بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 44. Ad-Dukhaan · Ayah 43
اِنَّ شَجَرَتَ الزَّقُّوْمِۙ﴿43﴾
- اِنَّبیشک
- شَجَرَتَ الزَّقُّوْمِدرخت زقوم کا
لغات القرآن آیت نمبر 43 تا 59 : شجرت الزقوم ( زقوم ( جہنمیوں کی غذا) کا درخت) الاثیم ( گناہ گار) المھل (پگھلا ہوا تانبہ) یغلی (ابل رہا ہے ، کھول رہا ہے) البطون ( بطن) ( پیٹ) الحمیم (کھولتا پانی) اعتلوا ( گھسیٹتے لے جائو) صبوا (انڈیل دو ) ذق (چکھ) مقام امین ( امن و سکون کی جگہ) سندس ( باریک ریشم) استبرق (دبیر ریشم)
تشریح : آیت نمبر 43 تا 59 : اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو نصیحت و عبرت کے لئے نہایت آسان اور سہل بنا کر بھیجا ہے جس میں اس حقیقت کو نہایت وضاحت سے بیان کردیا ہے کہ برے اور اچھے اعمال کا نتیجہ کیا ہے۔
جو لوگ دنیا میں زندگی بھر وقتی لذتوں ، خواہشوں ، تمناؤں اور جھوٹی عزت کے پیچھے دوڑتے رہتے ہیں انہیں اپنا ہر عمل اچھا ہی لگتا ہے اور انہیں اس بات پر سوچنے کی فرصت ہی نہیں ہوتی کہ آخرت کی زندگی میں ان کا انجام کیا ہوگا وہ یہ سمجھتے ہیں کہ دنیا میں انہیں جو کچھ حاصل ہے وہ ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا ۔ اللہ تعالیٰ نے ایسے غافل اور برے اعمال میں بد مست لوگوں کو بتایا ہے کہ اگر انہوں نے اپنے برے اعمال سے توبہ نہ کی تو قیامت کے دن ان کو جہنم میں جھونک دیا جائے گا جہاں ان کی غذا زقوم کا درخت ہوگا جس کا مزہ پگھلی ہوئی دھات ، پیپ ، لہو اور تیل کی تلچھٹ جیسا ہوگا ۔ کہتے ہیں کہ مکہ معظمہ میں کسی جگہ یہ درخت پایا جاتا ہے جس کا مزہ بہت کڑوا اور تلخ ہوتا ہے وہ جہنمیوں کی غذا ہوگی ۔ فرمایا کہ اللہ تعالیٰ اپنے فرشتوں کی جنہیں ” زبانیہ “ کہا جاتا ہے اور وہ جہنم پر مقرر ہیں حکم دیا جائے گا کہ اس مجرم کو پکڑو اور گھسیٹتے ہوئے اس کو جہنم کے بیچ میں لے جائو اور اس پر کھولتا ہوا پانی انڈیل دو اور پھر اس سے کہو کہ تو دنیا میں بڑا آبرو مند ، عزت والا اور رتبے والا تھا ۔ تجھے آخرت اور اس برے انجام کا یقین نہ تھا اب اس کا مزہ چکھ ۔ زقوم کا درخت کیا ہے اس کی تفصیل سورة صافات میں بیان کردی گئی ہے۔ جب ابو جہل کو معلوم ہوا کہ کافروں کو سزا کے طور پر زقوم کا درخت کھلایا جائے گا تو اس نے مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ یہ کیسی عجیب بات ہے کہ اب آگ کے اندر بھی درخت پیدا ہوں گے ۔ یہ سب کہنے کی باتیں ہیں کھجوریں اور مکھن لائو ہمارا زقوم تو یہی ہے جس کا محمد ﷺ تم سے وعدہ کر رہے ہیں ۔
اس کے بر خلاف وہ لوگ جو دنیا میں خوف الٰہی رکھتے تھے اور انہیں اللہ کے وعدوں کا یقین کامل تھا ان کو ایسی راحت بھری جنتوں میں داخل کیا جائے گا جہاں حسین ترین باغ ، بہتی ہوئی نہریں اور چشمے ہر طرح کی غذائیں ، باریک اور دبیز ریشم کا لباس ہوگا ۔ وہ مسہریوں پر تکیہ لگائے ایک دوسرے کے آمنے سامنے بیٹھے ہوں گے ۔ بڑی بڑی آنکھوں والی حسین ترین حوریں ان کی زوجیت میں دے دی جائیں گی وہاں جس نعمت کو طلب کریں گے جو چاہیں گے وہ ان کو اسی وقت عطاء کیا جائے گا ۔ وہ نہایت امن و سکون سے جنت کی راحتوں سے لطف اندوز ہوں گے نہ ان کو جنتوں سے نکلنے کا خوف ہوگا اور وہ موت جو دنیا میں آ چکی تھی اب دوبارہ اس کے آنے کا اندیشہ تک نہ ہوگا ۔ اگرچہ یہ بات جہنم والوں کو بھی حاصل ہوگی کہ ان کو موت نہ آئے گی مگر فرق یہ ہوگا کہ اہل جنت کو ابدی اور ہمیشہ رہنے والی زندگی انعام کے طور پر دی جائے گی جب کہ اہل جہنم کو سزا کے طور پر ہمیشہ کی زندگی دی جائے گی۔
جنت ایک ایسے امن و سکون کی جگہ ہوگی جہاں کسی قسم کا غم ، پریشانی ، خطرہ ، اندیشہ اور کوئی محبت ، مشقت اور تکلیف نہ ہوگی۔ حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا ۔ اہل جنت سے کہا جائے گا کہ تم یہاں ہمیشہ تندرست رہو گے کبھی بیمار نہ ہو گے ۔ ہمیشہ زندہ رہو گے کبھی نہ مرو گے ۔ ہمیشہ خوش حال رہو گے کبھی خستہ حال نہ رہو گے۔ ہمیشہ جوان رہو گے اور کبھی بوڑھے نہ ہو گے۔ ( صحیح مسلم)
فرمایا گیا کہ ہم نے نصیحت کے لئے اس قرآن مجید کو آسان کردیا ہے۔ آپ بھی ان کے سامنے ساری حقیقت کو رکھ دیجئے اگر یہ مانتے ہیں تو ان کی زبردست کامیابی ہوگی لیکن اگر وہ اس سے منہ پھیر تے ہیں تو آپ ان کی پرواہ نہ کیجئے اور اس بات کا انتظار کیجئے کہ اللہ کی لعنت ان پر کس طرح مسلط ہوتی ہے۔ وہ بھی آپ کی تحریک اور کام کو دیکھ رہے ہیں کہ اس کا انجام کیا ہوتا ہے۔ بہر حال اللہ آپ کے ساتھ ہے آپ اسی پر بھروسہ کیجئے وہی انجام بخیر کرنے والا نہایت مہربان ہے۔
واخر دعوانا ان الحمد للہ رب العالمین۔۔۔۔ ۔