بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 40. Al-Ghaafir · Ayah 10
اِنَّ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا یُنَادَوْنَ لَمَقْتُ اللّٰهِ اَكْبَرُ مِنْ مَّقْتِكُمْ اَنْفُسَكُمْ اِذْ تُدْعَوْنَ اِلَى الْاِیْمَانِ فَتَكْفُرُوْنَ﴿10﴾
- اِنَّ الَّذِيْنَ كَفَرُوْابیشک۔ جن لوگوں نے۔ کفر کیا
- يُنَادَوْنَوہ پکارے جائیں گے
- لَمَقْتُ اللّٰهِالبتہ اللہ کا بیزار ہونا
- اَكْبَرُبڑا
- مِنْسے
- مَّقْتِكُمْتمہارا بیزار ہونا
- اَنْفُسَكُمْاپنے تئیں
- اِذْجب
- تُدْعَوْنَتم بلائے جاتے تھے
- اِلَى الْاِيْمَانِایمان کی طرف
- فَتَكْفُرُوْنَتو تم کفر کرتے تھے
لغات القرآن آیت نمبر 10 تا 20 : ینادون ( یدائ) ( آواز دیں گے) مقت اللہ ( اللہ کا غصہ) تدعون (تم پکارے جائو گے) امتنا ( تو نے ہمیں موت دی) احییتنا (تو نے ہمیں زندگی دی) ینیب (وہ لوٹتا ہے، رجوع کرتا ہے) رفیع ( بلند) الروح ( روح ، وحی) التلاق (ملاقات ، ملنا) برزون (ظاہر ہونے والے ، بےپردہ) القھار (زبردست ، قوت والا) الازقۃ ( قریب آنے والی ، نزدیک آنے والی) الحناجر (حنجور) ( گلے ، کلیجے) کظمینا (غصہ پی جانے والے) حمیم (قریبی دوست) خائنۃ ( خیانۃ) ( چوری کرنے والی ، خیانت کرنے والی) لم یقضون (وہ فیصلہ نہیں کرتے)
تشریح : آیت نمبر 10 تا 20 :۔ دنیا میں کفر و شرک اور گناہ کرنے والے لوگ مختلف باتوں اور تاویلوں کے ذریعہ اپنے آپ کو مطمئن کرلیتے ہیں اور انہیں اپنے برے انجام کا احساس ہی نہیں ہوتا لیکن جب قیامت کے دن وہ اپنے برے اعمال اور عذاب الٰہی کو دیکھیں گے تو وہ خود اپنے آپ کو ملامت کریں گے ۔ اس وقت ان کفار و مشرکین کو پکارکر کہا جائے گا کہ آج جس طرح تمہیں اپنے آپ پر غصہ آ رہا ہے اور تم اپنی بوٹیاں نوچ رہے ہو اسی طرح جب دنیا میں اللہ کے پیغمبر تمہیں راہ ہدایت کی طرف دعوت دے رہے تھے اور تم ان کی دعوت کو ٹھکرا کر دنیا کے عیش و آرام میں پڑے ہوئے تھے اس وقت اللہ تعالیٰ کا غضب اس سے زیادہ تمہارے اوپر بھڑکا کرتا تھا۔ اللہ نے تمہیں سنبھلنے اور سمجھنے کا موقع دیا مگر تم نے کبھی حقیقت سے آنکھیں نہیں ملائیں اب آج تمہیں اپنے کئے ہوئے اعمال کو بھگتنا ہے۔ اب اس عذاب سے چھٹکارے کی کوئی شکل موجود نہیں ہے۔
اللہ تعالیٰ نے ان آیات میں جو کچھ ارشاد فرمایا ہے اس کا خلاصہ یہ ہے کہ
بے شک جن لوگوں نے کفر و شرک کیا تھا ان سے قیامت کے دن پکار کر کہا جائے گا کہ آج تمہیں اپنے اوپر جو غصہ آ رہا ہے اللہ اس وت تم سے شدید ناراض ہوا کرتے تھا جب تمہیں ایمان کی طرف بلایا جاتا اور تم مسلسل اس سے انکار کرتے رہتے تھے۔ کفار و مشرکین کہیں گے الٰہی ! آپ نے میں دو مرتبہ موت اور دو مرتبہ زندگی دی یعنی ہم کچھ نہ تھے مردہ تھے آپ نے ہمیں زندگی دی پھر مر جانے کے بعد دوبارہ اٹھا کھڑا کیا اس طرح دو مرتبہ موت اور دومرتبہ زندگی دی ۔ ہم اپنے گناہوں اور خطاؤں پر شرمندہ ہیں اور ہم احساس ندامت کے ساتھ اپنے گناہوں کا اقرار کرتے ہیں ۔ الٰہی ! کیا ہمیں ایک موقع اور عطاء کرسکتے ہیں کہ ہم دوبارہ دنیا میں جائیں اور عمل صالح کر کے پھر آپ کی جناب میں حاضر ہوجائیں ۔ اللہ تعالیٰ فرمائیں گے کہ آج تمہاری یہ بد ترین حالت اس لئے ہے کہ جب تمہیں ایک اللہ کی طرف بلایا جاتا تھا تو تم انکار کرتے تھے اور اگر کسی کو اللہ کی ذات اور صفات میں شریک کیا جاتا تھا تو تم اسے خوشی کے ساتھ مان لیا کرتے تھے ۔ اب فیصلہ کا وقت ہے دنیا میں دوبارہ بھیجے جانے کا وقت نہیں ہے اور یہ فیصلہ بھی اس ذات کے ہاتھ میں ہے جو ہر طرح بلندو برتر ہے۔
اگر سمجھنا چاہتے تو کائنات میں اللہ کی بیشمار نشانیاں موجود ہیں ان کو دیکھ کر بھی ایمان لاسکتے تھے مگر تم نے نہ تو اللہ کے پیغمبروں کی بات کو مانا اور نہ کائنات کی نشانیوں کو دیکھ کر۔
حالانکہ سامنے کی بات تھی کہ وہ اپنی آنکھوں سے دیکھتے تھے کہ اللہ نے بلندیوں سے پانی کو برسایا جس نے مردہ زمین کو زندہ کردیا اور وہ سر سبز و شاداب ہوگئی ۔ اس سے ان کا رزق پیدا کیا گیا اور وہ اس رزق کا استعمال کرتے تھے مگر انہوں نے اس بات پر کبھی غور و فکر نہیں کیا کہ اتنے بڑے جہان کو کون ذات چلا رہی ہے۔ البتہ خوش نصیب لوگ ان تمام باتوں کو دیکھ کر ہی اللہ پر ایمان کی دولت سے مالا مال ہوجاتے ہیں اور اللہ کی طرف سے رجوع کرتے ہیں۔
فرمایا کہ وہ اللہ جو اس پوری کائنات کے نظام کو چلا رہا ہے وہ نہایت بلند درجنوں والا عرش عظیم کا مالک ہے۔ وہی اللہ وحی نازل کر کے انسانوں کی ہدایت کا سامان کرتا ہے تا کہ ان کو قیامت کے ہولناک دن اور برے اعمال کے برے نتائج سے آگاہ اور خبردار کر دے لیکن وہ یہ سمجھتے رہے کہ وہ جو کچھ بھی کر رہے ہیں اس کی کسی کو خبر نہیں ہے حالانکہ اللہ انسانوں کے دلوں کا حال اور انسان آنکھوں سے جو خیانت کرتا ہے جس کا برابر والے کو بھی اندازہ نہیں ہوتا اللہ انسان کی اس کیفیت سے بھی بخوبی واقف ہے۔
نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ ان کفار و مشرکین کو قیامت کے اس دن سے ڈراتے رہیے جب کلیجے منہ کو آ رہے ہوں گے اور گناہ گاروں کے دل رنج و غم سے بھر چکے ہوں گے۔ اس دن اللہ تعالیٰ اعلان فرمائیں گے کہ آج دنیا کے بادشاہ اور فرماں رواکہاں ہیں ؟ آج کس کی سلطنت ہے ؟ چونکہ اس وقت سب فنا ہوچکے ہوں گے تو اللہ تعالیٰ خود ہی جواب عنایت فرمائیں گے کہ صرف ایک اللہ کی بادشاہت اور سلطنت و حکومت ہے۔ آج فیصلے کا دن ہے آج ہر شخص کو اس کے اچھے یا برے اعمال کا پورا پورا بدلہ دیا جائے گا کسی پر ظلم اور زیادتی نہیں کی جائے گی ہر ایک کو پورا پورا انصاف ملے گا ۔
مذکورہ آیات سے متعلق چند باتیں ۔
(1) قیامت کا ہولناک دن ہوگا جس میں ہر شخص کو اپنی اپنی پڑی ہوئی ۔ خوف اور دہشت کی وجہ سے جو گھٹن ہوگی ہر شخص کو ایسا محسوس ہوگا کہ جیسے اس کا دل اس کے حلق میں دھڑک رہا ہے اس کو محاورہ میں کلیجہ منہ کو آجانا کہا جاتا ہے۔ اللہ کے مقرب فرشتے اہل ایمان کے لئے دعا کریں گے کہ وہ قیامت کے دن ہر طرح کی تکلیفیں سے محفوظ رہیں ۔ لیکن کفارو مشرکین کا برا حال ہوگا ، مگر کسی پر ظلم و زیادتی نہ ہوگی۔
(2) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ کا ارشاد ہے۔
اے میرے بندو ! میں نے اپنے اوپر ظلم کرنے کو حرام کیا ہوا ہے اور تمہارے اوپر بھی حرام قرار دے دیا ہے لہٰذا تم میں سے کوئی کسی پر ظلم نہ کرے۔ فرمایا کہ اے میرے بندو ! یہ تو تمہارے اعمال ہیں جن کو میں اپنی نظروں میں رکھتا ہوں اور ان کا پورا پورا بدلہ دوں گا لہٰذا جو شخص بھلائی پائے وہ اللہ کی حمد وثناء کرے اور جو اس کے سوا پائے وہ اپنے آپ کو ملامت کرے ( یعنی گناہوں سے باز آجائے) ( حدیث قدسی)
(3) حضرت عبد اللہ ابن عباس ؓ فرماتے ہیں کہ گناہ تین قسم کے ہوتے ہیں٭ایک وہ جو بخش دیئے جائیں گے ٭دوسرے وہ گناہ جو بخشے نہیں جائیں گے٭تیسری قسم کے گناہ وہ ہیں جن میں سے کچھ بھی چھوڑا نہیں جائے گا ۔ جن گناہوں کی بخشش اور معافی ہوگی اور وہ گناہ ہیں جن کو کرنے کے بعد توبہ کرلی گئی ہوگی۔ جو گناہ نہیں بخشا جائے گا وہ شرک ہے جسے اللہ کبھی معاف نہ کرے گا ۔ اور جو چھوڑا نہیں جائے گا وہ حقوق کا گناہ ہے جو پورا پورا دلوایا جائے گا ظالم سے مظلوم کو غاصب سے مغصوب کو ، اگر کسی نے کسی کو طمانچہ مارا ہوگا یا گالی دی ہوگی تو اس کا پورا پورا بدلہ دلوایا جائے گا ۔
اسی لئے نبی کریم ﷺ تاکید فرماتے تھے کہ جس پر کسی کا حق ہو وہ اس کو اس دن کے آنے سے پہلے معاف کرا لے جس دن درہم و دینار نہ ہوں گے حقوق کے بدلے اعمال ادا کئے جائیں گے۔
(4) انسان جو بھی عمل کرتا ہے وہ سمجھتا ہے کہ میں اچھا کر رہا ہوں یا برا ، نہ کوئی مجھے دیکھ رہا ہے اور نہ اس کا حساب کتاب ہوگا لیکن اللہ نے فرمایا کہ انسان وہ گناہ جو آنکھوں سے کرتا ہے یا سینے کے اندر چھپے ہوئے دل میں کرتا ہے اس کا علم دنیا میں کسی کو نہیں ہوتا لیکن اللہ آنکھوں کی خیانت اور دلی جذبوں سے بھی پوری طرح واقف ہے۔ اسی لئے نبی کریم ﷺ یہ دعا فرماتے تھے جو آپ نے امت کو تعلیم فرمائی ہے کہ
اے میرے اللہ ! میرے دل کو نفاق سے ، میرے عمل کو ریا کاری اور دکھاوے سے ، میری زبان کو جھوٹ سے اور میری آنکھ کو خیانت سے پاک و صاف رکھئے گا کیونکہ بیشک آپ تو آنکھوں کی خیانت اور دل میں چھپے ہوئے خیالات تک سے واقف ہیں۔
(5) اللہ کی نشانیوں میں سے بارش کی بھی ایک نشانی ہے۔ بارش کی وجہ سے کھیت لہلہاتے ہیں اور انسانوں کی غذا کا انتظام کیا جاتا ہے۔ اگر انسان صرف اتنی بات پر غور کرلے کہ وہ ایک لقمہ جو اس کے حلق کے نیچے اتر رہا ہے اس میں کائنات کی اور اس میں رہنے والے کتنے انسانوں کی محنت و مشقت شامل ہے۔ اگر اللہ یہ نظام قائم نہ فرماتا تو صرف انسان ہی نہیں بلکہ جانور بھی اپنا وجود قائم نہ رکھ سکتے۔
جس طرح اللہ نے بارش کے ذریعہ انسانوں کا رزق عطاء کیا ہے اسی طرح اس نے انسان کو روحانی زندگی کے لئے وحی ناز ل کی ہے۔ جس طرح بارش سے مراد زمین میں تر و تازگی اور زندگی کے آثار پیدا ہوجاتے ہیں اسی طرح وحی کے ذریعہ مردہ دلوں کو ایک نئی روحانی زندگی نصیب ہوتی ہے۔