بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 86. At-Taariq · Ayah 1
وَ السَّمَآءِ وَ الطَّارِقِۙ﴿1﴾
- وَالسَّمَآءِقسم آسمان کی
- وَالطَّارِقِاور رات کو آنے والے کی
لغات القرآن۔
الطارق۔ اندھیرے میں آنے والا۔ چمکنے والا۔ دافق۔ اچھلنے والا۔ الصلب۔ پیٹھ۔ الترائب (تریبۃ) ۔ سینے کے اوپر کا حصہ۔ سرائر (سریر) ۔ پلنگ۔ مسہریاں۔ ذات الرجع۔ بار بار لوٹنے والا۔ ذات الصدع۔ پھٹ جانے والا۔ چکر لگانے والا۔ الھزل۔ ہنسی کھیل ۔ مذاق۔ اکید۔ میں تدبیر کرتا ہوں۔ مھل۔ مہلت دیدے۔ روید۔ کچھ دن۔ تھوڑے دن۔
تشریح : اللہ تعالیٰ نے سورة الطارق میں چار اہم باتوں کی طرف متوجہ فرمایا ہے۔
1۔ اللہ تعالیٰ نے رات کو آسمان پر چمکنے والے ستاروں کی قسم کھا کر فرمایا ہے کہ کیا تمہیں معلوم ہے کہ وہ ” الطارق “ یعنی ستارے کیا ہیں ؟ خود ہی جواب عنایت فرمایا کہ وہ روشن ستاروں کا ایک سلسلہ ہے۔
اس کی تشریح یہ ہے کہ ہر شخص رات کے وقت ستاروں کی جگمگاہٹ اور روشنی میں ایک خاص نظم و ترتیب کو کھلی آنکھوں سے دیکھتا ہے۔ اگر انسان میں ذرا بھی دیانت کا جذبہ زندہ ہے تو وہ کہ کہنے پر مجبور ہوجائے گا کہ اس اتنی بڑی کائنات کو چلانے والی ضرور کوئی ایسی ہستی موجود ہے جو ان ستاروں کو کروڑوں اربوں سال سے ایک تسلسل کے ساتھ ایک ہی طرح چلا رہی ہے اور ان میں کبھی ذرا سا بھی فرق نہیں آتا۔
فرمایا کہ اللہ وہ ہے جو اس پوری کائنات کے نظام کو چلا رہا ہے اسے کائنات کے ذرے ذرے کا علم ہے۔ وہ اس زمین و آسمان اور پوری کائنات میں جہاں بھی کوئی موجود ہے وہ خود اور اس کے فرشتے اس کی پوری نگرانی کر رہے ہیں۔ اللہ کے حکم سے ہر شخص کے ساتھ اس فرشتے کو مقرر کیا گیا ہے جو اس کے ایک ایک عمل کو لکھ کر اس کو ریکارڈ کر رہا ہے۔
قیامت قائم ہونے کے بعد ہر شخص کا نامہ اعمال اس کے سامنے رکھ دیا جائے گا اس نے جو عمل بھی دنیا سے چھپ کر کیا ہے یا اسے چھپا کر دنیا کی نظروں سے دور رکھا ہے وہ خود اس کو پڑ ھ لے گا اور اس کے مطابق جزا یا سزا کا فیصلہ کیا جائے گا۔ یہ اس لئے بیان کیا گیا ہے تاکہ ہر شخص اپنی آخرت کی فکر کرے اور اپنے برے انجام سے بچ سکے۔
2۔ قرآن کریم میں کفار و مشرکین کے اس قول کو نقل کیا گیا ہے کہ ” جب ہم مر کر خاک ہوجائیں گے اور ہماری ہڈیاں بھی گل سڑ جائیں گی اور ہمارے جسم کے اجزاء بکھر جائیں گے تو ہم دوبارہ کیسے زندہ کئے جائیں گے “۔
اللہ تعالیٰ نے ان کے اس اعتراض کو بھرپور جواب دیا ہے (اس موقع پر بھی ان کا یہ سوال نقل کئے بغیر ارشاد فرمایا ہے کہ) انسان کو اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ وہ کس چیز سے پیدا کیا گیا ہے ؟
فرمایا کہ وہ اچھلتے پانی یعنی نطفہ سے بنایا گیا ہے جو آدمی کے سینے اور پیٹھ کے درمیان سے نکلتا ہے۔ جب اللہ نے اس کو ایک حقیر طرے سے پہلی مرتبہ وجود عطا کیا ہے تو دوسری دفعہ اس کو پیدا کرنا کون سا مشکل اور ناممکن کام ہے۔ کیونکہ پہلی مرتبہ کسی چیز کو بنانا مشکل ہوتا ہے لیکن اسی کو دوسری مرتبہ بنانا مشکل نہیں ہوتا۔
ساتھ ہی ساتھ یہ بھی ارشاد فرمادیا کہ جس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے وہ یہ نہیں ہے کہ دوبارہ پیدا ہونا مشکل ہے یا نہیں بلکہ اس بات پر غور کرنے کی ضرورتر ہے کہ جب سارے انسان دوبارہ پیدا کئے جائیں گے تو اس دن ہر شخص کے کئے ہوئے سارے اعمال اس کے سامنے ہوں گے اور اس دن وہ اپنے کسی عمل کو چھپا نہ سکے گا اور کسی طرف سے اس کی کو یء مدد بھی نہ ہوگی اگر اس نے دنیا میں حسن عمل نہیں کیا تو اس ہیبت ناک دن میں سوائے حسرت و افسوس کے اور کچھ بھی نہ ہوگا۔
3۔ تیسری بات یہ ارشاد فرمائی کہ بلندی سے اتاری جانے ولای بارش اور نباتات کی قسم کہ یہ قرآن کریم حق و باطل کے درمیان فیصلے کی چیز ہے یعنی یہ قرآن تمام انسانوں کی روحانی اور اخلاقی تعلیم کے لئے نازل کیا گیا ہے تاکہ ہر شخص کو صحیح اور غلط کی پوری طرح پہنچان ہوجائے۔ یہ ایک سنجیدہ اور باوقار کلام ہے کوئی کھیل تماشا نہیں ہے۔
4۔ چوتھی بات یہ ارشاد فرمائی کہ قیامت ایسی سچائی اور اٹل حقیقت کا نام ہے جس کے واقع ہونے میں شک کرنا بالکل غلط ہے۔ جب وہ وقت آئے گا تو سارے نطام کائنات کو توڑ دیا جائے گا۔
اس پر سنجیدگی سے غوروفکر کرتے رہنے کی ضرورت ہے۔ جو لوگ قیامت کے دن پر سنجیدگی سے غوروفکر نہیں کرتے اور قرآن کے پیغام اور اس پر چلنے والوں کو ناکام بنانے کے تدبیریں اور سازشیں کرتے ہیں ان جیسے لوگوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ ان کے مکرو فریب، سازشوں اور تدبیروں کے مقابلے میں اللہ بھی اپنی خفیہ تدبیریں کررہا ہے جو آخر غالب آکر رہیں گی اور کفار کی سازشیں دم توڑ دیں گی چناچہ تاریخ کے اوراق اس بات پر گوا ہیں کہ کافروں کی بڑی بڑی تدبیروں اور سازشوں کے باوجود وہ اسلام کے غلبے کو نہ روک سکے۔ البتہ منکرین اپنی تباہی کو دعوت دے کر دنیا اور آخرت میں دوبارہ برباد ہوگئے۔