IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 79. An-Naazi'aat · Ayah 1

  1. وَ النّٰزِعٰتِ غَرْقًاۙ﴿1﴾

    1. وَالنّٰزِعٰتِقسم ہے ان فرشتوں کی جو کھینچنے والے ہیں
    2. غَرْقًاغرق ہوکر/ ڈوب کر
Translation · Baseerat-e-Quran
قسم ہے سختی سے جان کھینچنے والے (فرشتوں کی)
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن

النازعات۔ گھسیٹنے والے۔ غرق۔ ڈوب کر۔ الناشطات ۔ بند کھولنے والے۔ السابحات۔ تیرنے والے۔ السابقات۔ آگے بڑھ جانے والے۔ المدبرات۔ انتظام کرنے والے ۔ واجفہ۔ دھڑکنے والے۔ الحافرۃ۔ پہلی پیدائش۔ نخرۃ ۔ گلی سڑی۔ کرۃ۔ دوبارہ۔ رجرۃ واحدۃ۔ ایک زبردست ڈانٹ۔ الساھرہ۔ میدان۔ اری۔ دکھایا۔ الایۃ الکبری۔ بڑی نشانی۔ حشر۔ اس نے جمع کیا۔ نکال۔ سزا۔ اشدخلقا۔ زیادہ مشکل ہے بنانا۔ رفع۔ بلند کردیا۔ سمک۔ اٹھان۔ اغطش۔ اس نے سیاہ کردیا۔ ضحی۔ چڑھتی دھوپ۔ دحی۔ اس نے پھیلایا۔ مری۔ چارہ (جانوروں کی غذا) ۔ الطامہ۔ آفت و مصیبت۔ برزت۔ ظاہر کردی گئی۔ اثر۔ اس نے اختیار کیا۔ ترجیح دی۔ الماوی ۔ ٹھکانا۔ نھی النفس۔ اپنے نفس کو روکا۔ مرس۔ ٹھہرنا۔ کانھم۔ گویا کہ وہ۔ لم یلبثو۔ وہ نہ ٹھہریں گے۔

تشریح : اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت کاملہ سے ایسے بیشمار فرشتوں کو پیدا کیا ہے جو ہر وقت اس کے حکم کے منتظر رہتے ہیں جیسے ہی ان کو حکم دیا جاتا ہے وہ مکمل اطاعت و فرمان برداری کے ساتھ اس پر عمل شروع کردیتے ہیں۔ زندگی، موت، قیامت، آخرت، جنت، جہنم، بارش، رزق، دنیا کی آبادکاری یا تباہی، قوموں کا عروج اور زوال غرضیکہ زندگی کے ہر شعبے میں فرشتے وہی کرتے ہیں جس کا انہیں حکم دیا جاتا ہے۔

اسی طرح جب قوموں کے اخلاق اور عقیدوں میں زبردست بگاڑ پیدا ہوجاتا ہے تو اللہ کا یہ بڑا فضل و کرم ہے کہ وہ ان کے عقیدوں اور اخلاقی زندگی کو سنوارنے کے لیے اپنے پاکیزہ نفس پیغمبروں کو بھیجتا تاکہ وہ ان کی اصلاح کرکے اور دنیا پرستی سے بچا کر آخرت کے راستے پر ڈال دیں اور انہیں یہ بات اچھی طرح سمجھا دی جائے کہ زندگی نہایت مختصر اور ایک حد پر ختم ہوجانے والی ہے اس میں کسی چیز کو قرار نہیں ہے لیکن آخرت کی زندگی اور اس کی راحتیں یا عذاب کبی نہ ختم ہونے والی حقیقتیں ہیں۔ سعادت مند لوگ ان پیغمبروں کی باتوں پر ایمان لاکر عمل صالح اختیار کرتے ہیں اور ابدی جنت کے مستحق بن جاتے ہیں لیکن بد نصیب لوگ زندگی بھر یہی کہتے رہ جاتے ہیں کہ یہ بات تو ہماری عقل میں نہیں آتی کہ جب ہم مرجائیں گے اور ہماری ہڈیوں تک کا پتہ نہیں ہوگا تو پھر دوبارہ کیسے زندہ کیے جائیں گے ؟ اس طرح وہ پیغمبروں کی تعلیمات کو جھٹلانے اور ان سے ٹکرانے کی جسارت کرکے اپنی دنیا اور آخرت کو اپنے ہاتھوں برباد کرلیتے ہیں۔

زیر مطالعہ آیات میں اللہ نے ان ہی باتوں کو فرشتوں کی قسم کھا کر فرمایا ہے کہ جو لوگ آخرت کی زندگی کو جھٹلاتے ہیں ان کا انجام نہایت عبرت ناک اور بھیانک ہوا کرتا ہے۔ اور جو لوگ قیامت اور موت کے بعد کی زندگی پر یقین رکھتے ہیں انہیں ہر طرح کی سعادتیں عطاکی جاتیں ہیں۔

(1) اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ ان فرشتوں کی قسم جو ڈوب کر گہرائیوں سے (کافروں کی) جان کھینچ نکالتے ہیں۔ یعنی جب اللہ کے مقرر فرشتے ان کافروں کی جان نکالنا چاہتے ہیں تو روح چھپنے کی کوشش کرتی ہے لیکن وہ زبردستی اس کی روح کو نکال لیتے ہیں تاکہ اس کو اس کے انجام تک پہنچا دیا جائے۔

(2) آہستگی اور نرمی سے (مومنوں کی جان کے ) بندھن کھول دینے والے فرشتوں کی قسم۔ یعنی اللہ کے فرشتے جب مومنوں کی جان نکالانا چاہتے ہیں تو اس قدرآہستگی اور نرمی سے نکالتے ہیں جیسے کسی بند چیز کے بندھن اور گرہ کو کھول دیا جاتا ہے اور اس طرح مومن کی روح کے بندھن کھولنے سے کوئی تکلیف نہیں ہوتی۔

انسان کی جانکو قبض کرنے کے بعد اس کو تیزی سے آسمانوں کی طرف لے جانے والے فرشتوں کی قسم۔ یعنی وہ اس قدرتیزی سے اس روح کو آسمانوں کی طرف لے جاتے ہیں جیسے وہ فضاؤں میں تیر رہے ہیں۔

(4) وہ فرشتے جو روح کو لے کر ( اچھے یابرے ٹھکانے پر) پہنچانے میں جلدی کرتے ہیں۔ ان فرشتوں کی قسم

(5) اللہ کے احکامات کو (پوری کائنات پر) نافذ کرنے والے فرشتوں کی قسم۔ یعنی وہ فرشتے جو ہر وقت مستعد اور صفیں باندھے کھڑے رہتے ہیں تاکہ ادھر حکم ہوا اور ادھر وہ اس کی تعمیل کرنے کی سعادت حاصل کرلیں۔

ان پانچ فرشتوں کی قسمیں کھا کر فرمایا ہے کہ جیسے ہی صور میں پھونک ماری جائے گی جس کے لیے ایک فرشتہ اپنے منہ میں اس کو لیے کھڑا ہے کہ جیسے ہی حکم ہوگا اس صور میں پھونک ماردی جائے گی اس وقت وہ لرزا دینے والی قیامت واقع ہوجائے گی۔ قیامت کے اس ہولناک دن میں ان لوگوں کے دل دھڑک رہے ہوں گے اور ان کی نظریں شرمندگی سے نیچی ہوں گی جو زندگی بھر یہ کہتے رہے کہ جب ہماری ہڈیوں کو چورا ہوجائے گا تو ہم دوبارہ پہلی والی شکل و صورت کے ساتھ کیسے زندہ کئے جائیں گے ؟ اگر ایسا ہواتو ہم بڑے گھاٹے اور نقصان میں رہیں گے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ قیامت کے آنے میں کوئی شک ل نہیں ہے۔ جب ایک زبردست دھماکا ہوگا تو ساری کائنات درہم برہم ہوجائے گی اور زمین و آسمان، چاند، سورج، ستارے سب آپس میں ٹکرا جائیں گے اور پھر ان ہی سے ایک ایسی سپاٹ اور ہموار زمین تیار ہوجائے گی جسمیں اولین و آخرین سارے کے سارے اچانک اس میدنا حشر میں پہنچ جائیں گے اور انہیں زندگی میں کئے گئے اعمال کا حساب دینا ہوگا۔

فرمایا کہ اس پوری کائنات کا ایک لمحے میں تباہ و برباد ہوجانا یہ اس کی قدرت سے بعید نہیں ہے کیونکہ وہ بڑی سے بڑی طاقت کو لمحوں میں نیست و نابود کردیتا ہے جس طرح فرعون جس کو اپنی طاقت و قوت، حکومت و سلطنت اور اپنی قوم کی طاقت پر بڑا ناز تھا وہ لوگوں سے اپنے آپ کو سب سے بہتر اور سب سے اعلیٰ معبود قرار دیتا تھا۔ اس کو اور اس کی طاقت و قوت کو اللہ نے چند لمحوں میں تہس نہس کرکے رکھ دیا۔

کہ جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) ٰ نے وادی مقدس (وادی طویٰ ) میں پہنچ کر اللہ کو پکارا تو اللہ نے ان کے سرپر تاج نبوت رکھ کر حکم دیا کہ وہ اس فرعون کے پاس جائیں جو اپنی حدوں کو پار کرچکا ہے۔ اسے اس بات کو دعوت دیں کہ اگر وہ توبہ کرکے اللہ کا خوف اختیار کرلے تو اس کے تمام گناہوں کو معاف کرکے پاس صاف کردے گا۔

چنانچہ جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) ٰ نے فرمایا کہ میں اس کی تعلیم دینے اور تجھے ہدایت کے راستے پر لانے کے لیے اللہ کی طرف سے بھیجا گیا ہوں اور انہوں نے اپنے معجزات بھی دکھائے تو فرعون غرورو تکبر سے پیٹھ پھیر کر چل دیا پھر اس نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) ٰ کی بات ماننے کی بجائے اپنے تمام لوگوں کو جمع کرکے ان سے کہا کہ تم موسیٰ (علیہ السلام) ٰ کی باتوں میں مت آنا۔ میں ہی تمہارا ” رب اعلیٰ “ ہوں۔ میرے علاوہ کوئی معبود اور رب اعلیٰ نہیں ہے۔

اس طرح فرعون اور اس کی بات ماننے والے اپنے کفر وشرک پر اڑے رہے۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) ٰ فرعون اور اس کے ماننے والوں کو سمجھاتے رہے لیکن فرعون حضرت موسیٰ (علیہ السلام) ٰ کو نیچا دکھانے کی کوششوں میں لگا رہا۔ آخر کرا للہ کا وہ فیصلہ آگیا جو اس نے نافرمانوں کے لیے مقرر کیا ہوا ہے۔ فرعون اور اس کی قوم کو پانی میں غرق کرکے تباہ و برباد کرکے رکھ دیا گیا۔ اور وہ لوگ جنہوں نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) ٰ کی بات مان کر ان کی اطاعت اور اللہ پر ایمان کا اقرار کیا تھا ان کو نجات عطا کردی گئی۔

اللہ تعالیٰ نے آخرت اور دوبارہ زندہ کئے جانے پر تعجب اور انکار کرنے والوں سے سوال کیا ہے کہ تمہیں دوبارہ پیدا کرنا مشکل اور ناممکن کام تھا یا زمین و آسمان جیسی عظیم الشان چیزوں کو پیدا کرنا ؟ یعنی اللہ نے زمین و آسمان، چاند، سورج، ستارے، پہاڑ اور دریاجیسی چیزوں کو بنایا ہے جو اپنے وجود اور طاقت و قوت میں بہت بڑے ہیں۔ ان سب چیزوں کو اسی اللہ نے پیدا کیا ہے۔ اسی نے آسمانوں کو بلند اور اونچا، راتوں کو تاریک اور دن کو روشن بنایا ہے۔ اسی نے اس زمین کو اس طرح بنایا ہے کہ جب اس پر بارش برستی ہے تو اس سے انسانوں کے لیے راحت و آرام کی چیزیں اور رزق پید اہوتا ہے اور اسی سے تمام جان داروں کی غذائیں اور چارہ پیدا کیا جاتا ہے۔

اسی نے پہاڑوں کو بنایا جس سے زمین میں ایک خاص تو ان قائم کیا گیا ۔ اگر یہ تو ازن نہ ہوتا تو انسان کا جینا محال ہوجاتا نہ اس سے غذائیں، ضروریات زندگی اور سیکڑوں چیزیں اور جانوروں کے لیے چارہ پیدا ہوتا نہ سہولتیں میسر آتیں۔ لیکن یہ تمام چیزیں اسی دنیا تک محدود ہیں اور اس وقت تک اپنی جگہ قائم ہیں جب تک وہ ہنگامہ خیز دن نہیں آجاتا جس میں اس دنیا کو ختم کردیاجائے گا اور پھر قیامت میں ہر شخص کو اپنے کئے ہوئے اعمال کا پورا پورا حساب دینا ہوگا۔

یہ دن وہ ہوگا جب جہنم سب کے سامنے ہوگی۔ ہر وہ شخص جس نے دنیا میں اپنی حدود کو پھلانک کر اسی دنیا کو سب کچھ سمجھ لیا تھا اور اس کو آخرت کی نہ فکر تھی نہ اس کے آنے کا یقین تھا اس کا ٹھکانا جہنم ہوگا اور جس کو اس بات کا یقین تھا کہ اسے ایک دن اللہ کے پاس پہنچنا ہے اور اس نے ہر ناجائز خواہش کو ٹھکرادیا ہوگا اس کا ٹھکانا جنت ہوگا۔

نبی کریم ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! اگر ان تمام سچائیوں کے باوجود انہیں قیامت کے آنے پر یقین نہیں ہے اور وہ یہی پوچھتے ہیں کہ ” آخر وہ قیامت کب آئے گی “ تو آپ اس بات کا اعلان کردیجیے کہ مجھے اس بات کے معلوم کرنے کی کیا ضرورت ہے کہ قیامت کب آئے گی ؟ اس کا علم تو صرف اللہ کو ہے میرا کام تو یہ ہے کہ میں ہر شخص تک اس پیغام کو پہنچادوں کہ جو لوگ اللہ کا خوف رکھنے والے ہیں۔

اور وہ لوگ جو اس کی جلدی مچار رہے ہیں ان کو یہ بات بتادوں کہ جب وہ قیامت میں پہنچیں گے تو انہیں ایسا محسوس ہوگا جیسے وہ ایک رات یا ایک صبح کے وقت کچھ دیر اس دنیا میں ٹھہرے تھے اور بس۔ یعنی ان جلدی مچانے والوں کو ایسا لگے گا جیسے وہ عذاب بہت جلد آگیا اور دنیا کی زندگی بہت جلد گزر گئی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپ نے سورة النازعات کی تمام آیات کا ترجمہ اور مختصر تفسیر و تشریح ملاحظہ فرمائی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ان باتوں پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین ثم آمین)