المطففين

بصیرتِ قرآن

مولانا محمد آصف قاسمی

تعارف

پارہ نمبر ٣٠، عم، سورة نمبر ٨٣، المطففین۔

تعارف : اس سورة میں آخرت پر یقین، حقوق العباد میں احتیاط، اچھے اور برے لوگوں کا انجام، اہل ایمان کی کامیابی اور کفار و مشرکین کی حقیقی ناکامی کو بیان کرکے کہا گیا ہے کہ ہر شخص کے اعمال کا مکمل ریکارڈ اللہ کے ہاں محفوظ ہے جس کی نگرانی پر اللہ کے فرشتے مقرر ہیں۔ نیک لوگوں کی روحین علیین میں اور بدکاروں کی روحین اور اعمال نامے سجین میں محفوظ ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ نے کفار کو آگاہ کیا ہے کہ وہ اہل ایمان کا مذاق نہ اڑائیں۔ ان تمام باتوں کو اس سورة میں بیان کیا گیا ہے جس کا خلاصہ یہ ہے۔ فرمایا لین دین میں کمی کرنے والوں کے لئے بڑی تباہی ہے۔ جب وہ لوگوں سے لیتے ہیں تو پورا لیتے ہیں اور جب ان کو ماپ کردیتے ہیں تو گھٹا کردیتے ہیں۔ کیا انہیں معلوم نہیں کہ ایک بہت بڑا دن آنے والا ہے جب ہر ایک کو اللہ رب العالمین کے سامنے حاضر ہونا ہے۔ ان نافرمانوں کے اعمال کا مکمل ریکارد سجین میں موجود ہے۔ انہیں معلوم نہیں کہ سجین کیا ہے ؟ فرمایا کہ یہ ایک لکھی ہوئی کتاب ( زندگی بھر کا ریکارڈ) ہے۔ یقینا ان لوگوں کے لئے بڑی تباہی ہے جو اس کو اور قیامت کے دن کو جھٹلاتے ہیں۔ ہر وہ شخص جو سرکش، بدعمل اور گناہ گار ہے جب اس کے سامنے ہماری آیتوں کو پڑھا جاتا ہے تو وہ اس کو جھٹلاتے ہوئے کہتا ہے یہ تو گزرے ہوئے لوگوں کے قصے اور کہانیاں ہیں۔ اللہ نے فرمایا کہ ایسا ہرگز نہیں ہے اصل میں ان کی سیاہ کاریوں کی وجہ سے ان کے دلوں پر زنگ چڑھ گیا ہے۔ فرمایا کہ قیامت کے دن اس طرح کے لوگ اللہ کے دیدار تک سے محروم رہیں گے ( جو سب سے بڑی بدنصیبی ہے) اور ان کو جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔ پھر ان سے کہا جائے گا کہ جس چیز کو تم جھٹلاتے تھے یہ وہی چیز ہے۔ فرمایا کہ اس کے برخلاف وہ لوگ جو نیک اور پرہیزگار ہیں ان کا نامہ اعمال ” علیین “ میں ہوگا۔ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے فرمایا گیا کہ کیا آپ کو معلوم ہے کہ وہ ” علیین “ کیا ہے ؟ جواب عنایت فرمایا کہ وہ ایک لکھی ہوئی کتاب ہے ( جس میں سب کچھ لکھا ہوا ہے) جس کی نگرانی اللہ کے مقرب فرشتے کرتے ہیں۔ بلا شبہ جو لوگ علیین میں ہوں گے وہ پورے عیش و آرام میں ہوں گے۔ اونچی اونچی مسندوں پر بیٹھے نظارہ کر رہے ہوں گے۔ ان کے چہرے خوشی سے چمک دمک رہے ہوں گے۔ ان کو ایس نفیسن ترین شراب پلائی جائے گی جو سر بند ہوگی اور اس پر مشک کی مہر لگی ہوگی۔ جو لوگ اس کے مشتاق ہیں انہیں اس کے حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اس شراب میں تسنیم (کے پانی کی) آمیزش ہوگی۔ یہ تسنیم وہ چشمہ ہے جس کے پانی کو اللہ کے مقرب بند ہی پئیں گے۔ فرمایا کہ یہ کفار مجرمین جب مسلمانوں کے پاس سے گزرتے تھے تو مذاق اڑانے کیلئے آنکھوں سے اشارتے کرتے تھے اور جب وہ اپنے گھروں کو لوٹتے تو خوب اتراتے اور اکڑتے جاتے (جیسے انہوں نے بہت بڑا کارنامہ انجام دیا ہو) جب وہ مومنوں کو دیکھتے تو کہتے تھے کہ اصل میں یہ لوگ بہکے ہوئے ہیں۔ حالانکہ ان کو یہ کہنے کا حق نہ تھا کیونکہ ان کو اللہ نے ان پر کوئی نگراں بنا کر تو نہیں رکھا تھا۔ قیامت کے دن یہ اہل ایمان شاہانہ انداز سے اونچی مسندوں پر بیٹھے کفار کے برے حالات کو دیکھ کر ان پر ہنس رہے ہوں گے۔ اس طرح ان کافروں کی حرکتوں کا پورا پورا بدلہ مل کر رہے گا۔