النازعات
بصیرتِ قرآن
مولانا محمد آصف قاسمی
تعارف
تعارف سورة النازعات
سورة نمبر 79
کل رکوع 2
آیات 46
الفاظ و کلمات 181
حروف 1791
مقام نزول مکہ مکرمہ
تعارف : وہ لوگ جو مر کر دوبارہ زندہ ہونے اور قیامت کے واقع ہونے کو عقل سے دور کی بات سمجھتے تھے ان کو اللہ نے اپنے ان فرشتوں کی قسم کھا کر جو کائنات میں مختلف امور پر مقرر ہیں فرمایا کہ اللہ جو ہر طرح کی قدرت و طاقت رکھتا ہے جس نے زمین وآسمان کو پیدا کیا ہے وہ عاجز اور بےبس نہیں ہے کہ انسان کو اور دنیا کو دوبارہ پیدا نہ کرسکے۔ فرمایا :
ان فرشتوں کی قسم جو ڈوب کر (سختی سے کافروں کی) جان نکالتے ہیں اور ان فرشتوں کی قسم جو بند کھول دیتے ہیں (یعنی مومنوں کی جان نہایت آہستگی سے نکالتے ہیں) ان فرشتوں کی قسم جو ( اس قدر تیز عمل کرتے ہیں جیسے) وہ تری رہے ہیں۔ ان فرشتوں کی قسم جو ( اللہ کے حکم کے مطابق کائنات میں) معاملات کا انتظام کرنے کے لئے تیزی سے دوڑتے ہیں کہ جس دن زلزے کے جھٹکے بار بار آتے چلے جائیں گے اس دن کچھ دل کانپتے اور دھڑکتے ہوں گے اور ان لوگوں کی نگاہیں سہمی ہوئی ہوں گی جو یہ سوچتے تھے کہ جب ہماری کھوکھلی ہڈیاں گل سڑ چکی ہوں گی کیا ہم دوبارہ زندہ کیے جائیں گے اور پہلی والی حالت پر لوٹائے جاسکیں گے ؟ اگر ایسا ہو اتو ہم بڑے گھاٹے اور نقصان میں رہیں گے۔ حالانکہ اس واقعہ میں دیرنہ لگے گی بلکہ ایک زبردست اور سخت آواز (صور پھونکنے کے بعد ) ہوگی اور یکا یک سب لوگ ایک کھلے میدان میں حاضر ہوجائیں گے۔
نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے فرمایا گیا کہ اے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! کیا آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو موسیٰ کے واقعہ کی خبر پہنچی۔ جب ان کے رب نے انہیں ایک مقدس وادی میں پکار کر کہا تھا کہ اے موسیٰ (علیہ السلام) ! تم اس فرعون کے پاس جائو جو نافرمانی اور سرکشی میں حد سے گزر گیا ہے اور اس سے کہو کہ اے فرعون ! کیا تو چاہتا ہے کہ میں تجھے سیدھا راستہ دکھا کر پاکیزگی کی طرف رہنمائی کروں، تجھے تیرے رب کی طرف لوٹا دوں تاکہ تیرے اندر اس کا خوف پیدا ہو ؟ پھر حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے اس کے سامنے (عصا کا) بڑا معجزہ پیش کیا مگر اس نے حقارت سے ٹھکرا کر ماننے سے انکار کردیا۔ پھر اس نے (مکرو فریب کا جال پھیلانے کے لئے) سب لوگوں کو جمع کیا اور پکار کر کہا کہ میں ہی تمہارا رب اعلیٰ ہوں۔ آخر کار اللہ نے اسے دنیا اور آخرت کے عذاب میں پکڑ لیا ( غرق کردیا) اور اس واقعہ میں ہر اس شخص کے لئے عبرت کا سامان موجود ہے جو اللہ کا خوف رکھتا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ کیا تم لوگوں کا پیدا کرنا بڑی بات ہے یا آسمانوں کا پیدا کرنا ؟ جسے اللہ نے ہی بنایا ہے۔ اس کی چھت کو خوب اونچا کیا۔ پھر اس میں توازن قائم کیا۔ اسی نے رات کو تاریک اور دن کو روشن بنایا۔ اسی نے زمین کو فرش کی طرح بچھا دیا۔ جس سے پانی اور چارے کو نکالا۔ اس زمین میں تو ازن کے لئے پہاڑوں کو میخوں کی طرح گاڑ دیا۔ اسی نے تمہاری زندگی گزارنے کے اسباب اور تمہارے مویشیوں کے لئے رزق کو پیدا کیا۔
پھر جب قیامت کو ہولناک اور بڑا ہنگامہ خیز دن ہوگا تو انسان کو اپنے کیے ہوئے اعمال یاد آجائیں گے۔ ہر گناہ گار کے سامنے جہنم کو کھول کر رکھ دیا جائے گا۔ جس نے سرکشی کی ہوگی اور اس نے دنیا کی زندگی ہی کو سب کچھ سمجھ لیا ہوگا جہنم اس کا ٹھکانا ہوگی۔ اور جس نے اپنے پروردگار کے سامنے کھڑے ہونے سے خوف کیا ہوگا اور اپنے نفس کی خواہشوں سے دور رہا ہوگا اس کا ٹھکانا جنت ہوگی۔ نبی کریمو کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ کافر آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے پوچھتے ہیں کہ آخر وہ قیامت کب آئے گی ؟ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کہہ دیجئے کہ اس کا علم تو اللہ کے سوا کسی کو نہیں ہے اور آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا اس سے تعلق بھی نہیں ہے کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے قیامت کے بارے میں پوچھا جائے۔ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا کام صرف لوگوں کو ان کے برے اعمال سے خبردار کرنا اور اس سے خوف دلانا ہے۔ فرمایا کہ جس دن یہ قیامت کو دیکھیں گے تو ان کو یہ محسوس ہوگا کہ وہ (دنیا میں یا قبر میں) صرف ایک صبح یا ایک شام سے زیادہ نہیں رہے ہیں۔