IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 46. Al-Ahqaf · Ayah 34

  1. وَ یَوْمَ یُعْرَضُ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا عَلَى النَّارِ١ؕ اَلَیْسَ هٰذَا بِالْحَقِّ١ؕ قَالُوْا بَلٰى وَ رَبِّنَا١ؕ قَالَ فَذُوْقُوا الْعَذَابَ بِمَا كُنْتُمْ تَكْفُرُوْنَ﴿34﴾

    1. وَيَوْمَاور جس دن
    2. يُعْرَضُپیش کئے جائیں گے
    3. الَّذِيْنَجنہوں نے
    4. كَفَرُوْاکفر کیا
    5. عَلَي النَّارِ ۭآگ کے سامنے
    6. اَلَيْسَکیا نہیں
    7. ھٰذَایہ
    8. بِالْحَقِّ ۭحق
    9. قَالُوْاوہ کہیں گے
    10. بَلٰيہاں
    11. وَرَبِّنَا ۭہمارے رب کی قسم
    12. قَالَوہ فرمائے گا
    13. فَذُوْقُواپس تم چکھو
    14. الْعَذَابَعذاب
    15. بِمَاوہ جس
    16. كُنْتُمْ تَكْفُرُوْنَتم انکار کرتے تھے
Translation · Baseerat-e-Quran
جس دن وہ کافر جہنم کے سامنے کئے جائیں گے (تو ان سے کہا جائے گا کہ ) کیا یہ سب کچھ بر حق نہیں ہے ؟ وہ کہیں گے کہ ہمیں اپنے رب کی قسم ایسا ہی ہے۔ فرمایا جائے گا کہ تم جو کفر اور انکار کرتے تھے اس کے سبب عذاب کا مزہ چکھو۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

تشریح ـ: آیت نمبر 34 تا 35

جو شخص بھی حق و صداقت کی بات کرتا اور لوگوں کو اس طرف دعوت دیتا ہے اس کو ہمیشہ قوم کی بےرخی ، مخالفت ، دشمنی ، مزاحمت اور طرح طرح کی اذیتوں سے عزم و حوصلہ اور صبر برداشت کے ساتھ گذرنا پڑتا ہے۔

جب سورت الاحقاف کی یہ آیتیں نازل ہوئیں اس وقت مسلمانوں پر کفار کا ظلم و ستم ناقابل برداشت حد تک بڑھ چکا تھا ۔ بنی کریم ﷺ کے جاں نثار صحابہ کرام ؓ بھی ان مسلسل اذیتوں اور تکلیفوں سے پریشان ہو کر رہ گئے تھے جن کا سلسلہ ختم ہونے کا نام نہ لینا تھا۔ یہ ایک بڑا نازک لمحہ تھا اس وقت اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! جس طرح آپ سے پہلے عزم و ہمت والے پیغمبروں نے اللہ کے نافرمانوں کے اذیتوں پر نہایت صبر، برداشت، عزم اور حوصلے کا مظاہرہ کیا تھا آپ بھی حالات کی سختی پر صبر اور برداشت کا شیوہ اختیار کیجئے اور ان کفار کے لئے کسی عذاب کی جلدی نہ کیجئے کیونکہ اللہ نے جس عذاب کا وعدہ کیا ہے وہ ان پر مسلط ہو کر رہے گا۔ یہ اس کے برے انجام سے بچ نہ سکیں گے۔ آپ اپنے حق و صداقت کے مشن اور مقصد کو جاری رکھئے اسی میں ساری انسانیت کی فلاح اور کامیابی کا راز پوشیدہ ہے ۔ اصل میں جب حالات بےقابو اور نازک ہوجائیں اور ہر طرف سے سوائے پریشانیوں کے اور کچھ بھی نہ ملتا ہو تو حق و صداقت کے راستے پر چلنے ولے یہ محسوس کرنے لگتے ہیں کہ وہ چاروں طرف سے گھر چکے ہیں اور ان حالات سے نکلنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آرہا تو بشری تقاضوں کی وجہ سے بوکھلا جاتے ہیں اور یہ سوچنے پر مجبور ہوجاتے ہیں کہ اے ظالموں کے ظلم انتہا ہوچکی آپ ان کفار پر عذاب نازل کرکے ان کو تہس نہس کیوں نہیں کردیتے ؟ ۔ یہ ایک نازک اور جذباتی وقت ہوتا ہے اس وقت اللہ کی طرف سے صبر کی تلقین کی جاتی ہے اور ان کو بتا یا جاتا ہے کہ یہ کائنات اللہ کی ہے وہ اس کو جس طرح چاہتا ہے چلاتا ہے۔ اس کو معلوم ہے کہ کس کے ساتھ کب کیا معاملہ کرنا چاہیے۔

اس کا یہ اٹل اور قطعی فیصلہ ہے کہ وہ اہل ایمان کو ان کے نیک اعمال کے سبب ضرور کامیاب و با مر اد فرمائے گا اور وہ آخر کار کفار و مشرکین کو ذلیل و رسوا کر کے چھوڑے گا۔ اب وہ وقت کب آئے گا یہ اللہ کی مصلحت ہے وہ جب چاہے گا کفار کے پاؤں کے نیچے سے زمین کھینچ لے گا جس کے سامنے دنیا کے تمام وسائل ، مال و دولت ، قوت و طاقت اور حکومت و سلطلنت سب ناکارہ ہو کر رہ جائیں گے۔ فرمایا گیا کہ اے نبی ﷺ آپ کے ذمے یہ ہے کہ آپ حق و صداقت کی بات اور اللہ کا پیغام پہنچانے کی جدو جہدنہایت صبر اور عذم و ہمت سے کیجئے ۔ ان کفار کے لئے عذاب کی جلدی نہ کیجئے۔ جب اس کی مصلحت ہوگی وہ ان کفار کو ہلاد کردے گا۔ جب ان پر عذاب آئے گا تو ان کو ایسامحسوس ہوگا جیسے وہ دن کی ایک ساعت تک ہی اس دنیا رہے ہیں ۔ فرمایا کہ جس طرح تمام پیغمبروں نے عزم و حوصلے کے ساتھ اللہ کا دین پہنچایا ہے آپ بھی ایسا ہی کیجئے اور کسی بات کی فکر نہ کیجئے۔

واخر دعو ان الحمد للہ رب العالمین