IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 58. Al-Mujaadila · Ayah 14

  1. اَلَمْ تَرَ اِلَى الَّذِیْنَ تَوَلَّوْا قَوْمًا غَضِبَ اللّٰهُ عَلَیْهِمْ١ؕ مَا هُمْ مِّنْكُمْ وَ لَا مِنْهُمْ١ۙ وَ یَحْلِفُوْنَ عَلَى الْكَذِبِ وَ هُمْ یَعْلَمُوْنَ﴿14﴾

    1. اَلَمْ تَرَکیا تم نے نہیں دیکھا
    2. اِلَىطرف، کو
    3. الَّذِيْنَجو لوگ
    4. تَوَلَّوْادوستی کرتے ہیں
    5. قَوْمًاان لوگوں سے
    6. غَضِبَ اللّٰهُاللہ نے غضب کیا
    7. عَلَيْهِمْ ۭان پر
    8. مَا هُمْنہ وہ
    9. مِّنْكُمْتم میں سے
    10. وَلَا مِنْهُمْ ۙاور نہ ان میں سے
    11. وَيَحْلِفُوْنَاور وہ قسم کھاجاتے ہیں
    12. عَلَيپر
    13. الْكَذِبِجھوٹ
    14. وَهُمْحالانکہ وہ
    15. يَعْلَمُوْنَجانتے ہیں
Translation · Baseerat-e-Quran
(اے نبی ﷺ کیا آپ نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا جو ایسے لوگوں سے دوستی کرتے ہیں جن پر اللہ کا غضب نازل کیا گیا۔ یہ لوگ نہ تو تم میں سے ہیں اور نہ ان میں سے ہیں۔ اور یہ لوگ جان بوجھ کر جھوٹی قسمیں کھاتے ہیں۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

یحلفون۔ وہ قسم کھاتے ہیں۔ اعد۔ اس نے تیار کیا ہے۔ جنۃ ۔ ڈھال۔ بچنے کا سہارا۔ استحعوذ۔ انہوں نے گھیرا ڈال لیا۔ حزب۔ جماعت۔ گروہ۔ اذلین۔ ذلیل ترین لوگ۔ یوادون۔ وہ دوستی کرتے ہیں۔ عشیرۃ۔ خاندان والے۔ اید۔ اس نے قوت دی۔

تشریح : کفار کے ساتھ عام زندگی میں حسن سلوک، ہمدردی، خیر خواہی، حسن اخلاق اور احسان کرنا۔ اسی طرح تجارتی اور اقتصادی تعلق رکھنا رواداری ہے جو ہر مومن کو ہر شخص کے ساتھ کرنا چاہیے لیکن کفار و مشرکین اور یہودو نصاریٰ یعنی اللہ و رسول کے دشمنوں سے قلبی تعلق رکھنا یا اپنے مفاد کے لئے دو کشتیوں میں سوار ہونا کسی طرح جائز نہیں ہے۔ اسی طرح تجارتی، اقتصادی لین دین اور سیاسی تعلقات مین اگر اہل ایمان کا نقصان اور غیرت مسلم کا ۔ ۔ پیش آجائے تو پھر وہ بھی جائز نہ ہوگا۔

مدینے کے یہودی اور کفار جو دکھانے اور کچھ دنیاوی مفادات حاصل کرنے کے لئے بظاہر مسلمان بنے ہوئے تھے اور دیکھا دیکھی مسلمانوں کے ساتھ عبادات میں بھی شریک رہتے تھے وہ ذہنی الجھن اور کشمکش کا شکار ہو کر رہ گئے تھے۔ نہ تو ان کا مخلصانہ تعلق اہل ایمان سے تھا اور نہ یہودو نصاریٰ اور مشرکین سے بلکہ وہ اپنے وقتی مفادات کے لئے دونوں سے رشتہ اور تعلق قائم کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے تھے۔ چونکہ ان کی سوچ اور ذہنیت مجرمانہ بن چکی تھی لہذا اگر انہین اس بات کا خطرہ پیدا ہوتا کہ ان کا نفاق اور جھوٹ کھل جائے گا تو وہ جھوٹی قسمیں کھانے سے بھی گریز نہ کرتے تھے۔ جھوٹی قسمیں کھا نے کی عادتیں اتنی پختہ ہوچکی ہوں گی کہ جب قیامت میں اللہ کے سامنے حاضر ہوں گے اور ان منافقین سے پوچھا جائے گا تو وہاں بھی اپنی ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جھوٹی قسمیں کھائیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ دراصل ان کے دل و دماغ اور حواس پر شیطان نے اس طرح قابو پا لیا ہے کہ وہ شیطان کی گرفت سے کوشش کے باوجود نکل نیں سکتے۔ ایسے لوگ دنیا میں بھی ذلیل و خوار ہوں گے اور آخرت کے عذاب سے بھی نہ بچ سکیں گے۔

اس کے برخلاف وہ لوگ جو سچے مومن ہیں ان کے نزدیک صرف اللہ اور اس کے رسول کی محبت ہی سب کچھ ہے۔ ان کے نزدیک رشتہ داریاں، تعلقات اور ذاتی مفادات سے بڑھ کر اللہ اور اس کے رسول کے احکامات کی تعمل کرنا ہے۔ اس تعملیل میں اگر رشتہ داریاں اور تعلقات حائل ہونے کی کوشش کریں تو وہ ان کو کاٹ کر پھینک دینے کو اپنی سعادت سمجھتے ہیں۔ غزوہ بدر اور غزوہ احد اس کی اعلیٰ ترین مثالیں ہیں۔

غزوہ بند ر میں حضرت معصب ابن عمیر ؓ کے سگے بھائی ابو عزیز ابن عمیر کو ایک انصاری صحابی ؓ گرفتار کرکے ان کے ہاتھ پیر باندھ رہے تھے۔ حضرت معصب ؓ نے پکار کر کہا ذرا مضبوط باندھنا اس کی ماں بڑی مال دار ہے اس کی رہائی کے لئے وہ تمہیں بہت سافدیہ دے گی۔ ابو عزیر نے کہا کہ تم بھائی ہو کر یہ بات کہہ رہے ہو ؟ حضرت معصب ؓ نے جواب دیا کہ اس وقت تم میرے بھائی نہیں ہو بلکہ یہ انصاری میرا بھائی ہے جو تمہیں گرفتار کرکے لایا ہے۔

خلاصہ یہ ہے کہ وہ شخص جس نے نفاق کا راستہ اختیار کر رکھا ہے وہ کسی کا دوست نہیں ہوتا اس کو صرف اپنا ذاتی مفاد عزیز ہوتا ہے جہاں اسے اپنا ذاتی فائدہ نظر آتا ہے وہ اسی طرف جھکتا چلا جاتا ہے اور ہر ایک کو راضی کرنے کی کوششوں میں لگا رہتا ہے۔ لیکن جس دل میں اللہ اور اس کے رسول کی محبت رچ بس جاتی ہے اس کے نزدیک اپنے ذاتی مفادات، دوستیوں، رشتہ داریوں اور ہر طرح کے تعلقات کی اللہ ورسول کے مقابلے میں کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔ وہ ایک مومن کی حیثیت سے انسانیت کی خدمت، مجبوروں اور بیکسوں سے ہمدردی کرنے کو، بڑوں کا احترام اور چھوٹوں پر شفقت کرنے کو اپنے دین و مذہب کا جزو سمجھتا ہے اور اس کا قلبی تعلق اور محبت صرف اللہ اور اس کے رسول ہی کے لئے ہوتی ہے۔ ان تمام باتوں کو زیر مطالعہ آیات میں نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا گیا ہے کہ اے بی ﷺ آپ نے کبھی ان منافقین کے حالات پر غور کیا جو ایسے لوگوں سے دوستی کرتے ہیں جن پر اللہ کا غضب نازل کیا گیا (یعنی یہودو نصاریٰ ) حقیقت یہ ہے کہ یہ منافق نہ تو تم میں سے ہیں اور نہ ان (یہودیوں) میں سے۔ یہ تو اپنے مفاد کے بندے ہیں جو جھوٹی قسمیں کھا کر اپنے آپ کو مطمئن کرلیتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ انہوں نے کوئی بہت بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔ یہ اپنے حق میں بہت برا کر رہے ہیں۔ ان کا عذاب الٰہی سے بچنا ممکن نہ ہوگا۔ یہ جھوٹی قسموں کو اپنا سہارا اور ڈھال بنائے ہوئے ہیں اور لوگوں کو اللہ کے راستے سے روکنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں۔ اپنی اولادوں اور گھر والوں کے لئے مال بٹورتے رہتے ہیں لیکن یہ بدنصیب لوگ یہ نہیں سمجھتے کہ یہ مال و دولت اور بال بچے اس کو قیامت کے عذاب سے نہیں بچا سکتے۔ شیطان ان پر اس طرح مسلط ہوگیا ہے کہ یہ اس کے جال سے باہر نکل ہی نہیں سکتے یہ شیطانی جماعت بن چکے ہیں۔ اگر یہ لوگ بڑا جتھا بن بھی جائیں پھر بھی اہل ایمان پر غالب نہ آسکیں گے۔ اللہ نے یہ طے کرلیا ہے کہ اللہ اور اس کا رسول ہی سب پر غالب رہیں گے کیونکہ اس کائنات میں ساری طاقت و قوت صرف اللہ ہی کی ہے اس کے سوا کسی کی نہیں ہے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا جو لوگ اللہ تعالیٰ اور آخرت پر کامل یقین رکھتے ہیں وہ کبھی ایسے لوگوں سے قلبی تعلق نہیں رکھ سکتے جو اللہ و رسول کے دشمن ہیں۔ اگرچہ وہ ان کے باپ، دادا، بھائی اور عزیر و اقارب ہی کیوں نہ ہوں۔ اللہ نے ان کے دلوں میں ایمان کے یقین کو جما دیا ہے اور ہر جگہ ان کو باطنی قوت اور باطنی سکون و اطمینان حاصل رہتا ہے۔ ان کا انجام بہترین ہے۔ ان کے لئے جنت کی راحتیں، بہتی ہوئی نہریں اور راحت و آرام کا ہر سامان موجود ہوگا جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے۔ اللہ ان سے راضی ہوگیا اور وہ ہر حال میں اللہ کی رضا میں راضی ہیں۔ درحقیقت یہ اللہ کی جماعت ہے اور ہر شخص کو مان لینا چاہیے کہ ساری فلاح و کامیابی صرف اللہ کی جماعت ہی کو حاصل ہوگی۔