IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 75. Al-Qiyaama · Ayah 16

  1. لَا تُحَرِّكْ بِهٖ لِسَانَكَ لِتَعْجَلَ بِهٖؕ﴿16﴾

    1. لَا تُحَرِّكْآپ حرکت نہ دیں
    2. بِهٖاس (قرآن) کے ساتھ
    3. لِسَانَكَاپنی زبان کو
    4. لِتَعْجَلَکہ جلد (یاد کرلیں)
    5. بِهٖاس کو
Translation · Baseerat-e-Quran
(اے نبی ﷺ آپ اپنی زبان کو (وحی نازل ہونے کے وقت) جلدی جلدی حرکت نہ دیا کریں
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

لاتحرک۔ حرکت نہ دے۔ قرانہ۔ اس کو پڑھوا دینا۔ بیانہ۔ اس کو کھول دینا۔ بیان کرا دینا۔ العاجلۃ ۔ جلد ملنے والی چیز۔ ناضرۃ ۔ تروتازہ۔ باسرۃ۔ اداس ہونے والے۔ فاقرہَ کمر کو توڑ دینے والی۔ تراقی۔ ہنسلی۔ راق۔ جھاڑ پھونک کرنے والا۔ التفت۔ لپٹ گئی۔ المساق۔ چلنا۔ روانگی۔ یتمطی۔ اکڑتا ہوا۔ اولی لک۔ تیرے لئے خرابی ہے۔ سدی۔ یوں ہی ۔ یمنی۔ ٹپکائی گئی۔ یحییٰ ۔ وہ زندہ کرتا ہے۔ الموتی۔ مردے۔ بےجان۔

تشریح :

حضرت عبد اللہ ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ (ابتداء میں) جب نبی کریم ﷺ پر قرآن نازل کیا جاتا تو آپ اس خوف سے کہیں کسی چیز ( آیات قرآنی) کو بھول نہ جائیں تو حضرت جبرئیل (علیہ السلام) کے ساتھ جلدی جلدی وحی کے الفاظ دھراتے جاتے۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا اے نبی ﷺ ! آپ اپنی زبان مبارک کو ( اس وجہ سے ) جلدی جلدی حرکت نہ دیا کریں ( کہ وہ یاد ہوجائے) کیونکہ اس کا ( آپ کے قلب مبارک پر) جمع کرنا اور پھر اس کو پڑھوا دینا یہ ہماری ذمہ داری ہے۔ لہٰذا جب ہم (جبرئیل کے واسطے) آپ کو پڑھائیں تو آپ اس کی قرات کو نہایت غور سے نئے ( پھر یہی نہیں کہ ہم اس کو پڑھوا دیں گے بلکہ) اس کا مطلب سمجھا دینا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ تم جلد حاصل ہونے والی (دنیا کی چیزوں سے) تو بےانتہا محبت کرتے ہو اور اس آخرت کے دن کو بھول گئے ہو جو کفار و مشرکین کے لئے ایک ہولناک اور اہل ایمان کے لئے راحتوں سے بھرپور دن ہوگا۔ اس دن کچھ چہرے تو چمکتے دمکتے ، ہشاش بشاش اور پررونق ہوں گے۔ انہیں اللہ کی تجلیات کا کھلی آنکھوں سے دیدار نصیب ہوگا اور جنت کی ابدی راحتیں ان کی منتظر ہوں گی۔ اس کے برخلاف بعض چہروں پر نحوست، بےرونقی اور اداسی کی گھٹائیں چھائی ہوئی ہوں گی۔ وہ اپنے سامنے جہنم کے عذاب کو دیکھ کر اس بات کا اچھی طرح اندازہ لگالیں گے کہ وہ بہت جلد اس انجا تک پہنچے والے ہیں جو ان کی کمر توڑ کر رکھ دے گا۔

فرمایا کہ اگر یہ اللہ کے نافرمان اس دن غور کرلیتے جب ان کی جان گلے کی ہنسلی پہنچ گئی تھی ( یعنی دنیا سے گزر جانے کے وقت) جب وہ اپنی جان بچانے کے لئے ہر تدبیر اور علاج سے لے کر جھاڑ پھونک تک کرچکے تھے۔ جب ایک پنڈلی دوسری پنڈلی پر چڑھ گئی تھی یعنی اس میں اپنی پنڈلیاں ہلانے تک کی طاقت نہ رہی تھی اس دن ان کے کوئی کام نہ آیا تھا جب موت ان کے سامنے تھی پھر بھی انہیں توبہ کی توفیق تک نہ ہوئی حالانکہ موت کے فرشتے سامنے آنے سے پہلے توبہ قبول ہوسکتی ہے ۔

فرمایا یہ وہ لوگ ہوں گے جنہوں نے نہ تو اللہ کے دین کی تصدیق کی ہوگی نہ نماز پڑھی ہوگی بلکہ ہر سچائی کو جھٹلا کر انہوں نے غرور وتکبر سے اپنے چہروں کو پھیرلیا ہوگا اور نہایت غروروتکبر سے وہ اپنی خوشیوں میں مگن گھر کے عیش و آرام کی طرف چل دئیے ہوں گے۔ اللہ نے فرمایا کہ ایسے لوگوں کے لئے ہر طرح کی بربادیوں کے سوا کچھ بھی نہ ہوگا اور ایسے لوگ یہ نہ سمجھیں کہ ان کو یوں ہی بیکار اور فضول چھوڑ دیا جائے گا بلکہ ان کو سخت سزا دی جائے گی۔

اللہ نے فرمایا کہ انسان نے کبھی اپنی تخلیق یعنی پیدائش پر بھی غور کیا ہے ؟ فرمایا کیا وہ حقیر پانی کے ایک قطرہ سے پیدا نہیں کیا گیا جو رحم مادر میں ڈالا گیا تھا۔ پھر وہ خون کا لوتھڑا سا بن گیا۔ پھر اللہ نے ماں کے پیٹ میں اس کے تمام اعضاء درست کء اور اس کو جیتا جاگتا انسان بنادیا۔ مرد، عورت نر اور مادہ اس نے جس طرح چاہا اس کو مختلف جنسوں میں تقسی کردیا۔ یہ سب کچھ اللہ نے اپنی قدرت سے کیا تھا کہ ایک حقیر قطرہ کو ایک حسین شکل دیدی تھی اب وہی آدمی کہتا ہے کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ جب ہم مرجائیں گے، ہماری ہڈیاں گل سڑ جائیں گی اور ہمارے وجود کے ذرات کائنات میں بکھر جائین گے کیا ہم دوبارہ پیدا ہوں گے ؟ فرمایا کہ اگر اللہ پانی کے حقیر قطرے سے جیتا جاگتا انسان پیدا کرسکتا ہے تو کیا وہ اللہ جو ہر چیز قدرت رکھتا ہے اس بات پر قادر نہیں ہے کہ آدمی کو پھر سے پیدا کردے ؟ کیا اللہ ایک مرتبہ بنانے کے بعد دوسری مرتبہ بنانے کی طاقت نہیں رکھتا۔ ہرگز نہیں۔ اللہ جو اس کائنات کا ماکل ہے اس کو ہر طرح کی قدرت حاصل ہے اور وہ تمام لوگوں کے مرجانے کے بعد ان کو زندہ کرے گا اور پھر میدان حشر قائم کرکے ہر شخس کو اس کے اعمال کے مطابق جزا یا سزا دے گا۔ سورة القیامہ کی ان آخری آیات سے متعلق چند باتیں ۔

1۔ لا تحرک بہ لسانک۔ (یعنی اے نبی ﷺ آپ اپنی زبان کو اس قرآن (کے پڑھنے میں) جلدی جلدی حرکت نہ دیجئے۔ اس کی وضاحت سے پہلے قرآن کری کی چند آیات ملاحظہ کرلیجئے تاکہ اس کا مفہوم اچھی طرح سمجھ میں آجائے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا۔

٭بے شک ہم نے ہی اس ذکر (قرآن کریم) کو نازل کیا اور بیشک ہم ہی اس کی حفاظت کرنے والے ہیں۔

٭بے شک اس (قرآن مجید) کو (جبرئیل) اللہ کے حکم سے آپ کے قلب پر نازل کرتے ہیں۔ (بقرہ)

٭ہم آپ کو (یہ قرآن) اس طرح پڑھائیں گے کہ آپ اس کو بھول نہ سکیں گے (الاعلی)

٭ جب تک آپ پر پوری طرح قرآنی (آیات) نازل نہ ہوجائیں اس وقت تک آپ جلدی نہ کیا کیجئے (طہ)

٭زیر مطالعہ سورت القیامہ میں اللہ نے فرمایا کہ ” آپ اپنی زبان کو (اس وجہ سے) جلدی جلدی حرکت نہ دیا کریں (کہ وہ یاد ہوجائے) کیونکہ اس قرآن کو ( آپ کے قلب پر) جمع کردینا اور پڑھوا دینا یہ ہماری ذمہ داری ہے۔ لہٰذا جب ہم اس کو (جبرائیل کے واسطے سے) پڑھائیں تو آپ اس کو پوری توجہ سے سنئے۔ (القیامہ)

مذکورہ آیات میں اللہ تعالیٰ نے نہایت وضاحت سے بتا دیا ہے کہ یہ قرآن میرا کلام ہے جس کو میں نے جبرئیل کے ذریعہ حضرت محمد ﷺ کے قلب مبارک پر نازل کیا ہے۔ میں خود ہی اس کی حفاظت کروں گا۔ اس کی حفاظت کے لئے میں کسی کا محتاج نہیں ہوں۔ نبی کریم ﷺ کو بتا دیا گیا کہ جب آپ ﷺ پر قرآن کریم کو نازل کیا جا رہا ہو تو آپ اس کو یاد کرنے کے لئے اپنی زبان کو جلدی جلدی حرکت نہ دی اکریں اور اس کی فکر نہ کیا کریں کہ آپ اس کو بھول جائیں گے کیونکہ اس قرآن کو آپ کے قلب پر جمع کردینا اور پھر اس کو آپ کی زبان سے ادا کرادینا ان دونوں باتوں کی ذمہ داری ہماری ہے۔

احادیث سے ثابت ہے کہ آپ ﷺ نے دو مرتبہ پورا قرآن کریم حضرت جبرئیل امین کو سنایا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ حضور اکرم ﷺ کے دور سے آج تک لاکھوں کروڑوں ایسے لوگ رہے ہیں جنہوں نے قرآن کریم کو حفظ کرکے اللہ کے اس وعدے کو پورا کرنے کی سعادت حاصل کی ہے۔ آج بھی قرآن کریم کا ایک ایک لفط محفوظ ہے اور انشاء اللہ قیامت تک محفوظ رہے گا۔

قرآن کریم کی ان آیات اور تاریخ کی گواہیوں کے باوجود اگر کوئی یہ کہتا ہو کہ قرآن کریم کے چالیس سپارے تھے جن میں سے دس ھجرت عائشہ کی بکری کھا گئی یا اسی طرح کی کوئی اور فضول بات کرتا ہے تو درحقیقت وہ اللہ پر الزام لگاتا ہے کہ اللہ اپنے وعدے کے باوجود قرآن کریم کی حفاظت نہ کرسکا (نعوذ باللہ) ۔

2۔ فاذا قرانہ فاتبع قرانہ۔ پھر جب ہم اس کو (جبرئیل کے واسطے سے آپ کو) پڑھائیں تو اس کے پڑھنے کو غور سے سنئے۔ اسی بت کو ایک دوسری آیت میں اہل ایمان سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا گیا کہ ” جب قرآن کریم پڑھا جائے تو اس کو غور سے سنو اور خاموش رہو “۔ ان آیت کی تشریح ان بہت سی حدیثوں سے ہی ہوتی ہے جن میں آپ نے فرمایا ہے کہ ” جب نماز میں امام قرأت کرتا ہے تو تم خاموش رہ کر سنو ! (صحیح مسلم) ایک جگہ فرمایا کہ امام کی قرأت مقتدی کی قراءت ہے (بیہقی) ابتداء میں صحابہ کرام ؓ دوران نماز نبی کریم ﷺ کے ساتھ ساتھ تلاوت کرتے تھے بعد میں آپ نے اس سے منع فرمادیا۔ سورة فاتحہ اور آیات قرآنی جو نماز میں پڑھی جاتی ہیں امام کے پیچھے تلاوت کرنے سے منع کرکے خاموشی سے سننے کا حکم دیا گیا ہے۔ اسی لئے امام اعظم ابوحنیفہ (رح) کا مسلک یہ ہے کہ جب امام نماز کے دوران تلاوت کرتا ہو ( خواہ زور سے یا آہستہ سے) اس وقت مقتدی خاموش رہیں اور ساتھ ساتھ تلاوت نہ کریں کیونکہ امام کی قرأت مقتدیوں کی قرأت ہوا کرتی ہے۔

3۔ ثم ان علینا بیانہ۔ پھر اس کو واضح کرادینا ( مطلب سمجھا دینا بھی) ہماری ذمہ داری ہے۔

اللہ تعالیٰ نے نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! جب قرآن کری نازل کیا جائے تو آپ اس خوف سے اپنی زبان کو جلدی جلدی حرکت نہ دیا کریں کہ اس کے بعض حصے کو آپ بھول جائیں گے۔ کیونکہ یہ ہمارا کلام ہے ہم ہی اس کے محافظ ہیں لہٰذا جب آپ کے سامنے قرآن کری کی آیات تلاوت کی جائے تو آپ اس کو غور سے سنئے اس کلام کو آپ کے دل پر جمع کرکے آپ کی زبان مبارک سے ان آیتوں کے مطلب، مفہوم، معنیٰ اور مراد کو سمجھا دینا یہ بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ چناچہ آپ تئیس سال کے طویل عرصے میں قرآن کریم کی ایک ایک آیت کا مفہوم اپنے ارشادات اور عمل سے واضح کرکے صحابہ کرام ؓ کی ایک ایسی پاکیزہ اور مقدس جماعت تیار کی جنہوں نے قرآن و سنت کے ہر حکم پر عمل کرکے قرآن و سنت کی تعلیمات کو ساری دنیا تک پہنچانے کی مخلصانہ جدوجہد فرمائی۔

صحابہ کرام ؓ اور ان کے بعد آنے والے تابعین، تبع تابعین، ائمہ مجتہدین، حدثین، علماء کرام اور بزرگان دین نے ھضور اکرم ﷺ اور آپ کے جاں نثار صحابہ کرام ؓ کی اس جدوجہد اور کوشش کو آگے بڑھاتے ہوئے ارشادات نبوی کی روشنی میں قرآن و سنت کی تشریح فرمائی اور صراط مستقیم کی راہوں کو روشنی ومنور کیا۔ لیکن ہمارے دور میں کچھ ایسے بدنصیب لوگ بھی ہیں جو ترقی پسندی اور جدید دور کے تقاضوں کا نام لے کر قرآن کریم کی ایسی من مانی تشریح اور تاویل کر رہے ہیں جس کا قرآن و سنت سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ وہ نبی کریم ﷺ کی احادیث کو عجمی سازش کا نام دے کر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن الحمد اللہ ہمارے علماء اور بزرگان دین نے ایسے ولگوں کی سازش کو بےنقاب کرنے کی مسلسل کوششیں کرکے اپنا فرض پورا کیا ہے اور انشاء اللہ قیامت تک کرتے رہیں گے۔

4۔ اس سورت میں قیامت کے ہولناک دن کا ذکر کرتے کرتے درمیان میں اللہ نے عطمت قرآن کو واضح کرنے کے لئے منکرین قرآن اور منکرین قیامت کو بتادیا ہے کہ جس قرآن کریم میں قیامت کا بیان کیا جا ررہا ہے وہ آپ ﷺ اپنی طرف سے بیان نہیں کر رہے ہیں بلکہ آپ تو اسی قرآن کو بیان کر رہے ہیں جو ان پر نازل کیا جا رہا ہے اور اس کو جو بھی وضاحت ہے وہ اللہ ہی نے آپ کو بتائی ہے جسے آپ اپنی زبان مبارک سے بیان فرما رہے ہیں لہٰذا جس طرح قرآن کریم کے سامنے ساری دنیا اس جیسا قرآن لانے سے عاجز ہے اسی طرح جب قیامت آئے گی تو ہر شخص اس کے سامنے مجبور اور بےبس ہوگا۔

5۔ تحبون……۔ تم جلدی حاصل ہونے والی (دنیا) سے محبت رکھتے ہو اور آخرت کو چھوڑ بیٹھتے ہو۔ آیت کے اس حصے کا مفہوم یہ ہے کہ جب آدمی آخرت اور اس کے انجام سے غافل ہوجاتا ہے تو وہ ” عاجلہ “ یعنی دنیا اور اپنے ہر عمل کے فوری نتیجہ کو زندگی سمجھنے لگتا ہے کیونکہ دنیا کے فوری نتائج کو وہ آنکھوں سے دیکھتا ہے اور آخرت کا نتیجہ اسے نظر نہیں آتا۔ لہٰذا وہ دنیا حاصل کرنے میں زندگی بھر لگا رہتا ہے اور اسی کو کامیابی سمجھتا ہے حالانکہ اصل کامیابی وہ ہے جو آدمی کو آخرت میں نصیب ہوگی جو ہمیشہ کی زندگی ہوگی۔ دنیا کی زندگی اور اس میں حاسل ہونے والا مال اور دولت تو اس کا ساتھ اس وقت تک دیتے ہیں جب تک موت نہیں آجاتی۔ موت کے ساتھ ہی سارا کھیل ختم ہوجاتا ہے۔ انسان کے جیسے اعمال ہوں گے وہ ان کو آخرت میں خود محسوس کرلے گا چناچہ قیامت کے دن اہل جنت کے چہرے تو خوشی سے دمک رہے ہوں گے اور اہل جہنم کے چہروں پر سوائے اداسی اور مایوسی کے اور کچھ بھی نہ ہوگا۔

نبی کریم ﷺ نے ایک خطبہ ارشاد فرمایا جس کا خلاصہ یہ ہے۔

لوگو ! تم ان کی طرح نہ ہوجانا جو دنیا اور اس کی آرزؤں میں پھنس کر بدعات اور خرافات میں مبتلا ہوگئے۔ اور اس دنیا کی طرف جھک پڑے جو بہت جلد فنا ہونے والی ہے۔ گذرے ہوئے وقت کے مقابلے میں دنیا کا اتنا کم حصہ باقی رہ گیا ہے جتنی دیر میں اونٹ والا اپنے اونٹ کو بٹھاتا ہے یا دودھ نکالنے والا دودھ کی ایک دھار نکالتا ہے۔ تم کس بھروسے پر ہو ؟ اور کس بات کا انتظار کر رہے ہو ؟ اللہ کی قسم دنیا کا موجودہ وقت اس قدر تیزی سے گزرجائے گا کہ جیسے کبھی اس کا وجود ہی نہ تھا اور تم اس آخرت کی طرف (بڑی تیزی سے) جا رہے ہو جو کبھی فنا ہونے والی نہیں ہے۔ تم اس دنیا سے جانے سے پہلے (آخرت کا) سامان تیار کرلو۔ اور خرچ کا توشہ تیار کرلو۔ یادر رکھو جو کچھ تم آگے بھیجو گے اس کا تمہیں پورا پورا اجر ملے گا اور جو تم پیچھے چھوڑ جائو گے اس پر نادم اور شرمندہ ہونا پڑے گا ( خطبات نبوی ص 218)

6۔ الی ربھا ناظرۃ۔ وہ اپنے رب کی طرف دیکھنے والے ہوں گے۔ یعنی قیامت کے دن لوگ اللہ تعالیٰ کو اپنی کھلی آنکھوں سے دیکھیں گے اس سلسلہ میں عرض ہے کہ اس بات پر تمام علماء اہل سنت والجماعت اور فقہا ومحدثیں کا اجماع ہے کہ قیامت میں تمام اہل جنت اللہ کی تجلیات کو بےحجاب نہ دیکھیں گے یعنی درمیان میں کسی قسم کی رکاوٹ یا پردے نہ ہوں گے۔

حضرت صہیب رومی نے بیان کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب اہل جنت جنت میں پہنچ جائیں گے تو اللہ تعالیٰ ارشاد فرمائیں گے کیا تم چاہتے ہو کہ میں تمہیں مزید ایک چیز عطا کروں ؟ بندے عرض کریں گے الٰہی ! آپنے ہمارے چہرے روشن کئے جہنم سے نجات عطا فرما کر جنت میں داخل کیا (یعنی الٰہی ! اس کے علاوہ ور وہ کون سی نعمت ہے جس کی ہم تمنا کرسکتے ہیں) حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ اس کے جواب میں اچانک حجاب اٹھ جائے گا۔ پھر وہ اللہ کے نور کا بغیر کسی رکاوٹ کے دیدار کرسکیں گے۔ ان کا یہ حال ہوگا کہا ہل جنت کو جو کچھ عطا کیا گیا تھا ان سب سے زیادہ محبوب اور پیاری چیز یہی دیدار الٰہی ہوگا۔ پھر آپ نے قرآن کریم کی یہ آیات تلاوت فرمائی۔ الذین……۔ یعنی جنلوگوں نے اس دنیا میں اچھی بندگی والی زندگی گزاری ان کے لئے اچھی جگہ ہے اس پر مزید ایک نعمت ہے۔ (صحیح مسلم) ۔

اسی طرح حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے صحابہ رسول اللہ ﷺ نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ کیا ہم قیامت کے دن اپنے رب کو دیکھیں گے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا کہ جب بادل نہ ہو اور سورج چمک رہا ہو تم اس کی طرف دیکھو تو کیا کوئی شک یا رکاوٹ ہوتی ہے ؟ عرض کیا جی نہیں۔ پھر آپو نے فرمایا کہ جب چودھویں کا چاند چمک رہا ہو اور بادل نہ ہو تو کیا تمہیں اس کے دیکھنے میں کوئی دشواری ہوتی ہے ؟ عرض کیا جی نہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ اسی طرح قیامت کے دن تم اپنے رب کو دیکھو گے۔ احادیث میں آتا ہے کہ یہ دیدار کچھ لوگوں کو روزانہ کچھ لوگوں کو جمعہ کے دن اور کسی کو صبح و شام عطا کیا جائے گا۔