IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 45. Al-Jaathiya · Ayah 25

  1. وَ اِذَا تُتْلٰى عَلَیْهِمْ اٰیٰتُنَا بَیِّنٰتٍ مَّا كَانَ حُجَّتَهُمْ اِلَّاۤ اَنْ قَالُوا ائْتُوْا بِاٰبَآئِنَاۤ اِنْ كُنْتُمْ صٰدِقِیْنَ﴿25﴾

    1. وَاِذَا تُتْلٰىاور جب پڑھی جاتی ہیں
    2. عَلَيْهِمْان پر
    3. اٰيٰتُنَاہماری آیات ۔ نشانیاں
    4. بَيِّنٰتٍروشن
    5. مَّا كَانَنہیں ہوتی
    6. حُجَّتَهُمْان کی حجت
    7. اِلَّآمگر
    8. اَنْ قَالُوایہ کہ وہ کہتے ہیں
    9. ائْتُوْالاؤ
    10. بِاٰبَآئِنَآہمارے باپ دادا کو
    11. اِنْ كُنْتُمْاگر ہو تم
    12. صٰدِقِيْنَسچے
Translation · Baseerat-e-Quran
اور جب ہماری کھلی کھلی آیات سنائی جاتی ہیں تو ان کے پاس اس کے سوا کوئی دلیل نہیں ہوتی کہ اگر تم سچے ہو تو ہمارے باپ دادا کو (زندہ کرکے ) لے آئو۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

تشریح آیات نمبر 25 تا 37

جو لوگ یہ کہتے تھے کہ ہمارا مرنا اور ہمارا جینا یہ سب کا سب گردش زمانہ کا کمال ہے وہی ہمیں زندگی دیتا ہے اور وہی ہمیں موت کی وادیوں میں دھکیل دیتا ہے نیکی ، بدی ، اچھائی ، برائی اور دین و آخرت یہ سب کہنے کی باتیں ہیں ان سے فرمایا جارہا ہے کہ اس کائنات میں ہر چیز ہر حکومت و سلنطت صرف اللہ کی ہے وہی زندگی دیتا ہے اور وہی موت کو طاری کرے گا۔ ہر چیز اس قبضہ قدرت میں ہے۔ اس نے اس دنیا کو اور زمین و آسمان کے نظام کو انسانوں کے لئے بنایا ہے ۔ جب اس کی ضرورت نہ رہے گی تو اس پورے نظام کائنات کو ختم کرکے ایک نیا جہان پیدا کردیا جائے گا جو قیامت کا اور انصاف کا دن ہوگا۔ وہ لوگ جو اس ہولناک دن کے منکر ہیں وہ اس دن شدید نقصان اور گھاٹے میں رہیں گے۔ ایسے لوگ عذاب کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے تو اس قدر خوف زدہ ہوجائیں گے کہ جب ان کے ہاتھ میں ان کا نامہ اعمال آجائے گا تو وہ گھٹنوں کے بل گر پڑیں گے۔

اللہ تعالیٰ ہر ایک سے اس نامہ اعمال کے متعلق پوچھیں گے جو اللہ نے اپنے فرشتوں کے ذریعہ لکھوایا ہوگا۔ اس سچائی کے سامنے کوئی جھوٹ نہ بول سکے گا ۔ اگر اس نے جھوٹ بولنے کی کوشش کی تو یہ کتاب بو ل اٹھے گی ہاتھ، پیر اور زبان سب اس کے ایک ایک عمل کی گواہی دیں گے۔

اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں نبی کریم ﷺ نے احادیث میں ارشاد فرمایا ہے کہ قیامت کے دن ہر شخص کا نامہ اعمال اس کے ہاتھوں میں پہنچادیا جائے گا ۔ جس کے نامہ اعمال کو اس کے داہنے ہاتھ میں دیا جائے گا تو وہ خوشی سے پھولا نہ سمائے اور ہر ایک کو دکھاتا پھرے گا کہ میررے نامہ اعمال کو پڑھو۔ اس کا چہرہ خوشی سے چمک اور دمک رہا ہوگا لیکن جس کے بائیں ہاتھ میں نامہ اعمال تھمایا جائے گا اس کا چہرہ سیاہ اور تاریک ہوجائے گا۔

جن کے اعمال درست ہوں گے ان کو جنت کی ابدی راحتوں سے ہم کنار کیا جائے گا لیکن جنہوں نے اللہ اور اس کے رسول اور آخرت کو جھٹلایا ہوگا ان سے کہا جائے گا کہ کیا تمہیں آیات پڑھ کر سنائی نہ گئی تھیں ؟ حقیقت یہ ہے کہ تم ان کو سنا تھا مگر تم نے اس کو کوئی اہمیت نہ دی تکبر اور غرور ان کی طرف سے منہ پھیرلیا اور اس طرح تم اللہ کے مجرم بن گئے۔ جب تم سے کہا جب تم سے کہا جاتا تھا کہ اللہ کا وعدہ سچا ہے اور قیامت کے آنے میں کسی طرح کا شک وشبہ نہیں ہے تو تم کہتے تھے کہ ہمیں نہیں معلوم کہ قیامت کیا ہم تو بس ہلکا گمان رکھتے ہیں لیکن ہمیں اس کا یقین نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ فرمائیں گے کہ آج ساری حقیقت تمہارے سامنے کھل کر آگئی ہے ۔ تم دنیا میں جس عذاب کا مذاق اڑایا کرتے تھے وہی آج تمہیں چاروں طرف سے گھیرے ہوئے ہے ۔ ان سے کہا جائے گا کہ آج کے دن ہم بھی تمہیں اسی طرح نظر انداز کریں گے جس طرح تم اس دن کی ملاقات کو سن کر نظر انداز کردیا کرتے تھے۔ اب تمہارا ٹھکانہ جہنم ہے ۔ تمہیں دنیا کی زندگی نے دھوکے میں ڈال رکھا تھا۔ اب آج کے دن تم اپنے اعمال کا مزہ چکھو یہاں کوئی تمہاری مدد کے لئے نہیں آئے گا۔

آخر میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اس کائنات میں جتنی بھی خوبیاں اور بھلائیاں ہیں وہ سب کی سب اللہ کے لئے ہیں وہی زمین کا پروردگار ہے۔ وہی تمام جہانوں کا پالنے والا ہے ، آسمانوں اور زمین کا مالک وہی ہے ، وہی زبر دست حکمت والا ہے، اسی کی ساری قوت و طاقت ہے۔

واخر دعوانا ان الحمد للہ رب العالمین