بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 83. Al-Mutaffifin · Ayah 1
وَیْلٌ لِّلْمُطَفِّفِیْنَۙ﴿1﴾
- وَيْلٌخرابی ہے
- لِّلْمُطَفِّفِيْنَکمی کرنے والوں کیلئے
لغات القرآن۔
المطففین۔ کم تولنے والے گھٹانے والے۔ اکتالوا۔ انہوں نے ماپ کرلیا۔ یستوفون۔ وہ پورا پورا لیتے ہیں۔ کالوا۔ ماپ کردیں۔ اوزنوا۔ انہوں نے وزن کیا۔ یخسرون۔ وہ گھٹا کردیتے ہیں۔ سجین (سجن) حفاظت سے رکھی جانے والی چیز۔ مرقوم۔ لکھا ہوا۔ ران۔ زنگ جم گیا۔ یکسبون۔ وہ کماتے ہیں۔ محجوبون۔ روک دئیے جائیں گے۔ علیین۔ بلند مقام) جہاں نیک لوگوں کے اعمال نامے محفوظ ہیں) ۔ یشھدہ۔ اس کو دیکھتے ہیں۔ یسقون۔ وہ پلائے جائیں گے۔ رحیق۔ خالص اور بہترین مشروب مختوم۔ مہر لگا دی گئی۔ مسک۔ مشک۔ یتنافس۔ آگے بڑھتا ہے۔ تسنیم۔ جنت کا نام ہے۔ مروا۔ وہ گزرے۔ یتغامزون۔ آنکھوں سے آپس میں اشارے کرتے ہیں۔ فکھین۔ دل لگی کرنے والے۔ ثوب۔ بدلہ دیا گیا۔
تشریح :
تطفیف کے معنی ماپ تول میں چوری چھپے کمی کرنا ہے۔ لیکن مطفف ہر اس شخص کو کہتے ہیں جو کسی کے حق میں کمی کرتا ہے اللہ کا حق ہو یا بندوں کا۔ ہر طرح کی تطفیف ناجائز ہے۔ بندوں پر اللہ کا ٰیہ حق ہے کہ وہ اللہ کے سوا کسی دوسرے کی عبادت و بندگی نہ کریں۔ اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں۔ ہر معاملہ میں اللہ اور اس کے رسول کی مکمل اطاعت و فرماں برداری کریں نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج کے آداب، احکامات اور فرائض کو پوری طرح ادا کریں اور اس نے جیسا حکم دیا ہے اس کام کو اسی طرح ادا کریں۔ بندوں کا بندوں پر یہ حق ہے کہ وہ معاملات زندگی، لین دین اور تجارت میں احکامات الٰہی کے مطابق عمل کریں اور کسی کو کسی طرح کی کمی کا احساس نہ ہونے دیں کیونکہ جس معاشرہ میں اللہ کے ساتھ شرک اور ماپ تول میں کمی کی جاتی ہے وہ معاشرہ باہمی اعتماد کھو بیٹھتا ہے اور زندگی کے تمام معاملات ایسے لوگوں کے ہاتھ میں آجاتے ہیں جو اپنی ذاتی مفادات کے لئے پوری قوم کے اخلاق و کرار کو تباہ کرکے رکھ دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ کے ساتھ کفر وشرک جتنا بڑا جرم ہے۔ تجارتی بد دیانتی، لوٹ کھسوٹ، دھوکہ دہی اور بےایمانی بھی اتنا ہی بڑا جرم ہے جس کی سزا اس قوم کی مکمل تباہی اور بربادی ہے۔ حضرت شعیب (علیہ السلام) کی قوم بہت خوش حال تھی ان کی پاس مال و دولت اور وسائل کی کمی نہ تھی مگر ان میں دو ایسی خرابیاں پیدا ہوگئی تھیں جن کی وجہ سے اس قوم پر اللہ نے عذاب نازل کیا۔ ایک تو کفرو شرک اور دوسرے ماپ تول میں کمی یعنی تجارتی بددیانتی، حضرت شعیب (علیہ السلام) جن کو ” خطیب الانبیائ “ کہا جاتا ہے انہوں نے اپنے پر جوش خطبات سے اپنی قوم کو ہر طرح سمجھایا۔ انہیں کفرو و شرک اور ماپ تول میں کمی سے بچنے کی ترغیب دی مگر پوری قوم نے ساتھ دینے کے بجائے حضرت شعیب (علیہ السلام) کو طرح طرح سے تایا اور ان کو دھمکیاں تک دیں مگر حضرت شعیب (علیہ السلام) ان کو برابر سمجھاتے رہے جب یہ قوم اپنے کفرو شرک اور تجارتی لوٹ کھسوٹ اور ماپ تول میں کمی سے باز نہ آئی، تو آخر کار اس قوم پر اللہ کا فیصلہ آگیا اور اور وہ پوری قوم تباہی سے دو چار ہوگئی۔
قرآن کریم میں کئی مقامات پر ماپ تول میں کمی کو انتہائی قابل نفرت اور حرام فعل قرار دیا گیا ہے۔ فرمایا ٹھیک ٹھیک انصاف کے ساتھ وزن کرو اور تولنے میں دوسروں کو نقصان نہ پہنچائو ( سورة الرحمن) جب ناپوتو پورا ناپو اور صحیح ترازو سے تولو (بنی اسرائیل) ۔ انصاف کے ساتھ پورا ناپو اور تولو) ( الانعام) ۔
نبی کریم ﷺ نے بی ماپ تول میں کمی کرنے کو ایسی نحوست قرار دیا ہے جس سے انسانوں کا رزو رک جاتا ہے اور قحط پڑجاتا ہے۔ ایک حدیث میں آپ ﷺ نے فرمایا کہ جو قوم ماپ تول میں کمی کرتی ہے وہ قوم قحط جیسی مصیبت میں گرفتار ہوجاتی ہے۔ دوسری حدیث میں ارشاد گرامی ہے جو قوم ماپ تول میں کمی کرتی ہے تو اللہ تعالیٰ اس قوم کے رزق کا سلسلہ ختم کردیتے ہیں (قرطبی ) یعنی ہر نعمت سامنے موجودہوتی ہے مگر آدمی ایسی بیماریوں میں مبتلا ہوجاتا ہے کہ وہ اس نعمت سے پورا فائدہ حاصل کرنے سے قاصر رہتا ہے۔ خلاصہ یہ ہے کہ ماپ تول میں کمی سے معاشرہ میں کئی خرابیاں پیدا ہوجاتی ہیں اور اس معاشرہ میں دھوکا، فریب، لالچ، چوری ، ڈاکہ اور رشوت عام ہوجاتی ہے جس سے پورے معاشرہ کا سکون تباہ و برباد ہو کر رہ جاتا ہے۔ اس لئے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول حضرت محمد رسول اللہ ﷺ نے ماپ تول میں کمی کو حرام قرار دیا ہے۔ عربوں میں ماپ تول اور لین دین کے دو طریقے رائج تھے، وزنی اور کیلی۔ جن چیزوں کا لین دین تول کر کیا جاتا تھا اس کو وزنی کہتے تھے اور جن چیزوں کی خریدو فروخت کسی پیمانے (برتن) سے کی جاتی اس کو کیلی کہا جاتا تھا۔ کسی نے تو وزن کرنے کے دو طرح کے بٹے (پتھر کے ٹکڑے) بنا رکھے تھے۔ لینے کے اور دینے کے اور۔ اسی طرح دو طرح کے پیمانے (برتن ) بنا رکھے تھے جس سے دیتے وقت کم ناپتے اور لیتے وقت پورا لیتے تھے۔ شریعت نے اس عادت کو ناجائز اور حرام قرا ردیا ہے جس سے بچنے کی ضرورت ہے۔
ہمارے دور میں ترقی یافتہ اور نیم ترقی یافتہ ملکوں میں ماپ تول کے آلات بہت مختلف بنا دئیے گئے ہیں۔ اس کے لئے بڑی بڑی مشینوں کے ذریعہ چیزوں کو ماپا اور تولا جاتا ہے۔ اس میں کوئی بےایمان کا بظاہر امکان نہیں ہوتا لیکن ہوشیار اور چالاک لوگوں نے ان مشینوں میں بھی بہت سے ایسے طریقے اختیار کر رکھے ہیں کہ گاہک کو پتہ ہی نہیں چلتا اور وہ بڑی چالاکی سے آنکھوں میں دھول جھونک کر ماپ تول میں کمی کردیتے ہیں۔ شریعت اسلامیہ نے ایسے تمام طریقوں سے بڑی سختی کے ساتھ منع کیا ہے جن سے لوگوں کے حقوق ضائع ہوتے ہیں۔ اہل ایمان سے فرمایا گیا ہے کہ وہ وقتی نفع کمانے کے لئے اپنی آکرت کو برباد نہ کریں اور اپنے معاشرہ کو تجاریت بددیانتیوں سے پاک کرنے کی ہر ممکن کوشش کرت رہیں۔ الحمد اللہ اہل ایمان نے ہمیشہ اس سلسلہ میں اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقہ سے پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔ لیکن جس طرح ایک مچھلی پورے تالاب کو گندہ کردیتی ہے اسی طرح کچھ لوگ لالچ اور ذاتی مفاد میں اسلامی تعلیمات کو بھلا کر ماپ تول میں کمی کرتے ہیں۔ اس موقع پر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ اگر ان کے سامنے دین کی سچی تعلیمات ہوتیں تو وہ کبھی اس بددیانتی کا مظاہرہ نہ کرتے۔ آخرت سے بےنیاز ہو کر چلنے وال ہی اس خرابی میں مبتلا ہوتے ہیں جو سراسر ان کا اپنا ذاتی فعل ہوتا ہے اس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بہرحال بےایمان کی تمام صورتیں اللہ اور اس کے رسول کے نزدیک سخت ناپسندیدہ اور قابل ملامت ہیں۔
مکہ مکرمہ چونکہ ” وادی غیر زرع “ رہا ہے یعنی ایسی وادی جہاں زراعت نہیں ہوتی تھی ان کا گزر بسر تجارت اور لین دین پر تھا۔ جب کہ مدینہ کے تمام انصار عام طور پر زراعت پیشہ تھے یعنی کھیتی باڑی کرکے وہ اپنا پیٹ پالتے تھے۔ جب نبی کریم ﷺ اور آپ کے جاں نثار صحابہ کرام ؓ کرکے مدینہ منورہ پہنچے تو صورت حال یہ تھی کہ مدینہ منورہ کی پوری مارکیٹ پر یہودیوں کا قبضہ تھا وہ جس طرح چاہتے مارکیٹ کو اوپر نیچے کرتے رہتے تھے۔ انصار سیدھے سادھے مسلمان تھے وہ کھیتوں میں محنت کرتے تھے اور اپنے خون پسینے کی پیداوار کو جب مارکیٹ میں لا کر فروخت کرتے تو ان کو ان کی محنت کا پوراصلہ نہ ملتا تھا۔ ان کے لینے اور دینے کے پیمان الگ الگ تھے۔ جب مہاجرین مکہ نے مارکیٹ کی طرف رخ کیا اور اسلامی اخلاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیانت، امانت، اور انسانی ہمدردی کا معاملہ کیا تو وہ مارکیٹ پر چھاتے چلے گئے کیونکہ ان کو دنیا سے زیادہ اپنی آخرت کی فکر تھی اور یہ اصول کی بات ہے کہ جس آدمی کو اس بات کی فکر لگی رہتی ہے کہ اس سے کوئی ایسا کام نہ ہوجائے جس سے اس کی آکرت تباہ ہو کر رہے جائے تو اس کے ہر عمل میں دیانت و امانت کا پہلو نمایاں ہوتا ہے۔ لیکن جس کو اس بات کا یقین ہی نہ ہو کہ اس کو مرنے کے بعد دوبارہ پیدا ہونا ہے اور اللہ کے سامنے حاضر ہو کر ایک ایک پائی اور ایک ایک لمحے کا حساب دینا ہے تو وہ دنیا کمانے میں اس قدر مگن ہوجاتا ہے کہ اس کو دینات داری اور انسانیت سے زیادہ مال اکٹھا کرنے اور جمع کرنے کا شوق تسکین دیتا ہے۔ زیر مطالعہ سورت میں اللہ نے اسی اصولی حقیقت کو بیان کیا ہے کہ جنہیں آخرت کی فکر نہیں ہے اور وہ تجارتی بددیانتیوں میں لگے رہتے ہیں وہ یہ نہ سمجھیں کہ ان کے کرتوت کو دیکھنے والا کوئی نہیں ہے ۔ اللہ نے ہر شخص کے ساتھ دو ایسے فرشتوں کو مقرر کیا ہوا ہے جو اس کی ہر بات کو نوٹ کرتے چلے جارہے ہیں۔ جب کوئی آدمی مر جاتا ہے تو فرشتے کافرو مشرک اور گناہ گار کی روح کو سجین تک پہنچا دیتے ہیں اور اس کا نامہ اعمال بھی اسی دفتر میں محفوظ کردیا جاتا ہے۔ روایات سے یہ بات ثابت ہے کہ سجین زمین کے نیچے ساتویں طبقے میں واقع ہے۔ اور جو لوگ دیانت و امانت اور حسن عمل کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں ان کی روح کو علیین میں پہنچ دیا جاتا ہے جو کہ عرش الٰہی کے نیچے ساتویں آسمان کے اوپر واقع ہے اسی میں میں ان کے نامہ اعمال کو محفوظ کردیا جاتا ہے۔
فرمایا کہ قیامت کے دن وہ لوگ جنہوں نے تقوی، پرہیز گاری، دیانت اور امانت کے ساتھ زندگی گزاری ہوگی ان کے چہرے خوشی اور مسرت سے تروتازہ ہوں گے ان کی مہمان نوازی ایسی شراب سے کی جائے گی جو مہر لگی ہوئی اور تسنیم جو جنت کی ایک نہر ہے اس کے پانی کی آمیزش ہوگی۔ وہ شاہانہ انداز سے خوبصورت اونچے تخت اور مسہریون پر بیٹھے بہترین، لذیر اور اعلیٰ ترین شراب پی رہے ہوں گے جس کی تمنا ہر دل میں ہوتی ہے اور ہونی چاہیے۔ لیکن وہ لوگ جو قیامت کو جھٹلاتے، اللہ کی آیات کا مذاق اڑاتے اور اللہ کی آیات کے متعلق کہ کہتے تھے کہ یہ تو پرانے زمانے کے قصے ہیں جو نجانے ہم کب سے سنتے آرہے ہیں۔ جب اہل ایمان سچائیوں پر چلتے ہوئے ہر طرح کے گناہوں سے دور رہ رکر اپنی عاقبت کی فکر میں دنیا کے وقتی فائدوں کو ٹھکرا دیتے تھے تو وہ کفار ان ایمان والوں کا مذاق اڑایا کرتے تھے اور آنکھوں سے اشارے کرکے ان کو ذلیل کرنے کی کوشش کرتے تھے۔ گھر میں جاتے تو وہاں بھی ان اہل ایمان کا ذکر مذاق اڑانے کے ادانز میں کرتے تھے اور کہتے تھے کہ اصل میں یہ لوگ بہکے ہوئے ہیں۔ فرمایا کہ قیامت کے دن ان کفار کو جب جہنم میں داخل کیا جائے گا تو اس وقت وہ پچھتائین گے اور شرمندگی کا اظہار کریں گے۔
اللہ نے فرمایا کہ دنیا میں جس طرح کفار اہل ایمان کا مذاق اڑاتے تھے قیامت میں اس کے بالکل برعکس معاملہ ہوجائے گا اور وہ یہ کہ ان کفار کی حالت دیکھ کر اب اہل ایمان ان کا مذاق اڑائیں گے۔