بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 72. Al-Jinn · Ayah 16
وَّ اَنْ لَّوِ اسْتَقَامُوْا عَلَى الطَّرِیْقَةِ لَاَسْقَیْنٰهُمْ مَّآءً غَدَقًاۙ﴿16﴾
- وَّاَنْاور یہ کہ
- لَّوِاگر
- اسْتَقَامُوْاوہ قائم رہتے
- عَلَي الطَّرِيْقَةِ(سیدھے) راستہ پر
- لَاَسْقَيْنٰهُمْتو البتہ ہم انہیں پلاتے
- مَّآءًپانی
- غَدَقًاوافر
لغات القرآن۔
استقاموا۔ وہ کھڑے ہوئے۔ اسقینا۔ ہم نے پلایا۔ غدق۔ ڈھیروں۔ لبد۔ اکٹھے۔ اضعف۔ زیادہ کمزور۔ اقل۔ تھوڑا۔ لا یظھر۔ وہ مطلع نہیں کرتا۔ ارتضی۔ اس نے منتخب کرلیا۔ یسلک۔ وہ چلاتا ہے۔ رصد۔ نگہبان۔ احصی۔ اس نے شمار کرلیا۔
تشریح : کفار مکہ عقیدہ کی گندگی میں مبتلا تھے۔ ان کا جنات اور اپنے کاہنوں کے متعلق یہ گمان تھا کہ وہ غیب کی تمام باتوں کو جانتے ہیں اسی لئے وہ جنات سے پناہ مانگتے اور کاہنوں سے اپنی تقدیر کے فیصلے کراتے تھے۔ دوسری بات یہ تھی کہ وہ جس کو بیت اللہ کہتے تھے اس میں سیکڑوں بت رکھے ہوئے تھے۔ ان کو اپنی سفارشی مان کر ان سے فریادیں کرتے اور اپنی مرادین مانگا کرتے تھے۔ اگر کوئی یہ کہتا کہ لوگو ! یہ اللہ کا گھر ہے اس میں صرف اسی کی عبادت کی جائے اللہ ہی سے اپنے حاجتوں کے لئے سوال کیا جائے تو وہ اس آواز کو برداشت نہیں کرتے تھے اور اس پر ٹوٹ پڑتے تھے۔ اس سے مراد نبی کریم ﷺ ہیں جب آپ بیت اللہ میں عبادت کرتے اور لوگوں کو ان بےجان بتوں کی حقیقت بتاتے جو نہ تو کسی کو نفع پہنچا سکتے ہیں اور نہ کسی کو نقصان پہنچانے کی طاقت رکھتے ہیں۔ کفار یہ سن کر آپ کا مذاق اڑاتے اور چاروں طرف سے آپ پر ٹوٹ پڑتے اور ستانے میں کمی نہ چھوڑتے۔
اللہ تعالیٰ نے زیر مطالعہ آیات میں ان تمام باتوں کو کھول کر بیان فرمایا ہے۔ نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ کہہ دیجئے کہ سب کچھ دینے والی ذات اللہ کی ہے اس کے سوا کوئی نہیں ہے جو تمہیں کچھ بھی دے سکے۔ اگر تم ایمان لا کر نیک اعمال کرو گے اور ان پر ثابت قدم رہوگے تو اللہ تمہیں خوش حال کردے گا اور تمہیں کسی چیز کی کمی نہ رہے گی البتہ اگر نعمتیں پانے کے بعد کسی نے اللہ کی ناشکری کی تو پھر ایسے لوگوں کو سخت ترین سزا دی جائے گی۔
دوسری بات یہ فرمائی کہ اے نبی ﷺ ! آپ ان سے کہہ دیجئے کہ اللہ کی طرف سے وحی کی گئی ہے کہ بلاشبہ مسجدیں اللہ کے لئے مخصوص ہیں ان مساجد میں اللہ کے سوا کسی کو نہ پکارا جائے اور جب کوئی اللہ کا نام بلند کر رہا ہو تو اس کا ساتھ دینا چاہیے۔ اگر اللہ کے گھر میں اللہ کا نام لینے والے پر لوگ ٹوٹ پڑیں تو یہ ایک انتہائی نامناسب حرکت ہوگی۔
نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ کہہ دیجئے کہ میں تو صرف اپنے رب کو پکارتا ہوں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہیں کرتا۔ اللہ کے سوا کوئی نقصان پہنچانے یا نفع دینے کا اختیار نہیں رکھتا کیونکہ یہ تو سب چیزیں اللہ کے اختیار میں ہیں مجھے بھی اللہ کے دامن ہی میں پناہ مل سکتی ہے۔ میرا کام اس کے سوا کچھ نہیں ہے کہ اللہ نے جس پیغام کے پہنچانے کی ذمہ داری میرے سپرد کی تھی وہ میں نے نہایت دیانت و امانت کے ساتھ پہنچا دی ہے۔ اب اس کے بعد جو بھی اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرے گا تو اس کیلئے جہنم کی وہ آگے تیار کی گئی ہے جس میں انہیں ہمیشہ ہمیشہ رہنا ہوگا جب اللہ کے نافرمان اس عذاب اور جہنم کو دیکھیں گے اس وقت انہیں معلوم ہوگا کہ کون مددگاروں کیا اعتبار سے کمزور ہے اور کون شمار کے لحاظ سے کم ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ ان سے کہہ دیجئے کہ مجھے یہ معلوم نہیں ہے کہ اللہ نے جس عذاب کا فیصلہ کیا ہے وہ قریب ہے یاد ور ہے کیونکہ ان چیزوں کا تعلق غیب سے ہے اور غیب کا سارا علم اللہ کے سوا کسی کو نہیں ہے۔
انبیاء کرام (علیہ السلام) کو وحی کے ذریعہ اتنا ہی علم غیب دیاجاتا ہے جس کی انہیں ضرورت ہوتی ہے لیکن غیب کی ہر بات کا علم انہیں نہیں دیا جاتا۔ عالم الغیب صرف اللہ کی ذات ہے کوئی نبی اور رسول غیب سے وحی کے ذریعہ مطلع تو کیا جاتا ہے لیکن وہ خود اللہ تعالیٰ کی طرف عالم الغیب نہیں ہوا کرتا۔
فرمایا کہ وحی کے ذریعے جس غیب کا علم دیا جاتا ہے یا جو وحی کی جاتی ہے اس کی حفاظت کے لئے اللہ نے فرشتے مقرر کر رکھے ہیں تاکہ پیغام الٰہی میں کوئی کسی طرح کی آمیزش یا ملاوٹ نہ کرسکے اور اللہ کا پیغام پوری طرح پہنچ جائے۔ یہ بھی فرمایا کہ اللہ اس علم کے لئے فرشتوں کا محتاج نہیں ہے بلکہ اس کا علم تو ہر چیز پر چھایا ہوا ہے اور اس نے ہر چیز کو شمار کر رکھا ہے۔