بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 44. Ad-Dukhaan · Ayah 17
وَ لَقَدْ فَتَنَّا قَبْلَهُمْ قَوْمَ فِرْعَوْنَ وَ جَآءَهُمْ رَسُوْلٌ كَرِیْمٌۙ﴿17﴾
- وَلَقَدْاور البتہ تحقیق
- فَتَنَّاآزمایا ہم نے
- قَبْلَهُمْان سے قبل
- قَوْمَ فِرْعَوْنَقوم فرعون کو
- وَجَآءَهُمْاور آیا ان کے پاس
- رَسُوْلٌرسول
- كَرِيْمٌکریم۔ عزت والا رسول
لغات القرآن آیت نمبر 17 تا 33 : فتنا ( ہم نے آزمایا) لا تعلوا (تم نہ چڑھو) اعتزلون ( تم مجھ سے دور ہٹ جائو) اسر (تو راتوں رات چل) رھوا ( ٹھہرا ہوا) جند ( لشکر) مابکت (نہ روئی ، نہ رویا) منظرین (مہلت دیئے گئے) اخترانا ( ہم نے پسند کیا)
تشریح : آیت نمبر 17 تا 33 : حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے حق و صداقت کی سر بلندی اور ہدایت و تبلیغ میں ساری زندگی جدوجہد فرمائی فرعون اور آل فرعون نے جس طرح ان کی نافرمانی کی اس کو اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کی مختلف سورتوں میں عبرت و نصیحت کے لئے مختصر یا تفصیل سے بیان کیا ہے۔ یہاں ایک مرتبہ پھر حضرت موسیٰ کی زندگی کے ایک اور پہلو کو بیان کرکے کفار قریش کو آگاہ کیا گیا ہے کہ جس طرح اللہ تعالیٰ نے فرعون جیسے نافرمان اور عظیم سلطنت کے مالک فرعونیوں کو غرق کردیا تھا اور بےسرو سرمانی کے باوجود حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اور ان کے ماننے والوں کو کامیاب کر کے نجات عطاء کردی تھی اسی طرح نبی کریم حضرت محمد رسول اللہ ﷺ اور ان کے ماننے والے صحابہ کرام ؓ بہت جلد کامیاب ہوجائیں گے اور دین اسلام کے منکرین اور مشرکین زبردست طریقے پر ناکام ونا مراد ہوں گے۔ ارشاد فرمایا گیا ہے کہ جب ایک طویل مدت تک حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کی دعوت و تبلیغ کی بھر پور کوششوں اور ہر طرح کے معجزات دیکھنے کے باوجود فرعون نے اپنے آپ کو سخت گناہ گار اور مجرم ثابت کردیا اور حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی تک کر ڈالی تب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے پہلے تو پوری قوم کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اے اللہ کے بندو ! تم اللہ کے مقابلے میں سر کشی اور نافرمانی اختیار نہ کرو ، میری بات مانو ، میرا حق ادا کرو ، مجھ پر ایمان لائو ، میری ہدایت کی پیروی کرو یہ اللہ کی طرف سے تم پر میرا حق ہے۔ تم مجھ پر زیادتی نہ کرو ، حملہ نہ کرو اگر تم نے مجھ پر حملہ کیا یا سنگسار ( پتھر مار کر ہلاک) کرنے کی کوشش کی تو یاد رکھو میں پہلے ہی اللہ رب العالمین کی پناہ مانگ چکا ہوں ۔ وہ میری حفاظت کرے گا اور تم ہزار کوششوں کے باوجود میرا کچھ نہ بگاڑ سکو گے ۔ البتہ نا فرمانیوں سے تم بد ترین انجام سے دو چار ضرور ہو جائو گے۔ پھر حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے فرعون سے کہا کہ تم اللہ کے بندوں ( بنی اسرائیل) کو میرے حوالے کر دو کیونکہ میں اللہ کی طرف سے بھیجا گیا ہوں ، دیانت دار رسول بھی ہوں اور اللہ کی نشانیاں (معجزات) بھی دکھا چکا ہوں ۔ جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے اس بات کو جان لیا کہ فرعون اور آل فرعون پر ان کی نصیحتوں کا کوئی اثر نہیں ہو رہا تب انہوں نے بارگاہ الٰہی میں عرض کردیا کہ اے میرے اللہ میں نے اس قوم کو ہر طرح سمجھایا مگر وہ اپنے جرم و گناہ میں اس حد تک پہنچ چکے ہیں کہ میری کسی بات کو سننے اور میری اطاعت کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں ۔ الٰہی ! آپ ان کے اور میرے درمیان فیصلہ فرما دیجئے ۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو حکم دیا کہ اے موسیٰ (علیہ السلام) ! آپ میرے اطاعت گزار بندوں کو رات کی تنہائیوں میں لے کر نکل جائیے۔ جب صبح فرعون کو اطلاع ہوگی تو وہ تمہارا پیچھا کرتے ہوئے اپنے لشکر کے ساتھ تمہاری طرف آئے گا اس وقت تم اپنے عصا کو پانی پر مارنا تمہارے لئے سمندر میں راستے بن جائیں گے اور بنی اسرائیل کو لے کر فلسطین کی طرف نکل جائیے گا اور دوبارہ عصا کو پانی پر نہ مار یئے گا اس سمندر کے راستوں کو اسی حالت پر چھوڑ دیجئے گا کیونکہ ہم نے فرعون اور اس کے ماننے والوں کو غرق کردینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ چناچہ اللہ کے حکم کے مطابق حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے عمل کیا ۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اور ان پر ایمان لانے والے اہل ایمان سمندر پار آگئے۔ جب فرعون نے ان سمندری راستوں میں اپنے لشکر کو اترنے کا حکم دیا اور وہ اس کے درمیان میں پہنچ گیا تو اللہ نے پانی کو پھر سے مل جانے کا حکم دیا جس سے فرعون اور اس کی پوری قوم پانی میں ڈوب کر ختم ہوگئی۔ اللہ نے فرمایا کہ فرعون اور آل فرعون کے سر سبز و شاداب باغات ، بہتے ہوئے خوبصورت چشمے ، ہری بھری کھیتیاں ، عیش و آرام کے لئے بنائے گئے بڑے بڑے محل اور مکانات اور آبادیاں ان کے کسی کام نہ آسکے اور پھر ہم نے ان کے راحت و آرام اور حکومت و سلطنت کے اسباب کا وارث بنی اسرائیل کو بنا دیا ۔ فرعون اور اس کی قوم کی اتنی بڑی تباہی اور بربادی پر نہ تو آسمان رویا اور نہ زمین روئی اور نہ وہ نافرمان لوگ اللہ کے سخت ترین عذاب سے بچ سکے ۔ اللہ نے ان آیات میں اس بات کو کھول کر بیان کردیا ہے کہ قوموں کا ابھرنا اور تباہ و برباد ہوجانا یہ سب کچھ اللہ کے فیصلے کے مطابق ہوتا ہے۔
اس موقع پر یہ نکتہ بھی بہت دلچسپ ہے کہ زمین و آسمان کا رونا محض ایک محاورہ ہی نہیں ہے بلکہ صحیح احادیث سے ثابت ہے کہ اللہ کے نیک اور برگزیدہ بندوں کے اس دنیا سے اٹھ جانے پر زمین و آسمان روتے ہیں چناچہ حضرت انس ؓ نے نبی کریم ﷺ سے نقل کیا ہے آپ نے فرمایا کہ آسمان میں ہر بندے کے لئے دو دروازے ہیں ایک سے رزق اتارا جاتا ہے اور دوسرے دروازے سے اس کے اعمال ( کلام ، گفتگو عمل) اللہ کی بارگاہ میں پہنچائے جاتے ہیں جب اللہ کے کسی نیک بندے کا انتقال ہوتا ہے تو یہ دونوں دروازے اسے یاد کر کے روتے ہیں ۔ نبی کریم ﷺ نے اس موقع پر مذکورہ آیت کی تلاوت بھی فرمائی۔ اسی طرح حضرت شریح ابن عبد حضرمی ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو مومن غریب الوطنی کی حالت میں ا انتقال کرتا ہے جس پر کوئی رونے والا نہیں ہوتا تو اس پر زمین و آسمان روتے ہیں ۔ اس موقع پر بھی آپ نے اسی مذکورہ آیت کی تلاوت فرمائی ( ابن کثیر) اب رہا یہ سوال کہ زمین و آسمان کس طرح روتے ہیں تو بات بالکل واضح ہے کہ ان کارونا ہماری طرح کا رونا نہیں ہے بلکہ اس کی صحیح کیفیت کا علم صرف اللہ ہی کو ہے۔
خلاصہ یہ ہے کہ وہ لوگ جو زندگی بھر اپنے مال و دولت ، حکومت و اقتدار اور خوبصورت بلڈنگوں پر بےجا فخر و غرور کرتے ہیں اور اللہ کی نا فرمانیوں سے باز نہیں آتے ان پر زمین و آسمان بھی نہیں روتے لیکن اللہ کے نیک ، برگزیدہ اور پاکیزگی کے ساتھ زندگی گزارنے والے جب اس دنیا سے رخصت ہوتے ہیں تو زمین و آسمان ہی نہیں بلکہ کائنات کا ذرہ ذرہ ان کی جدائی پر روتا ہے۔