الطارق
بصیرتِ قرآن
مولانا محمد آصف قاسمی
تعارف
تعارف : قرآن کریم میں بار بار اس حقیقت کو بیان فرمایا گیا ہے کہ قیامت ضرور آئے گی اور مرنے کے بعد ہر انسان کع اللہ کی بارگاہ میں حاضر ہو کر زندگی میں کئے گئے تمام اعمال کا حساب دینا ہوگا۔ اس سورت میں بھی اسی طرف متوجہ فرمایا گیا ہے۔ دوسری بات قرآن کریم سے متعلق فرمائی گئی ہے کہ قرآن ایک ایسی روشنی ہے جس کی چمک دمک بڑھتی ہی جائے گی۔ کافروں کی کوشش اور خفیہ تدبیریں اس شمع کو بجھا نہ سکیں گے۔ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے فرمایا گیا ہے کہ آپ ان کافرون کی اذیتوں پر صبر سے کام لیجئے کیونکہ بہت زیادہ دیر نہ گزرے گی کہ اللہ تعوالیٰ ان کفار کی ساری تدبیروں کو ان پر ہی الٹ کر رکھ دے گا۔ انہی باتوں کو اس سورت میں بیان کیا گیا ہے۔ جس کا خلاصہ یہ ہے۔
آسمان کی اور رات کے وقت آنے والے تارے کی قسم۔ وہ تارہ کیا ہے ؟ وہ چمکتا ہو درخشاں ستارہ ہے۔ فرمایا کہ کوئی جان ایسی نہیں ہے جس پر کوئی نگراں مقرر نہو۔ انسان کو غور کرنا چاہیے کہ اسکو اللہ نے کس چیز سے پیدا کیا ہے ؟ اس کو اللہ نے ایک اچھلنے والے پانی سے پیدا کیا ہے جو پیٹھ اور سینے کے درمیان سے نکلتا ہے۔ جس اللہ نے اس کو ایک حقیر بوند سے پیدا کیا وہی اس بات کی پوری قدرت رکھتا ہے کہ اس کو مرنے کے بعد دوبارہ پیدا کردے۔ لیکن جس دن اس کو دوبارہ پیدا کیا جائے گا اس دن اس کے تمام چھپے ہوئے راز ظاہر کردیئے جایں گے اور اس کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ یہ وہ دن ہوگا جب اس کی اپنی کوئی اقت نہ ہوگی اور کوئی اس کی مدد بھی نہ کرسکے گا۔ اللہ نے فرمایا بارش برسانے والے آسمان کی قسم اور اس زمین کی قسم جو پھٹ کر ہر اس طرح کے نباتات کو اگاتی ہے۔ یہ کلام قرآن مجید ایک قول فیصل ہے یعنی جو حق اور باطل کو الگ الگ کردیتا ہے۔ یہ کوئی لغو یا ہنسی مذاق نہیں ہے۔ یہ کفارہ اپنی سی چالیں چل رہے ہیں اور میں اپنی تدبیریں کر رہا ہوں۔ اسے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! آپ صبر کیجئے۔ ان کفار کو اپنے حال میں مست رہنے دیجئے اللہ خود ان سے انتقام لے لے گا اور ان کی چالوں کو اپنی تدبیروں سے ان پر اہی الٹ دے گا۔