بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 46. Al-Ahqaf · Ayah 1
حٰمٓۚ﴿1﴾
- حٰمٓحا۔ میم
تشریح : آیات نمبر 1 تا 6
سورۃ الاحقاف کی بھی ” حم “ سے شروع کیا گیا ہے جو حروف مقطعات میں سے ہیں ۔ اس کی تفصیل کئی سورتوں کی ابتداء میں بتادی گئی ہے کہ یہ وہ حروف ہیں جن کے معنی کا علم اللہ تعالیٰ کو ہے ۔ دوسرے یہ کہ ” حم “ سے شروع کی جانے والی سات سورتوں میں سے یہ آخری سورت ہے۔ یہ بھی بتا دیا گیا ہے کہ ان سات سورتوں کی احادیث میں بہت سی فضیلتیں بیان کی گئی ہیں۔ فرمایا گیا کہ جہنم کے سات دروازے ہیں اور حم سے شروع کی جانے والی یہ سات سورتیں ہیں جو لوگ ان سورتوں کو پڑھنے کا اہتمام کریں گے تو ساتوں سوتیں جہنم کے پر دروازے پر موجود ہوں گی اور وہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں درخواست کریں گہ کہ الہٰی انہوں نے مجھے پڑھا اور مجھے پر ایمانا لائے تو آپ ان کو جہنم میں داخل نہ کیجئے یقینا ان سورتوں کی سفارش سے وہ جہنم کی آگ سے بچ جائیں گے
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ لوگو ! یہ کتاب (قرآن مجید) اس اللہ نے بندوں کی ہدایت کے لئے نازل کی ہے جو زبردست طاقت و قوت والا اور ہر علم و حکمت کی بات کو اچھی طرح جاننے والا ہے۔ زمین و آسمان اور ان کے درمیان جو کچھ بھی ہے اس کے پیدا کرنے کا عظیم مقصد ہے کوئی چیز اس نے بیکار اور فضول پید انہیں کی بلکہ ہر چیز کے پیدا کرنے میں ایک خاص مصلحت پوشیدہ ہے۔ یہ سب اللہ کے نظام کے تحت جاری ہے جو اس وقت تک چلتا رہے گا جب تک وہ مدت پوری نہ ہوجائے جس کو اللہ نے متعین فر مادیا ہے ۔ اس کے پیدا کرنے اور اس کا نظام چلانے میں وہ کسی کا محتاج بھی نہیں ہے بلکہ سب ساس کے محتاج ہیں وہی ہر طرح کی عبادت و بندگی کے لائق ہے لیکن وہ لوگ جنہوں نے کائنات کے خالق ومالک اللہ کو چھوڑ کے بےحقیقت چیزوں کو اپنا معبود بنا رکھا ہے جب ساری حقیقت ان کے سامنے کھل کر آجائے گی تو ان کے سامنے سوائے شرمندگی اور پچھتاوے کے اور کچھ بھی نہ ہوگا۔ نبی کریم ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا گیا کہ آپ ذرا ان سے پوچھئے کہ جن چیزوں کو انہوں نے اپنا معبود قرار دے رکھا ہے انہوں نے کائنات میں سے کس چیز کو پیدا کیا ہے ؟ کہئے کہ اگر انہوں نے کچھ پیدا کیا ہے تو ذرا مجھے بھی تو دکھائو یا قرآن کریم سے پہلے جتنی کتابیں نازل کیں یا انبیاء کرام (علیہ السلام) تشریف لائے انہوں نے تو ان کو توحید درس ہی دیا ہے جسے قرآن کریم پیش کر رہا ہے ۔ وہ نہ تو دنیا میں ان کے کسی کام آئیں گے اور نہ آخرت میں۔ بلکہ وہ آخرت میں ایک دوسرے کے دشمن ہوجائیں گے اور کہیں گے کہ الہٰی ہمیں تو نہیں معلوم کہ یہ لوگ ہماری عبادت کیوں کرتے تھے۔ انہوں نے جو بھی عبادت کی ہے وہ انہوں نے اپنی مرضی اور خوشی سی کی ہے اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں ہے۔ فرمایا کہ وہ وقت ان لوگوں کے لئے کس قدر حسرت اور ندامت کا ہوگا جب ان کے جھوٹے معبود بھی ان کی مخالفت پر اتر آئیں گے وہ ان جھوٹے معبودوں کو پکاریں گے مگر وہ ان کو ان کی پکار کا کوئی جواب نہ دے سکیں گے۔