البروج
بصیرتِ قرآن
مولانا محمد آصف قاسمی
تعارف
تعارف : سورة البروج مکہ مکرمہ میں اس وقت نازل کی گئی جب کفار و مشرکین اہل ایمان پر ہر طرح کے ظلم و ستم ڈھا رہے تھے۔ مومنوں کو بتایا گیا ہے کہ دین کی سچائیوں کو قائم کرنے کے لئے زبردست قربانیاں دینا پڑتی ہیں تب وہ حقیقی کامیابی نصیب ہوتی ہے جس سے آخرت کی لازوال نعمتوں سے ہم کنار کیا جاتا ہے۔ فرمایا کہ اصحاب الاخدود وہ لوگ تھے جنہوں نے مومنوں کو آگ سے بھرے ہوئے گڑھوں میں جلا کر راکھ بنا دیا تھا۔ ان اہل ایمان نے آگ میں جلنا گوارا کیا مگر وہ اپنے ایمان سے نہیں پھرے۔ صحابہ کرام (رض) کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا کہ اگر وہ کفار کے ظلم و ستم کے مقابلے میں ثابت قدم رہے تو ان کو دنیا اور آخرت کا عظیم اجرو ثواب عطا کیا جائے گا اور یہ ان کی بہت بڑی کامیابی ہوگی۔ اسی بات کو سورة البروج میں فرمایا گیا جس کا خلاصہ یہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے برجوں والے آسمان اور جس دن کس وعدہ کیا گیا ہے (یعنی قیامت) دیکھنے والے کی اور دیکھی جانے والی چیز کی قسم کھا کر فرمایا ہے کہ گرھے (خندق) والے تباہ و برباد ہو کر رہے۔ ان گڑھوں میں بھڑکتے ہوئے ایندھن کی آگ تھی۔ وہ لوگ اس کے آس پاس بیٹھے ہوئے تھے اور جو کچھ اہل ایمان کے ساتھ ظلم و ستم ہو رہا تھا وہ اسے دیکھ کر مزے لے رئے تھے۔ ان مومنووں سے عداوت اور دشمنی کی وجہ صرف یہ تھی کہ وہ ایک اللہ پر ایمان لے آئے تھے۔
وہ اللہ جو زبردست طاقتون کا مالک، اپنی ذات میں قابل ستائش، آسمانوں اور زمین کی سلطنت کا مالک ہے وہ اللہ سب کچھ دیکھ رہا ہے۔ جن لوگوں نے مومن مردوں اور مون عورتوں کو اذیت پہنچائی اور اس سے توبہ نہ کی یقینا ان کے لئے جہنم کا عذاب ہے اور ان کے لئے جلائے جانے کا عذاب بھی ہے اور جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک کام کیے ان کے لئے جنت کے ایسے باغ ہیں جن کے نیچے سے نہریں بہتی ہوں گی جس کا ملنا ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! آپ کے رب کی پکڑ بڑی سخت ہے یعنی جب وہ کسی قوم یا فرد کی گرفت کرتا ہے تو اس کو اللہ سے کوئی چھڑانے والا نہیں ہوتا۔ اسی اللہ نے پہلی مرتبہ انسان کو پیدا کیا وہی دوبارہ پیدا کرے گا۔ اللہ بخشنے والا، محبت کرنے والا، عرش عظیم کا مالک، وہ جو کچھ کرنا چاہتا ہے تو اسے کر ڈالتا ہے۔
نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے فرمایا کہ کیا آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو فرعون اور قوم ثمود کے لشکروں کا حال معلوم ہے ؟ جب انہوں نے کفر کیا اور جھٹلایا تو اللہ نے ان کو ہر طرف سے اس طرح گھیر لیا کہ وہ اپنے برے انجام سے بچ نہ سکے۔ فرمایا کہ اگر آج مکہ والے قرآن کو سچائیوں کو جھٹلا رہے ہیں تو اس سے قرآن کو کوئی نقصان نہیں ہے کیونکہ وہ باعظمت قرآن لوح میں محفوظ ہے۔