بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 70. Al-Ma'aarij · Ayah 19
اِنَّ الْاِنْسَانَ خُلِقَ هَلُوْعًاۙ﴿19﴾
- اِنَّ الْاِنْسَانَبیشک انسان
- خُلِقَپیدا کیا گیا
- هَلُوْعًابےصبرا۔ تھڑ دلا
لغات القرآن۔
ھلوعا۔ بزدل۔ ڈرپوک۔ جزوعا۔ گھبرا جانے والا۔ منوعا۔ ہاتھ روک لینے والا۔
تشریح :
اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے آدمی کو بڑی عظمتوں اور زبردست صلاحیتوں سے نواز ہے وہ جب کائنات میں آگے بڑھتا ہے تو خشکی، تری اور فضاؤں پر حکمرانی کرنے لگتا ہے لیکن اس کی تخلیق اور فطرت میں کچھ کمزوریاں بھی رکھ دی گئی ہیں۔ اگر وہ ان کمزوریوں پر قابو پا لے تو پھر وہ دنیا میں سربلند اور آخرت کی نجات کا مستحق بن جاتا ہے۔ فرمایا کہ آدمی اپنے بےانتہا صلاحیتوں کے باوجود بہت بےصبرا، کم ہمت اور تنگ دل واقع ہوا ہے۔ اس کو ذرا تکلیف پہنچتی ہے تو وہ گھبرا جاتا ہے اور جب اس کو خیر اور خوش حالی نصیب ہوتی ہے تو وہ بخل اور کنجوسی کرنے اور اپنے آپ کو دوسروں سے بلند تر اور عزت دار سمجھے لگتا ہے۔ لیکن فرمایا کہ وہ لوگ جو اپنی فطری کمزورویوں پر قابو پا لیتے ہیں اور اللہ و رسول کی اطاعت و فرماں برداری اختیار کرتے ہیں وہ بدحالی اور خوشحالی ہر دور میں ہمت و جرأت اور سخاوت کا پیکرہوتے ہیں۔ وہ کون لوگ ہیں ؟ اس کی تفصیل یہ ہے کہ
1۔ جو لوگ نمازوں کا اہتمام اور پابندی کرتے ہیں۔
2۔ وہ لوگ جو اپنی ضروریات کے باوجود ان لوگوں کا خیال رکھتے ہیں جو ان سے کوئی مدد مانگتے ہیں اور وہ ان لوگوں کی تلاش میں بھی رہتے ہیں جو اپنی سفید پوشی اور شرم کی وجہ سے تنگی اور بدحالی کے باوجود کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ہمت نہیں کرتے۔ یہ ان کی ہر طرح مدد کرتے ہیں۔
3۔ وہ لوگ جو قیامت کے دن کی تصدیق کرتے ہوئے اس بات کا یقین رکھتے ہیں کہ ایک وقت ایسا آنے والا ہے جب اس نظام کائنات کو توڑ کر ایک نئی دنیا بنائی جائے گی پھر اولین و آخرین کے تمام لوگوں کو دوبارہ زندہ کرکے ان سے زندگی کے ایک ایک لمحے کا حساب لے کر جنت یا جہنم میں پہنچایا جائے گا۔
4۔ جو لوگ اپنے پروردگار سے ڈرتے ہوں گے کیونکہ ان کے رب کا عذاب بےخوف ہونے کی چیز نہیں ہے۔
5۔ وہ لوگ جو اپنی بیویوں اور باندیوں کے سوا اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرتے ہیں یعنی بدکاری کے کسی راستے پر نہیں چلتے بلکہ اللہ ورسول کے احکامات کی مکمل پابندی کرتے ہیں۔
6۔ وہ لوگ جو امانتوں کی حفاظت کرتے ہیں وہ امانتیں جو ان کے سپرد کی جاتی ہیں ان کو وہ پوری طرح ادا کرتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جس میں امانت نہیں اس کا کوئی ایمان نہیں۔ (بیہقی) ۔
7۔ اپنے ہر اس عہد کی پابندی کرتے ہیں جو انہوں نے اللہ سے یا بندوں سے کئے ہیں۔ اس کے متعلق بھی نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ جو شخص عہد کا پابند نہیں اس کا کوئی دین نہیں۔ (بیہقی) ۔
8۔ و ہ لوگ جو اپنی گواہیوں کو ٹھیک طور پر ادا کرتے ہیں یعنی وہ سچی گواہی دیتے وقت اپنے یا غیر، چھوٹے یا برے کا لحاظ نہیں کرتے بلکہ جو سچی گواہی ہے وہ پیش کرتے ہیں۔
9۔ وہ لوگ جو اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں یعنی جسم و لباس اور جگہ کی پاکیزگی، وضو کا اہتمام اور فرض، واجب، سنت اور مستحب باتوں کا خیال رکھتے ہوئے نماز ادا کرتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ جن لوگوں میں یہ مذکورہ صفات ہوں گے وہ اپنی فطری کمزوریوں کے باوجود کامیاب و بامراد ہوں گے اور جنتوں میں عزت و احترام کے ساتھ داخل کئے جائیں گے۔