IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 60. Al-Mumtahana · Ayah 12

  1. یٰۤاَیُّهَا النَّبِیُّ اِذَا جَآءَكَ الْمُؤْمِنٰتُ یُبَایِعْنَكَ عَلٰۤى اَنْ لَّا یُشْرِكْنَ بِاللّٰهِ شَیْئًا وَّ لَا یَسْرِقْنَ وَ لَا یَزْنِیْنَ وَ لَا یَقْتُلْنَ اَوْلَادَهُنَّ وَ لَا یَاْتِیْنَ بِبُهْتَانٍ یَّفْتَرِیْنَهٗ بَیْنَ اَیْدِیْهِنَّ وَ اَرْجُلِهِنَّ وَ لَا یَعْصِیْنَكَ فِیْ مَعْرُوْفٍ فَبَایِعْهُنَّ وَ اسْتَغْفِرْ لَهُنَّ اللّٰهَ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ﴿12﴾

    1. يٰٓاَيُّهَا النَّبِيُّاے نبی
    2. اِذَا جَآءَكَجب آپ کے پاس آئیں
    3. الْمُؤْمِنٰتُمؤن عورتیں
    4. يُبَايِعْنَكَآپ سے بیعت کرنے کیلئے
    5. عَلٰٓي اَنْاس پر کہ
    6. لَّا يُشْرِكْنَنہ وہ شریک کریں گی
    7. بِاللّٰهِاللہ کے ساتھ
    8. شَيْئًاکسی شے کو
    9. وَّلَا يَسْرِقْنَاور نہ وہ چوری کریں گی
    10. وَلَا يَزْنِيْنَاور نہ زناکریں گی
    11. وَلَا يَقْتُلْنَاور نہ وہ قتل کریں گی
    12. اَوْلَادَهُنَّاپنی اولاد کو
    13. وَلَا يَاْتِيْنَاور نہ لائیں
    14. بِبُهْتَانٍبہتان سے
    15. يَّفْتَرِيْنَهٗجو انہوں نے باندھا ہو
    16. بَيْنَ اَيْدِيْهِنَّاپنے ہاتھوں کے درمیان
    17. وَاَرْجُلِهِنَّاور اپنے پاؤں
    18. وَلَا يَعْصِيْنَكَاور نہ آپ کی نافرمانی کرینگی
    19. فِيْ مَعْرُوْفٍمیں نیک کاموں
    20. فَبَايِعْهُنَّتو آپ ان سے بیعت لے لیں
    21. وَاسْتَغْفِرْاور مغفرت مانگیں
    22. لَهُنَّان کے لئے
    23. اللّٰهَ ۭاللہ سے
    24. اِنَّ اللّٰهَبیشک اللہ
    25. غَفُوْرٌبخشنے والا
    26. رَّحِيْمٌرحم کرنے والا
Translation · Baseerat-e-Quran
اے نبی ﷺ جب مومن عورتیں آپ کے پاس آئیں تو ان سے ان باتوں پر بیعت لیجئے۔ (1) کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں گی۔ (2) وہ چوری نہ کریں گی۔ (3) نہ وہ زنا کریں گی۔ (4) نہ اپنی اولاد کو قتل کریں گی۔ (5) ۔ اور نہ کوئی ایسا بہتان لائیں گی جو اپنے ہاتھوں اور پائوں کے درمیان گھڑا گیا ہو۔ (6) اور نہ کسی شرعی کام میں آپ کی نافرمانی کریں گی۔ تو آپ ان سے بیعت لی لیجئے۔ اور ان کے لئے دعائے مغفرت کیجئے۔ بیشک اللہ مغفرت کرنے والا مہربان ہے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

یبایعن۔ وہ بیعت کرتی ہیں۔ لا یسفرقن۔ وہ چوری نہ کریں گی۔ قدیئسوا۔ وہ مایوس ہوچکے۔ اصحاب القبور۔ قبروں والے۔

تشریح : یہ آیات فتح مکہ سے کچھ عرصے پہلے نازل ہوئی تھیں۔ فتح مکہ کے بعد تو یہ حال تھا کہ جماعتیں کی جماعتیں حلقہ اسلام میں داخل ہو رہی تھیں۔ اس وقت آپ ﷺ نے کوہ صفا پر نئے ہونے والے مسلمانوں سے بیعت لی اور حضرت عمر فاروق ؓ سے فرمایا کہ وہ ان تمام باتوں پر عورتوں سے بیعت لیں جو قرآن اور احادیث میں ذکر کی گئی ہیں۔

بیعت کا مفہوم یہ تھا کہ اس میں ایمان و یقین، عقائد اور شرعی احکامات کی پابندی کا عہد لیا جائے۔ عورتوں سے بیعت لینے کی (1) پہلی شرط یہ تھی کہ وہ ایمان لائیں اور شرک سے بچی رہیں (2) دوسری شرط یہ تھی کہ وہ اس بات کا عہد کریں کہ وہ کبھی چوری نہ کریں گی (3) تیسری شرط یہ تھی وہ زنا نہ کریں گی (4) چوتھی شرط یہ تھی کہ وہ اپنے بچوں کو قتل نہ کریں گی (5) پانچویں شرط یہ تھی کہ وہ کسی پر بہتان اور الزام نہ لگائیں گی (6) چھٹی شرط یہ تھی کہ وہ نیک اور بھلے کام میں رسول اللہ ﷺ کے حکم کی خلاف ورزی نہ کریں گی۔

بہت سی احادیث وہ ہیں جن میں ان باتوں کے علاوہ چند اور باتوں پر بھی بیعت لی گئی ہے مثلا۔

1۔ دور جہالت میں عورتیں مرنے والوں پر نوحہ کیا کرتی تھیں، کپڑے پھاڑ لیتیں، منہ نوچتیں، بال کاٹتیں اور خوب بیان کیا کرتی تھیں۔ بخاری، مسلم اور نسائی میں ہے کہ آپ ﷺ اس بات پر بھی بیعت لیتے تھے کہ وہ عورتیں مرنے والوں پر نوحہ نہ کریں گی۔

2۔ حضور اکرم ﷺ کی ایک خالہ سلمیٰ بنت قیس فرماتی ہیں کہ میں انصار کے چند عورتوں کے ساتھ آپ کے پاس بیعت کے لئے حاضر ہوئی تو آپ نے قرآن کریم میں بیان کی گئی شرائط کے ساتھ بیعت لی اور ہم سے کہا کہ دیکھو شوہروں کے ساتھ دھوکے بازی مت کرنا۔ (مسند احمد) ۔

3۔ حضرت فاطمہ ؓ کی خالہ امیمہ بنت رقیقہ نے حضرت عبد اللہ بن عمرو العاص ؓ سے روایت نقل کی ہے کہ حضور اکرم ﷺ ان سے اس بات پر بھی بیعت لی کہ نوحہ نہ کرنا اور جاہلیت کے جیسے بنائو سنگھار کرکے اس کی نمائش نہ کرنا۔ ) (مسند احمد)

جب کبھی نبی کریم ﷺ عورتوں سے بیعت لیتے تو اس کا طریقہ یہ تھا کہ جس طرح آپ مردوں کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لے کر بیعت کرتے تھے اسی طرح آپ ﷺ عورتوں کے ہاتھ پر ہاتھ نہ رکھتے بلکہ ان سے زبانی طور پر عہد لے کر آپ ﷺ فرما دیتے تھے کہ میں نے تجھ سے بیعت لی۔ (بخاری) ۔

اسی لئے ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ نے فرمایا ہے کہ اللہ کی قسم بیعت میں حضور اکرم ﷺ کا ہاتھ کبھی کسی عورت کے ہاتھ سے چھوا تک نہیں۔ آپ ﷺ عورتوں سے بیعت لیتے وقت بس زبان سے فرما یتے کہ میں نے تجھ سے بیعت لی۔ (بخاری)

اب قیامت تک عورتوں سے بیعت لینے کا یہی طریقہ ہے کہ ان سے زبانی اقرار کرا کے ان سے کہہ دیا جائے کہ میں نے ان سے بیعت لے لی۔ لیکن مردوں کے لئے بیعت لینے کا طریقہ یہ ہے کہ ہاتھ پر ہاتھ رکھا جائے اور ان تمام باتوں کا اقرار لیا جائے جس کا حکم قرآن کریم اور احادیث میں دیا گیا ہے۔ لیکن اگر بیعت کرنے والے زیادہ ہوں تو بہتر ہے سب مل کر کوئی کپڑا یا چادر پکڑ لیں اور بیعت کرلیں۔

بیعت لینے کے بعد تمام لوگوں کے لئے ان گناہوں اور بھول چوک سے معافی کی دعا کرنی چاہیے اور آئندہ ہر گناہ سے بچنے کی تلقین کی جائے۔ اللہ اپنے بندوں پر بہت مہربانی ہے وہ ضرور تمام گناہوں کو معاف فرمادے گا۔

آخر میں فرمایا گیا کہ اے مومنو ! تم ان لوگوں سے قلبی تعلق اور دوستی قائم نہ کرو جن پر اللہ کا غصہ اور غضب نازل کیا گیا ہے کیونکہ تمہیں تو اللہ سے اس کی امید ہے کہ تم جو بھی بھلا کرو گے اللہ اس کی جزائے خیر عطا فرمائے گا لیکن یہ کفار اور اللہ کے دشمن تو ہر ثواب سے اسی طرح مایوس ہیں کہ تمام رشتہ دار جو قبروں میں دفن کئے جا چکے ہیں وہ کبھی زندہ ہو کر دوبارہ اٹھائے جائیں گے۔