IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 44. Ad-Dukhaan · Ayah 34

  1. اِنَّ هٰۤؤُلَآءِ لَیَقُوْلُوْنَۙ﴿34﴾

    1. اِنَّبیشک
    2. هٰٓؤُلَآءِیہ لوگ
    3. لَيَقُوْلُوْنَالبتہ کہتے ہیں
Translation · Baseerat-e-Quran
اور ( کفار قریش) یہ کہتے ہیں
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 34 تا 42 : منشرین (دوبارہ اٹھنے والے) میقات ( مقررہ وقت) لا یغنی (کام نہ آئے گا) مولی ( ساتھی ، دوست)

تشریح : آیت نمبر 34 تا 42 : جس طرح نمرود ، فرعون ، قیصر و کسریٰ مختلف ملکوں کے بادشاہوں کے لقب تھے اسی طرح قبیلہ حمیر کے بادشاہ کا لقب تبع تھا۔ تبع نام کے بہت سے بادشاہ گزرے ہیں ، چونکہ حجاز سے قریب تر علاقے ملک یمن اور سباپر قوم تبع کو حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کی پیدائش سے دو ڈھائی سو سال پہلے اور نبی مکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی پیدائش سے تقریباً سات سو سال پہلے حکمرانی کا موقع ملا تھا اس لئے عرب میں قوم تبع کا کا فی چرچا تھا اور جزریۃ العرب کے لوگ تبع اور قوم تبع سے اچھی طرح واقف تھے۔ قرآن کریم میں جس قوم تبع کا ذکر کیا جا رہا ہے اس کے بادشاہ کا نام اسعد یا سعد ابن ملکا کرب اور کنیت ابو کرب تھی۔ احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ بادشاہ ( تبع) توریت پر ایمان رکھنے کی وجہ سے مومن تھا لیکن اس کی قوم شرک و بت پرستی میں مبتلا ہوگئی تھی ۔ اس تبع بادشاہ کے لئے مفسرین نے دو واقعے لکھے ہیں ۔ ایک تو یہ ہے کہ وہ اپنے زمانے میں بہت سے علاقے فتح کرتا ہوا سمر قند تک پہنچ گیا تھا۔

محمد ابن اسحاق کی تحقیق یہ ہے کہ وہ ان فتوحات کے دوران جب مدینہ منورہ کی بستی سے گزرا تو اس نے اس سر سبز و شاداب بستی پر چڑھائی کا ارادہ کیا ۔ اہل مدینہ نے اس کا زبردست مقابلہ کیا اور یہ عجیب طریقہ اختیار کیا کہ دن بھر تو وہ قوم تبع سے جنگ کرتے اور رات کو ان کی مہمان نوازی کرتے تھے۔ اس بات سے تبع اور اس کی قوم کو شرم آئی اور اس نے مدینہ پر چڑھائی کا ارادہ ملتوی کردیا ۔ اسی عرصے میں دو یہودی عالموں نے اس کو بتایا کہ اس شہر پر چڑھائی سے اسے کامیابی نصیب نہ ہوگی کیونکہ یہ آخری نبی کا مقام ہجرت ہے۔ یہ سن کر وہ ان دونوں یہودی عالموں کو اپنے ساتھ لے آیا اور اس نے ان یہودی عالموں کی تعلیم و تربیت سے متاثرہو کر حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کا دین قبول کرلیا جو اس وقت دین بر حق تھا ۔ پھر اس کی قوم بھی ایمان لے آئی مگر زیادہ عرصہ نہ گزرا تھا کہ قوم تبع نے پھر سے شرک و بت پرستی شروع کردی اور نا فرمانیوں کی انتہاء کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید ترین عذاب آیا جس کا ذکر سورة سبا میں کیا گیا ہے ( ابن کثیر)

دوسراروایت یہ ہے کہ تبع بادشاہ نے جب توریت میں نبی کریم ﷺ کے فضائل پڑھے تو وہ غائبانہ حضور اکرم ﷺ پر ایمان لے آیا اور اس نے نبی مکرم ﷺ کے نام ایک خط بھی لکھا ۔ اس نے وصیت کی کہ جب وہ آخری نبی تشریف لائیں تو ان کی خدمت میں میرا یہ خط پہنچا دیا جائے چناچہ اس کی یہ وصیت اس کی اولاد میں چلتی رہی۔

تبع کی اکیسویں پشت کے وقت نبی کریم ﷺ نے جب اعلان نبوت فرمایا تو تبع خاندان کے ایک فرد شامول نے حضرت ابو ایوب انصاری کی معرفت تبع کا خط حضور اکرم ﷺ کی خدمت اقدس میں پیش کیا ۔ اس موقع پر آپ نے فرمایا ” مرحبابالاخ الصالخ “ دوسری روایت یہ بھی ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا ” لا تسبوا تبعا فانہ قد کان اسلم “ یعنی تبع کو برا بھلا مت کہو کیونکہ وہ اسلام لے آیا تھا ( طبرانی ، ابن حاتم ، امام احمد)

خلاصہ یہ ہے کہ یہ تبع اور اس کی قوم بہت ترقی یافتہ قوم تھی ۔ اس نے اپنے زمانہ میں زبردست عروج حاصل کیا تھا ۔ مال و دولت ، شان و شوکت ، حکومت و سلطنت ، قوت و طاقت اور تجارت و زراعت میں دنیا کی قوموں سے بہت آگے تھی مگر جب ان کے اخلاق اور کردار پر زوال آیا اور انہوں نے ایک اللہ کو چھوڑ کر بتوں کو اپنا معبود بنا لیا اور نا فرمانیوں اور انبیاء کرام کے جھٹلانے میں حد سے گزر گئی تب وہ قوم اپنے بد ترین انجام سے دو چار ہوئی اور تباہ و برباد کر کے رکھ دی گئی ۔ لیکن تبع بادشاہ نے دین اسلام کو قبول کر کے اپنے لئے آخرت کی ابدی راحتوں اور کامیابیوں میں نام پیدا کرلیا تھا۔

قرآن کریم کے اولین مخاطب مکہ مکرمہ کے کفار و مشرکین تھے ان سے کہا جا رہا ہے کہ بنو قریش اور اہل مکہ اپنی شان و شوکت اور مال و دولت میں بڑھے ہوئے ہیں یا قوم تبع جو دنیا کی انتہائی طاقت و قوم تھی ۔ اگر اتنی زبردست اور طاقت و قوم اللہ کی نا فرمانیوں کی وجہ سے صفحہ ہستی سے مٹا دی گئی تو کفار مکہ اور بنو قریش کی ان کے مقابلے میں کیا حیثیت ہے۔

اس آیت اور حدیث سے یہ اشارہ بھی ملتا ہے کہ تبع بادشاہ اکیس پشت پہلے نبی کریم ﷺ پر محض فضائل سن کر آپ ﷺ پر ایمان لے آیا تھا لیکن ( اے قریش مکہ) تم کتنے بد نصیب لوگ ہو کہ تمہارے اندر خود اللہ کے رسول ﷺ موجود ہیں جن کی زندگی کا ایک ایک لمحہ اور اعلیٰ ترین کردار تمہارے سامنے ہے۔ مگر تم ان کی قدر کرنے کی بجائے ان کی ناقدری کر رہے ہو۔

فرمایا کہ جس طرح قوم تبع اللہ کی نا فرمانیوں کی وجہ سے عذاب الٰہی سے نہ بچ سکی اگر تم بھی ان ہی کے طریقوں پر چلے تو تم اس انجام سے کیسے بچ سکتے ہو ؟ ہر انسان کو آخرت کے دن کی فکر ہونی چاہیے جب کوئی کسی کے کام نہ آسکے گا ۔ تاریخ انسانی اس بات کی گواہ ہے کہ جس قوم ، گروہ یا افراد نے آخرت کا انکار کیا اور دنیا کو ایک کھلونے سے زیادہ اہمیت نہیں دی وہ برے انجام سے نہ بچ سکی۔

فرمایا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ موت کے بعد کوئی زندگی نہیں ہے اور جب ہم مرنے کے بعد مٹی میں رل مل جائیں گے ، ہماری ہڈیاں گل سڑ جائیں گی اور ہمارے وجود کے ذرے کائنات میں بکھر جائیں گے تو ہم دوبارہ پیدا نہ کئے جائیں گے۔

فرمایا کہ اللہ نے یہ نظام قائم کیا ہے کہ اس زندگی کے بعد آخرت کی زندگی ہے جس میں سب کو دوبارہ پیدا کیا جائے گا اور ایک ایک لمحہ کا حساب دینا ہوگا ۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ قوم سبا ، قوم فرعون اور قوم تبع وغیرہ جو دنیا کی عظیم ترین اور طاقت و قومیں تھیں جب انہوں نے اس جاہلانہ عقیدے کو قائم کیا کہ اس دنیا کے بعد کوئی زندگی نہیں ہے تو ان کی ترقیات ، تجارت و زراعت حکومت و سلطنت اور رشتے داریاں ان کو ان کے برے انجام سے نہ بچا سکیں ۔ کفار کا یہ کہنا کہ اگر تم سچے ہو تو ہمارے مرے ہوئے باپ دادا کو زندہ کر کے لے آئو تو فرمایا کہ وہ سب کے سب قیامت کے دن دوبارہ پیدا کئے جائیں گے اور قیامت انسان سے دور نہیں ہے۔

لہٰذا اس دن اگر ان کے باپ دادا نیکیوں پر اٹھیں گے تو ان کی نجات ہے ورنہ وہ آخرت کی ابدی راحتوں سے محروم رہیں گے اور کوئی شخص یا کوئی چیز ان کے کام نہ آسکے گی وہاں تو اللہ کے فرماں برداروں پر ہی اللہ کا رحم و کرم ہوگا ۔