بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 54. Al-Qamar · Ayah 18
كَذَّبَتْ عَادٌ فَكَیْفَ كَانَ عَذَابِیْ وَ نُذُرِ﴿18﴾
- كَذَّبَتْجھٹلایا
- عَادٌعاد نے
- فَكَيْفَتو کس طرح
- كَانَ عَذَابِيْتھا عذاب میرا
- وَنُذُرِاور ڈراوے میرے
لغات القرآن آیت نمبر 18 تا 42
صر صر تیز و تند ، سخت۔ یوم نجس منحوس دن۔ تنزع وہ کھینچتا ہے۔ اعجاز تنے۔ سعر اکھڑنے والا۔ اشر جنون۔ النافۃ اونٹنی۔ ارتقب تو نگرانی کر۔ اصطبر تو برداشت کر، تو صبر کرے۔ محتضر حاضر ہونے کا وقت ۔ تعاطی اس نے حملہ کیا۔ عقر اس نے کاٹ ڈالا (ذبح کردیا) ھشیم چور چور ہوجانا۔ المحتظر باڑہ لگانے والا۔ حاصب پتھرائو کرنے والا۔ راودوا انہوں نے مانگا۔ طمسنا ہم نے منا ڈالا۔ مستقر مقرر کیا ہوا۔ مقتدر قابو کرنے والا۔
تشریح :- آیت نمبر 18 تا 42
قرآن کریم اللہ کی وہ آخری مقدس و محترم کتاب ہے جو معافی اور حقائق کے اعتبار سے تو ایک گہرا سمندر ہے لیکن اس کا انداز بیان اس قدر سادہ صاف اور روشن ومنور ہے کہ اس کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے میں نہ تو عام آدمی کو کسی طرح کی دشواری ہوتی ہے اور نہ کسی اعلیٰ تعلیم یافتہ شخص کو مثلاً قرآن مجید میں اس اصول کو بار بار دھرایا گیا ہے کہ ہر وہ شخص جو حق صداقت کی آواز کو لے کر اٹھتا ہے مشکلات، پریشانیوں اور کانٹوں بھرے راستوں کے باوجود آخر کار اس کو دنیا اور آخرت کی کامیابیاں اور نجات عطا کی جاتی ہے۔ اس کے برخلاف جو بھی دین کی سچائیوں کو جھٹلا کر اور اس کے پاکیزہ نفوس پیغمبروں کی تعلیمات اور ان کی ذات سے ٹکراتا ہے وہ دنیاوی اعتبار سے کتنا ہی مضبوط اور طاقت ور کیوں نہ ہو اس کو دنیا کی ذلت اور آخرت کی بربادی سے کوئی بچا نہیں سکتا۔
افراد کی طرح قوموں کا معاملہ بھی یہی ہے کہ ان کی نجات کا دار و مدار اللہ کی فرماں برداری اور پیغمبروں کا کہا ماننے میں ہے۔ اگر دنیاوی ترقیات نے کسی قوم کو مکتبر اور مغرور بنا دیا ہو اور وہ کفر و شرک اور اللہ کے رسول کی نافرمانیوں میں حد سے اگٓے بڑھ گئی ہو تو اس قوم کی اصلاح کے لئے اللہ اپنے پیغمبروں کو بھیجتا ہے چناچہ قرآن حکیم ان انبیاء کے واقعات کو بیان کرتا ہے کہ جن لوگوں نے ان کی بات مان کر اپنی اصلاح کرلی تو وہ دنیا و آخرت کی رسوائی سے بچ گئے۔ اب اللہ نے سارے نبیوں اور رسولوں کے آخر میں اپنے محبوب رسول حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کو بھجیا ہے تاکہ قیامت تک آنے والے انسانوں کی اصلاح و تربیت کا کام مکمل کرلیا جائے۔ اگرچہ دنیاوی اعتبار سے آپ ہماری درمیان موجود نہیں ہے اور روضہ پاک میں آپ کو حیات برزخی حاصل ہے لیکن آپ کی تعلیمات موجود ہیں جن کو امت کے مخلص علماء کرام ہمیشہ سے دنیا کے تمام لوگوں تک پہنچانے کی جدوجہد کرتے رہے ہیں اور کریں گے ۔ زیر مطالعہ آیات میں ان تمام حقائق کو بیان کرنے کے لئے خاص طور پر ان چار قوموں قوم عاد، قوم ثمود، قوم لوط اور قوم فرعون کا ذکر فرمایا ہے جو اپنے زمانہ میں انتہائی طاقت وور غرور وتکبر کا پیکر، حومت و سلطنت اور مال و دولت پر ناز کرتے ہوئے اپنے علاوہ سب کو حقیر اور ذلیل سمجھا کرتے تھے لیکن جب کفر و شرک، اللہ کے بندوں پر ظلم و ستم اور طرح طرح کی نافرمانیوں کی وجہ سے ان پر اللہ کا عذاب آیا تو وہ معمولی کیڑے مکوڑوں کی طرح مار ڈالے گئے جن کے اونچے اونچے محلات ، تجارتی مراکز، مال و دولت کے ڈھیر کھنڈر بن کر عبرت کا نمونہ بنے ہوئے ہیں۔ وہی شہر جو کبھی دن رات عیش و عشرت اور لوگوں کی آمد و رفت سے آباد رہا کرتے تھے اب ایسے ویران ہوگئے ہیں کہ دن کی روشنی میں بھی جاتے ہوئے ڈرلگتا ہے۔
قوم عاد نے دنیا پر سینکڑوں سال تک حکومت کی تھی اور ہر طرح کی دنیاوی ترقیات میں وہ سب سے آگے تھے وہ اپنی طاقت و قوت کے سامنے کسی قوم اور ملک کو کوئی حیثیت نہیں دیتے تھے جب کفر و شرک اور لوگوں پر ظلم و زیادتی کی انتہاؤں پر پہنچ گئے تو اللہ نے اس قوم کی اصلاح کے لئے حضرت ھود علیہ اسللام کو بھیجا۔ انہوں نے دن رات ان کو سمجھانے کی کوشش کی اور ان کو کفر و شرک اور اللہ کی مخلوق پر ظلم و ستم کرنے سے روکا تو پوری قوم ان کی دشمن بن گئی اور انہوں نے حضرت ہود کی بات ماننے سے صاف انکار کردیا اور ان کی ہر بات کا مذاق اڑایا۔ جب اس قوم نے کفر و شرک کا راستہ چھوڑنے سے انکار کردیا تو اللہ کا فیصلہ آگیا۔ اسی قوم کی تباہی کا آغاز ایک ایسی تیز و تند آندھی سے ہوا جس سے لوگوں کا زمین پر کھڑا رہنا مشکل ہوگیا۔ آندھی تیز ہوتی گئی اور کوئی دیوار سے ٹکرا کر، کوئی درخت سے ، کوئی پتھر سے مر گیا اور کسی پر اس کی چھت آ گری۔ وہ لوگ لمبے تڑنگے اور طاقت ور تھے مگر تیز ہوا ان کو اس طرح اٹھا کر پھینک رہی تھی جیسے کھجور کے تنے اکھڑ کر زمین پر پڑے ہوئے ہوں۔ اس طرح وہ تمام عرصہ اور مدت جب ان پر عذاب نازل ہو رہا تھا ہمیشہ کے لئے نحوست بھرا یادگار دن بن گیا۔
اسی طرح قوم ثمود جن کی ترقیات، مال و دولت کے ڈھیر اور عیش و عشرت کے سامانوں کے ساتھ ہر طرف خوشحلای تھی وہ پہاڑوں کو تراش کر اس زمانہ میں بیس بیس منزلہ عمارتیں بناتے تھے جب دو منزلہ مکان بنانا مشکل تھا لیکن کفر و شرک اور اللہ کی نافرمانیوں کی انتہا تک پہنچ گئے تھے۔ جب حضرت صالح نے ان تک سچائی کا پیغام پہنچایا تو انہوں نے نہ صرف ان کو جھٹلایا بلکہ ان کی توہین کرتے ہوئے کہنے لگے کہ ہم یہ کیسے مان لیں کہ اے صالح آپ اللہ کے نبی ہیں۔ آپ تو ہمارے جیسے ہی ہیں۔ اگر ہم یہ مان لیں کہ آپ اللہ کے نبی ہیں اور ہم آپ کی اطاعت کرلیں تو ہم سے بڑا بیوقوف اور نادان کون ہوگا ؟ انہوں نے ان کو جھوٹا اور شیخی باز تک کہہ دیا۔ ایک دن کہنے لگے کہا گر تم واقعی اللہ کی طرف سے بھیجے گئے ہو تو اس سامنے کی پہاڑی سے ایک ایسی گابھن اونٹنی نکال کر دکھائو جو ہمارے سامنے بچے جنے اور ہم اس کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں ۔ حضرت صالح نے اللہ کی بارگاہ میں درخواست پیش کردی۔ اللہ نے اپنی قدرت سے پہاڑ چٹان سے اونٹنی کو پیدا کیا۔ اس نے آتے ہی بچے کو جنم دیا۔ کچھ لوگوں نے تو ایمان قبول کرلیا لیکن اکثر نے اس کا انکار کردیا۔ جب ان کو اس بات کا حکم دیا گیا کہ تمہارے کنوئیں سے ایک دن اونٹنی پانی پئے گی اور دوسرے دن تم پانی لے سکتے ہو۔ شروع میں تو انہوں نے اس تقسیم کو قبول کرلیا مگر جب پانی کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا تو انہوں نے عاجز آ کر ایک شخص قدار بن سالت جو کہ بڑا ہی بدبخت ظالم تھا اس کو اس بات پر آمادہ کرلیا کہ وہ اس اونٹنی کو قتل کر دے تاکہ یہ روز روز کا جھگڑا ہی ختم ہوجائے۔ چناچہ اس نے اونٹنی کو ذبح کردیا۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت صالح کی طرف وحی بھیجی کہ وہ صبر سے کام لیں اب یہ لوگ عذاب سے نہ بچ سکیں گے۔ اللہ تعالیٰ اہل ایمان کو نجات عطا فرمائے گا اور اس پوری قوم کو تباہ بوبراد کر دے گا چناچہ ایک ایسی ہیبت ناک چھنگاڑ سنائی دی جس سے ان کے کانوں کے پردے پھٹ گئے اور پورے ظالم قوم کے لوگ اس طرح پڑے نظر آئے جیسے باڑہ لگانے والوں کی وہ باڑہ جو جانوروں کی حفاظت کے لئے بنائی جاتی ہے اور ٹوٹ کر چورہ چورہ ہوجاتی ہے۔ اور اس طرح اس قوم کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا گیا۔
قوم عاد اور قوم ثمود کے بعد اللہ تعالیٰ نے حضرت لوط کی نافرمان قوم کے متعلق فرمایا ہے کہ اس قوم کا یہ عالم تھا کہ حضرت لوط نے ان کو ہر طرح سمجھانے کی کوشش کی مگر وہ اپنی غیر فطری خواہشوں میں لگے رہے۔ ایک مرتبہ جب اللہ تعالیٰ نے چند فرشتوں کو نوجوان لڑکوں کی شکل میں بھجیا اور اس قوم کے لوگوں کو معلوم ہوا تو وہ حضرت لوط کے پاس پہنچ گئے اور اس بات پر زبردستی کرنے لگے کہ وہ نوجوان لڑکے جو آپ کے مہمان ہیں ان کو ہمارے حوالے کر دو ۔ حضرت لوط جو اپنی قوم سے اچھی طرح واقف تھے یہ سن کر گھبرا گئے اور ان کو سمجھانے کی کوشش کرتے رہے۔ فرشتوں نے اپنے آپ کو ظاہر کرتے ہوئے حضرت لوط سے کہا کہ آپ ہرگز پریشان نہ ہوں کیونکہ ہم اللہ کی طرف سے اس ظالم و بدکاری قوم کیلئے بھیجے گئے ہیں یہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ جب اس قوم کے لوگوں نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو اللہ نے ان کو اندھا کردیا۔ ان کی آنکھیں چوپٹ ہوگئیں اور وہ اندھے ہو کر ادھر ادھر دھکے کھانے لگے۔ فرشتوں نے حضرت لوط سے کہا کہ صبح ہونے سے پہلے آپ (سوائے اپنی نافرزمان بیوی کے) گھر کے سارے افراد اور اہل ایمان کو لے کر اس شہر سے نکل جائیے اور پلٹ کر نہ دیکھیے جب حضرت لوط ان کے گھر والے اور اہل ایمان ان بستیوں سے نکل گئے تو حضرت جبرئیل نے قوم لوط کی بستیوں کو اٹھایا اور آسمان کی بلندیوں تک لے جا کر پٹک دیا۔ پھر ان پر پتھروں کی زبردست بارش کردی گئی۔ سمندر کا پانی ان کی بستیوں پر چڑھ دوڑا اور اس طرح اللہ کے عذاب نے اس پوری قوم اور ان کی آبادیوں کو سمندر میں ڈبو دیا۔ بحر مردار (ڈیڈ سی) ان ہی بستیوں پر چھایا ہوا ہے۔ یہ سمندر کا وہ حصہ ہے کہ اس پانی میں چھوٹے سے چھوٹا جان ور بھی زندہ نہیں رہ سکتا۔
قوم عاد قوم ثمود اور قوم لوط کے بدترین انجام کو بیان کرنے کے بعد قوم فرعون کا ذکر فرمایا ۔ فرعون اپنے وقت کا انتہائی طاقت دو بادشاہ تھا۔ اپنے آپ کو معبود بیٹھا اہر طرف اس کی حکوتم کا ظلم و ستم اس حد تک بڑھ چکا تھا کہ بنی اسرائیل میں پیدا ہونے والے ہر لڑکے کو ماؤں کی گود سے چھین کر ان کے سامنے ان کے بیٹوں کے ٹکڑے ٹکڑے کردیئے جاتے مگر ان ماؤں کو اس ظالمانہ کارروائی پر اف تک کرنے یا احتجاج کرنے کی ہمت و طاقت اور اجازت نہ تھی۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ اور ان کے بھائی حضرت ہارون کو بہت سی نشانیوں کے ساتھ فرعون کے پاس بھیجا۔ حضرت اللہ تعالیٰ نے فرعون کو بنی اسرائیل پر ظلم و ستم سے روکنے کی کوشش کی تو اس نے نہ صرف انکار کردیا بلکہ حضرت موسیٰ کے معجزات کو جادو قرار دے کر ان کو ذلیل کرنے کی کوشش کی۔ اس کفر اور انکار اور ظلم و ستم کی وجہ سے فرعون اسی قدر بےقیمت ہوچکا تھا جب اس پر اور اس کی قوم پر اللہ کا عذاب آیا اور اس کو اور اس کی قوم کو سمندر میں ڈبو دیا گیا تو وہ انتہائی مجبور اور بےبسی کے عالم میں اس طرح سمندر میں غوطے کھا رہا تھا کہ اس کی سلطنت، حکومت، مال و دولت اور فوج اس کے کسی کام نہ آسکی یکنی جب اللہ نے ایک زبردست طاقت اور بادشاہ کی طرح پکڑا تو پھر کوئی بھی اس کی گرفت سے اسے چھڑا نہ سکا۔
اللہ تعالیٰ نے ان ظالم قوموں پر عذاب کا ذکر کرنے کے بعد فرمایا کہ یہ وہ سچائیاں ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے نہایت آسان اور سہل زبان میں بیان کردیا ہے۔ جس کے سمجھنے میں کوئی دشواری نہیں ہے۔ سن کر دھیان دینے کی ضرورت ہے۔ دھیان دینے والا
اس بات کو اچھی طرح سمجھ لے گا کہ اللہ جس برے انجام سے نافرمانوں کو ڈرا رہا ہے وہ ڈرانا کس قدر اہمیت رکھتا ہے ۔
اللہ نے اپنے اس دستور کو بار بار بیان کیا ہے کہ جس سر زمین پر اللہ کے بندوں پر ظلم و ستم کیا جائے گا اور اللہ کی بندگی کے بجائے غیر اللہ کی عبادت و بندگی کی جائے گی اللہ ایسی قوموں کو مٹا کر دوسروں کو ان کی جگہ دے کر کامیاب کر دے گا۔ اسی طرح ہر وہ قوم جو اللہ کی اطاعت و فرماں برداری کرے گی اس کو نجات عطا کر کے دنیا اور آخرت میں سربلند کردیا جائے گا۔
اللہ کا یہ ایسا دستور ہے جو ابتدائے کائنات سے ہے اور قیامت تک رہے گا اس میں کبھی تبدیلی آئی ہے اور نہ کبھی آئے گی۔