IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 60. Al-Mumtahana · Ayah 7

  1. عَسَى اللّٰهُ اَنْ یَّجْعَلَ بَیْنَكُمْ وَ بَیْنَ الَّذِیْنَ عَادَیْتُمْ مِّنْهُمْ مَّوَدَّةً١ؕ وَ اللّٰهُ قَدِیْرٌ١ؕ وَ اللّٰهُ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ﴿7﴾

    1. عَسَى اللّٰهُقریب ہے کہ اللہ
    2. اَنْ يَّجْعَلَکہ وہ کردے
    3. بَيْنَكُمْتمہارے درمیان
    4. وَبَيْنَاور درمیان
    5. الَّذِيْنَان لوگوں کے
    6. عَادَيْتُمْتم عداوت رکھتے ہو
    7. مِّنْهُمْان سے
    8. مَّوَدَّةً ۭدوستی
    9. وَاللّٰهُاور اللہ
    10. قَدِيْرٌ ۭقدرت رکھنے والا
    11. وَاللّٰهُ غَفُوْرٌاور اللہ بخشنے والا
    12. رَّحِيْمٌرحم کرنے والا
Translation · Baseerat-e-Quran
شاید کہ اللہ تم میں اور ان لوگوں میں جن سے تمہاری دشمنی ہے دوستی پیدا کردے۔ اللہ قدرت رکھنے والا اور مغفرت کرنے والا اور رحم کرنے والا ہے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

عسی ۔ شاید۔ امید ہے کہ ۔ عادیتم۔ تم نے دشمنی کی۔ ان تبروا۔ یہ کہ تم نیکی (نہ ) کرو گے۔ تفسطوا۔ تم انصاف کرو گے۔

تشریح : انسان دنیا کے کسی بھی خطے میں رہتا بستا ہوا اپنے گھرو الوں اور رشتہ داروں کی محبت کو دل سے نہیں نکال سکتا۔ مکہ مکرمہ سے ہجرت کے بعد ان اہل ایمان سے جو اپنا سب کچھ چھوڑ کر محض اللہ کی رضا اور رسول اللہ ﷺ کی اطاعت و محبت میں مدینہ منورہ آگئے تھے ان سے فرمایا گیا کہ تم کافر رشتہ داروں سے قطع تعلق کرلو۔ ان کے ساتھ حسن سلوک سے نہیں بلکہ قلبی محبت رکھنے کو منع فرما دیا گیا تھا۔ اہل ایمان اس حکم پر پوری طرح عمل نہایت صبرو برداشت سے کر رہے تھے لیکن ان پر کیا گذر رہی ہوگی اس کا اندازہ کرنا کچھ مشکل نہیں ہے۔ اس موقع پر اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا ہے کہ یہ لوگ جو ا اج تمہارے دشمن بنے ہوئے ہیں بہت جلد تمہارے دوست بن جائیں گے۔ یہ ارشاد ایک تسلی بھی تھی اور فتح مکہ کی خوش خبری بھی چناچہ چند ہفتے نہیں گزرتے تھے کہ مکہ مکرمہ بغیر جنگ کے فتح ہوگیا اور وہی قریش مکہ اور مشرکین جو پہلے دشمن تھے انہوں نے دین اسلام کو قبول کرلیا۔ دشنی دوستی میں بدل گئی۔ اسی بات کو زیر مطالعہ آیات میں ارشاد فرمایا گیا ہے۔ ارشاد ہے کہ اللہ جو ہر طرح کی قدرت رکھنے والا اور اپنے بندوں کی مغفرت کرنے والا ہے ممکن ہے کہ وہ تم میں اور ان لوگوں میں جن سے تمہاری دشمنی ہے دوستی پیدا کردے۔ اس جگہ ایک اصول بات بھی بتائی گئی کہ اللہ تعالیٰ تمہیں ان لوگوں کے ساتھ احسان کرنے اور عدل و انصاف کرنے سے نہیں روکتا جو نہ تو تمہارے دین کے بارے میں تم سے جھگڑتے ہیں اور نہ انہوں نے تمہیں تمہارے گھروں سے نکالنے میں حصہ لیا ہے۔ ان کے ساتھ عدل و انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جانا چاہیے کیونکہ اللہ کو ایسے لوگ بہت پسند ہیں جو انصاف سے کام لیتے ہیں۔ البتہ اللہ تعالیٰ تمہیں ان لوگوں کی دوستی سے منع کرتا ہے جو تمہارے دین کے بارے میں تم سے جنگ کرتے ہیں۔ جنہوں نے تمہیں تمہارے گھروں سے نکالا یا ان لوگوں کی مدد کی جنہوں نے تہیں تمہارے گھروں سے نکالنے کی کوشش کی۔ ان جیسے لوگوں سے دوستی کرنا بڑے ظلم کی بات ہے۔ اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو وہ یقینا ظالموں میں سے ہوگا۔