IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 47. Muhammad · Ayah 35

  1. فَلَا تَهِنُوْا وَ تَدْعُوْۤا اِلَى السَّلْمِ١ۖۗ وَ اَنْتُمُ الْاَعْلَوْنَ١ۖۗ وَ اللّٰهُ مَعَكُمْ وَ لَنْ یَّتِرَكُمْ اَعْمَالَكُمْ﴿35﴾

    1. فَلَا تَهِنُوْاپس تم سستی نہ کرو
    2. وَتَدْعُوْٓااور نہ بلاؤ
    3. اِلَى السَّلْمِ ڰصلح کی طرف
    4. وَاَنْتُمُ الْاَعْلَوْنَ ڰاور تم ہی غالب
    5. وَاللّٰهُاور اللہ
    6. مَعَكُمْتمہارے ساتھ
    7. وَلَنْ يَّتِرَكُمْاور وہ ہرگز کمی نہ کریگا
    8. اَعْمَالَكُمْتمہارے اعمال میں
Translation · Baseerat-e-Quran
اے ایمان والو ! تم ہمت نہ ہارو کہ تم ان کو صلح کی طرف بلانے لگو۔ تم ہی سر بلند رہو گے کیونکہ اللہ تمہارے ساتھ ہے۔ وہ تمہارے اعمال ( کے اجرو ثواب) میں کمی نہ کرے گا۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن : آیت نمبر 35 تا 38 :

لاتھنوا (تم سست نہ پڑو۔ بزدلی نہ دکھائو) تدعوا ( تم پکارنے لگو) ‘ السلم (صلح) الا علون ( تم بلندرہو گے) ‘ لن یتر ( ہرگز نقصان نہ پہنچے گا) ‘ یحفی (وہ طلب کرتے ہیں۔ بار بار مانگے گا) ‘۔

تشریح : آیت نمبر 35 تا 38 :

اس سے پہلی آیات میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا تھا کہ وہ اپنے بندوں کی آزمائش کرتا رہتا ہے تاکہ مومن اور غیر مومن کا فرق کھل کر سامنے آجائے۔ مومنوں کی آزمائش کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ ان کو مشکل حالات کی بھٹی سے گذار کر اسی طرح صاف ستھرا اور کندن بنادیا جائے جس طرح سونا آگ کی بھٹی میں جاکر نکھر جاتا ہے۔

اہل ایمان سے فرمایا جارہا ہے کہ جب ان پر حالات کی آزمائش آئے تو وہ ڈٹ کر ان کا مقابلہ کریں اور کسی طرح کفار و مشرکین کا دبائو قبول کرکے ایسی صلح نہ کریں جس میں بزدلی اور کم ہمتی کا کوئی بھی انداز ہو کیونکہ تم سے اللہ کا یہ وعدہ ہے کہ وہ تمہیں پوری طرح کفار پر غلبہ اور قوت عطا فرمائے گا۔ اللہ تمہارے ساتھ ہے اور جب وہ تمہارے ساتھ ہے تو پھر وہ تمہاری کسی کوشش اور عمل کو ضائع نہیں ہونے دے گا۔

رہے وہ لوگ جو دنیا کی چمک دمک کے پیچھے دوڑ رہے ہیں تم ان کی طرف نہ دیکھو کیونکہ دنیا کی زندگی کھیل کود سے زیادہ کچھ بھی نہیں ہے۔ یہ دنیا اور اس کی رونقیں یہیں رہ جائیں گی یہ سب عارضی زندگی کا سامان ہے حقیقی زندگی تو وہ ہے جو موت کے بعد شروع ہوگی لہٰذا اعارضی اور وقتی زندگی کے تقاضوں اور دنیا کی محبت کو آخرت کی ابدی راحتوں پر غالب نہ آنے دیا جائے۔ اسی جذبے پر عظیم اجر وثواب عطا کیا جائے گا۔

البتہ ان تمام چیزوں کی بقا اس میں ہے کہ اپنی زندگی کی ضروریات کے ساتھ ساتھ اپنے مال کو اللہ کی رضاوخوشنودی کے لئے خرچ کیا جائے۔ اللہ تمہیں اسی طرف متوجہ کرتا ہے وہ تم سے تمہارا سارامال لینا نہیں چاہتا بلکہ کچھ مال و دولت کو اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کا مطالبہ کرتا ہے اور وہ بھی اپنی ذات کے لئے نہیں کیونکہ وہ تو تمہارے مال و دولت سے بےنیاز ہے وہ تو تمام حاجت مندوں کو دیتا ہے اسے کسی کے مال کی ضرورت نہیں ہے بلکہ وہ تمہارے ہی فائدے کے لئے تمہیں حکم دیتا ہے تاکہ تمہارا معاشرہ اور اسلامی زندگی کی اقدار مضبوط ہو سکیں۔

اگر کوئی شخص اللہ کی راہ میں خرچ کرنے سے بچتا اور کنجوسی کا انداز اختیار کرتا ہے تو وہ درحقیقت اپنی نفس کی غلامی کرتا ہے۔ فرمایا کہ مومنو ! تم صبر وا ستقلال سے ڈٹے رہو اللہ اور اس کے رسول کے احکامات پر پوری طرح عمل کرتے رہو وہ ہر جگہ تمہارا ساتھ دے گا۔ تمہاری مدد کرے گا اور اللہ کی مدد سے تم ہر جگہ غالب رہو گے اور کوئی تمہارا کچھ نہ بگاڑ سکے گا۔ اللہ تعالیٰ نے صاف صاف فرما دیا کہ اگر تم نے اس صراط مستقیم کو چھوڑ کر دوسروں کا طریقہ اختیار کرلیا تو پھر یاد رکھ اللہ ہر چیز پر پوری طرح قدرت رکھتا ہے جس طرح وہ تمہارے مال و دولت کا محتاج نہیں ہے وہ اپنے دین کے غلبہ کے لئے بھی تمہارا محتاج نہیں ہے اگر تم نے صحیح طریقہ اختیار نہ کیا تو تمہارے بجائے وہ کسی دوسری قوم کو اٹھا کر کھڑا کردے گا اور اس سے اپنے دین کی سر بلندی کا کام لے لے گا جو تم سے بہتر طریقہ پر اپنا کام کرسکے گی۔

سورة محمد کی مذکورہ آیات کی تشریح سے یہ بات بالکل واضح طریقہ پر سامنے آگئی ہے کہ اسلام جو دین امن و سلامتی ہے اس میں صلح اور امن و آشتی کو بنیاد ہونا چاہیے لیکن اگر جنگ کرنے کا موقع ہو تو اس میں ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے اور کسی طرح کی بزدلی اور کم ہمتی کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔

یہ احکامات اس وقت دیئے جارہے ہیں جب مسلمان بہت تھوڑے سے تھے۔ اور صرف عرب کے کفار قریش ہی نہیں بلکہ اس وقت کی معلوم دنیا کی اکثریت مسلمانوں کو ایک خطرہ سمجھ رہی تھی جب حالات کو ان پر تنگ سے تنگ کردیا گیا تھا۔ یہ ایک ایسا موقع تھا جب وہ کفار کا دبائو قبول کرتے ہوئے ایسی صلح کرلیتے جس میں بزدلی اور کم ہمتی نمایاں ہوتی۔

فرمایا کہ جہاد و قتال ہو یا صلح مندی ان تمام باتوں میں اللہ کی رضا و خوشنودی کو آگے رکھا جائے اور کوئی ایسا جذباتی انداز اختیار نہ کیا جائے جس سے دشمن کو اہل ایمان کی کسی کمزوری سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل جائے۔ بڑے صبر و استقلال سے ڈٹے رہیں اور وہ اس بات کو ثابت کردیں کہ دنیاوی مال و دولت کی کمی ان کے قدموں میں کوئی ڈگمگاہٹ پیدا نہیں کرسکتی۔ کیونکہ اصول کی بات یہہ کہ دنیا میں دو طاقت ور قوموں اور جماعتوں میں صلح ہوا کرتی ہے۔ کمزور اور طاقت ور کی صلح نہیں محض ایک وقتی مفاہمت کہلاتی ہے۔

جب صلح حدیبیہ کے موقع پر کفار مکہ اور اہل ایمان کے درمیان ایک معاہدہ کیا جارہا تھا اس وقت اگر چہ آپ نے کفار کی وہ بہت سی شرطیں مان لی تھیں جو بظاہر آبرو مندانہ نہیں تھیں لیکن آپ کفار کو یہ موقع نہیں دینا چاہتے تھے کہ یہ صلح کا معاملہ ٹل جائے۔

صحابہ کرام ؓ جو اطاعت رسول کے پیکر تھے انہوں نے زبان سے تو کچھ نہیں کہا لیکن ہر ایک اپنے دل میں گھٹ رہا تھا کہ آخر ہم اس قدر دب کر صلح کیوں کریں ؟ لیکن آپ ﷺ نے کفار قریش سے معاہدہ کرلیا اور اس معاہدہ کے ساتھ ہی آپ ﷺ نے واپسی کا حکم دیا۔ جب مسلمان مکہ مکرمہ سے کچھ ہی دور پہنچے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے سورة فتح کی یہ آیات نازل کیں جن میں اس معاہدہ کو ” فتح مبین “ قرار دیا گیا تھا۔

صحابہ کرام ؓ تو ویسے ہی دل گرفتہ تھے جب ان کے سامنے ” فتح مبین “ کا لفظ آیا تو وہ ایک دوسرے کی شکلیں دیکھنے لگے کہ یہ کیسی فتح مبین ہے جس میں ایک ایسا معاہدہ کیا گیا ہے جس میں ذلت آمیز شرائط بھی موجود ہیں۔ لیکن بعد کے حالات نے ثابت کردیا کہ واقعی یہ ایک ایسی کھلی ہوئی فتح تھی جس میں کوئی شک و شبہ نہیں کیا جاسکتا تھا۔

وجہ اس کی یہ ہے کہ قریش جو مسلمانوں کو کوئی حیثیت نہیں دے رہے تھے انہوں نے صلح کرکے مسلمانوں کو ایک اگل برابر کی طاقت تسلیم کرلیا تھا۔ دوسرے یہ کہ اسلام کا مزاج امن و سلامتی کا ہے اس لئے اس صلح کے بعد آپ نے ساری دنیا کے بادشاہوں اور سربراہوں کو دین اسلام کی طرف دعوت دینے کے لئے خطوط لکھے۔ آس پاس کے قبائل کے پاس ایسے مبلغین کو بھیجا گیا جنہوں نے اسلام کا پیغام پہنچایا۔ معمولی سی کوشش کے بعد خیبر کے زرخیز علاقے کو فتح کیا۔ اس کے بعد تو ایسا لگتا تھا کہ اسلام قبول کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا ہے اور لوگ فوج درفوج اسلام میں داخل ہورہے ہیں۔

مذکورہ آیات میں یہی بتایا گیا ہے کہ صلح میں خیر ہے لیکن ایسی صلح ہونی چاہیے جس میں بزدلی کا کوئی پہلو نہ ہو اور صلح میں حکمت و مصلحت سے کام لیا گیا ہو۔ اہل ایمان کو اسی بات پر آمادہ کیا گیا ہے کہ وہ پوری طرح ایثار و قربانی سے کام لیں تاکہ اسلام کا یہ پودا ہمیشہ سرسبز و شاداب رہے۔

ان آیات کے ساتھ ہی الحمد للہ سورة محمد کی آیات کا ترجمہ ‘ اس کی تشریح مکمل ہوئی۔