بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 74. Al-Muddaththir · Ayah 1
یٰۤاَیُّهَا الْمُدَّثِّرُۙ﴿1﴾
- يٰٓاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُاے کپڑے میں لپٹے ہوئے (محمد)
لغات القرآن۔
المدثر۔ چادر اوڑھ لپیٹ کر لیٹنے والے۔ ثیاب۔ کپڑے۔ الرجز۔ گندگی ۔ ناپاکی۔ اھجر۔ اس کو چھوڑو۔ دوررہ۔ لاتمنن۔ احسان نہ جتا۔ تستکثر۔ زیادہ کی طلب۔ نقر۔ بچایا گیا۔ پھونکا گیا۔ الناقور۔ صور۔ وحید۔ تنہا۔ اکیلا۔ ممدود۔ پھیلایا گیا۔ شھود۔ سامنے۔ ہر جگہ۔ مھدت۔ میں نے تیار کردیا۔ یطمع۔ امید رکھتا ہے۔ عنید۔ نہ ماننے والا۔ ارھق ۔ میں چڑھا دوں گا۔ صعود۔ چڑھائی۔ اونچائی۔ عبس۔ اس نے تیوری چڑھائی۔ بسر۔ اس نے کڑوا سا منہ بنایا۔ یوثر۔ پہلے چلا آتا ہے۔ سقر۔ آگ۔ لاتذر۔ پیچھا نہ چھوڑے گی۔ لواحۃ۔ جھلس ڈالنے والی۔ تسعۃ عشر۔ انیس۔
تشریح :
اللہ تعالیٰ… کی طرح نہایت شفقت و محبت سے نبی مکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو “ یایھا المدثر “ کہہ کر خطاب فرمایا ہے کہ اے چادر یا کمبل میں لپٹ کر بیٹھنے والے اب اٹھ کر کھڑے ہوجائیے اور وہ لوگ جو اللہ کو چھوڑ کر غیر اللہ کی بندگی میں لگ کر بھٹک گئے ہیں ان کو اللہ کے خوف اور آخرت میں برے انجام سے ڈرائیے اور جس معاشرہ میں ہر شخص غرور، تکبر اور جہالت کا پتلا بنا ہوا ہے انہیں بتا دیجئے کہ اس کائنات اور آخرت میں اللہ کے سوا کسی کو کوئی بڑائی حاصل نہیں ہے۔ عقیدہ توحید کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا کہ آج پوری دنیا عقیدوں اور اخلاق کی جند گندگیوں میں پڑی ہوئی ہے اس سے اپنے دامن کو بچا کر رکھئے اور محض اللہ کی رضا و خوشنودی کے لئے ہر شخص کے ساتھ بےغرضانہ سخاوت اور حسن سلوک کا معاملہ کرتے رہیے اور کسی پر کوئی احسان اس جذبے سے نہ کیجئے کہ آج جو میں نے کسی کو کچھ دیا ہے کل اس سے بہتر وصول ہوجائے گا۔ جب آپ ان لوگوں کو اللہ کے دین اور ان سچائیوں پر چلائیں گے تو طرح طرح کے مصائب، مشکلات اور پریشانیاں آئیں گی ان پر محض اللہ کو راضی کرنے کے لئے صبر، برداشت اور تحمل سے کام لیجئے۔ قیامت کا دن انسان سے بہت دور نہیں ہے ایک صور پھونکا جائے گا تو کائنات میں ہر چیز ختم ہوجائے گی اور جب دوسری مرتبہ صور پھونکا جائے گا اور اللہ کی ساری مخلوق میدان حشر میں جمع ہوجائے گی وہ کافروں کے لئے بہت ہی ہولنکا اور تباہ کن دن ہوگا اور اس میں ان کو سخت سزا دی جائے گی۔ وہ لوگ جنہیں دنیا کی معمولی سے دولت اور اولاد مل گئی ہے وہ اس پر اترار ہے ہیں۔ اللہ کا شکر ادا کرنے کے بجائے ناشکری کر رہے ہیں۔ وہ لوگ جنہیں دنیا کی معمولی سی دولت اور اولاد مل گئی ہے وہ اس پر اترا رہے ہیں۔ اللہ کا شکر ادا کرنے کے بجائے ناشکری کر رہے ہیں۔ ان کی ہوس اور لالچ کا یہ حال ہے کہ انہیں جتنا کچھ دیا گیا ہے اس پر قناعت کرنے کے بجائے اس سے بھی زیادہ کی طلب میں بھاگ دوڑ کر رہے ہیں۔ فرمایا ایسے لوگوں سے میں خود نبٹ لوں گا اس کا معاملہ مجھ پر چھوڑئیے اور دیکھتے رہے کہ جس مال و دولت پر وہ اس قدر اکڑ رہے ہیں وہ اس دنیا کی زندگی تک ان کیس اتھ رہے گی اس کے بعد قیامت کے دن تو میں ایسے لوگوں کو جہنم کے ٹیلوں پر اس طرح چڑھاؤں گا کہ وہاں ان کی دولت، مال اور اولاد ان کے کسی کام نہ آسکے گی۔ ان کو ایسی جہنم میں جھونکا جائے گا جس کی آگ کی اتنی شدت ہوگی کہ وہ ہر چیز کو جلا کر خاک کردے گی اور کسی چیز کو نہ چھوڑے گی۔ ان کی کھالیں جھلس جائیں گی اور ان کے چہرے بگڑ جائیں گے۔ اس جہنم پر ان کو عذاب دینے کے لئے ایک فرشتہ ہی کافی تھا لیکن اس جہنم پر انیس فرشتے مقرر ہوں گے (جن کے لاکھوں کروڑوں معاون اور مددگار فرشتے ہوں گے) ان سے بچ نکلنے کا کوئی راستہ نہ مل سکے گا۔ یہ تو انیس فرشتے ہیں لیکن اللہ کے فرشتوں کا لشکر کتنا بڑا ہے اور اس کے کتنے فرشتے ہیں ان کی تعداد کا اندازہ کرنا ممکن ہی نہیں ہے اس کا علم صرف اللہ کو ہے۔ فرمایا کہ ایسے لوگوں کے لئے موت کے فرشتے آنے سے پہلے توبہ کا دروازہ کھلا ہوا ہے۔ جس نے توبہ کرلی اور دین کی سچائیوں کو اپنا کر ان پر چلنے کا ارادہ کرلیا دنیا اور آخرت کی بھلائی ایسے ہی لوگوں کے لئے ہے لیکن اگر جانتے بوجھتے حق و صداقت کا مذاق اڑایا گیا اور اس کی حقیقت کا انکار کیا گیا تو اس کا انجام بڑا بھیانک ہوگا اور ناقابل تصور جہنم کی شدید آگ میں جھلسنا ہوگا۔ اللہ کے ہر حکم اور ارشاد کا یقینی ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔
سورۃ المدثر کے چند الفاط کی تفصیل یہ ہے۔
1۔ یایھا المدثر۔ اے چادر کو لپیٹ کر بیٹھنے والے۔ دثار اس لمبے کپڑے، چادر یا کمبل کا کہا جاتا ہے جو سردی اور ٹھنڈک سے بچنے کے لئے کپڑوں کے اوپر اوڑھا جاتا ہے۔ نبی کریم ﷺ کو یا یھا المدثر کہنے میں ایک تو آپ کی شان محبوبیت کی طرف اشارہ ہے اور دوسرے اس واقعہ کی طرف متوجہ کیا گیا ہے جب سورة علق کی ابتدائی پانچ آیتوں کے نازل ہونے کے بعد کچھ عر سے کے لئے آپ ﷺ پر وحی کا سلسلہ بند ہوگیا تھا اس کو ” فترۃ الوحی “ کہا جاتا ہے۔ نبی کریم ﷺ ارشادفرماتے ہیں کہ ایک دن میں کسی جگہ سے گزر رہا تھا کہ ایک آواز سنی۔ میں نے سراٹھا کر دیکھا تو وہی فرشتہ جو غار حرا میں میرے پاس آیا تھا ( اپنی اصلی صورت میں) زمین وآسمان کے درمیان ایک تخت پر بیٹھا ہوا ہے۔ میں یہ دیکھ کر سخت پریشان ہوگیا۔ گھر پہنچ کر میں نے کہا مجھے اڑھائو، مجھے اڑھائو۔ اس کے کچھ عرصے بعد سورة ٔ مدثر کی مذکورہ آیتیں نازل فرمائیں اور پھر مجھ پر لگا تار وحی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اللہ تعالیٰ نے اس کیفیت کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ اے چادر یا کمبل اوڑھ لپیٹ کر بیٹھنے والے نبی ﷺ ! آپ اٹھئے اور ساری دنیا کو پیغام الٰہی پہنچا دیجئے اور لوگوں کو ان کے برے اعمال کے بدترین انجام سے آگاہ کر دیجئے اور اس کا خوف دلائیے۔ اسی کو فرمایا قم فانذر اٹھئیے اور ڈرائیے۔
2۔ وربک فکبر۔ اور اپنے رب کی بڑائی بیان کیجئے۔ یعنی اپنے اس پروردگار کی بڑائی بیان کیجئے جو ہر ایک بڑائی اور عظمت کا مستحق ہے۔ وہی سب سے بڑا ہے اور اس کے مقابلے میں کوئی بڑا اور قابل تعظیم نہیں ہے۔ یہاں اس بات کو سمجھنا ضروری ہے کہ کسی شخص کا غرور وتکبر اور اپنی ذات کی بڑائی شیطان کا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ جب کسی کو بڑی مقدار میں مال و دولت، راحت و آرام کے اسباب، بہترین سواریاں، کھیتی باڑی اور بلند وبالا مکانات، بلڈنگیں اولاد مل جاتی ہے تو وہ ان پر شکر ادا کرنے کے بجائے ناشکری اور غرور وتکبر کے راستے پر چل پڑتا ہے۔ اور اپنے سوا وہ ہر ایک کو کمتر اور ذلیل سمجھنے لگتا ہے۔ شیطان اس کو سمجھاتا ہے کہ اس دنیا میں نہ تو اس سے کوئی بڑا ہے نہ کوئی اور عزت و تعظیم کا مستحق ہے چناچہ جب ایسے لوگوں کو سمجھا یا جاتا ہے کہ وہ غرور تکبر نہ کریں تو یہ کہنے سے ان کا غرور وتکبر بڑھتا ہی چلا جاتا ہے۔ جب نبی کریمو نے اعلان نبوت کے بعد اللہ کے کلام کی طرف متوجہ کیا تو وہ لوگ جو اپنے معاشرہ میں بڑے بن بیٹھے تھے سچائی کو سمجھنے کے باوجود اس سے منہ پھیر کر اللہ کے کلام کا انکار کر بیٹھے اور انہوں نے اللہ کے نبی کی بات ماننے کے بجائے اس طرح کے عیب تلاش کرنا شروع کردئیے جس سے اس ابھرتی ہوئی تحریک اور کام کی حیثیت کو گھٹایا جاسکے۔ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ اپنے پروردگار کی بڑائی اور عظمت کا اعلان کرکے ساری دنیا کو بتا دیجئے کہ اس سے بڑھ کر دوسرا کوئی نہیں ہے۔ ساری عظمتوں کا مستحق صرف ایک اللہ ہے۔
3۔ وثیابک فطھر۔ اور اپنے کپڑوں کو پاک رکھئے۔ ان الفاط میں ایک تو صفائی ستھرائی اور کپڑوں کو پاک صاف رکھنے کا حکم ہے کیونکہ پاکی، صفائی اور ستھرائی جسمانی ہو یا روحانی وہ نصف ایمان ہے لیکن یہ الفاظ اور اس کے معانی اس قدر جامع ہیں اور ان کا مفہوم اس قدر وسیع ہے کہ مفسرین نے ان کی مختلف تفسیریں بیان کی ہیں جن کا خلاصہ یہ ہے کہ اے نبی ﷺ ! آپ عقیدہ توحید کو پھیلانے کے جس عظیم مقصد کو لے کر چل رہے ہیں اس میں اپنے نفس اور قلب کو، ظاہر اور باطن کو، اخلاق اور معاملات کو، روح اور جسم کو صاف ستھرا اور پاکیزہ رکھئے اور لباس جو انسان کی شخصیت کی پہنچان ہے اس کو غرور وتکبر اور شان و شوکت کی گندگیوں سے بچا کر رکھئے۔
4۔ والرجز فاھجر۔ بتوں ( کی گندگی) سے دور رہیے۔ یعنی جس طرح آپ ہمیشہ سے بتوں اور ان کی گندگیوں سے دور رہے ہیں اسی طرح اب آپ ان لوگوں کو جو بتوں اور غیر اللہ کی عبادت و بندگی، نفسانی خواہشات، باپ دادا کی رسموں اور غیر انسانی زندگی کی گندگیوں میں ملوث ہو کر اپنے خالق حقیقی سے بھٹک کر دور چلے گئے ہیں ان کو سیدھے راستے پر لائیے۔ اور ان کو صراط مستقیم پر چلانے کی جدوجہد کیجئے۔
5۔ ولا تمنن تستکثر۔ کسی پر زیادہ بدلہ چاہنے کے لئے احسان نہ جتائیے۔ یعنی کسی شخص پر کوئی احسان اور نیکی کرنے میں یہ جذبہ شامل نہ ہونا چاہیے کہ جو کچھ اس وقت دیا ہے آئندہ اس سے زیادہ وصول ہوجائے گا۔ آپ محض اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لئے ایسی بےغرضانہ عطا و بخشش، سخاوت ، نیکی اور حسن سلوک کرتے رہیے جس میں بدلے اور صلے کی کوئی تمنا شامل نہ ہو۔ ہر کام کی بنیاد میں یہ جذبہ پنہاں ہو کہ اللہ ہم سے راضی ہوجائے۔
6۔ ولربک فاصبر۔ اور اپنے رب کے لئے صبر کیجئے۔ صبر کا ایک مفہوم یہ ہے کہ ” نفس کو روکنا اور قابو میں رکھنا “ ۔ یہ فرمایا جا رہا ہے کہ اے نبی ﷺ ! آپ جس راستے پر قدم رکھ رہے ہیں یہ کانٹوں بھرا راستہ ہے۔ یہاں قدم قدم پر سخت مشکلات، پریشانیاں اور مصائب آئیں گے۔ عرب کے یہی لوگ جو آج آپ کے راستے میں اپنی پلکیں بچھا رہے ہیں آپ کو صادق و امین کہتے ہیں یہی سب لوگ حق و صداقت کا اعلان کرنے کے بعد آپ کے مخالفت اور دشمن بن جائیں گے۔ طرح طرح کی باتیں بنائیں گے اس وقت آپ پورے عزم و یقین کے ساتھ آگے بڑھتے جائیے اور ثابت قدمی اور مستقل مزاجی سے اپنے فرض کو پورا کرنے کی جدوجہد کیجئے۔ کسی کی پرواہ نہ کیجئے اپنے پروردگا کی رحمت پر امید رکھ کر صبر، تحمل اور برداشت سے کام لیجئے۔
7۔ فاذ انقرفی الناقور۔ پھر جب صور میں پھونک ماری جائے گی۔ عربی زبان میں ” نقر “ کے معنی آواز دینے اور بلانے کے آتے ہیں۔ یعنی قیامت کے دن جب انسانی جسموں اور روحوں کو بلانے کے لئے آواز دی جائے گی۔ صور پھونکا جائے گا اس دن کے آنے میں کوئی شک نہیں ہے۔ لیکن یہ دن کافروں کے لئے بہت سخت اور ناگوار دن ہوگا۔ کیونکہ اس دن ان کے تمام اعمال کا فیصلہ کرکے ان کو ایسی جہنم میں جھونکا جائے گا جہاں کی آگ ان کا حلیہ بگاڑ دے گی اور ان کو جلا کر خاک کرے دے گی۔ اس آگ میں ہر چیز کو جلاکر خاک کردینے کی ایسی صلاحیت ہوگی کہ اس آگ میں ڈالی جانے والی ہر چیز بھسم ہوجائے گی۔
8۔ ذرنی ومن خلقت وحیدا۔ مجھ اور جس کو میں نے اکیلا پیدا کیا اس کا معاملہ مجھ پر چھوڑئیے۔ فرمایا کہ وہ شخص جسے میں نے مال و دولت ، بیٹوں اور ہر طرح کا سامان زندگی عطا کیا وہ اس پر شکر ادا کرنے کے بجائے ناشکری کرتا ہے اور وہ اس مال و دولت کو اور زیادہ بڑھانے کی ہوس میں مبتلا ہے۔ ہماری آیتوں کی مخالفت اور دشمنی میں سب سے آگے ہے جب اس کے سامنے اللہ کا کلام پیش کیا جاتا ہے تو وہ اس کی حقانیت کو سمجھنے کے باوجود منہ اور پیٹھ پھیر کر اور غرور وتکبر سے تیوریاں چڑھا کر کہتا ہے کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ یہ تو وہی جادو ہے جو پہلے لوگوں سے چلا آرہا ہے اور جس کلام کو اللہ کا کلام کہا جاتا ہے وہ خود سے گھڑ کر اللہ کی طرف منسوب کردیا گیا ہے (نعوذ باللہ) ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے ہمارے حبیب ﷺ ! آپ ان جیسے لوگوں کی باتوں کی پرواہ نہ کیجئے۔ یہ جس مال و اسباب پر اتنا اترا رہے ہیں اس وقت تک کام دے سکتا ہے جب تک ان کو موت نہیں آجاتی۔ جب موت ا اجایے گی تو ان کو قبر میں اور قیامت میں یہ مال اللہ کے عذاب سے نہیں بچاسکتا۔ اللہ نے فرمایا کہ میں ان کو جہنم کی آگ سے بھرے ایسے ٹیلوں پر چڑھاؤں گا جہاں کی چڑھائی بھی بڑی سخت چڑھائی ہوگی۔ وہ جہنم جس پر اللہ کے انیس فرشتے مسلط ہوں گے وہ جہنم کی آگ ان کو جھلس کر رکھ دے گی اور ان کا حلیہ بگاڑ دے گی۔
9۔ وما جعلنا عدتھم الافتنۃ۔ اور ہم نے (فرشتوں کی) تعداد کو ( کافروں کے لئے) آزمائش بنایا ہے۔ یعنی جہنم کے فرشتوں کی تعداد جو انیس بتائی گئی ہے درحقیقت یہ اہل ایمان کے لئے ایک آزمائش ہے۔ کافر تو یہ سن کر مذاق اڑائیں گے اور اہل کتاب اگر واقعی وہ اہل کتاب ہیں اس پوری حقیقت کو سمجھ لیں گے کہ اس سے اللہ کی مراد جہنم کی شدت کو بیان کرنا ہے لیکن جب کافر اس کو سنے گا تو وہ مذاق ہی اڑائے گا۔ اس لئے یہ تعداد ایک آزمائش ہے۔ لیکن جو صاحبان ایمان ہیں وہ سن کر اپنے ایمان میں اور ترقیاں حاسل کرلیں گے۔ قرا ان کریم تو سراسر ہدایت ہے وہ اس کے ذریعہ جس کو چاہتا ہے ہدایت دیدیتا ہے اور جسے چاہے گمراہ کردیتا ہے لیکن گمراہ لوگ ہوتے ہیں جنہوں نے کفر اور گناہ کے راستے کا انتخاب کر رکھا ہے۔
ان آیتوں کا مفہوم واضح ہے لیکن علماء مفسرین نے آیتوں کی تشریح کرتے ہوئے ولید ابن مغیرہ کا واقعہ بیان کیا ہے جس کا خلاصہ یہ ہے۔
مکہ مکرمہ میں ولید ابن مغیرہ انتہائی مال دار اور دولت مند شخص تھا جسے راحت و آرام کے تمام اسباب عطا فرمائے گئے تھے۔ اس کے دس بیٹھے تھے ان میں سب سے زیادہ مشہور حضرت خالد بن ولید ؓ تھے جو بعد میں ایمان لے آئے تھے۔ وہ سب بیٹے صحت مند، توانا ور لمبے چوڑے تھے۔ ہر مجلس اور ہر جگہ وہ اپنے باپ کے ساتھ ساتھ رہتے اور ان کی شادی اور وقار میں اضافے کا سبب بنتے تھے۔ عرب کا یہی ایک مال دار شخص تھا جس کے تجارتی مراکز عرب کے مختلف شہروں میں قائم تھے۔ مال و دولت کے ساتھ ایک خصوصیت یہ تھی کہ وہ ایک اچھا شاعر اور عربی زبان پر اس کو بڑی قدرت حاصل تھی۔ ایک مرتبہ جب اس نے نبی کریم ﷺ کو قرآن حکیم کی تلاوت کرتے سنا تو ولید ابن مغر اس کلام کو سن کر جھوم اٹھا۔ اس کے دل پر قرآن کریم کی عظمت کا سکگہ بیٹھ گیا اور وہ بہت متاثر ہوا۔ ممکن اس نے ایمان قبول کرنے کا ارادہ کرلیا ہو اور اس کا ذکر کچھ لوگوں سے کردیا ہو۔ جب ابوجہل کو معلوم ہوا کہ ولید ابن مغیرہ رسول اللہ ﷺ کے لائے ہوئے کلام پر ایمان لانے کا ارادہ رکھتا ہے تو وہ بوکھلا اٹھا۔ اسے اس بات کا چھی طرح اندازہ تھا کہ اگر ولید ابن مگیرہ نے اسلام قبول کرلیا تو سارے عرب مین دین اسلام کو پھیلنے سے کوئی روک نہ سکے گا۔ وہ فوراً ہی ولید ابن مغیرہ کے پاس گیا اور نہایت ہوشیاری سے اس کو جہالت کی عصبیت پر ابھارتے ہوئے کہا کہ ولید تمہیں کیا ہوگیا تم انتہائی سمجھ دار آدمی ہو اور تم ایک ایسے نوجوان کی بتاون میں آگئے ہو جو کل کا نوجوان ہے۔ تم کیوں اپنی عزت کو داغ دار کر رہے ہو اور معاشرہ میں تمہارا جو مقام ہے اسے تم کیوں ڈبونے کے چک ر میں پھنس گئے ہو۔ اس نے یقین دلایا کہ یہ سب جادو کا اثر ہے اور یہ کلام ( حضرت) محمد ﷺ نے خود سے گھڑ لیا ہے۔ ابو جہل کی اس گفتگو کا اثر یہ ہوا کہ ولید ابن مغیرہ کا ذہن پلٹ گیا اور اس نے ابوجہل کی باتوں کو دھرانا شروع کردیا کہ یہ تو وہی جادو ہے جو خاندانوں میں جدائیاں ڈالنے والا اور آپس میں پھوٹ ڈالنے والا ہے۔ اس طرح ولید ابن مغیرہ ایمان کی دولت سے محروم ہوگیا۔ لیکن دین اسلام کی عظمت یہ ہے کہ وہی ولید ابن مغیرہ جو دنیاوی لالچ کی وجہ سے ایمان کی دولت سے محروم رہا اللہ نے اس کے بیٹے حضرت خالد بن ولید ؓ کو نہ صرف ایمان لانے کی توفیق عطا فرمائی بلکہ انہوں نے دربار نبوی ﷺ سے سیف اللہ کا خطاب حاصل کرکے تاریخ میں ایسے عظیم کارنامے سرانجام دئیے جو مومن مجاہدین کے لئے مشعل راہ ہیں۔