بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 85. Al-Burooj · Ayah 1
وَ السَّمَآءِ ذَاتِ الْبُرُوْجِۙ﴿1﴾
- وَالسَّمَآءِقسم آسمان کی
- ذَاتِ الْبُرُوْجِبرجوں والا
لغات القرآن۔
ذات البروج۔ برجوں والا۔ قلعہ والا۔ الیوم الموعود۔ جس دن کا وعدہ کیا گیا تھا۔ شاھد۔ حاضر ہونے والا۔ مشھود۔ جس میں لوگ حاضر ہوں۔ الاخدود۔ خندقیں۔ ذات الوقود۔ ایندھن والی۔ قعود۔ بیٹھے ہوئے۔ مانقموا۔ وہ بدلہ نہیں لیتے۔ فتنوا۔ آزمایا۔ عذاب الحریق۔ جلا ڈالنے والا عذاب۔ بطش۔ گرفت۔ پکڑ۔ فعال۔ کر گزرنے والا۔
تشریح : سورة البروج مکہ مکرمہ کے اس ابتدائی دور میں نازل ہوئی جب کفار قریش مسلمانوں کو طرح طرح کی اذیتیں دیتے اور ظلم و ستم کیا کرتے تھے اور کسی طرح اہل ایمان کو برداشت کرنے کے لئے تیار نہ تھے۔ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ اور آپ کے جاں نثار صحابہ کرام ؓ کو تسلی دیتے ہوئے کفار کی اذیتوں پر صبر کرنے اور شدید حالات کے مقابلے میں ڈتے رہنے کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا کہ اسی میں ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ وہ کسی کی طاقت و قوت کی پرواہ نہ کریں کیونکہ اہل یمان سے یہ اللہ کا وعدہ ہے کہ وہی غالب رہیں گے اور ظلم و ستم کرنے والے اپنے کیفرکردار کو پہنچ کر رہیں گے۔
اس سلسلہ میں خندق والوں کا، قوم فرعوں اور قوم ثمود کا خاص طرو پر ذکر کرے ہوئے فرمایا ہے کہ ان سب نے ایمان والوں کو بری طرح ستایا۔ ذونو اس بادشاہ جو ہر شخص کو اپنے بتوں کے آگے جھکنے پر مجبور کردیتا تھا اس نے ایسی خندقیں اور گڑھے تیار کرائے تھے جو آگ اور اس میں جلائے جانے والے ایندھن سے بھرے ہوئے تھے۔ لمبے چوڑے گڑھے جن کی مقدار لمبائی میں ایک سوبیس فٹ اور چوڑائی میں چالیس فت اور بےانتہا گہرے تھے۔ جو شخص بھی اس کے بتوں کے سامنے سجدہ کرنے سے انکار کرتا اور اپنے ایمان پر قائم رہتا اس کو ان آگے سے بھرے ہوئے گڑھوں میں پھینک کر زندہ جلا دیا کرتا تھا۔
اس کے نزدیک ان کا قصور یہ تھا کہ وہ اس اللہ پر ایمان و یقین کی دولت سے مالا مال ہوچکے تھے جو آسمانوں اور زمین میں ہر طرح کی طاقت و قوت کا مالک ہے۔
جس نے ان کو پہلی مرتبہ پیدا کیا اور وہی دوبارہ پیدا کرے گا۔ وہ بخشنے والا، محبت کرنے والا، عرش کا مالک، بڑی شان والا اور ہر چیز پر اس کی ایسی قدرت ہے کہ وہ جو چاہے جیسے چاہے اس کو اسی طرح کرتا ہے۔
فرعون کا حال بیا کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ لوگوں سے کہلواتا تھا کہ وہی رب اعلیٰ ہے۔ وہ زبردستی ہر شخص کو اپنے سامنے سجدہ کراتا تھا اور جو اس سے انکار کرتا اس کو سخت اذیتیں دیا کرتا تھا۔
حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو نیچا دکھانے کے لئے جب پورے ملک کے جادوگروں کو جمع کیا اور فرعون نے ان جادوگروں سے کہا کہ جب وہ کامیاب ہوجائیں گے تو ان کو نہ صرف انعام و اکرام سے نواز اجائے گا بلکہ وہ بادشاہ کے مقرب بن جائیں گے لیکن جب ان جادوگروں نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے عصا کا معجزہ دیکھا تو وہ سمجھ گئے کہ عصا کا اژدھا بن جانا معجزہ ہے جادو نہیں ہے تو سارے جادوگروں نے اس بات کا اعلان کردیا کہ وہ اللہ پر ایمان لے آئے ہیں۔ فرعون اس ذلت اور بےعزتی کو برداشت نہ کرسکا اور اس نے مومنوں سے کہا کہ اگر وہ اپنے ایمان پر قائم رہے تو وہ ان کے مخالف سمتوں سے ہاتھ پیر کاٹ کر سولی پر چڑھا دے گا۔
مومن ہوجانے والے جادوگروں نے کہا اے فرعون ہمیں اللہ نے ہدایت عطا فرما دی ہے اب ہمیں کسی سزا کی پرواہ نہیں ہے تیرا جو جی چاہے وہ کرلے ہمارے دلوں میں جو ایمان کی شمع روشن ہوچکی ہے اسے کوئی بجھا نہیں سکتا۔ خندق والوں اور فرعون کے ظلم و ستم کا ذکر کرتے ہوئے قوم ثمود کی طرف بھی اشارہ کیا کہ اللہ نے ان کو بےانتہا صلاحتیں اور مال و دولت عطا کیا تھا مگر وہ اپنے کفر وشرک میں اس قدر آگے بڑھ چکے تھے کہ جو بھی اپنے ایمان کا اعلان کرتا اس کو ذلیل و خوار کرتے اور ہر طرح کی اذیتیں دینے میں حد سے گزر جاتے تھے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ اہل ایمان نے آگ سے بھرے ہوئے گڑھوں میں جلنا گوارا کیا، فرعون کے ظلم و ستم اور قوم ثمود کی اذیتوں کو برداشت کیا لیکن اپنے ایمان پر مضبوطی سے قائم رہے۔ یہی ثابت قدمی اور ایمان کی مضبوطی تھی جس نے انہیں اس جنت کا مستحق بنا دیا جس میں ان کو وہ تمام راحتیں اور نعمتیں عطا کی جائیں گی جن کا وہ اس دنیا میں تصور بھی نہیں کرسکتے۔
اہل ایمان کو بتایا گیا کہ اہل ایمان و ظلم و ستم کرنے والے بہت جلد مٹ جائیں گے لیکن دنیا اور آخرت میں ان ہی لوگوں کو ہر طرح کی راحتیں عطا کی جائیں گی جو اپنے ایمان پر پختگی کے ساتھ قائم رہیں گے۔
زیر مطالعہ آیات میں اللہ نے آسمان کے مضبوط قلعوں، قیامت کے دن، اس میں حاضری اور قیامت کا مشاہدہ کرنے والوں کی قسم کھا کر فرمایا ہے کہ خنق والے اللہ کی لعنت کے مستحق بن گئے جنہوں نے آگ سے بھرے ہوئے گڑھے تیار کئے تھے اور وہ لوگ بھی مارے گئے جو اہل ایمان کی آگ میں پھین کر ان کا تماشا دیکھا کرتے تھے۔
ان اہل ایمان کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ اس اللہ پر ایمان لے آئے تھے جو تمام قوتوں، طاقتوں کا مالک، ہر طرح کی تعریفوں کا مستحق، زمین وآسمان کی سلطنت کا مالک اور ہر چیز کو ہر آن دیکھنے والا ہے۔
فرمایا کہ جو لوگ آج اپنی قوت و طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اللہ کے مومن بندوں اور مومن بندیوں کو ستار ہے ہیں اگر انہوں نے توبہ نہ کی اور اپنی حرکتوں سے نہ آئے تو وہ وقت بہت دور نہیں ہے جب ان کو جہنم کی ایسی آگ میں جھونکا جائے گا جو ان کو جھلس کر رکھ دے گی۔ لیکن اگر وہ توبہ کر کے ایمان لے آئے اور عمل صالح کی روش اختیار کی تو ان کو ایسی جنتوں میں راحت و آرام کی نعمتیں عطا کی جائیں گی کہ ہرے بھرے باغوں کے نیچے سے نہریں بہہ رہی ہوں گی۔ یہی زبردست کامیابی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے صاف صاف فرمادیا کہ اللہ ہر آدمی کو برداشت کرتا ہے اس کو ڈھیل اور مہلت دیتا رہتا ہے لیکن جو لوگ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آتے جب وہ ان کو پکڑتا ہے تو پھر اس سے چھڑانے والا کوئی نہیں ہوتا۔
اللہ وہ ہے جو سب کا خالق اور پیدا کرنے والا ہے وہی انسان کے مر جانے کے بعد اس کو دوبارہ زندہ کرے گا۔ اللہ کی شان یہ ہے کہ بہت بخشنے والا، بندوں سے محبت کرنے والا، عرش کا مالک اور بڑی عزت و عظمت کا مالک ہے۔ قوم فرعون اور قوم ثمود بھی اگر توبہ کرلیتے تو وہ ان کو معاف کردیا جاتا لیکن وہ تو ہر طرح سمجھانے کے باوجود انکار کرنے کی روش پر قائم رہے حالانکہ وہ اللہ کے اختیار میں تھے اور اس نے ان کو چاروں طرف سے گھیر رکھا تھا بچ کر وہ کہیں نہ جاسکتے تھے اور نہ جاسکیں گے۔
اہل ایمان کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا کہ اللہ نے جس قرآن کو نازل کیا ہے وہ اللہ کے ہاں بالکل محفوظ ہے۔ اہل ایمان اس قرآن سے مکمل رہنمائی حاصل کریں اسی میں ان کی اور ساری کائنات میں بسنے والے انسانون کی کامیابی کا رازہ چھپا ہوا ہے۔