نعمتوں کا لطف اٹھا رہے ہوں گے تو اس وقت دنیا کے متعلق بھی کچھ باتیں شروع ہوجائیں گی ۔ ان میں سے ایک شخص کہے گا کہ دنیا میں میرا ایک دوست تھا جو میرے آخرت پر یقین رکھنے کی وجہ سے بحث کیا کرتا تھا۔ وہ کہتا تھا کہ بھلا بتائو جب ہم مر کھپ جائیں گے ، ہمارا بدن گل سڑ جائے گا ، ہماری ہڈیوں کے ذرات بکھر کر اپناوجود کھو دیں گے اور زمین میں رل مل جائیں گے تو یہ کیسے ممکن ہے کہ میں زندہ کر کے اٹھایا جائے گا اور ہمارے باپ دادا جن کی قبروں تک کا پتہ نہیں ہے وہ کیسے زندہ کر کے اٹھائے جائیں گے ؟ لیکن آج ساری سچائی ہمارے سامنے ہے۔ نجانے وہ آخرت کی زندگی اور دوبارہ پیدا کئے جانے کا منکر کس حال میں ہوگا ؟ یقینا وہ اپنے عقیدے کی وجہ سے جہنم میں پہنچ چکا ہوگا ۔ اللہ تعالیٰ فرمائیں گے یا اس کے دل میں آئے گا کہ اس شخص کو جہنم میں جھانک کر دیکھنا چاہتے ہو ؟ چناچہ جب وہ اس شخص کو دیکھے گا کہ جہنم کے بیچ میں سخت عذاب میں گرفتار ہے تو وہ شخص اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہے گا الٰہی ! آپ کا شکر ہے کہ میں اس کے فریب سے بچ گیا ورنہ آج میرا بھی یہی انجام ہوتا ۔ یہ تو اللہ نے مجھ پر خاص رحم و کرم فرمایا کہ اس عذاب جہنم سے بچ گیا ۔ میرا عقیدہ اور ذہن و فکر صحیح رہا ورنہ جس طرح آج مجرموں اور گناہ گاروں کو پکڑ پکڑ کر جہنم میں جھونکا جا رہا ہے میں بھی ان ہی لوگوں میں سے ہوتا ۔ پھر وہ جنتی شخص اپنی خوشی اور مسرت سے بےقرار ہو کر کہے گا کہ موت جو ہمیں آ چکی ہے اب دوبارہ نہیں آئے گی اور ہم اس جنت میں عیش و آرام اور سکون سے ہمیشہ رہیں گے اور یہاں سے نکالے نہ جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ فرمائیں گے کہ جنت میں جو بھی لذتیں ، راحتیں اور امن و سکون ہے وہ اہل جنت کی زبردست اور بہت بڑی کامیابی ہے۔ در حقیقت دنیا کے کامیاب ترین لوگ وہی ہیں جنہوں نے اللہ و رسول پر ایمان اور عمل صالح کی زندگی اختیار کی ۔ اسی جنت کے لئے ہر شخص کی کوشش اور جدوجہد کرنا چاہیے۔ ایک طرف تو یہ خوش نصیب جنت والے ہوں گے جو حقیقی کامیابیوں سے ہم کنار ہوچکے ہوں گے لیکن دوسری طرف اہل جہنم ہوں گے جن کو آگ میں جھونک دیا جائے گا اور جب وہ بھوک سے بےقرار ہوجائیں گے تو ان کو کھانے کے لئے ’ ’ زقوم “ کا درخت یا پودا دیا جائے گا جو نہایت کڑوا ، کسیلا اور بد ذائقہ ہوگا جو جہنم کی آگ سے پیدا کیا گیا ہوگا ۔ یہ اتنا سخت اور کڑوا ہوگا کہ اس کو حلق سے نیچے اتارنا اور نگلنا مشکل ہوگا ۔ جب پیاس کی طلب ہوگی تو ان کو کھولتا ہوا گرم پانی دیا جائے گا ۔ جب وہ اس کو پئیں گے تو ان کے چہروں کی کھالیں تک جھلس کر رہ جائیں گی ۔ ان کی زندگی موت سے بد تر نظر آئے گی ۔ یہ وہ لوگ ہوں گے جنہوں نے اپنے گمراہ باپ داد کے راستے کو اپنا کر ان کی طرح زندگی گزارنے کی کوشش کی ہوگی ۔ اللہ تعالیٰ نے ان کی ہدایت کے لئے اپنے پیغمبربھیجے تھے جو ان کے اپنوں میں سے تھے لیکن انہوں نے کسی پیغمبر کی بات پر توجہ نہ کی تھی جس کے نتیجے میں وہ گمراہ ہوگئے تھے اور اسی راستے پر ان کی اولادیں بھی چلیں اور ان سب نے جہنم کا راستہ اختیار کرلیا تھا ۔ ہاں البتہ ان ہی گمراہیوں میں ایسے مخلص بندے بھی تھے جن کو توبہ کی توفیق نصیب ہوئی اور وہ جہنم کی آگ سے بچ گئے۔

ان ہی آیات سے متعلق چند باتیں۔

٭گزشتہ آیات میں فرمایا گیا تھا کہ اہل جنت کو ” رزق معلوم “ دیا جائے گا جو بہترین اور راحت و آرام کا ذریعہ ہوگا لیکن اس کے بر خلاف اہل جہنم کو جہنم کی تہہ میں آگ سے پیدا ہونے والا درخت ” زقوم “ کھانے کے لئے دیا جائے گا جو اتنا کڑوا اور بد ذائقہ ہوگا کہ اس کو حلق سے نیچے اتارنا مشکل ہوگا اور ان کو پینے کے لئے گرم کھولتا ہوا پانی دیا جائے گا جو ان کو جھلسا کر رکھ دے گا ۔

جب قرآن کریم میں ” زقوم “ کا ذکر آیا اور نبی کریم ﷺ نے بتایا کہ وہ کیسا زہریلا اور کڑوا ہوگا جو جہنم کی تہہ میں سے پیدا ہوگا تو کفار نے مذاق اڑانا شروع کیا ۔ ابو جہل نے اپنے ساتھیوں کو جمع کر کے کہا کہ یہ شخص کہتا ہے کہ آگ میں بھی درخت اگائے جائیں گے حالانکہ آگ تو درخت کو بھی کھا جاتی ہے یہ کیسی عقل سے بعید بات کہی گئی ہے۔ اس نے کہا کہ ہم نے یہ جانتے ہیں کہ زقوم کھجور اور مکھن کو کہتے ہیں ۔ اس نے کھجوریں اور مکھن منگوا کر سب سے کہا کہ آئو کھائو ہمارا زقوم تو یہی ہے۔

٭اس درخت کے خوشے شیطانوں کے سرجی سے ہوں گے ۔ انسان نے تو شیطان کو نہیں دیکھا اس لئے یہ ماننا پڑے گا کہ یہ ایک تشبیہ یہ ہے کہ اس کے پتے اور خوشے بھی بہت بڑے بڑے ہوں گے۔

٭اللہ نے ہر زمانہ میں گمراہ لوگوں کی اصلاح کے لئے اپنے پیغمبر بھیجے تا کہ زندگی کی راہوں میں بھٹکے ہوئے لوگوں کو سیدھا راستہ دکھا دیا جاسکتے۔ جن لوگوں نے ان کی بات مانی وہی کامیاب و بامراد ہوئے اور جنہوں نے ان کی تعلیمات سے منہ موڑا وہی ناکام و نامراد ہوئے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم (علیہ السلام) سے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ تک ہزاروں پیغمبر بھیجے اور آخر میں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو آخری نبی اور آخری رسول بنا کر بھیجا جن کی نبوت و رسالت قیامت تک جاری رہے گی اور آپ کے بعد اگر کوئی شخص نبوت کا دعویٰ کرتا ہے تو وہ دنیا کا سب سے بڑا جھوٹا اور فریبی ہے جو خود اور اس کے ماننے والے جہنم کا ایندھن بنیں گے ۔ اگر کچھ لوگ ایسے جھوٹے شخص کے دھوکے میں آگئے ہوں تو ان کی موت کے فرشتے نظر آنے سے پہلے تو بہ کرلینی چاہیے ورنہ ان کا انجام ان لوگوں سے مختلف نہ ہوگا جنہوں نے کفر و شرک کو اپنی زندگی بنا رکھا ہے۔