IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 47. Muhammad · Ayah 12

  1. اِنَّ اللّٰهَ یُدْخِلُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ١ؕ وَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا یَتَمَتَّعُوْنَ وَ یَاْكُلُوْنَ كَمَا تَاْكُلُ الْاَنْعَامُ وَ النَّارُ مَثْوًى لَّهُمْ﴿12﴾

    1. اِنَّ اللّٰهَبیشک اللہ
    2. يُدْخِلُداخل کرتا ہے
    3. الَّذِيْنَ اٰمَنُوْاجو لوگ ایمان لائے
    4. وَعَمِلُوااور انہوں نے عمل کئے
    5. الصّٰلِحٰتِنیک
    6. جَنّٰتٍباغات
    7. تَجْرِيْبہتی ہیں
    8. مِنْ تَحْتِهَاان کے نیچے
    9. الْاَنْهٰرُ ۭنہریں
    10. وَالَّذِيْنَاور جن لوگوں نے
    11. كَفَرُوْاکفر کیا
    12. يَتَمَتَّعُوْنَوہ فائدہ اٹھاتے ہیں
    13. وَيَاْكُلُوْنَاور وہ کھاتے ہیں
    14. كَمَاجیسے
    15. تَاْكُلُکھاتے ہیں
    16. الْاَنْعَامُچوپائے
    17. وَالنَّارُاور آگ
    18. مَثْوًىٹھکانا
    19. لَّهُمْان کیلئے
Translation · Baseerat-e-Quran
بیشک وہ لوگ جو ایمان لائے اور جنہوں نے عمل صالح کئے ان کو ایسی جنتوں میں داخل کیا جائے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی۔ اور وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا وہ س (دنیا میں خوب) عیش و آرام سے کھار ہے ہیں جس طرح جانور کھاتے ہیں لیکن ان کا ٹھکانہ جہنم ہوگا۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

تشریح آیات نمبر 12 تا 15

قرآن میں اصولی اور بنیادی بات یہ ارشاد فامائی گئی ہے کہ ہر وہ شخص جو اللہ اور اس کے رسول کا اطاعت گذار، فرماں بردار ‘ دین اور شریعت کی پابندی اور اپنی خواہش نفس کے خلاف چلنے والا ہے وہ نہ صرف دنیا میں کامیاب ترین آدمی ہے بلکہ آخرت کی تمام بھلائیاں بھی اسی کو عطا کی جائیں گی۔ اس کے برخلاف اللہ و رسول کا نافرمان ‘ کفر و شرک کے اندھیروں میں بھٹکنے والا ‘ بےحس اور بےعقل جانوروں کی طرح کھاپی کر زندگی گذارنے والا ‘ اپنے نفس اور بےجا خواہشتات کی غلامی کرنے والا نہ دنیا میں کامیاب ہے اور نہ آخرت میں بلکہ آخرت میں اس کا بدترین ٹھکانا جہنم ہے جس میں وہ ہمیشہ رہے گا۔

اللہ تعالیٰ نے اسی اصولی بات کو زیر مطالعہ آیات میں ارشاد فرمایا ہے کہ جن لوگوں نے ایمان لانے کے بعد وہ تمام کام کئے جو اللہ اور اس کے رسول کے پسندیدہ ہیں تو ان کو ایسی جنتوں میں داخل کیا جائے گا جن کے نیچے سے نہریں بہتی ہوں گی یعنی ہر طرف سرسبزی و شادابی کے منظر ہوں گے لیکن وہ لوگ جنہوں نے کفر و انکاری کی زندگی اختیار کرکے جانوروں کے جیسے بےحسی کے انداز اپنا لئے ہوں گے ان کا ٹھکانا جہنم اور اس کی آگ ہوگی۔

مکہ کے کفار جنہیں اپنی قبائلی زندگی اور اس کی سرداریوں پر بڑا ناز تھا اور معمولی سی دولت اور سرداریوں پر انہیں اس قدر فخر و غرور تھا کہ اپنے سوا سب کو حقیر و ذلیل سمجھتے تھے ان سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا جارہا ہے کہ آج تمہیں جس طاقت وقوت پر ناز ہے تم سے پہلے ایسی زبردست قومیں گذری ہیں کہ جن کے پاس بیشمار مال و دولت کے ڈھیر تھے۔ وہ دنیا کی ترقی یا فتہ قومیں تھیں جن کی بلندو بالاعمارتیں ‘ دنیا بھر میں پھیلی ہوئی تجارتیں اور کاروبار اور عظیم سلطنتیں تھیں لیکن جب ان کی نافرمانیوں اور کفر و شرک کی وجہ سے ان پر اللہ کے قہر و غضب کا کوڑا برسایا گیا تو اس طرح صفحہ ہستی سے مٹادی گئیں کہ آج دنیا بھر میں ان کے کھنڈرات نشان عبرت بنے ہوئے ہیں۔

فرمایا کہ اے نبی ﷺ کفار مکہ نے آپ کو جس بستی یعنی بیت اللہ کی سرزمین سے نکلنے پر مجبور کردیا تھا انہیں گذری ہوئی قوموں کے کھنڈرات کے آس پاس ‘ آتے جاتے یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اگر وہ اللہ و رسول کی نافرمانیاں نہ کرتے تو آج بھی وہ دنیا میں عظیم قوتوں کے مالک ہوتے لیکن ان کی نافرمانیوں نے انہیں نشان عبرت و نصیحت بنادیا ہے۔

تاریخ انسانی گواہ ہے کہ ایمان و صالح اور پاکیزہ زندگی گذارنے والے اور کفر و شرک کے اندھیروں میں بھٹکنے والے نافرمان اللہ کی نظر میں ایک جیسے نہیں ہیں۔ دونوں کا انجام یکساں نہیں ہے۔ یہ اللہ کے نظام عدل و انصاف کے خلاف ہے کہ وہ دونوں کے ساتھ ایک جیسا معاملہ کرے بلکہ نافرمانوں کے بدترین انجام کے مقابلے میں ایمان اور عمل صالح اختیار کرنے والوں کے لئے ایسی جنتوں کا وعدہ کیا گیا ہے جن میں ہر طرف خوشی و مسرت ‘ راحت و آرام ‘ سکون قلب و اطمینان ‘ عزت و سر بلندیاں ہوں گی۔ جن میں صاف ستھرے اور پاکیزہ کبھی نہ سڑنے اور بدلنے والے پانی کی نہریں ہوں گی۔

شراب کی ایسی نہریں بہادی جائیں گی جن میں اعلیٰ ترین شراب ہوگی جس کو پینے کے بعدنہ تو سر میں درد ہوگا اور نہ پینے والے کے قدم بہکیں گے۔ دودھ کی نہریں ہوں گی جن کا مزہ بھی تبدیل نہ ہوگا۔ صاف ستھرے شہد کی نہریں جو صاف ستھرا اور پاکیزہ شہد ہوگا۔ طرح طرح کے پھل ہوں گے جن کی لذت اور کیفیت کا اس دنیا میں اندازہ کرنا بھی مشکل ہے۔ ان تمام چیزوں کے علاوہ دنیا میں ان اہل ایمان کے جو بھی کوتاہیاں ہوچکی ہیں وہ نہ صرف یہ کہ ان کو معاف کردی جائیں گی بلکہ ان کا ذکر تک نہ کیا جائے گا اور ان کے لئے سب سے بڑی نعمت یہ ہوگی کہ اہل جنت کو اللہ کا بےحجابانہ یعنی بغیر کسی ظاہری رکاوٹ کے دیدار نصیب ہوگا۔

ان خوش نصیب جنت والوں کا ذکر کرنے کے بعد فرمایا کہ اللہ کے نافرمانوں کا انجام یہ ہوگا کہاں کو ایسی جہنم میں داخل کیا جائے گا جس میں انہیں ہمیشہ ہمیشہ رہنا ہوگا۔ انہیں ایسا کھولتا ہوا پانی پینے کے لئے دیاجائے گا جس سے ان کی آنتوں کے ٹکڑے اڑجائیں گے اور ان کے لئے راحت و سکون کا کوئی سامان نہ ہوگا۔ خلاصہ یہ ہے کہ جو لوگ اس دنیا کی عارضی زندگی میں اپنی خواہشات کے غلام ہیں اور وہ دن رات صرف بےحس جانوروں جیسی زندگی گذارتے ہیں اور اسی طرف کھنچے چلے جاتے ہیں جس طرف ان کی بےجا خواہشات ان کو دھکیلتی چلی جاتی ہیں تو وہ دنیا کے ناکامیاب اور آخرت کے اعتبار سے بد نصیب لوگ ہیں۔

اسی لئے نبی کریم ﷺ سے حضرت عبد اللہ ابن عمر ؓ کی یہ روایت نقل کی گئی ہے جس میں آپ نے فرمایا ہے “ تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک کامل مومن نہیں بن سکتا جب تک اس کی ہر خواہش اور تمنا اس دین کے تابع نہ ہوجائے جسے میں لے کر آیا ہوں “۔

صحابہ کرام ؓ وہ پاکیزہ اور مقدس ہستیاں ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی کو اللہ کے اس دین کے تابع کرلیا تھا جو نبی کریم ﷺ لے تشریف لائے تھے۔ اس پر بعد کے نیک اور صالح بزرگ چلے اور آج ان کی زندگیاں ہمارے لئے مشعل راہ یہ دنیا میں بھی کامیاب رہے اور آخرت میں ان کا کیا اعلیٰ ترین مقام ہوگا اس کا تو اس دنیا میں رہتے ہوئے تصور بھی ممکن نہیں ہے ۔

اللہ تعالیٰ ہمیں بھی صحابہ کرام ؓ اور بزرگان دین کے نقش قدم پر چلنے اور ان جیسی کامیابیاں عطا فرمائے۔ اور کفرو شرک ‘ بدعات و خرافات اور بےدینی کے ہر انداز سے محفوظ فرمائے ۔ آمین