بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 41. Fussilat · Ayah 19
وَ یَوْمَ یُحْشَرُ اَعْدَآءُ اللّٰهِ اِلَى النَّارِ فَهُمْ یُوْزَعُوْنَ﴿19﴾
- وَيَوْمَاور جس دن
- يُحْشَرُجمع کئے جائیں گے
- اَعْدَآءُ اللّٰهِاللہ کے دشمن
- اِلَىطرف
- النَّارِجہنم
- فَهُمْتو وہ
- يُوْزَعُوْنَگروہ گروہ کئے جائیں گے
لغات القرآن آیت نمبر 19 تا 25 : یحشر ( اکٹھے کئے جائیں گے) یوزعون (گروہوں میں تقسیم ہوں گے) شھد (اس نے گواہی دی) جلود (جلد) ( کھالیں ، گوشت پوست ، چمڑے) لم شھدتم (تم نے گواہی کیوں دی) انطقنا (ہمیں بولنے کی طاقت دی) مرۃ (مرتبہ ، باربار) تستترون ( تم پردہ کرتے ہو ، چھپاتے ہو) اردی ( اردائ) (ہلاک کیا ، تباہ کیا) یستعتبوا (راضی کریں گے) قیضنا (ہم نے مقرر کردیا)
تشریح : آیت نمبر 19 تا 25 : انسان راز داری کے ہزاروں پردوں کے اندر چھپ کر کوئی کام کرے یا اعلانیہ کھلم کھلا ۔ اللہ کو اس کی ایک ایک ایک حرکت کا علم ہوتا ہے۔ جس بات کو دنیا کا کوئی آدمی نہیں جانتا اور ہر ایک سے پوشیدہ ہے اللہ کو اس کا بھی علم ہے لیکن جس طرح شتر مرغ ریت میں منہ چھپا کر یہ سمجھتا ہے کہ وہ دنیا کی نظروں سے چھپ گیا ہے اسی طرح گناہ گار اور خطا کار آدمی بھی یہ سمجھتا ہے کہ اس کی ہر حرکت دوسروں سے پوشیدہ ہے حالانکہ اللہ اس کو جنتا ہے اور اسکے پاس ہر بات کا ریکارڈ موجود ہے۔
روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ کفار مکہ میں سے اکثر لوگوں کا یہ گمان تھا کہ اگر کوئی کام چھپ کر کیا جائے تو اس کا علم کسی کو نہیں ہوتا یہاں تک کہ ( نعوذ باللہ) اللہ کو بھی اس کے متعلق کچھ علم نہیں ہوتا ۔ اس غلط اور بےبنیاد گمان نے ان کو تباہی کے کنارے تک پہنچا دیا تھا۔ اگر انہیں اس بات کا ذرا بھی اندازہ ہوتا کہ وہ زندگی بھر جن اعضاء کے بنانے سنوارنے اور خدمت کرنے میں لگے رہتے تھے وہی ہاتھ ، پاؤں ، زبان ، گوشت ، پوست ، ہڈیاں اور کھالیں ان کے خلاف گواہی دینے کھڑے ہوجائیں گے تو ان کا انداز فکر اور طرز عمل بڑا مختلف ہونا ، چناچہ حضرت عبد اللہ ابن مسعود ؓ ایک دن بیت اللہ شریف کے پردے سے چمٹے ہوئے دعا کر رہے تھے کہ آپ نے دو آدمیوں کی گفتگو سنی جو آپس میں باتیں کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ جو بات کھلم کھلا اعلانیہ کی جائے اللہ کو صرف اسی کا علم ہوتا ہے یعنی جو بات پوشیدہ ہوتی ہے اس کا علم اللہ کو نہیں ہوتا ۔ اس کے متعلق حضرت عبد اللہ نے نبی کریم ﷺ سے پوچھا۔ اس پر یہ آیات نازل ہوئیں جن میں تین باتوں کو بتایا گیا ہے ۔ پہلی بات تو یہ کہ قیامت کے دن جب اللہ کے دشمنوں یعنی کفار و مشرکین کو اللہ کے فرشتے جہنم کی طرف ہنکار کرلے جا رہے ہوں گے تو اللہ تعالیٰ ان کے اعمال کی وجہ سے ان کو مختلف گروہوں میں تقسیم فرما دیں گے جو ایک ایک کر کے جہنم کے قریب جمع ہوتے جائیں گے ۔ سب لوگوں کے جمع ہونے کے بعد حساب کتاب شروع ہوگا ۔ جب کفار و مشرکین کے سامنے ان کے گناہوں اور خطاؤں کی فہرست رکھی جائے گی تو وہ ان گناہوں کا صاف انکار کردیں گے اور کہیں گے کہ ہمیں تو یاد نہیں ہے کہ ہم نے کبھی اس طرح کے گناہ کئے ہوں گے۔ اس وقت اللہ تعالیٰ ان جیسے لوگوں کے منہ پر مہریں لگا دیں گے اور ان کے تمام اعضاء کو بولنے کی طاقت عطاء کردی جائے گی اور انسان کے تمام اعضاء اس کے تمام اعمال کو بیان کرنا شروع کردیں گے۔
حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ ان لوگوں کے منہ پر مہریں لگا دی جائیں گی اور سب سے پہلے اس کی ران سے سوال کیا جائے گا کہ تو یہ بتا کہ اس نے کیا کیا حرکتیں کی تھیں۔ اس پر اس کی ران، گوشت پوست، ہڈیاں اور کھالیں تک اس کے اعمال کی گواہی دیں گی ( مسلم) اس پر انسان اپنے اعضاء سے شکوہ کرے گا کہ تمہارا ستیا ناس ہوجائے میں نے تو زندگی بھر تمہیں آرام و سکون پہنچایا اور تمہاری خدمت کرتا رہا آج تم میرے ہی خلاف گواہی دینے کھڑے ہوگئے ہو ؟ یہ بولنے کی طاقت تمہارے اندر کہاں سے آگئی ؟ وہ جواب دیں گے کہ وہ وہی اللہ جس نے ہر ایک کو بولنے کی طاقت دی ہے اسی نے ہمیں بولنے کی زبان اور ہمت دی ہے۔ انسان کی کھالیں بھی گواہی دیں گی کہ اس آدمی نے فلاں فلاں گناہ کئے تھے۔ ( مسلم) ۔
کھالوں کی گواہی پر بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ ہاتھ پاؤں اور زبان کی گواہی تو سمجھ میں آتی ہے لیکن کھالیں گواہی دیں گی یہ بات سمجھ نہیں آتی۔ اس کا جواب یہ ہے کہ موجودہ دور جو علم و تحقیق کا دور ہے اس میں سائنس نے اس مسئلہ کو سمجھنا آسان کردیا ہے اور (Skin Speech) کی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ آدمی جو بھی گفتگو یا عمل کرتا ہے تو وہ اس کی کھال پر ریکارڈ ہوتا چلا جاتا ہے جس کو دوبارہ اسی طرح سنا سکتا ہے جس طرح ایک ٹیپ ریکارڈر میں ریکارڈ کی گئی آواز کو دوبارہ سنا جاسکتا ہے۔
ان آیات میں دوسری بات یہ ارشاد فرمائی گئی ہے کہ اللہ نے کفار و مشرکین کو اس دنیا کی زندگی میں بہت زیادہ مہلت عطاء کی تھی جس سے انہوں نے فائدہ نہیں اٹھایا تھا اور وہ زندگی بھر بےعملی کا شکار رہے تھے۔ قیامت کے دن جب وہ عذاب کو اپنے سامنے دیکھیں گے تو وہ گڑ گڑا کر معافی مانگنے لگیں گے۔ اس وقت اللہ کی طرف سے اعلان ہوگا کہ اب معافی مانگنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ معافی کی قبولیت کا وقت گزر چکا اور اس طرح کفار و مشرکین اور ان کے راستوں پر چلنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔
ان آیات میں تیسری بات یہ فرمائی گئی ہے کہ جب انسان کا مزاج بگڑ جاتا ہے اور ہر اصلاح کی بات کو قبول کرنے کی صلاحیت کو وہ کھوبیٹھتا ہے تو اس کو ایسے ساتھی مل جاتے ہیں یا اللہ ان پر عذاب کے طور پر ایسے ساتھیوں کو مسلط کردیتا ہے جو اس کو ہرے ہرے باغ دکھاتے ہیں اور گمراہی کی باتوں کو خوبصورت بنا کر دکھاتے ہیں اور یہی چیز آدمی کو جہنم کے کناروں تک پہنچا دیتی ہے۔
اس سے معلوم ہوا کہ آدمی کے لئے بری صحبت صرف بد ترین عادت ہی نہیں بلکہ عذاب الٰہی بھی ہے۔ دیکھا یہ گیا ہے کہ جب آدمی کا مزاج برے راستوں کی طرف مائل ہوجاتا ہے تو اس کو ایسے دوست ملنا شروع ہوجاتے ہیں جو اسی کی طرح بگڑے ہوئے مزاج کے لوگ ہوتے ہیں ۔ مشہور بات ہے کہ اگر کسی کی عادتوں ، مزاج اور خصلتوں کو جانچنا اور پرکھنا ہو تو اس کے آس پاس اٹھنے بیٹھنے ، کھانے پینے اور ساتھ رہنے والوں کو دیکھا جائے ۔ اس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ کون کتنے پانی میں ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ایسے ہی لوگ جنہوں نے اپنا مزاج ضد ، ہٹ دھرمی اور منافقت والا بنا لیا ہو تو اس کو دنیا اور آخرت میں سخت سزا دی جائے گی اور اس کی دنیا اور آخرت برباد ہو کر رہ جائے گی۔