بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 41. Fussilat · Ayah 47
اِلَیْهِ یُرَدُّ عِلْمُ السَّاعَةِ١ؕ وَ مَا تَخْرُجُ مِنْ ثَمَرٰتٍ مِّنْ اَكْمَامِهَا وَ مَا تَحْمِلُ مِنْ اُنْثٰى وَ لَا تَضَعُ اِلَّا بِعِلْمِهٖ١ؕ وَ یَوْمَ یُنَادِیْهِمْ اَیْنَ شُرَكَآءِیْ١ۙ قَالُوْۤا اٰذَنّٰكَ١ۙ مَا مِنَّا مِنْ شَهِیْدٍۚ﴿47﴾
- اِلَيْهِاس کی طرف
- يُرَدُّلوٹایا (حوالے کیا) جاتا ہے
- عِلْمُ السَّاعَةِ ۭقیامت کا علم
- وَمَا تَخْرُجُاور نہیں نکالتا
- مِنْ ثَمَرٰتٍکوئی پھل (جمع)
- مِّنْ اَكْمَامِهَااپنے غلافوں (گابھوں) سے
- وَمَا تَحْمِلُاور نہیں حاملہ ہوتی
- مِنْ اُنْثٰىکوئی عورت
- وَلَا تَضَعُاور نہ وہ بچہ جنتی ہے
- اِلَّا بِعِلْمِهٖ ۭمگر اس کے علم میں
- وَيَوْمَاور جس دن
- يُنَادِيْهِمْوہ پکارے گا انہیں
- اَيْنَکہاں
- شُرَكَآءِيْ ۙمیرے شریک
- قَالُوْٓاوہ کہیں گے
- اٰذَنّٰكَ ۙاطلاع دیدی ہم نے تجھے
- مَا مِنَّانہیں ہم سے
- مِنْ شَهِيْدٍکوئی شاہد
لغات القرآن آیت نمبر 47 تا 54 : یرد (لوٹایا جاتا ہے) علم الساعۃ (قیامت کا علم) اکمام ( غلاف) تحمل (حاملہ ہوتی ہے) اذنا (ہم نے بتایا ، اطلاع کی) محیص (بھاگ کر بچ جانا ، پناہ گاہ) قنوط (نامید) نا بجانبہ (اس نے اپنا پہلو بچایا) دعاء عریض ( لمبی چوڑی دعا) مریۃ (شک) محیط (گھیرنے والا)
تشریح : آیت نمبر 47 تا 54 : جب کفار اور مشرکین سے یہ کہا جاتا تھا کہ قیامت کا ہولناک دن آنے ہی والا ہے جس میں سب کو دوبارہ پیدا کیا جائے گا ۔ میدان حشر قائم ہوگا اور ہر ایک کو اپنی زندگی کے ایک ایک لمحے کا حساب دنیا ہوگا تو وہ قیامت کا مذاق اڑاتے ہوئے کہتے تھے کہ آخر وہ قیامت کب آئے گی ؟ سن سن کر ہمارے تو کان پک گئے۔
اللہ نے ایسے ہی منکرین کی ان باتوں کا جواب دیتے ہوئے فرمایا ہے کہ قیامت کب آئے گی ؟ اس کا علم تو صرف اللہ تعالیٰ کو ہے کہ اس کے سوا کوئی نہیں جانتا البتہ وہ دن ساری چیزوں کی حقیقت کو کھول کر رکھ دے گا اور وہ لوگ جنہوں نے جھوٹی بنیادوں پر اپنی تمناؤں کے محل تعمیر کر رکھے ہیں وہ سب کے سب ڈھے جائیں گے اور وہ قیامت کے دن ان کے کوئی کام نہ آسکیں گے۔ ان لوگوں کو قیامت کے آنے کی باتیں کرنے سے بہتر ہے کہ وہ اس دن کی ہولناکی سے بچنے کی تدبیریں کریں۔
ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ کہیں سفر میں تشریف لے جا رہے تھے راستے میں ایک شخص نے پکار کر کہا اے محمد ﷺ ! آپ نے فرمایا کیا بات ہے ؟ اس نے پوچھا قیامت کب آئے گی ؟ آپ نے جواب دیتے ہوئے فرمایا کہ قیامت تو آ کر رہے گی ۔ یہ بتائو تم نے اس کی کیا تیاری کر رکھی ہے ؟ ( بخاری مسلم) ۔
نبی کریم ﷺ نے دو جملوں میں ساری بات ارشاد فرما دی کہ قیامت تو آ کررہے گی اس کو کوئی نہ روک سکے گا یعنی کب آئے گی اس کا علم تو اللہ کو ہے مگر قیامت کے دن جو مشکلات پیش آئیں گی ان کے لئے جس نے تیاری کر رکھی ہے وہی کامیاب و بامراد ہوگا اور جو اسی میں لگا رہا کہ قیامت کب اور کیسے آئے گی تو اس کو اس کی بےعقلی اور بےعملی کی سخت سزا مل کر رہے گی۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ اللہ کو ہر چیز کا علم ہے اس کا علم ہر چیز کو گھیرے ہوئے ہے اور وہی اس کی حقیقت اور صحیح کیفیت کو اچھی طرح جانتا ہے۔ فرمایا کہ کوئی پھل اپنے خول سے ، کوئی دانہ اپنے خوشے سے ، کوئی میوہ اپنے وجود سے باہر ظاہر نہیں ہوتا لیکن اس کے متعلق اس کو پورا علم ہوتا ہے۔
کسی عورت کا حمل اور کسی جانور کے پیٹ کا بچہ ایسا نہیں ہے جس کے متعلق اللہ کو علم نہ ہو غرضیکہ درختوں سے ایک پتہ بھی گرتا ہے تو اس کا علم اللہ کو ہوتا ہے جب کہ ساری دنیا کو اس کے متعلق اندازہ تک نہیں ہوتا ۔ اسی طرح قیامت کب آئے گی اس کے متعلق اللہ کے سوا کسی کو کوئی علم نہیں دیا گیا ۔ البتہ قیامت کے آنے کی کچھ نشانیاں انبیاء کرام (علیہ السلام) کو بتائی گئی ہیں جو انہوں نے اپنی امت کو بتائی ہیں۔
نبی کریم حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کو قیامت کی سب سے زیادہ نشانیاں بتا دی گئی تھیں جن کی تفصیلات احادیث میں موجود ہیں۔
فرمایا کہ جب وہ دن آئے گا اور میدان حشر قائم ہوگا تو اس دن مشرکین جنہوں نے اپنے ان معبودوں پر بڑا ناز تھا کہ وہ ان کو اللہ کے عذاب سے بچا لیں گے وہ سب کے سب ان سے غائب ہوجائیں گے اور پھر وہ مشرکین طرح طرح سے اپنی بےگناہی ثابت کرنے کی کوشش کریں گے لیکن ان کی ان باتوں سے انہیں کوئی فائدہ نہ ہوگا اور وہ عذاب الٰہی سے نہ بچ سکیں گے۔
کفار و مشرکین کی اخلاقی کمزوریوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ان لوگوں کا یہ حال ہے کہ وہ ہر وقت ہر طرح کی بھلائی ، خوشحالی ، تندرستی ، رزق میں کشادگی ، اپنی اور اپنی اولاد کی سلامتی اور عافیت مانگنے سے نہیں تھکتے لیکن اگر ان کو کسی طرح کی تکلیف یا مصیبت پہنچ جائے تو وہ اس طرح مایوس ہوجاتے ہیں کہ امید کی ہر آس کو توڑ بیٹھتے ہیں۔
اس کے بر خلاف اگر ان کو راحت و آرام کے اسباب مل جاتے ہیں تو ان پر شکر کرنے کے بجائے اترانا اور اکڑنا شروع کردیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ سب ہماری محنتوں اور تدبیروں کا نتیجہ ہے۔ غرضیکہ راحتوں میں تکبر اور غرور اور مصیبتوں میں ہاتھ پھیلا پھیلا کر لمبی چوڑی دعاؤں میں لگے رہتے ہیں ۔ ان کی بےوقوفی اور غلط فہمی کا یہ حال ہوجاتا ہے کہ وہ قیامت ہی کا انکار کر بیٹھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمیں امید نہیں ہے کہ قیامت کبھی آئے گی اور اگر آ بھی گئی تو جس طرح ہم یہاں عیش و آرام سے ہیں وہاں بھی عیش و آرام کے راستے نکال کر مزے اڑائیں گے۔
اللہ نے فرمایا کہ یہ ان لوگوں کی خوش فہمی ہے حقیقت یہ ہے کہ ایسے لوگ اللہ کے سخت ترین عذاب سے بچ نہ سکیں گے۔
اللہ تعالیٰ نے ان کفار و مشرکین سے یہ سوال کیا ہے کہ یہ قرآن کریم جو ان کی اصلاح اور انکی روحانیت کی تسکین کا سامان ہے اگر اللہ کی طرف سے ہے اور یقینا اللہ کی طرف سے ہے اور تم نے اس کا اقرار نہ کیا اور نہ اس کو قبو ل کیا تو کیا تمہیں اس کا کچھ اندازہ ہے کہ اس کا تمہیں کتنا شدیدنقصان اٹھانا پڑے گا ؟
اللہ نے فرمایا کہ ہم تمہیں ” آفاق “ اور ” انفس “ میں اپنی بہت سی نشانیاں دکھائیں گے۔ یعنی دنیا میں ہزاروں ان نعمتوں کی طرف توجہ دلائیں گے جو انسان کے چاروں طرف بکھری ہوئی ہیں اور خود اس کے اپنے وجود میں بیشمار نشانیاں موجود ہیں ۔ اگر اس نے ان میں غور و فکر سے کام لیا تو اس کی کامیابی ہے ورنہ اللہ کی سخت ترین سزاؤں سے بچنا ممکن نہ ہوگا ۔
فرمایا کہ آخرت کے متعلق کفار و مشرکین جس شک و شبہ میں پڑے ہوئے ہیں اور ان کو اللہ سے ملاقات کا یقین نہیں ہے وہ ساری حقیقت بہت جلد ان پر کھل جائے گی۔
الحمد للہ سورة حم السجدہ کا ترجمہ و تشریح مکمل ہوا ۔ واخر دعوانا ان الحمد للہ رب العالمین