IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 47. Muhammad · Ayah 29

  1. اَمْ حَسِبَ الَّذِیْنَ فِیْ قُلُوْبِهِمْ مَّرَضٌ اَنْ لَّنْ یُّخْرِجَ اللّٰهُ اَضْغَانَهُمْ﴿29﴾

    1. اَمْ حَسِبَکیا گمان کرتے ہیں
    2. الَّذِيْنَ(وہ لوگ) جن
    3. فِيْ قُلُوْبِهِمْان کے دلوں میں
    4. مَّرَضٌروگ
    5. اَنْکہ
    6. لَّنْ يُّخْرِجَہرگز ظاہر نہ کرے گا
    7. اللّٰهُاللہ
    8. اَضْغَانَهُمْان کے دل کی عداوتیں
Translation · Baseerat-e-Quran
کیا وہ لوگ جن کے دلوں میں (منافقت کا ) مرض ہے وہ یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ اللہ انکے دلوں کے روگ ( کینہ پروری) کو ظاہر نہیں کرے گا ؟
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن : آیت نمبر 29 تا 34 :

اضغان (ضغن) کینہ۔ بغض۔ دل میں چھپائی گئی دشمنی ‘ عرفت (تونے پہچان لیا) ‘ سیما (پیشانیاں) لحن القول (گھما پھرا کر بات کہنا) ‘ شآقوا (انہوں نے نافرمانی کی) ‘ لن یضروا (وہ نقصان نہ پہنچائیں گے) ‘ یحبط ( وہ ضائع کردے گا) لا تبطلوا (تم ضائع نہ کرو) ۔

تشریح : آیت نمبر 29 تا 34 :

اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر بہت مہربان اور نہایت رحم و کرم کرنے والا ہے۔ اس کا قانون یہ ہے کہ وہ گناہوں کے باوجود ہر آدمی کو مہلتیں دیتا چلا جاتا ہے تاکہ وہ صراط مستقیم پر گامزن ہو سکے۔ اسکے ہر عیب پر پردے ڈالتا چلاجاتا ہے لیکن بار بار آگاہ کرنے کے باوجود اگر وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آتا تب اللہ اسکے عیبوں پر سے پردے چاک کردیتا ہے۔ اللہ کی اس مہلت اور ڈھیل کی وجہ سے اس کو یہ غلط فہمی پیدا ہوجاتی ہے کہ وہ جو کچھ کررہا ہے اس کو دیکھنے والا کوئی نہیں ہے۔ حالانکہ اللہ اس کے تمام حالات اور دلی کیفیات تک سے اچھی طرح واقف ہے۔

نبی کریم ﷺ نے اسی بات کو واضح کرنے کے لئے فرمایا ہے ” اگر کوئی شخص اسے دل میں کسی بات کو چھپاتا ہے تو اللہ (اسی وقت اس کے گناہ کو ظاہر نہیں ہونے دیتا) بلکہ اس کے وجود پر اس چیز کی چادر اوڑھا دیتا ہے۔ اگر وہ کوئی بھلی اور نیک بات کرتا ہے تو وہ ظاہر ہو کر رہتی ہے اور اگر بری بات ہے تو وہ بھی چھپی نہیں رہتی (ابن کثیر) ۔ اس حدیث کا مطلب یہ ہے کہ کوئی بھلی اور بری بات ایسی نہیں ہے جو ہمیشہ چھپی رہے بلکہ آخر کار وہ ظاہر ہو کر رہتی ہے۔

مدینہ منورہ میں نبی کریم ﷺ پر خلوص دل سے ایمان لانے والوں کی اکثریت تھی لیکن بعض لوگ اپے دنیاوی مفادات کے لئے ایمان تو یل آئے تھے اور وہ دکھانے کے لئے تمام و کام کرتے تھے جو مخلص مسلمان نہایت عقیدت و محبت سے سر انجام دیتے تھے لیکن منافقین کے دلوں میں کینہ ‘ بغض ‘ حسد اور اسلام دشمنی کے جذبات بھی موجود تھے وہ اس منافقت کو چھپانے کی ہر ممکن کوشش کرتے اور سمجھتے تھے کہ ان کی یہ منافقت اسی طرح چھپی رہے گی اور کسی پر ظاہر نہ ہو سکے گی۔

اللہ تعالیٰ نے ایسے منافقین کے لئے فرمایا ہے ” وہ منافقین جو اپنے دلی جذبوں کو پوشیدہ رکھنے کے لئے بڑا محتاط رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں وہ یہ نہ سمجھیں کہ ان کی اسلام دشمنی اور منافقت کا یہ مرض عرصہ تک چھپا رہے گا۔

نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر ہم چاہیں تو ان کی صورتیں شکلیں تک آپ کو دکھا سکتے ہیں ( لیکن اللہ کے قانون کے خلاف ہے اس لئے) آپ ان کو ان کی بعض علامتوں سے اور ان کی بناوٹی باتوں سے پہچان سکتے ہیں اور اللہ تو ان کے تمام کاموں سے اچھی طرح واقف ہے “۔

خلاصہ یہ ہے کہ اللہ کا دستور تو یہی ہے کہ وہ اپنے بندوں کے عیب اور برائیوں کو دوسروں پر ظاہر نہیں کرتا لیکن اگر اس کی مصلحت ہوتی کہ دوسرے ان منافقوں کے شر سے بچ جائیں تو کبھی کبھی ضرورت کے وقت ظاہر بھی کردیا جاتا ہے۔ چناچہ حضرت عقبہ ان عمرو ؓ سے روایت ہے کہ ایک موقع پر نبی کریم ﷺ نے چھتیں (36) آدمیوں کا نام لے کر بتایا کہ فلاں فلاں منافق ہیں اور ان کو آپ نے اپنی محفل سے نکل جانے کا حکم دیا۔ (مسند احمد)

ویسے عام طور پر نبی کریم ﷺ نے منافقین کی خاص خاص نشانیوں کا ذکر کیا ہے تاکہ اہل ایمان اس طرح کی نشانیاں رکھنے والوں سے ہوشیار رہیں جو مسلمانوں سے محض دکھاوے کا تعلق رکھتے ہیں اور انہیں حقیقی اور قلبی تعلق نہیں ہوتا ہے۔ اللہ نے فرمایا کہ ان کی بناوٹی باتیں ‘ انداز گفتگو اور اکھڑی اکھڑی باتیں ان کے دلی جذبات کی ترجمان ہیں جنہیں وہ چھپا ہی نہیں سکتے۔

دوسری بات یہ ارشاد فرمائی کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو آزماتا رہتا ہے خواہ وہ اللہ کے فرماں بردار ہوں یا فرماں بردار نہ ہوں۔ اس طرح آزمائش کی بھٹی سے نکلنے کے بعد منافق اور مومن بالکل واضح ہو کر سامنے آجاتا ہے۔ جو لوگ منافقت کے مرض میں مبتلا ہیں ان کی آزمائش یہ ہے کہ ان کو خوب ڈھیل اور سہولتیں دی جاتی ہیں تاکہ وہ پوری آزادی سے اپنی منافقانہ کاروائیوں میں آگے بڑھتے چلے جائیں اور ان کا کینہ ‘ حسد ‘ جلن ‘ بغض اور اسلام دشمنی پر وی طرح کھل کر سامنے آجائے اور وہ اپنی آگ میں جل کر خود ہی ذلیل و رسوا ہوجائیں۔ اسکے برخلاف ان اہل ایمان کو جو جہاد اور صبر سے کام لیتے ہیں اس لئے آزمائش کی بھٹی سے گذارا جاتا ہے تاکہ وہ اس طرح کندن بن کر ابھریں جس طرح سونا آگ پر تپائے جانے کے بعد کندن اور صاف ستھرا ہوجاتا ہے۔ یہ آزمائش انکے لئے ایک انعام کے طور پر ہوتی ہے تاکہ ان کو بھاری ذمہ داریوں کے قبول کرنے کا اہل بنا دیا جائے۔ وہ لوگ جو اللہ ‘ اس کے رسول اور دین اسلام سے دوسروں کو دور رکھنے کی جدوجہد میں لگے رہتے ہیں سچائی پھیر لیتے ہیں اور خود اپنے ہاتھوں کلہاڑی اپنے پاؤں پر مار لیتے ہیں۔

آخر میں اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان سے فرمایا ہے کہ وہ اپنے اخلاص ‘ حسن عمل ‘ اللہ کی عبادت و بندگی ‘ اللہ اور اس کے رسول کی مکمل اطاعت و فرماں برداری میں لگے رہیں۔ آخرت کے لئے جدوجہد کرتے رہیں اور ان لوگوں کی پرواہ نہ کریں جن کا کام کفر کرنا اور دوسروں کو اللہ کے راستے سے روکنا ہے کیونکہ اگر وہ کافر اسی طرح کفر پر ڈٹے رہے اور توبہ نہ کی تو ان کا انجام بہت برا ہوگا اور آخرت میں تو اللہ کی نظر کرم سے بھی محروم ہوں گے۔

خلاصہ یہ ہے کہ حق و صداقت ‘ ایمان اور عمل صالح پر چلنے والوں کو اطمینان قلب ‘ ذہنی سکون ‘ عقل و فکر کی بلندی ‘ دنیا اور آخرت کی تمام کامیابیاں عطا کی جاتی ہیں اور جو لوگ زندگی بھر جھوٹ ‘ فریب اور غلط فہمیوں میں زندگی گذارنے والے ہیں ہو سکتا ہے ان کو دنیا کی زندگی میں بعض فائدے مل جائیں لیکن آخرت جو انسان کے لئے ہمیشہ ہمیشہ کی زندگی ہے وہاں وہ اللہ کے ہر انعام و اکرام اور فضل و رحمت سے محروم رہیں گے۔