التكوير
بصیرتِ قرآن
مولانا محمد آصف قاسمی
تعارف
تعارف سورة التکویر
سورة نمبر 81
کل رکوع 1
آیات 29
الفاظ و کلمات 104
حروف 534
مقام نزول مکہ مکرمہ
اس سورة میں آخرت، قیامت اور رسالت کے متعلق ارشاد فرمایا گیا ہے۔ فرمایا جب سورج لپیٹ لیا جائے گا یعنی وہ بےنور ہوجائے گا۔ جب ستارے بکھر جائیں گے۔ جب پہاڑ اپنی جگہ سے اڑنے لگیں گے اور ریت کا ڈھیر بن جائیں گے۔ دس ماہ کی گابھن اونٹنی جو عربوں کے نزدیک بہت قیمتی ہوتی تھی وہ چھٹی پھرے گی۔ جب جنگلی اور وحشی جانور تک ایک جگہ اکٹھے ہوجائیں گے۔ سمندر بھڑک کر آتش فشاں بن جائیں گے۔ جب روحوں کو جسموں سے جوڑ دیا جائے گا۔ جب زندہ گاڑ دی گئی لڑکی سے پوچھا جائے گا کہ تو کس جرم میں ماری گئی۔ جب ہر شخص کے اعمال کھول کر اس کے سامنے رکھ دئیے جائیں گے۔ جب جہنم کی آگ کو خوب دہکایا جائے گا اور جنت کو قریب تر کردیا جائے گا۔ آسمان کے سب پردے درمیان سے ہٹا دیے جائیں گے اس وقت ہر شخص کو معلوم ہوگا کہ وہ (دنیا سے) کیا کچھ لے کر آیا ہے۔ اللہ نے پلٹنے اور چھپ جانے والے ستاروں کی قسم کھا کر فرمایا ۔ اس رات کی قسم جب وہ جانے لگتی ہے اور اس صبح کی قسم جو وہ آنے لگتی ہے کہ یہ قرآن اللہ نے اپنے ایک جلیل القدر اور معزز فرشتے (جبرئیل امین (علیہ السلام) کے ذریعہ بھیجا ہے۔ وہ فرشتہ وہ عرش والے کے پاس بڑی طاقت قوت رکھنے والا، بلند مرتبہ ہے اس کا حکم مانا جاتا ہے اور وہ امانت دار بھی ہے۔ مکہ والوں سے فرمایا ہے کہ تمہارے ساتھ مکہ میں رہنے والے ( حضرت محمد رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کوئی دیوانے نہیں ہیں۔ ان کے پاس وہی فرشتہ آتا ہے جسے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے آسمان کے کنارے پر دیکھا تھا اللہ کے حکم سے اللہ کا پیغام ان تک پہنچاتا ہے۔ وہ غیب کے اس علم کو (لوگوں تک) پہنچانے میں کسی بخل سے کام نہیں لیتے۔ یہ کسی شیطان مردود کا قول نہیں ہے۔ فرمایا کہ اس سچائی کی گواہی تمہارے دل بھی دیتے ہیں پھر تم کدھر اور کس رخ پر جار ہے ہو ؟
فرمایا کہ یہ قرآن مجید جو اللہ کا کلام ہے ہر اس شخص کے لئے نصیحت اور راہبر ہے جو سیدھے راستے پر چلنا چاہتا ہے۔ مگر اس کے لئے جب تک اللہ کی توفیق نہ ہو اس وقت تک یہ دولت حاصل نہیں ہوتی البتہ جب وہ رب العالمین چاہے گا تو پھر توفیق نصیب ہوجائے گی۔