IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 41. Fussilat · Ayah 9

  1. قُلْ اَئِنَّكُمْ لَتَكْفُرُوْنَ بِالَّذِیْ خَلَقَ الْاَرْضَ فِیْ یَوْمَیْنِ وَ تَجْعَلُوْنَ لَهٗۤ اَنْدَادًا١ؕ ذٰلِكَ رَبُّ الْعٰلَمِیْنَۚ﴿9﴾

    1. قُلْفرمادیں
    2. اَئِنَّكُمْکیا تم
    3. لَتَكْفُرُوْنَانکار کرتے ہو
    4. بِالَّذِيْاس کا جس نے
    5. خَلَقَپیدا کیا
    6. الْاَرْضَزمین
    7. فِيْ يَوْمَيْنِدودنوں میں
    8. وَتَجْعَلُوْنَاور تم ٹھہراتے ہو
    9. لَهٗٓاس کے
    10. اَنْدَادًا ۭشریک (جمع)
    11. ذٰلِكَیہ
    12. رَبُّرب
    13. الْعٰلَمِيْنَسارے جہانوں کا
Translation · Baseerat-e-Quran
(اے نبی ﷺ آپ کہہ دیجئے کیا تم اس ذات کا انکار کرتے ہو جس نے زمین کو دو دن میں پیدا کیا اور تم (دوسروں کو) اس کا شریک ٹھہراتے ہو۔ ( حالانکہ) وہی سارے جہانوں کا رب ہے
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 9 تا 18 : رواسی ( بھاری پہاڑ ، بوجھ) اقوات ( قوت) ( کھانے کی چیزیں) قدر (اس نے مقرر کیا ، اندازہ کیا) دخان ( دھواں) طوعا (خوشی خوشی) کرھا ( زبردستی) طالعین (کہا ماننے والے) قضی (اس نے فیصلہ کیا) زینا (ہم نے زینت دی ، خوبصورت بنایا) مصابیح (چراغ) صعقۃ (کڑک) اشد (زیادہ طاقت والا) یجحدون (وہ انکار کرتے ہیں) ریح (ہوا) صرصر (سخت ، تند و تیز) نحسات (آفتوں والا) اخزی (زیادہ ذلیل کرنے والا) استحبوا (انہوں نے پسند کیا) الھون ( ذلیل و رسوال کرنا)

تشریح : آیت نمبر 9 تا 18 : ان آیات میں کفار و مشرکین کو ان کے کفر و شرک پر آگاہ کرتے ہوئے زمین ، آسمان اور ان کے درمیان جتنی بھی بےشمارمخلوقات ہیں ان کی تفصیل ارشاد فرماتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ انسان کی انتہائی بےعقلی اور ناسمجھی کی بات ہے کہ جس اللہ نے اتنے عظیم الشان آسمان اور زمین کو پیدا کرکے انسان کی تمام ضروریات کو ان میں رکھ دیا ہے وہ اس کی ذات اور صفات میں دوسروں کو شریک کر کے ان کی عبادت و بندگی کرتے ہیں حالانکہ ہر طرح کی عبادت اور بندگی کا حق دار صرف وہی ایک خالق حقیقی ہے جس نے چھ دن میں اس پورے نظام کائنات کو بنایا ہے۔

حضرت عبد اللہ ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ مدینہ کے یہودیوں نے حضور اکرم ﷺ سے زمین و آسمان کی پیدائش کے بارے میں سوال کیا تو آپ نے فرمایا کہ (1) اللہ تعالیٰ نے زمین کو اتوار اور پیر کے دن پیدا کیا (2) پہاڑوں اور ان میں جو بھی مع دنیات اور ذخائر ہیں ان کو منگل کے دن میں (3) درخت ، پانی کے چشمے ، شہر ، اس کی عمارتیں اور ویران میدانوں کو بدھ کے دن پیدا کیا (4) جمعرات کے دن آسمان بنائے (5) اور جمعہ کے دن ستارے ، چاند ، سورج اور فرشتے اس وقت پیدا کئے کہ جب جمعہ کے دن میں تین ساعتیں باقی تھیں۔ ان میں سے دوسری ساعت میں تمام آفتوں اور مصیبتوں کو پیدا کیا جو ہر چیز پر آنے والی ہیں ۔ اور تیسری ساعت میں حضرت آدم (علیہ السلام) کو پیدا کیا ۔ ان کو جنت میں ٹھہرایا ، ابلیس کو سجدہ کا حکم دیا اور انکار پر اس کو جنت سے نکال دیا گیا ۔ یہ سب تیسری ساعت کے ختم ہونے تک ہوا۔ ( ابن کثیر)

یہودیوں کا یہ عقیدہ ہے کہ اللہ نے چھ دن میں دنیا بنائی لیکن ساتویں دن آرام کیا ۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے عقیدہ کی تردید کرتے ہوئے فرمایا کہ ” بیشک ہم نے آسمانوں ، زمین اور جو کچھ ان کے درمیان ہے چھ دن میں پیدا کیا اور ان کے بنانے میں ہمیں کوئی تکان نہیں ہوئی “ یعنی ساتویں دن اللہ نے تھکن کی وجہ سے آرام نہیں کیا کیونکہ کسی کام کے کرنے کے بعد تھک جانا یہ انسان کی عادت تو ہے لیکن اللہ کے تھک جانے کا تصور انتہائی غلط اور باطل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دنیا کو چھ دن میں بنانے کے متعلق جن آیات کو نازل کیا ہے ان کا مقصد یہودیوں کے غلط عقیدہ کی اصلاح ہے۔ اب اس بات پر بحث کرنا کہ پہلے زمین پیدا ہوئی یا آسمان تو یہ وقت کو ضائع کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے کیونکہ قرآن کریم کسی جگہ بھی کائنات کی تخلیق کا ذکر کسی طبیعاتی ذکر یا کچھ علوم سکھانے کے لئے نہیں کرتا بلکہ توحید و رسالت اور فکر آخرت پیدا کرنے کی دعوت دیتا ہے تا کہ بھٹکے ہوئے لوگوں کی اصلاح ہو سکے اور وہ غور و فکر سے کام لے کر اللہ کی ذات وصفات کو پہچان سکیں اور تکبر و غرور سے بچ سکیں چناچہ قوم عاد اور قوم ثمود کا ذکر کرنے ہوئے فرمایا کہ دنیا کی ان ترقی یافتہ قوموں نے فکر آخرت کے بجائے دنیا ہی کو سب کچھ سمجھ لیا تھا اور اپنے اچھے اعمال ادا کرنے کے بجائے اپنی بڑائی کا اظہار کرتے رہے اور جان بوجھ بوجھ کر سچائیوں سے وہ اندھے بنے رہے آخر کار ان پر وہ عذاب آیا جو ان کی ترقیات اور مال و دولت کو تباہ و برباد کر کے چٹ کر گیا اور ان کی زندگیوں کو ایک فسانہ بنا کر رکھ دیا۔

ان تمام بانوں کو اللہ نے ارشاد فرمایا ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ ان سے کہئے کہ کیا تم اس ذات کا انکار کرتے ہوے جس نے زمین کو دو دنوں میں پیدا کیا ۔ اس کی ذات وصفات میں کوئی شریک نہیں ہے وہ جہانوں کا پروردگار ہے۔ یہ اسی کا کرم ہے کہ اس نے زمین پر پہاڑوں کے بوجھ رکھ دیئے تا کہ زمین اپنی جگہ ٹھہری رہے۔ اللہ ہی نے اس زمین میں برکت عطاء فرمائی اور چار دنوں میں اس نے برکت کی تمام چیزیں اس سر زمین میں رکھ دیں اور تمام ان لوگوں کی طلب و خواہش کے مطابق ہر طرح کا رزق مہیا کردیا جو وہ مانگ سکتے تھے۔

فرمایا کہ جب اللہ نے آسمان کی طرف توجہ فرمائی تو وہ ایک دھواں سا تھا پھر اس نے اس دھوئیں اورز میں سے کہا کہ تم دونوں خوشی سے یا زبردستی آ جائو یعنی تمہیں آنا تو پڑے گا ۔ دونوں نے کہا ہم خوشی سے حاضر ہیں ۔ پھر اس نے دونوں میں سات آسمان بنا دیئے۔ پھر اس نے ہر آسمان کے فرشتوں اور صلاحیتوں کو ان کے کاموں کی وحی کردی ۔ فرمایا کہ ہم نے ہی آسمان دنیا کو ستاروں سے زبردست و خوبصورتی عطاء کر کے ان کی حفاظت کا سامان کردیا ۔ یہ سارے فیصلے غالب حکمت والے اللہ کی طرف سے تھے۔

اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر وہ کفار ان تمام سچائیوں کے باوجود ان حقائق سے منہ پھیر لیتے ہیں تو آپ اعلان کر دیجئے کہ میں تمہیں ایسی زبردست چنگھاڑ ( عذاب الٰہی) سے آگاہ کر رہا ہوں جیسی قوم عاد اور قوم ثمود پر آئی تھی ، حالانکہ ان کو سمجھانے کے لئے اللہ نے اپنے رسولوں کو بھیجا تھا اور بتایا تھا کہ اللہ کے سوا عبادت و بندگی کے لائق کوئی نہیں ہے مگر ان کی بات ماننے کے بجائے انہوں نے اعتراض کرنا شروع کردیئے کہ اگر اللہ کو ہماری ہدایت کے لئے بھیجنا تھا تو فرشتوں کو بھیج دیا ہوتا ۔ ہم جیسے بشر کے ذریعہ ہمیں یہ پیغام کیوں دیا گیا لہٰذا ہم اس ( دعوت حق) کا انکار کرتے ہیں ۔ قوم عاد نے ناحق غرور وتکبر کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے زیادہ قوت و طاقت والا کون ہے جو ہمیں عذاب دے گا ؟ اللہ نے فرمایا کہ یہ لوگ اس بات کو بھول گئے کہ اللہ وہ ہے جس نے انہیں پیدا کیا جو طاقت و قوت میں ان سے بڑھ کر ہے ۔ لیکن وہ لوگ اللہ کی نشانیوں پر ایمان لانے کے بجائے ان کا انکار کرتے رہے ، اللہ نے فرمایا کہ پھر ہم نے ان پر ایسی زبردست طوفانی ہواؤں کو بھیجا کہ جس سے ان کے حق میں ان کے دن منحوس دن ثابت ہوئے یہ اس لئے تھا کہ ان جیسے لوگوں کو دنیا کے عذاب کا مزا چکھا دیا جائے اور انہیں بتا دیا جائے کہ آخرت کا عذاب تو اس سے بھی زیادہ سخت ہے کیونکہ وہ ان کو آخرت میں ذلیل و رسوا کر کے رکھ دے گا ۔ رہے قوم ثمود تو اگرچہ ہم نے ہی انہیں راہ ہدایت دکھائی تھی مگر وہ ہدایت کے مقابلے میں اندھے بنے رہے۔ آخر کار ان کو بھی ایک زبردست چنگھاڑ نے تباہ کردیا اور اللہ نے اہل ایمان کو اور اللہ سے ڈرنے والوں کو پوری طرح نجات عطاء فرما دی تھی۔