IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 87. Al-A'laa · Ayah 1

  1. سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْاَعْلَىۙ﴿1﴾

    1. سَبِّحِپاکیزگی بیان کر
    2. اسْمَ رَبِّكَاپنے رب کا نام
    3. الْاَعْلَىسب سے بلند
Translation · Baseerat-e-Quran
(اے نبی ﷺ آپ اپنے بلندو برتر رب کی پاکی بیان کیجئے
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

سنح۔ تسبیح کر۔ قدر۔ اندازہ کیا۔ المرعی۔ چارہ (جانوروں کی غذا) ۔ غثائ۔ کوڑا۔ کباڑ۔ احوی۔ سیاہ۔ نقری۔ ہم پڑھائیں گے۔

لا تنسی۔ تو نہ بھولے گا۔ یسری۔ آسانی۔ ذکر۔ سمجھا دے۔ ذکر کر۔ یتجنب۔ وہ بچے گا۔ الاشقی۔ بدنصیب۔ بدقسمت۔ افلح۔ کامیاب ہوا۔ تزکی۔ جس نے تزکیہ کیا۔ اپنے آپ کو پاک صاف کیا۔ تو ثرون۔ تم ترجیح دیتے ہو۔ اختیار کرتے ہو۔ ابقی۔ باقی رہنے والا۔

تشریح :

ان آیات ہی میں شروع سے لے کر آخر تک نبی کریم خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے خطاب کرے ہوئے چند بنیادی اصولوں کی تعلیم دی گئی ہے۔ فرمایا۔

٭اے نبی ﷺ ! آپ اپنے اس پروردگار کی پاکیزگی یعنی حمدو ثنا بیان کرتے رہییے جو سب سے بلندو برتر اور اعلیٰ ہے۔

٭اسی نے انسان کو بالکل ٹھیک اور درت بنا کر اس کی ایک انداز پر رہنمائی کی ہے۔ یعنی وہی پیدا کرنے والا ہے لیکن وہ پیدا کرکے بھول نہیں گیا بلکہ اس کی تقدیر لکھ کر اس کو راستہ دکھایا اور اس کی اصلاح کے اصول نازل فرمائے تاکہ وہ اپنے کاموں کو اسی طرح انجام دے جس طرح اس کو ہدایت دی گئی ہے۔

٭اسی نے انسانوں کی رہمنائی کے لئے اپنا کلام اور ان کے جسم کی بقا کے لئے اگر اسبابِ رزق پیدا کئے ہیں تو اس نے جانوروں کے لئے ایسا چارہ پیدا کیا ہے کہ اگر وہ تروتازہ رہتا ہے تو اس کا اپنا لطف ہے اور اگر وہ خشک ہو کر سیاہ کوڑا بن جائے تب بھی وہ جانوروں کے لئے وہی لطف دیتا ہے جس طرح ہرا چارہ۔

٭اسی نے انسانوں کی ہدایت کے لئے اپنا کلام نازل کیا جس کی حفاظت کی ذمہ داری اس نے خود اپنے اوپر لے رکھی ہے۔ وہی اس کی حفاظت کرتا ہے۔ نبی کریم ﷺ جو اللہ کی طرف سے نازل کی گئی وحی کو یاد کرنے کی کوشش کرتے تو آپ ﷺ کو یہ اندیشہ رہتا کہ کہیں میں اس کو بھول نہ جاؤں فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ اس کی پرواہ نہ کریں ہم آپ کی طرف جو وحی بھیجیں گے اس کو ہم اس طرح آپ کو سکھائیں گے اور پڑھائیں گے کہ آپ اس کو بھول نہ سکیں گے۔ ہاں خود ہم ہی چاہیں گے تو اس کلام کو واپس بھی لے سکتے ہیں یا اس کو منسوخ کرکے دوسرا کلام بھی بھیج سکتے ہیں۔ اس بات کو اللہ بہتر جانتا ہے جو ہر چیز کے پوشیدہ اور کھلے ہوئے ہر راز سے واقف ہے۔ لہٰذا اے نبی ﷺ ! آپ اس کی فکر نہ کریں کہ قرآن یعنی وحی الٰہی کی حفاظت کیسے ہوگی ؟

٭وہی اللہ آپ کو دی کے فروگ اور ترقی کے لئے ہر طرح کی آسانیاں عطا فرمائے گا۔ آپ تو اس کلام کے ذریعہ لوگوں کو نصیحت کرتے رہیے۔ جس کے مقدر میں یہ سعادت ہے کہ وہ سن کر اس پر عمل کرے گا۔ سوچ سمجھ کر اور غوروفکر کرکے جو اس کا اثر قبول کرے گا وہی خوش نصیب ہے۔ آپ تو نصیحت کرتے رہیے اگر نصیحت کرنا مفید ہو۔ اور یقینا نصیحت تو انسان کو فائدہ ہی دیتی ہے جو بھی تقویٰ اور پرہیز گاری کی زندگی کو اختیار کرتا ہے وہ آپ کی نصیحت سے پورا پورا فائدہ حاصل کرے گا لیکن بد نصیب انسان آپ کی نصیحت کو قبول کرنے کے بجائے اس سے بھاگے گا۔ فرمایا کہ ایسے بدنصیب لوگوں کا انجام یہ ہے کہ ان کو اس بڑی آگ میں جھونکا جائے گا جس میں نہ وہ مریں گے نہ جبیں گے۔

٭اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ کامیاب تو صرف وہی لوگ ہیں جنہوں نے اپنے آپ کو عقیدہ، عمل اور اخلاق کی گندگی سے دور رکھ کر اپنے رب کو یاد کیا اور نمازوں کو قائم کیا۔ لیکن وہ سخت بدنصیب اور ناکام لوگ ہیں جنہوں نے دنیا کی زیب وزینت، خوبصورتی ترجیح دی حالانکہ آخرت کی زندگی تو وہ ہے جو ہمیشہ باقی رہنے والی ہے۔ دنیا کی زندگی تو وقتی اور عارضی ہے اس میں کسی چیز کو بھی بقا نہیں ہے بقا تو صرف آخرت کی زندگی کو ہے۔

٭ فرمایا کہ یہ سچائیاں جو قرآن کریم میں ہیں تمام انبیاء کرام (علیہ السلام) ان ہی سچائیوں کو لے کر آتے رہے۔ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) اور حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ان کے صحیفوں یعنی کتابوں میں ان ہی سچائیوں کو بیان کیا گیا ہے۔ روایت کے مطابق حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کو دس (10) صحیفے دئیے گئے تھے اور حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو توریت کے علاوہ دس (10) صحیفے اور عطاکئے گئے تھے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم ﷺ اور تمام انبیاء کرام (علیہ السلام) پر نازل کی گئی سچائیوں کا اختیار کرکے اپنی عاقبت درست کرنے کی تو فقی عطا فرمائے۔ آمین۔