بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 40. Al-Ghaafir · Ayah 21
اَوَ لَمْ یَسِیْرُوْا فِی الْاَرْضِ فَیَنْظُرُوْا كَیْفَ كَانَ عَاقِبَةُ الَّذِیْنَ كَانُوْا مِنْ قَبْلِهِمْ١ؕ كَانُوْا هُمْ اَشَدَّ مِنْهُمْ قُوَّةً وَّ اٰثَارًا فِی الْاَرْضِ فَاَخَذَهُمُ اللّٰهُ بِذُنُوْبِهِمْ١ؕ وَ مَا كَانَ لَهُمْ مِّنَ اللّٰهِ مِنْ وَّاقٍ﴿21﴾
- اَوَکیا
- لَمْ يَسِيْرُوْاوہ چلے پھرے نہیں
- فِي الْاَرْضِزمین میں
- فَيَنْظُرُوْاتو وہ دیکھتے
- كَيْفَ كَانَکیسا ہوا
- عَاقِبَةُانجام
- الَّذِيْنَان لوگوں کا جو
- كَانُوْاتھے
- مِنْ قَبْلِهِمْ ۭان سے پہلے
- كَانُوْا هُمْوہ تھے
- اَشَدَّ مِنْهُمْزیادہ سخت ان سے
- قُوَّةً وَّاٰثَارًاقوت اور آثار
- فِي الْاَرْضِزمین میں
- فَاَخَذَهُمُ اللّٰهُتو انہیں آپکڑا اللہ نے
- بِذُنُوْبِهِمْ ۭان کے گناہوں کے سبب
- وَمَا كَانَاور نہیں ہے
- لَهُمْان کیلئے
- مِّنَ اللّٰهِاللہ سے
- مِنْ وَّاقٍکوئی بچانے والا
لغات القرآن آیت نمبر 21 تا 27 : لم یسیروا ( وہ چلتے پھرتے نہیں) عاقبۃ (انجام) اثارا (نشانات، کھنڈرات) واق ( وقی) بچانے والا) ضلل ( گمراہی) ذو ونی (مجھے چھوڑو ( میری بات چھوڑو) عذت ( میں نے پناہ حاصل کرلی)
تشریح : آیت نمبر 21 تا 27 : دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ یہاں بہت سی قومیں ابھریں۔ ان کی تہذیب ان کا تمدن ساری دنیا پر چھا گیا ۔ ان کی تجارت مال و دولت کی کثرت ، بلند وبالا عمارتیں اور قلعے اس کثرت سے تھے کہ ان پر ناز کرتے ہوئے انہوں نے اپنے علاوہ سب کو حقیر سمجھنا شروع کردیا ۔ غرور وتکبر کے ساتھ ساتھ انہوں نے کفر و شرک کی انتہاء کردی ۔ ان کی نا فرمانیوں کی اصلاح کے لئے اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبروں کو بھیجا اور ان کے ساتھ ساتھ اللہ نے اپنی کتابوں کو بھیجا تا کہ وہ راہ ہدایت حاصل کرسکیں مگر ان پر دنیا داری اس قدر غالب آ چکی تھی کہ انہوں نے اللہ کے رسولوں اور اس کے پیغام کو جھٹلانا شروع کردیا ۔ وہ لوگ ضد ، ہٹ دھرمی اور نافرمانی کی اس انتہاء تک پہنچ گئے تھے جہاں سے ان کی واپسی ناممکن تھی تب اللہ نے ان کو صفحہ ہستی سے اس طرح مٹا دیا کہ آج وہ ایک تاریخی واقعہ اور افسانہ بن کر رہ گئے ہیں ۔ کفار قریش جو سردی اور گرمی کے زمانے میں بغیر کسی ڈر اور خوف کے ملک یمن اور ملک شام جا کر دندناتے پھرتے تھے اور تجارت کرتے تھے ان کے راستے میں قوم عاد ، قوم ثمود اور قوم فرعون کی تہذیب کے وہ آثار اور کھنڈرات بھی پڑتے تھے جو کبھی ساری دنیا پر دھاک بٹھائے ہوئے تھے لیکن آج ان کی نا فرمانیوں کے سبب وہ نشان عبرت بن کر رہ گئے ہیں۔
ان ہی لوگوں سے خاص طور پر اور ساری دنیا کے لوگوں سے عام طور پر یہ کہا جا رہا ہے کہ کیا وہ زمین پر چل پھر کر ان نافرمان قوموں کا بد ترین انجام اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھتے جو طاقت و قوت میں ان کفار قریش سے بڑھ کر تھے اور انہوں نے اپنے آثار اور کھنڈرات بھی کثرت سے چھوڑے ہیں ۔ جب انہوں نے نافرمانی اور گناہوں کی انتہائی کردی تب اللہ نے ان کو پکڑا اور سخت سزا دی ان کا مال ان کی دولت اور تہذیب و تمدن کوئی چیز بھی ان کو اللہ کے عذاب سے بچانے والی نہ تھی۔
اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ جب وہ انتہائی کھلے کھلے اور واضح معجزات اور دلیلوں کے ساتھ تشریف لائے تو فرعون اور اس کے درباریوں نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کی نبوت اور پیغام حق کا انکار کیا اور عام لوگوں کو یہ تاثردینے کی کوشش کی کہ موسیٰ (علیہ السلام) ایک جادوگر ہیں اور یہ جس معجزہ کی بات کرتے ہیں وہ جادو کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ فرعون اور اس کے ہم نوا شروع سے ہی بنی اسرائیل کو ذلیل و خوار کرنے پر تلے ہوئے تھے۔ ان کے بیٹوں کو ذبح کرتے تھے اور ان کی لڑکیوں کو زندہ رکھتے تھے چناچہ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) جب پیدا ہوئے تو اس وقت فرعونی قوم اسی ظلم پر قائم تھی لیکن معجزاتی طور پر حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو اللہ نے فرعون کے محل میں پہنچادیا جہاں ان کی پرورش ہوئی ۔ جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو نبوت و رسالت دے کر فرعون کی ہدایت و رہنمائی کے لئے بھیجا گیا تو اس نے ایک مرتبہ پھر قوم بنی اسرائیل پر خوف و دہشت طاری کرنے کے لئے یہ حکم جاری کیا کہ جو بھی حضرت موسیٰ (علیہ السلام) پر ایمان لے آئے ہیں ان کے بیٹوں کو ذبح کردیا جائے اور لڑکیوں کو زندہ رکھا جائے۔
تاریخی اعتبار سے تو یہ یقینی علم نہیں ہے کہ فرعون نے اس دوسرے حکم پر عمل کیا یا نہیں بہر حال قوم بنی اسرائیل اس حکم سے شدید دبائو میں آگئی ۔ لیکن فرعون اور اس کے درباریوں کی ساری تدبیریں غارت ہو کر رہ گئیں ۔ فرعون کے درباری اور مشیر سخت پریشان تھے اور فرعون کی شاید یہی مشورے دیتے رہے ہوں گے کہ موسیٰ (علیہ السلام) پر سوچ سمجھ کر ہاتھ ڈالیں کہیں ایسا نہ ہو کہ بنی اسرائیل جو بالکل ناکارہ ہوچکے ہیں وہ اٹھ کھڑے ہوں اور فرعون کی حکومت کا تختہ الٹ دیں ۔ ایک دن فرعون نے کہا کہ ان سب باتوں کو چھوڑو میں موسیٰ (علیہ السلام) کو قتل کردیتا ہوں ۔ پھر وہ اپنے رب کو پکارے یا نہ پکارے میں اس کا کام تمام کردیتا ہوں کیونکہ اگر موسیٰ (علیہ السلام) کو اسی طرح کی آزادی سے گھومنے اور تبلیغ کرنے کی آزادی رہی تو وہ تمہارے مذہب کو بدل ڈالے گا یا وہ فساد مچا کر رکھ دے گا ۔ جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے یہ سب کچھ سنا تو فرمایا کہ میں فرعون کی دھمکیوں میں آنے والا نہیں ہوں کیونکہ میں تمہارے اور اپنے پروردگار کی پناہ اور حفاظت میں ہوں کوئی میرا کچھ نہ بگاڑ سکے گا ۔ چناچہ ایسا ہی ہوا کہ فرعون اور اس کے درباریوں کی ساری کوششیں ، سازشیں اور ظلم و ستم حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اور ان پر ایمان لانے والے بنی اسرائیل کا تو کچھ نہ بگاڑ سکے البتہ وہ خود اس طرح پانی میں غرق کردیئے گئے کہ آج دنیا میں ان کا کوئی نام لیوا تک موجود نہیں ہے۔ آج فرعون کا تاج و تخت مصر کے میوزیم میں موجود ہے جو زبان حال سے یہ کہہ رہا ہے کہ تاج و تخت پر فخر کرنے والے نافرمان مٹ کر رہتے ہیں اور اللہ جو حی وقیوم ہے وہی ساری کائنات کا مالک و مختار ہے ساری قدرت و طاقت صرف اسی کی ہے۔