محمد

بصیرتِ قرآن

مولانا محمد آصف قاسمی

تعارف

اعلان نبوت کے بعد کفار و مشرکین کی طرف سے طرح طرھ کے اعتراضات، الزامات اور سوالات کے ذریعہ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور جو لوگ ایمان لے آئے تھے ان کو پریشان کیا جارہا تھا۔ پروپیگنڈہ اس قدر زہریلا اور تیز تھا کہ اس کا مقابلہ ایک تیز آندھی کے سامنے کھڑے ہونے کے برابر تھا۔ مقصد یہ تھا کہ اہل ایمان حق و صداقت کا راستہ چھوڑنے پر مجبور ہوجائیں ۔ کفار مکہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو اللہ کے راستے سے روکنے کے لیے ہر طرح کی سازشیں کررہے تھے یہاں تک کہ انہوں نے نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو قتل کرنے کی سازش تک کر ڈالی تھی لیکن حق و صداقت کی آواز سے ہر شخص متاثر ہوتا چلا جارہا تھا اور دین اسلام کی عظمت ہر ایک دل میں بیٹھتی چلی جارہی تھی۔ کفار مکہ اپنی اوچھی حرکتوں پر اتر آئے۔ ایک دن جب آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بیت اللہ میں نماز پڑھ رہے تھے توعقبہ ابن ابی معیط نے حضور اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے گے میں اپنی چادر ڈال کر بل دینا شروع کیا جس سے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا دم گھٹنے لگا۔ حضرت ابوبکر صدیق (رض) نے دیکھا تو انہوں نے عقبہ کو دھکا دے کر فرمایا ؛

کیا تم اس شخص کو مار ڈالنا چاہتے ہو جو (اللہ کے گھر میں ) یہ کہتا ہے کہ میرا رب اللہ ہے۔ (نسائی ۔ سیرت ابن ہشام)

جب آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور کرام (رض) نے مکہ مکرمہ سے مدینہ کی طرف ہجرت فرمائی تو کفار نے وہاں بھی اپنی سازشوں کا جا پھلا دیا تھا۔

ان حالات میں اللہ تعالیٰ نے سورة محمد کو نازل کرکے اہل ایمان کو تسلی دی ہے کہ کفار کچھ بھی کرلیں گے لیکن اللہ کا دین سر بلند ہو کر رہے گا ۔ اس سورة کا خلاصہ یہ ہے ۔

٭فر مایا جو لوگ دین کی سچائی سے خود بھی رک رہے ہیں اور دوسروں کو بھی روک رہے ہیں ان کا انجام یہ ہے کہ آخرت میں ان کے اعمال غارت کرکے ان کو جنت کی ابدی راحتوں سے محروم کردیا جائے گا۔ البتہ اگر وہ ان کی خطائیں معاف کی جاسکتی ہیں۔

جو لوگ اللہ اور اس کے رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی اطاعت و فرما نبرداری کریں گے اللہ ان کو ایسی جنتی راحتیں عطا فرمائے گا جس میں صاف صاف شفاف پانی ، نہریں بہہ رہی ہوں گی جو انتہائی لذیذ اور دل پسند ہوں گی۔

کھانے کے لیے ہر طرح کے بہترین پھل اور میوے ہوں گے۔

کفار و مشرکین کا حال یہ ہوگا کہ ان کے لیے کھولتا ہوا گرم پانی کا چشمہ ہوگا جس کا پانی پینے کے بعد ان کی آنتیں بھی با ہر آجائیں گی ۔

فرمایا لوگو ! دنیا میں تو بہ اور اطاعت کا موقع ہے اگر یہ نکل گیا تو پھر آخرت میں سوائے پچھتانے اور شرمندگی کے کچھ بھی ہاتھ نہ آئیگا۔

٭ کفار مکہ سے فرمایا گیا کہ کیا وہ اپنے سے پہلے لوگوں کے برے انجام سے بیخبر ہیں کہ جب انہوں نے کفر اور نافرمانی کا راستہ اختیار کیا تو اللہ نے ان کو غارت کر کے رکھ دیا ۔

کیونکہ اہل ایمان کا مالک تو اللہ ہے لیکن کافروں کا تو کوئی مولیٰ اور حمایتی نہیں ہے۔

٭فرمایا یہ کفار دنیا کی چند روزہ زندگی کے عیش و آرام کے مزے اڑالیں اور جانوروں کی طرح خوب کھا پی لیں لیکن ان کا انجام بہت عبرت ناک اور بھیانک ہوگا۔

٭ ان کفار کے بر خلاف وہ لوگ جو ایمان اور عمل صالح کی زندگی گذاریں گے ان کے لیے جنت میں صاف شفاف پانی کی نہریں ، دودھ ، شراب اور شہد کی صافس ستھری نہریں ہوں گی۔ ان کو کھانے کی ہر چیز اور ہر نعمت عطا کی جائے گی۔

٭کفار کے لیے فرمایا کہ ان کو ایسا کھولتا ہوا گرم پانی پلایا جائے گا جس کے پینے کے بعد ان کی آنتیں بھی باہر آجائیں گی اور ان کے منہ جھلس جائیں گے۔

٭ اللہ تعالیٰ نے ان منافقین سے جو دکھاوے کے مسلمان ہیں تو پوچھا ہے کہ کیا وہ قیامت کا انتظار کررہے ہیں ؟ انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ قیامت اس طرح اچانک آجائے گی پھر کسی کو حسن عمل اور تو بہ کا موقع نصیب نہ ہوگا۔

٭ فرمایا کہ جس طرح اہل ایمان اس بات کے منتظر رہتے ہیں کہ اللہ کی آیتیں نازل ہوتے ہی ان پر عمل کیا جائے ۔ منافقین کا یہ حال ہے کہ جب اللہ کی طرف سے جہاد کا حکم دیا جاتا ہے تو ان کی یہ حالت ہوتی ہے جیسے ان پر موت کی بےہوشی طاری ہوگئی ہے۔ فرمایا کہ منافقین بےفکر ہو کر نہ رہیں بہت جلد ان کی بدبختی کے دن شروع ہونے والے ہیں کیونکہ اللہ نے ان کو اپنی رحمت سے دور کردیا ہے اسی لیے وہ بہرے گونگے بن کر رہ گئے ہیں نہ انہیں حق کی آواز سنائی دیتی ہے نہ ان کو سیدھا راستہ سوجھتا ہے۔ وہ جب اسلام کے خلاف سازشیں کرتے ہیں تو ان کا گمان یہ ہوتا ہے کہ ان کی حرکتوں کو دیکھنے والا کوئی نہیں ہے حالانکہ اللہ ان کی ایک ایک حرکت اور سازش کو دیکھ رہا ہے۔ ان کو اپنی موت کے وقت معلوم ہوگا جب فرشتے ان کو روح کو قبض کر کے ان کے چہروں اور پیٹھ پر مارتے ہوں گے اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ لوگ ہر وہ کام کرتے ہن جس سے اللہ ناخوش تھا اور ان کے نزدیک اللہ کی رضا و خوشنودی کی کوئی اہمیت نہ تھی۔ فرمایا کہ اللہ نے جہاد کا حکم اسی لیے دیا ہے تاکہ منافقین جو اپنے آپ کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں ان کے حالات سب کے سامنے کھل کر آجائیں گے اور ہم بھی جانچ لیں گے کہ کس کے دل میں کتنا ایمان ہے۔

٭ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ا اے مومنو ! تم اللہ و رسول کی اطاعت کرتے رہو اور کسی حکم کی خلاف ورزی کرکے اپنے اعمال کو ضائع نہ کرو کیونکہ اللہ کا یہ قانون ہے کہ جو لوگ اللہ و رسول کی اطاعت نہیں کرتے اور وہ اسی حال میں مر جاتے ہیں تو ان کی بخشش نہیں ہوتی۔

٭فرمایا کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ان جہاد کی طرف آمادہ کرتے رہیے اور صلح کرنے میں ایسا انداز اختیارنے کیجئے جس کو کفار کمزوری سمجھیں گے کیونکہ اگر جہاد ہوگا تو اللہ اہل ایمان ہی کو غالب فرمائے گا۔ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اللہ تمہارے ساتھ ہے اللہ تمہارے اجر وثواب میں ذرا بھی کمی نہ کرے گا ۔ لہذا تم جہاد سے کبھی اپنی جان مت چرانا، دنیا کی زند گی جو کھیل کود سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتی اس کی رنگینیوں میں کھو کر جہاد سے منہ مت پھیرنا۔ فرمایا کہ اگر تم نے ایمان اور تقویٰ کا راستہ اختیار کیا تو آخرت میں اس کا بہترین اجر وثواب عطا کیا جائے گا ۔ تم اللہ کے راستے میں خرچ کرو۔ بخل اور کنجوسی اختیار نہ کرو کیونکہ جو لوگ اللہ کے راستے میں خرچ کرنے سے کتراتے ہیں تو یہ ان کی شان کے خلاف ہے کیونکہ ایسا تو وہ لوگ کرتے ہیں جنہیں آخرت اور اللہ پر بھروسہ نہیں ہے۔ اللہ بےنیاز ذات ہے وہ کسی کا محتاج نہیں ہے ۔ یہ سب کچھ تمہاری ہی بھلائی کے لئے ہیں ۔

٭ آخر میں فرمایا کہ یاد رکھو ! اگر تم نے جہاد سے جان چھڑائی یا اللہ اور اس کے رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی اطاعت نہ کی تو وہ اس بات پر پوری قدرت رکھتا ہے کہ تمہارے بدلے دوسری قوم کو اٹھادے جو اللہ کی باتوں کو مانیں گے اس کے راستے میں جان و مال کو بےدریغ خرچ کریں گے اور وہ تم جیسے نہ ہوں گے۔