IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 46. Al-Ahqaf · Ayah 21

  1. وَ اذْكُرْ اَخَا عَادٍ١ؕ اِذْ اَنْذَرَ قَوْمَهٗ بِالْاَحْقَافِ وَ قَدْ خَلَتِ النُّذُرُ مِنْۢ بَیْنِ یَدَیْهِ وَ مِنْ خَلْفِهٖۤ اَلَّا تَعْبُدُوْۤا اِلَّا اللّٰهَ١ؕ اِنِّیْۤ اَخَافُ عَلَیْكُمْ عَذَابَ یَوْمٍ عَظِیْمٍ﴿21﴾

    1. وَاذْكُرْاور یاد کر
    2. اَخَا عَادٍ ۭعاد کے بھائی
    3. اِذْ اَنْذَرَجب اس نے ڈرایا
    4. قَوْمَهٗاپنی قوم
    5. بِالْاَحْقَافِاحقاف میں
    6. وَقَدْ خَلَتِاور گزرچکے
    7. النُّذُرُڈرانے والے
    8. مِنْۢ بَيْنِ يَدَيْهِاس سے پہلے
    9. وَمِنْ خَلْفِهٖٓاور اس کے بعد
    10. اَلَّا تَعْبُدُوْٓاکہ تم عبادت نہ کرو
    11. اِلَّا اللّٰهَ ۭاللہ کے سوا
    12. اِنِّىْٓ اَخَافُبیشک میں ڈرتا ہوں
    13. عَلَيْكُمْتم پر
    14. عَذَابَعذاب
    15. يَوْمٍایک دن
    16. عَظِيْمٍبڑا
Translation · Baseerat-e-Quran
( اے نبی ﷺ آپ قوم عاد کے بھائی (حضرت ہود (علیہ السلام) کا ذکر کیجئے جب انہوں نے اپنی قوم کو (جو ایک ریگستانی علاقہ میں رہتی تھی اللہ کے خوف سے ) ڈرایا تھا ۔ اور یقینا سے پہلے اور ان کے بعد بہت سے ڈرانے والے گذر چکے تھے جنہوں نے یہی کہا تھا کہ تم اللہ کے سوا کسی کی عبادت و بندگی نہ کرنا۔ حضرت ہود نے کہا میں تم پر ایک سخت دن کے عذاب سے ڈرتا ہوں۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

تشریح آیات نمبر 12 تا 28

قرآن کریم کے مخاطب اول مکہ مکرمہ کے کفار و مشرکین تھے جو اپنی معمولی سردارریوں اور بہت تھوڑے مال دولت کے بوجود اتنے مغرور اور متکبر بن چکے تھے کہ ان کے نزدیک اللہ اور اس کے رسول کے احکامات کی کوئی حیثیت نہ تھی۔ اللہ تعالیٰ نے زیر مطالعہ آیات کے ذریعہ اہل مکہ کو قوم عاد، قوم ثمود، قوم لوط، اصحاب مدین اور قوم سبا کے واقعات کی طرف اشارہ کرکے یہ بتایا ہے کہ جب ان کے پاس ان کے پغمبروں اللہ کا پیغام لے کر پہنچے تو انہوں نے غرور تکبر کا پیکر بن کر ان کی اطاعت سے انکار کیا اور اور اپنے کفر و شرک اور مال و دولت کی بدمستی میں لگے رہے۔ آخر کار ان کا اور ان کی ترقیات کا انجام یہ ہوا کہ زبر دست طاقت وقوت ہونے کے باوجود جب ان پر اللہ کا عذاب آیا تو ان کو صفحہ ہستی سے اس طرح مٹا دیا گیا کہ آج ان کے گھروں کے کھنڈرات بھی مشکل سے نظر آتے ہیں ۔ اہل مکہ سے فرمایا جارہا ہے کہ تمہارے اندر اللہ کے آخری نبی اور رسول حضرت محمد رسول اللہ ﷺ تشریف لا چکے ہیں جو ان کو دوسرے پغمبروں کی طرح یاد دلا رہے ہیں کہ اگر انہوں نے اپنے کفر و شرک اور تکبر سے توبہ نہ کی تو وہ برے انجام سے دوچار ہو سکتے ہیں لیکن اگر انہوں نے اپنے کفر و شرک سے توبہ کرلی اور رسول اللہ ﷺ کی مکمل اطاعت و فرماں برداری قبو ل کرلی تو ان کو قوم عاد سے زیادہ قوت و طاقت ، حکومت و سلطلنت اور عزت و عظمت نصیب ہوگی۔

قوم عاد اور ان کے پغمبر حضرت ہود (علیہ السلام) کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا گیا کہ قوم عاد قدیم زمانے کی ایک زبر دست تر قی یافتہ قوم تھی جو احقاف کے علاقے (الربع الخالی) میں آباد تھی جب ان کے کفر وشرک ، نا فرمانیوں ، غرور وتکبر کی وجہ سے اللہ کا عذاب آیا تو ان کی بستیاں اس طرح اجاڑ کر رکھ دی کہ آج ان کا نام و نشان تک مٹ گیا ہے۔ اہل مکہ سے فرمایا جار ہا ہے کہ مال و دولت طاقت و قوت ، حکومت سلطلنت اور ان کی زبر دست ترقیات کے مقابلے میں تمہاری حیثیت کچھ بھی نہیں ہے۔ تم چند بستیوں اور شہروں تک محدود ہو جب کہ قوم عاد زمین کے اکثر ح سے پر چھائی ہوئی تھی۔ لیکن نا فرمانیوں ، غرور وتکبر کی وجہ سے اللہ کا عذاب آیا تو ان کی بستیاں اس طرح اجاڑ کر رکھ دی گئیں کہ آج ان کا نام و نشان تک مٹ گیا ہے ۔ اہل مکہ سے فرمایا جارہا ہے کہ مال و دولت، طاقت و قوت حکومت و سلطلنت اور ان کی زبردست ترقیات کے مقابلے میں تمہاری حیثیت کچھ بھی نہیں ہے ۔ تم چند بستیوں اور شہروں تک محدود ہو جب کہ قوم عاد زمین کے اکثرحصے پر چھائی ہوئی تھی۔ لیکن نافرمانیوں کی وجہ سے آج ان کا وجود اس طرح مٹ گیا کہ اگر کوئی ان کی ویران اور برباد آبادیوں اور بستیوں کو دیکھتا ہے تو وہ اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا کہ اس علاقے میں کبھی کوئی زبر دست اور ترقی یافتہ قوم آباد تھی۔ عذاب الہٰی سے پہلے وہ ایک سر سبز و شاداب سلطنت اور دنیاوی تر قیات میں نمایاں حیثیت کی مالک تھی مگر عذاب الہٰی آنے کے بعد وہ پورا علاقہ ایک ایسے خوفناک ریگستان میں تبدیل ہوگیا ہے کہ جس کے اندرونی علاقوں میں دن کی روشنی میں جاتے ہوئے بھی خوف آتا ہے۔

قوم عاد یمن میں حضرت موت اور نجران کے درمیانی علاقے میں آباد تھی۔ صحرا میں ریت کے ٹیلے پہاڑوں کی طرح سر اٹھائے کھڑے تھے۔ زمین پیداوار کے قابل نہ تھی مگر اس قوم نے نہایت محنت سے اسے صحرا کو گل و گلزار بنا دیا تھا۔ ہر طرف خوشحالی اور مال و دولت کے ڈھیر تھے ۔ اس قوم نے دنیاوی ترقیات تو ضرور کیں، ان کا معیاری زندگی بہت بلند ہوگیا تھا مگر معیار اخلاق اس قدر پست اور گھٹیا ہوچکا تھا کہ وہ اپنی قوت و طاقت کے مقابلے میں سب کو حقیر اور ذلیل سمجھتے تھے۔

کمزور اور بےبس لوگوں کو سانا، پریشان کرنا، طرح طرح کے ظلم و ستم کرنا، دوسروں کی عزت و آبرو سے کھیلنا ، ایک اللہ کو چھوڑ کر بیشمار بتوں کی عبادت و پرستش کرنا اور گناہوں کے کاموں میں سب سے آگے رہنا یہ اس قوم کا مزاج بن چکا تھا ۔ اللہ تعالیٰ نے قوم عاد کی اصلاح کیلئے ان ہی کی قوم اور برداری سے حضرت ہود (علیہ السلام) کو پغمبر بنا کر بھیجا۔ جنہوں نے دن رات اپنی قوم کو سمجھایا کہ وہ ظلم و ستم کے راستے سے ہٹ کر لوگوں کو سکون پہنچائیں اور مٹی ، پتھر اور لکڑی سے بنائے ہوئے بتوں کے بجائے صرف اس اللہ کی عبادت و بندگی کریں جس نے اس ساری کائنات کو بنایا ہے۔ حضرت ہود (علیہ السلام) نے قوم کو بتایا کہ اگر انہوں نے توبہ نہ کی تو ان کے کفر شرک اور غرور کی وجہ سے اللہ کا عذاب آجائے گا جس سے کوئی نہ بچ سکے گا ۔ حضرت ہو د (علیہ السلام) اس قوم کو دن رات ہر طرح سمجھاتے رہے مگر اس قوم نے حضرت ہود (علیہ السلام) کی باتوں پر کوئی توجہ نہ کی ۔ ان نصیحتوں پر عمل کرنے کے بجائے ان کا مذاق اڑانا شروع کردیا۔ کہنے لگے کہ اے ہود (علیہ السلام) کیا ہم تمہارے کہنے سے اپنے معبودوں کو نہیں چھوڑسکتے۔ اور تم جس عذاب کی دھمکیاں دیتے رہتے ہو وہ عذاب ہم پر لے آئو۔ حضرت ہود (علیہ السلام) کا پغمبر انہ اور سنجیدہ جواب یہ تھا کہ مجھے یہ تو معلوم نہیں ہے کہ تمہارے اعمال کے سبب اللہ کا عذاب تم پر کب آئے گا۔ بہر حال اللہ نے مجھے جو پیغام دے کر بھیجا ہے وہ میں نے تم تک پہنچا دیا ہے ۔ مگر حیرت ہے کہ میں تمہیں اللہ کی رحمت کی بلا رہا ہوں اور تم اس کی رحمت کے بجائے اس کا عذاب مانگ رہے ہو ۔ بڑی جہالت اور نادانی کی بات ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جب اس قوم کی نا فرمانیاں بہت بڑھ کئیں اور ہر طرح سمجھانے کے باوجود انہوں نے کفرو شرک اور تکبر اور غرور سے توبہ نہ کی تو اللہ کے عذاب کے آثار آنا شروع ہوگئے۔ پورے ملک میں بارشوں کی شدید کمی ہوگئی جس سے ان کے سر سبز و شاداب باغات بےرونق ہوگئے ۔ ان کی کھیت خشک ہونا شروع ہوگئے۔ گرمی کی شدت کا یہ حال تھا کہ گھر اور گھر سے باہر کہیں بھی سکون نہیں ملتا تھا۔ ایک دن جب انہوں نے آسمان کے ایک طرف سے تیز گھٹاؤں کو اٹھتے دیکھا تو خوشی سے بےقابو ہو کر کہنے لگے کہ دیکھو کیسے زبردست بادل ہماری طرف آرہے ہیں۔ اب خوب بارش برسے گی ، ہمارے ندی نالے بھر جائیں گے ، پانی کی کمی نہ رہے گی، ہر طرف سر سبز شادابی ہوگی اور موسم خوش گو ار اور ٹھنڈا ہوجائے گا ۔ حضرت ہود (علیہ السلام) نے ان کو بتایا کہ تم جس بادل اور بارش کو اپنی راحت کا ذریعہ سمجھ رہے وہ اللہ کا عذاب ہے جو تمہاری طرف بڑی تیزی سے چلا آرہا ہے اگر اب بھی تم نے توبہ نہ کی تو یہ عذاب اتناسخت ہوگا جو تمہیں اور تمہاری بستیوں کو تباہ و برباد کرکے رکھ دے گا۔ قوم ہود (علیہ السلام) کی نصیحتوں پر کوئی توجہ نہ کی ۔ نتیجہ ہوا کہ طوفانی جھکڑ چلنا شروع ہوگئے۔ آہستہ آہستہ ہوا کے یہ جھکڑ تیز ہونا شروع ہوئے اور انسان ، درخت اور جانوروں کی حیثیت ایک تنکے سے زیادہ نہ رہی۔ ہوا کی شدت کا یہ حال تھا کہ وہ لوگوں کو اور جانوروں کو اٹھا اٹھا کر اس طرح پھینک رہی تھی کہ ان کے سر اور جسم پتھروں سے ٹکرا ٹکرا کر پاش پاش ہورہے تھے ۔ شدید طوفانی ہواؤں نے ان کے گھروں کی چھتیں اڑا کر رکھ دیں غرضیکہ اس طوفانی ہوا نے چیز کو الٹ پلٹ کر رکھ دیا اور ہر طرف تباہی پھیل گئی ۔ آخر کار مکانوں کے کھنڈرات کے سوا کچھ بھی نظر نہ آتا تھا۔

اللہ تعالیٰ نے یاد دلایا کہ جس قوم نے بھی اللہ کی نافرنی کی اس کا یہی انجام ہوا۔ فرمایا کہ قوم ثمود ، قوم لوط ، قوم سبا، اصحاب مدین اور اہل یمن بھی بڑی طاقتوں والے تھے لیکن جب انہوں نے مسلسل اللہ کی نا فرمانیاں کیں اور اس کے بھیجے ہوئے پیغمبروں کی نصیحتوں سے انکار کیا تو ان کو بھی اللہ نے اس طرح تہس نہس کر کے رکھ دیا تھا کہ پھر ان کے مال و دولت ، حکومت و سلطلنت ، اونچی عمارتیں اور ترقیات ان کے کسی کام نہ آسکیں ۔ اللہ نے فرمایا کہ اگر ہم نے ان تمام قوموں کے سننے کے لئے کان، دیکھنے کے لئے آنکھیں اور سوچنے کے لئے دل و دماغ عطا کئے تھے مگر انہوں نے ان صلا حیتوں سے کام نہ لیا اور جب انکی عقلیں مفلوج ہو کر رہ گئیں تو اللہ نے ان کو جڑ و بنیاد سے اکھاڑ پھینکا اور ان کے وجود کو ان کی ترقیات کو نشان عبرت بنا دیا۔

اللہ تعالیٰ نے اہل مکہ اور قیامت تک آنے والی قوموں کو یہ بتا دیا ہے کہ قوم عاد جو جسمانی اور مالی اعتبار سے ایک زبر دست ، مضبوط اور ترقی یافتہ قوم بھی جب انہوں نے بد نصیبی کا راستہ اختیار کیا تب ان پر قہر نازل ہوا اور ان کو اس طرح مٹا دیا گیا کہ آج ان کی زندگی اور اس کے آثار قصے کہانیاں بن کر رہ گئے ہیں۔ جو بھی قوم عاد کے راستے پر چلے گا اس کا انجام بھی اس سے مختلف نہ ہوگا اور جو لوگ انبیاء کرام (علیہ السلام) کے راستے پر چل کر اللہ کی اطاعت و فرماں برداری کریں گے ان کی نہ صرف دنیا بہتر ہوگی بلکہ ان کی صرف دنیا بہتر ہوگی بلکہ آخرت کی تمام کامیابیاں ان کا مقدر ہوں گی۔