بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 45. Al-Jaathiya · Ayah 22
وَ خَلَقَ اللّٰهُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ بِالْحَقِّ وَ لِتُجْزٰى كُلُّ نَفْسٍۭ بِمَا كَسَبَتْ وَ هُمْ لَا یُظْلَمُوْنَ﴿22﴾
- وَخَلَقَ اللّٰهُاور پیدا کیا اللہ نے
- السَّمٰوٰتِآسمانوں کو
- وَالْاَرْضَاور زمین
- بالْحَقِّحق (حکمت) کے ساتھ
- وَلِتُجْزٰىاور تا کہ بدلہ دیا جائے
- كُلُّ نَفْسٍۢہر شخص
- بِمَااس کا
- كَسَبَتْجو اس نے کمایا (اعمال)
- وَهُمْاور وہ
- لَا يُظْلَمُوْنَظلم نہ کئے جائیں گے
لغات القرآن آیت نمبر 22 تا 24 : تجزی ( بدلہ دیا گیا) ھوا ( خواہش) الدھر ( زمانہ) یظنون (وہ گمان کرتے ہیں)
تشریح : آیت نمبر 22 تا 24 : ان تین آیات میں تین باتیں ارشاد فرمائی گئی ہیں (1) آسمانوں اور زمین کی تخلیق اور قیامت کا قائم ہونا (2) جس نے اپنی خواہش کو اپنا معبود بنا رکھا ہے اس کو ہدایت نصیب نہ ہونا (3) جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ اس زندگی کے بعد دوسری کوئی زندگی نہیں ہے اور ہمیں زندگی اور موت زمانے کی وجہ سے آتی ہے۔
پہلی بات کو قرآن کریم میں متعدد مقامات پر بڑی تفصیل سے بیان کیا گیا ہے کہ اس ساری کائنات کو اللہ نے پیدا کیا ہے وہی اس کے انتظام کو اس طرح چلا رہا ہے کہ وہ اس کے چلانے میں کسی کا محتاج نہیں ہے۔ زمین و آسمان اور ان کے درمیان جتنی چیزیں ہیں ان کو اللہ نے بےمقصد پیدا نہیں کیا ہے بلکہ ان کا مقصد انسانوں کا امتحان ہے جب اللہ چاہے گا اس انتظام کائنات کو ختم کر دے گا اور قیامت قائم ہوجائے گی تا کہ ہر شخص کے اعمال کے مطابق اس کو جزا یا سزا دی جاسکے۔
دوسری بات یہ ارشاد فرمائی کہ وہ شخص راستے سے بھٹک جاتا ہے جو اپنی خواہش نفس کو اس حد تک برتر مقام دے دیتا ہے کہ اس کا ہر کام عقل و فہم ہونے کے باوجود اپنی خواہش نفس کے تحت ہوجاتا ہے۔ اور وہ اپنے نفس کی اس طرح اطاعت کرتا ہے جیسے اللہ کی اطاعت کی جاتی ہے۔ وہ اپنی نفسانی خواہشات کا اس طرح غلام بن جاتا ہے کہ اس کا نفس اس کو جس طرف بلاتا ہے وہ اسی طرف چل پڑتا ہے اس کو جائز اور ناجائز ، حرام اور حلال کی پرواہ نہیں ہوتی ۔ اس کی عقل اس حد تک گر جاتی ہے کہ ایک حق بات کو اس کے کان سنتے ہیں مگر اس کے معنی اور مفہوم تک نہیں پہنچتے ۔ اس کی آنکھ دیکھتی ہے مگر وہ اس سے سبق حاصل نہیں کرتا ۔ اس کے پاس دل ہوتا ہے مگر وہ عقل و فہم سے خالی ہوجاتا ہے ۔ حضرت ابو امامہ سے روایت ہے کہ میں نے نبی کریم ﷺ کو یہ کہتے سنا ہے کہ آسمان کے نیچے دنیا میں جتنے معبودوں کی عبادت کی گئی ہے ان میں سب سے زیادہ اللہ کی نا راضگی کا سبب نفسانی خواہشات کی پیروی کرتا ہے ( قرطبی) اسی طرح حضرت شداد ؓ ابن اوس سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا عقل مند وہ شخص ہے جو اپنے نفس کو قابو میں رکھتا ہے اور مرنے کے بعد کی زندگی کے لئے عمل کرتا ہے اور فاجر و فاسق شخص وہ ہے جو اپنے نفس کو اپنی خواہشات کے پیچھے چھوڑ دیتا ہے اور اس کے باوجود اللہ سے آخرت کی بہتری کی تمنا رکھتا ہے۔ ( قرطبی) خلاصہ یہ ہے کہ خواہش نفس کو مبعود بنانے سے مراد یہ ہے کہ آدمی اپنی نفسانی خواہشات کا اس طرح غلام بن جائے کہ اس کو جائز و ناجائز ، حرام و حلال اور حق و باطل کی پرواہ نہ رہے۔ جس بات کی طرف اس کا نفس اس کو لے جانا چاہتا ہے وہ بلا تکلف اس طرف بڑھنا چلا جاتا ہے۔
تیسری بات یہ فرمائی گئی کہ وہ لوگ جو آخرت کا انکار کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اس دنیا کی زندگی کے بعد دوسری کوئی زندگی نہیں ہے۔ دین و مذہب کی پابندیاں ، جائز و ناجائز ، نیکی اور بدی یہ کوئی چیز نہیں ہے بلکہ زمانہ اور اس کی رفتار ہے وہی ہمیں پیدا کرتا ہے اور وہی ہمیں مار دیتا ہے۔ اگر مر نے کے بعد دوبارہ زندہ ہونے کی کوئی حقیقت ہوتی تو ہمارے باپ دادا جو ہزاروں سال پہلے مرکھپ گئے ہیں وہ زندہ ہوجاتے اور ہم ان کو دیکھ کر ایمان لے آتے ۔ اللہ تعالیٰ نے دھریوں ( باطل پرستوں) کا جواب دیتے ہوئے فرمایا کہ اللہ ان مردوں کو ضرور پیدا کرے گا مگر اس کے لئے ایک دن مقرر ہے اور وہ قیامت کا دن ہے اور وہ ان منکرین آخرت پر بڑا سخت دن ہوگا کیونکہ یہ فیصلے کا دن ہوگا جس میں نیکیوں پر قائم رہنے والوں کو بہترین انعام ، جزا اور بدلہ دیا جائے گا اور ان کو ابدی راجت بھری جنتوں میں داخل کیا جائے گا۔ اس کے بر خلاف وہ لوگ جنہوں نے پوری زندگی برائیوں ، گناہوں ، ظلم ، زیادتی ، کفر اور شرک میں گزاری ہوگی وہ جہنم کی سخت سزا سے نہ بچ سکیں گے۔