IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 81. At-Takwir · Ayah 1

  1. اِذَا الشَّمْسُ كُوِّرَتْ۪ۙ﴿1﴾

    1. اِذَا الشَّمْسُجب سورج
    2. كُوِّرَتْلپیٹ دیا جائے
Translation · Baseerat-e-Quran
( جس دن) سورج بےنور ہوجائے گا
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

کورت۔ لپیٹ دے گیا۔ انکدرت۔ ماند پڑگئی۔ (پڑ گئے) سیرت۔ چلا دی گئی۔ العشار۔ گابھن اونٹنیاں۔ عطلت۔ چھٹ کر پھری۔ الوحوش (وحش) ۔ جنگلی جانور۔ حشرت۔ آپس میں گڈ مڈ ہوجائیں۔ سجرت۔ جھونکے گئے۔ زوجت۔ جوڑے جوڑے بنا دئیے گئے۔ الموئو دۃ ۔ زمین میں گاڑدی گئی لڑکی۔ سئلت۔ پوچھا گیا۔ الصحف۔ اعمال نامے۔ نشرت۔ پھیلا دئیے۔ کشطت۔ پرت کے پرت اتا رلئے گئے۔ کھال کھینچ لی گئی۔ سعرت۔ بھڑکائی گئی۔ ازلف۔ قریب کردی گئی۔ احضرت۔ وہ لے کر حاضر ہوا۔ الخنس۔ پیچھے ہٹ جانے والے۔ الکنس۔ چھپ جانے والے۔ عسعس۔ پھیل گیا۔ تنفس۔ روشن ہوا۔ مکین۔ مرتبہ والا۔ مطاع۔ جس کی اطاعت کی جائے۔ کہا مانا جائے۔ الافق۔ کنارہ۔ بضنین۔ کنجوسی کرنے والا۔

تشریح : قیامت کے ہولناک دن جب پورے نظام کائنات کو درہم برہم کرکے میدان حشر میں تمام لوگوں کو جمع کیا جائے گا وہ دن انسان اور کائنات کے لئے بڑا بھاری اور ہیبت ناک لمحہ ہوگا۔ جس میں کسی کے ساتھ بےانصافی نہ کی جائے گی اور ہر شخص کو اس کے عمل کے مطابق یا تو عذاب اور سزا دی جائے گی یا وہ اللہ کے فضل و کرم اور انعام کا مستحق ہوگا۔ یہاں تک کہ وہ معصوم لڑکی جس کو ناحق قتل کیا گیا تھا اس کی فریاد سن کر قاتلوں کو سزا دی جائے گی۔

اس دن سورج کی پھیلی ہوئی کرنوں اور روشنی کی لپیٹ کر اس کو بےنور کردیا جائے گا، ستارے بکھر جائیں گے پہاڑ جو زمین پر میخوں کی طرف گاڑ دئیے گئے ہیں جس سے زمین اپنا تو ازن قائم رکھے ہوئے تھی وہ کود بےوزن ہو کر اڑتے پھریں گے۔ دس ماہ کی گابھن اونٹنی جو عربوں کے نزدی بےانتہا قیمتی چیز سمجھی جاتی تھی اور ہر وقت اس کی نگرانی کرتے تھے انہیں اس کی حفاظت کا ہوش تک نہ ہوگا اور وہ اونٹنی آوارہ پھرتی ہوگی۔ وحشی جانور جو انسانوں اور ان کی آبادیوں سے گھبراتے ہیں وہ سب پریشان ہو کر آبادیوں میں گھس آئیں گے اور ایک جگہ جمع ہوجائیں گے۔ جب ٹھاٹھیں مارتا سمندر اور اس کا پانی آگ بجھانے کے بجائے خود آگ بن کر بھڑک اٹھے گا۔ جب مختلف گروہ آپس میں جوڑ دئیے جائیں گے یعنی جس کا تعلق جس گروہ سے ہوگا وہ اس کے ساتھ جڑ جائے گا۔ اس دن ان ظلاموں اور قاتلوں کو سخت سزا دی جائے گی جنہوں نے معصوم بچیوں کو قتل کیا ہوگا۔ اس معصوم لڑکی کو فریادی بنا کر پوچھا جائے گا کہ آخر یترا جرم کیا تھا جس کی وجہ سے تجھے مارا گیا تھا ؟ اس طرح اس کے قاتلوں سے انتقام لیا جائے گا۔ جب آسمان کی کھال اتار لی جائے گی یعنی جس طرح جانور کی کھال اتارنے کے بعد اس کے جسم کا کوئی حصہ پوشیدہ نہیں رہتا اسی طرح آسمان کو کھول دیا جائے گا۔ اور ابھی تک انسانوں کی نظروں سے جو چیزیں پوشیدہ تھیں وہ ظاہر کردی جائیں گی۔ اس دن جہنم کی آگ میں شدت پیدا کرنے کے لئے اس کو دھونکایا جائے گا اور جنت کو اہل ایمان سے قریب تر کردیا جائے گا۔ اس وقت ہر شخص کے اپنے کئے ہوئے اعمال اس کے سامنے آجائیں گے۔ نامہ اعمال ان کے ہاتھوں میں دیدئیے جائیں گے اور ہر شخص اندازہ لگالے گا کہ آج وہ اپنے پروردگار کے سامنے کیا کچھ لے کر آیا ہے۔

فرمایا کہ جس طرح قیامت کا آنا برحق ہے اسی طرح یہ بھی سچائی ہے کہ اللہ نے جبرئیل کے ذریعہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پر اپنا جو کلام نازل کیا ہے وہ انسانوں کے لئے سراسر ہدایت ہی ہدایت ہے جو بھی اس سے نصیحت حاصل کرنا چاہے اور اس کو اللہ کی طرف سے توفیق بھی مل جائے تو اس کو اس نصیحت سے بہت فائدہ حاصل ہوگا ۔ یہ وہ پاکیزہ کلام ہے جو ہر طرح محفوط ہے جس کی حفاظت اس کے فرشتے کرتے ہیں۔ شیطانوں کی یہ مجال نہیں ہے کہ وہ اس میں کسی طرح بھی مداخلت کرسکیں یا اللہ کے کلام جیسا کلام لے کر آسکیں۔

اللہ تعالیٰ نے ان ستاروں کی قسم کھائی ہے جو پلٹنے اور چھپ جانے والے ہیں۔ رات کے اندھیرے کی قسم جب وہ سمٹ جاتا ہے اور اس سے صبح کی روشنی ظاہر ہوتی ہے۔ فرمایا کہ اس قرآن کو لانے والا وہ پیغام برفرشتہ جبرئیل ہے جو بڑی قوت والا، عرش والے کے نزدیک بڑے رتبے والا، جس کی بات فرشتے بھی مانتے ہیں اور نہایت امانت دار ہے وہ اس قرآن کو لے کر اس ہستی پر نازل ہوتے ہیں جو اپنے اخلاق کے اعتبار سے نہایت بلند ہیں وہ کوئی دیوانے یا مجنون نہیں ہیں۔ انہوں نے بھی اس فرشتے کو آسمان کے صاف کنارے پر دیکھا ہے۔ جب وہ اللہ کے حکم سے حضرت محمد ﷺ تک اللہ کا پیغام پہنچا دیتے ہیں تو آپ ان کاہنوں کی طرح نہیں ہیں جو لوگوں کو پوری بات نہیں بتاتے بلکہ آپ اللہ کی طرف سے بھیجے گئے ہر حکم اور پویشدہ باتوں کو ہر شخص کے سامنے کھول کر بیان فرما دیتے ہیں اس کے پہنچانے میں آپ کسی بخل اور کنجوسی سے کام نہیں لیتے۔

اللہ تعالیٰ نے قیامت کے ہولناک دن حضرت جبرئیل کی قوت و طاقت، دیانت و امانت اور حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی شان رسالت اور قرآن کریم کے سراسر نصیحت ہونے کے دلائل کے بعد ان لوگوں سے سوال کیا ہے جو اتنی سچائیوں کے باوجود ان کو تسلیم نہیں کرتے کہ لوگو ! تم کدھر جا رہے ہو ؟ اللہ کی توفیق کیوں نہیں مانگتے ؟ کیونکہ جب تک اس کی تو فقی عطا نہیں کی جائے گی اس وقت تک یہ سعادت تمہارے حصے میں نہیں آسکتی۔ وجہ یہ ہے کہ اس کائنات میں وہی ہوتا ہے جسے جس طرح رب العالمین چاہتا ہے۔ اس کی مشیت یا چاہت کے بغیر کوئی سعادت نصیب نہیں ہوسکتی۔