بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 58. Al-Mujaadila · Ayah 7
اَلَمْ تَرَ اَنَّ اللّٰهَ یَعْلَمُ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الْاَرْضِ١ؕ مَا یَكُوْنُ مِنْ نَّجْوٰى ثَلٰثَةٍ اِلَّا هُوَ رَابِعُهُمْ وَ لَا خَمْسَةٍ اِلَّا هُوَ سَادِسُهُمْ وَ لَاۤ اَدْنٰى مِنْ ذٰلِكَ وَ لَاۤ اَكْثَرَ اِلَّا هُوَ مَعَهُمْ اَیْنَ مَا كَانُوْا١ۚ ثُمَّ یُنَبِّئُهُمْ بِمَا عَمِلُوْا یَوْمَ الْقِیٰمَةِ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ بِكُلِّ شَیْءٍ عَلِیْمٌ﴿7﴾
- اَلَمْ تَرَکیا آپ نے نہیں دیکھا
- اَنَّ اللّٰهَکہ اللہ
- يَعْلَمُوہ جانتا ہے
- مَاجو
- فِي السَّمٰوٰتِآسمانوں میں
- وَمَا فِي الْاَرْضِ ۭاور جو زمین میں
- مَا يَكُوْنُنہیں ہوتی
- مِنْ نَّجْوٰىکوئی سرگوشی
- ثَلٰثَةٍتین لوگوں میں
- اِلَّا هُوَمگر وہ
- رَابِعُهُمْان میں چوتھا
- وَلَا خَمْسَةٍاور نہ پانچ کی
- اِلَّا هُوَمگر وہ
- سَادِسُهُمْان میں چھٹا
- وَلَآ اَدْنٰىاور نہ (خواہ) کم
- مِنْ ذٰلِكَاس سے
- وَلَآ اَكْثَرَاور نہ زیادہ
- اِلَّا هُوَمگر وہ
- مَعَهُمْان کے ساتھ
- اَيْنَ مَا كَانُوْا ۚجہاں کہیں وہ ہوں
- ثُمَّپھر
- يُنَبِّئُهُمْوہ انہیں بتلائے گا
- بِمَاجو کچھ
- عَمِلُوْاانہوں نے کیا
- يَوْمَ الْقِيٰمَةِ ۭقیامت کے دن
- اِنَّ اللّٰهَبیشک اللہ
- بِكُلِّ شَيْءٍہر شے کو
- عَلِيْمٌجاننے والا
نجوی۔ چپکے چپکے باتیں۔ سرگوشی۔ مشورے۔ ینبی۔ وہ آگاہ کرتا ہے۔ وہ خبر دیتا ہے۔ یعودون۔ وہ لوٹتے ہیں۔ وہ پلٹتے ہیں۔ حیو۔ انہوں نے دعادی۔ سلام کیا۔ تفسحوا۔ جگہ چھوڑو۔ کھل کر بیٹو۔ انشزوا۔ تم اٹھ جائو۔ قدموا۔ آگے بھیجو۔ اطھر۔ زیادہ پاکیزہ۔ زیادہ صاف ستھرا۔ اشفقتم ۔ تم ڈر گئے۔
تشریح : دین اسلام ہمیں روحانی اور اخلاقی بلندیوں کے ساتھ معاشرہ میں تہذیب و شائستگی، اعلیٰ درجہ کا نظم و ضبط، سادگی، وقار اور چھوتے برے کے آداب کا لحاظ کرنے کی تعلیم دیتا ہے اور ہر اس طریقہ کو ناپسند کرتا ہے جس سے آپس میں کسی طرح کی غلط فہمی یا بدگمانی پیدا ہونے کا امکان بھی ہو۔
مشرکین، منافقین اور یہودو نصاری ہر وقت اس فکر میں لگے رہتے تھے کہ اپنے دلی بغض و حسد کی آگ کو تھنڈا کرنے کے لئے اہل ایمان کے درمیان غلط فہمی اور بدگمانی کی فضا پیدا کردیں۔ ان منافقین کا یہ حال تھا کہ اگر انہیں اہل ایمان کی ذرا سی بات بھی ہاتھ لگ جاتی تو وہ اس کو جگہ جگہ اڑانے میں اپنی ساری طاقتیں لگا دیتے تھے۔ ان تمام سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان کے لئے حضور اکرم ﷺ کی محفل کے تین بڑے برے آداب سکھائے ہیں۔
{ 1۔ سرگوشیاں } منافقین اور یہودی جب بھی جاں نثاران مصطفیٰ ﷺ کو دیکھتے تو ایک دوسرے کے کان میں اس طرح سرگوشیاں کرتے جیسے وہ کوئی بہت اہم بات کر رہے ہیں اور اہل ایمان کو اس قابل نہیں سمجھتے کہ ان کو بھی اس سرگوشی میں شریک کیا جائے۔ اس سے صحابہ کرام ؓ کو سخت اذیت پہنچتی اور وہ یہ سمجھتے تھے کہ یا تو منافقین ان کے خلاف سازش کر رہے ہیں یا وہ ہمارا مذاق اڑا رہے ہیں۔ اسی طرح اپنے گھروں میں پردے لٹکا کر اور دروازے بند کرکے نبی کریم ﷺ ، صحابہ کرام ؓ اور دین اسلام کے خلاف خفیہ مشورے اور سازشیں کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے ایسے لوگوں کے لئے فرمایا ہے کہ جب وہ چپکے چپکے باتیں کرتے ہیں تو وہ یہ نہ سمجھیں کہ جس طرح وہ دنیا والوں سے بہت سی باتیں چھپا جاتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ان کو دیکھنے، سننے والا کوئی نہیں ہے اللہ سے بھی چھپا لیں گے کیونکہ جہاں بھی دو یا تین چپکے چپکے باتیں کرتے ہیں تو چوتھا اللہ ہوتا ہے اور جہاں بھی پانچ آدمی سرگوشیاں کر رہے ہوں تو چھٹا اللہ ہوتا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ راز کے ہزار پردوں میں بھی جو باتیں کی جاتی ہیں وہ تین ہوں، چار ہوں یا زیادہ یا کم ہوں ان کی تمام باتوں کو اللہ سن رہا ہے اور ان کے ظاہری اور دلوں کے حالات تک سے وہ واقف ہے۔ کانوں میں چپکے چپکے باتیں اور سرگوشیاں کرنا برا بھی ہے اور اچھا بھی۔ اگر سرگوشی کسی اعلیٰ اور بہتر مقصد کے لئے کی جا رہی ہے تو اس پر اجرعظیم ہے لیکن اگر یہ سرگوشی کسی سازش راز داری اور اہل ایمان کو چڑانے یا اذیت دینے کے لئے کی جا رہی ہے تو یہ نہ صرف انتہائی گھٹیا حرکت ہے بلکہ اللہ کی طرف سے سخت سزا دئیے جانے کا سبب بھی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے سورة نساء کی آیت نمبر 116 میں ارشاد فرمایا ہے۔
اکثر سرگوشیاں وہ ہوتی ہیں جن میں کوئی خیر ہیں ہوتی۔ ہاں اگر صدقہ کرنے، نیکیوں اور بھلائیوں کو پھیلانے اور لوگوں میں باہمی صلح و صفائی اور اللہ کی رضا و خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ہو تو ایسا کرنے والوں کو اجر عظیم عطا کیا جائے گا۔
سورة مجادلہ کی زیر مطالعہ آیات میں اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ اے مومنو ! تم جب بھی آپس میں سرگوشی کرو تو گناہ، ظلم و زیادتی اور رسول ﷺ کی نافرمانیوں کی سرگوشیاں نہ کرو بلکہ بھلائی اور پرہیز گاری کی باتوں میں سرگوشیاں کیا کرو۔ تمہیں ہر وقت اس اللہ سے ڈرتے رہنا چاہیے جس کے سامنے تمہیں ایک دن حاضر ہونا ہے۔ بری سرگوشی درحقیقت شیطان کا کام ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ وہ مومنوں کو رنجیدہ کردے اور کوئی نقصان پہنچائے لیکن شیطان کی کوششوں کے باوجود کسی کو اس وقت تک نقصان نہیں پہنچ سکتا جب تک اللہ نہ چاہے۔ ایمان والوں کو اللہ پر ہی بھروسہ کرنا چاہیے۔
ان آیات سے معلوم ہوا کہ اگر سرگوشی خیر اور بھلائی کے لئے ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے بلکہ اس پر اجر عظیم کا وعدہ کیا گیا ہے البتہ اللہ کے نزدیک وہ سرگوشی سخت ناپسندیدہ ہے جو کسی برے ارادے اور بری نیت سے کی گئی ہو۔
روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ منافقین اپنی اہمیت جتانے کے لئے نبی کریم ﷺ سے یہ درخواست کرتے کہ ہمیں تنہائی میں آپ سے کچھ ضروری باتیں کرنا ہیں۔ آپ ان کو اجازت دیدیتے۔ وہ منافقین علیحدہ بیٹھ کر اتنی فضول باتیں کرکے وقت ضائع کردیتے کہ جس سے بعض صحابہ کرام جو اپنے ذاتی مسائل میں آپ سے بات کرنے کے خواہش مند ہوتے تھے وہ اس سے محروم رہ جاتے۔ آپ اپنے اخلاق کریمانہ کی وجہ سے سب کچھ جاننے کے باوجود کسی سے کچھ نہ فرماتے اور اس اذیت کو برداشت فرما لیا کرتے تھے۔ دوسرے یہ کہ منافقین آپ سے علیحدہ وقت لے کر اس بات کا اظہار کرنے کی کوشش کرتے تھے کہ وہ نبی کریم ﷺ سے بہت قریب ہیں اور آپ ﷺ ان کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ جب اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں یہ ارشاد فرمایا کہ جو لوگ آپ سے سرگوشی کرنا چاہتے ہیں وہ پہلے کچھ صدقہ دیدیا کریں۔ جب یہ حکم آیا تو منافقین اپنی ذہنی کمینگی اور کنجوسی کی وجہ سے ڈر گئے کہ اب اگر ہم علیحدگی میں کوئی بات کریں گے تو ہمیں سدقہ بھی دینا پڑے گا۔ لیکن وہ صحابہ کرام ؓ جو آپ ﷺ کی عظمت کو پہنچانتے تھے وہ سمجھ گئے کہ اللہ کی طرف سے اس حکم میں کیا راز پوشیدہ ہے چناچہ صحابہ کرام ؓ نے علیحدگی میں سرگوشی کرنے سے اجتناب شروع کردیا کیونکہ وہ جان چکے تھے کہ اللہ کو یہ بات پسند نہیں ہے کہ اس کے محبوب نبی ﷺ کو کسی طرح اور کسی قسم کی بھی تکلیف دی جائے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے مومنو ! کیا تم اس حکم دے ڈر گئے حالانکہ اللہ تم سے درگذر کرنے والا یعنی معاف کرنے والا ہے۔ بہرحال تم نماز قائم کرتے رہو، زکوٰۃ ادا کرتے رہو، اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے رہو۔ اللہ کو سب کچھ معلوم ہے کہ تم جو کچھ کرتے ہو۔ مراد یہ ہے کہ تمہاری زندگی کو جو مشن اور مقصد ہے اس میں لگے رہو اس سے منہ نہ پھیرو۔ اگر آپس میں چپکے چپکے باتیں کرنا ضروری ہو تو اس میں اللہ کے احکامات کا ضرور خیال رکھو۔
(1) ۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ جب دو آدمی آپس میں باتیں کر رہے ہیں تو تیسرے آدمی کو ان سے اجازت لینی چاہیے (تاکہ ان دونوں کو ناگوار نہ گزرے) ۔ (صحیح مسلم) ۔
(2) ۔ فرمایا کہ جب تین آدمی بیٹھے ہوں تو دو آدمی آپس میں چپکے چپکے باتیں (سرگوشیاں) نہ کریں کیونکہ یہ بات تیسرے آدمی کے لئے رنج کا باعث ہوسکتی ہے۔ اسی طرح دو آدمی کسی ایسی زبان میں بات نہ کریں جس کو پاس بیٹھا تیسرا آدمی سمجھتا نہ ہو کیونکہ اس سے اس کے دل میں بدگمانی پیدا ہوسکتی ہے یا وہ اجنبیت محسوس کرسکتا ہے۔
{ 2۔ سلام کو بگاڑ کر کہنا } ان منافقین کی ڈھٹائی، بےادبی اور گستاخی کی انتہا یہ تھی کہ جب وہ حضور اکرم ﷺ کے پاس آتے تو اللہ نے جن الفاظ کے ساتھ انبیاء کرام (علیہ السلام) اور خود نبی کریم ﷺ پر سلام بھیجا ہے وہ اس کو بگار کر ” السلام علیکم “ کے بجائے ” السام علیکم “ کہتے تھے جس کے معنی ہیں تمہیں موت آجائے۔ ایک مرتبہ منافقین نے اسی طرح نبی کریم ﷺ کو سلام کیا ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ نے سن لیا۔ ام المومنین نے فرمایا کہ اللہ تمہیں غارت کردے اور اس کی تم پر لعنت اور غضب ہو تم کس طرح سلام کر رہے ہو ؟ نبی کریم ﷺ نے حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کو روکتے ہوئے فرمایا کہ اے عائشہ اللہ کو ایسا کلام پسند نہیں ہے جس میں سختی ہو تمہیں نرمی سے بات کرنا چاہیے۔ عائشہ صدیقہ ؓ نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ کیا آپ نے سنا نہیں کہ ان لوگوں نے آپ کو کیا کہا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ ہاں میں نے سن لیا ہے اور میں نے اس کا مناسب جواب بھی دیدیا ہے کیونکہ میں نے جواب میں کہا ” وعلیکم “ یعنی تم پر بھی۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ان کی دعاتو قبول نہ ہوگی البتہ میری دعاضرور قبول ہوگی۔ اس لئے ان کی شرارت کا بدلہ تو ہوگیا۔ (بخاری شریف) ۔
منافقین حضور اکرم ﷺ کو ان برے الفاظ سے سلام کرکے اپنے دل میں کہتے تھے کہ اگر یہ اللہ کے رسول ہوتے تو ایسے برے الفاظ جو ہم اکثر کہتے رہتے ہیں ان کی وجہ سے اللہ کا قہر فوراً ٹوٹ پڑتا اور ہم تباہ ہوجاتے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ان پر اللہ کا غضب تو آئے گا مگر اس جہنم کی شکل میں آئے گا جو بدترین ٹھکانا ہوگا۔
{ 3۔ مجلس میں بیٹھنے کے آداب }۔ تیسرا ادب یہ سکھایا گیا کہ جب تم سے یہ کہا جائے کہ مجلس میں کشادگی پیدا کرو تو کھل کر بیٹھ جایا کرو۔ اگر تم ایسا کرو گے تو اللہ تمہارے لئے کشادگی پیدا کردے گا اور اگر (کسی مصلحت کی وجہ سے ) تم سے یہ کہا جائے کہ تم (مجلس سے ) اٹھ جائو تو کھڑے ہوجایا کرو۔ اس طرح اللہ تعالیٰ تم میں سے اہل ایمان اور اہل علم کے درجات کو بلند کردے گا۔
مفسرین نے آیات کی تشریح کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ ایک مرتبہ نبی کریم ﷺ اصحابہ صفہ ؓ کے ساتھ تشریف فرما تھے کچھ بدری صحابہ ؓ بھی آگئے (جن کا اسلام میں اعلیٰ ترین مقام ہے) چونکہ بیٹھنے کی جگہ نہ تھی تو آپ ﷺ نے صحابہ کرام ؓ سے فرمایا کہ وہ مجلس میں وسعت پیدا کریں یعنی جو بعد میں آنے والے ہیں ان کیلئے جگہ بنا دیں اور آپ نے یہ بھی فرمادیا کہ جو لوگ دیر سے بیٹھے ہیں وہ اٹھ جائیں تاکہ بعد میں آنے والے بھی استفادہ کرسکیں۔ یہ اتنی بڑی بات نہ تھی لیکن منافقین اور یہودیوں کو تو ایک بہانہ چاہے تھا انہوں نے یہ پروپیگنڈا شروع کردیا کہ یہ تو انصاف کے خلاف ہے کہ جو لوگ پہلے سے بیٹھے ہوئے ہیں ان کو اٹھا کر دوسروں کو بٹھا دیا جائے۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جس کو اٹھنے کا حکم دیا جائے اور اس حکم کی تعمیل میں اٹھ جائے تو اس سے اس کا درجہ گھٹ نہیں جاتا بلکہ اللہ اس کے درجات کو بہت بلند فرما دیتا ہے کیونکہ انہوں نے رسول ﷺ کے احکام کی تعمیل کی ہے جس پر بہت اجرو ثواب ہے۔
آداب محفل کی لئے نبی کریم ﷺ نے بہت سی باتیں ارشاد فرمائی ہیں جن میں سے چند یہ ہیں۔
حضرت عبد اللہ ابن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا :
کوئی شخص کسی دوسرے کو اٹھا کر اس کی جگہ نہ بیٹھے بلکہ مجلس میں ایسی کشادگی پیدا کرے جس سے آنے والے کو جگہ مل جائے۔ (بخاری۔ مسلم۔ ترمذی) ۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ اگر دو آدمی بیٹھے ہوں تو ان کے درمیان تیسرے آدمی کو بغیر ان دونوں کی اجازت کے نہیں بیٹھنا چاہیے۔ (ابو دائود۔ ترمذی۔ مسند احمد)
نبی کریم ﷺ نے فرمایا کسی کے لئے یہ جائز نہیں ہے کہ اگر کسی مجلس میں دو آدمی بیٹھے ہوں تو وہ ان دونوں کے درمیان دوری پیدا کردے جب تک ان سے اجازت نہ لے لے۔ (ابو دائود۔ ترمذی) ۔
آداب مجلس کا خلاصہ یہ ہے کہ
٭مجلس میں جہاں بھی جگہ ملے وہیں بیٹھ جائے۔ مجمع کو چیرتے پھاڑتے اور پھلانگتے آگے جانے کی کوشش کرنا اس لئے مناسب نہیں ہے کہ اس سے ان لوگوں کو شدید تکلیف پہنچتی ہے جو پہلے سے بیٹھے ہوئے ہیں۔
٭مجلس سے کسی بیٹھے ہوئے کو اٹھانا اور اس کی جگہ بیٹھ جانا بہت بری بات ہے اس سے دوسروں کے دلوں میں نفرت پیدا ہوتی ہے اس سے بچنا چاہیے۔
٭مجلس میں دو آدمی چپکے چپکے باتیں نہ کریں کیونکہ اس سے دوسرے لوگوں کو ناگواری محسوس ہوتی ہے اور اس سے بدگمانی پیدا ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے کہ کہیں یہ دونوں ہمارے خلاف ہی تو باتیں نہیں کر رہے ہیں۔