بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 92. Al-Lail · Ayah 1
وَ الَّیْلِ اِذَا یَغْشٰىۙ﴿1﴾
- وَالَّيْلِرات کی قسم
- اِذَا يَغْشٰىجب وہ ڈھانک لے
لغات القرآن۔
شتی۔ مختلف۔ الگ الگ۔ نیسر۔ ہم آسان کردیں گے۔ العسری۔ تنگی۔ تردی۔ وہ نیچے گرا۔ تلظی۔ بھڑک دار۔ یجنب۔ بچ جائے گا۔
تشریح : اللہ تعالیٰ نے ان آیات میں رات، دن، نر اور مادہ کی قسم کھا کر فرمایا ہے کہ جس طرح رات دن سے اور نر مادہ سے الگ اور مختلف چیزیں ہیں اسی طرح دنیا میں جتنے بھی انسان، ان کے گروہ اور قومیں ہیں وہ اپنے عمل اور کوششوں میں بہت مختلف ہیں۔ رات کے وقت دن کا تصور اور دن میں رات کا تصور ممکن نہیں ہے۔ نر مادہ ہوسکتا اور مادہ نر نہیں ہوسکتی اسی طرح نیکی اور برائیوں پر چلنے والے بھی اپنے انجام کے اعتبار سے یکساں نہیں ہوسکتے۔
ایک وہ شخص ہے جو نہایت خلوص اور اللہ کی رضا کے لئے اپنا مال خر کرتا ہے۔ ہر نافرمانی سے دور رہ کر فرماں برداری کا پیکر ہے۔ جو ہر ایک بھلائی اور سچائی کی تصدیق کرتا ہے۔ اسے اللہ کی طرف سے ہر طرح کی سہولتیں عطا کی جاتی ہیں۔
دوسرا وہ شخص ہے جو اللہ کے بندوں پر اپنا مال خرچ کرنے میں کنجوسی اور بخل سے کام لیتا ہے۔ اپنے پیدا کرنے والے اللہ سے منہ پھیر کر چلتا ہے اور ہر بھلائی اور سچائی کو جھٹلانا جس کا مزاج بن چکا ہے، جس کی وجہ سے اس سے بھلائی کے راستے پر چلنے کی توفیق چھین لی جاتی ہے۔ کیا یہ دونوں ایک جیسے ہیں کیا ان کا انجام یکساں ہے ؟ کبھی نہیں۔ ان دونوں کا انجام یکساں اور برابر نہیں ہوسکتا یہ تو بالکل ایسا ہی ہے جیسے رات کو دن اور نر کو مادہ کہہ دیا جائے۔
اللہ تعالیٰ نے ایسے نافرمان شخص سے پوچھا ہے کہ دنیا کی زیب وزینت، مال و دولت اسی وقت تک کام آسکتے ہیں جب تک زندگی کی یہ ڈور بندھی ہوئی ہے لیکن جب موت آجائے گی اور دنیا سے ہر سلسلہ کٹ جائے گا اس وقت یہ سب چیزیں تیرے کیا کام آئیں گی ؟
اللہ جو دونوں جہانوں کا مالک ہے اس نے اپنے پاکیزہ نفس پیغمبروں کے ذریعہ خیر وشر کے ہر راستے کی وضاحت کردی ہے۔ ان دونوں راستوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا اب یہ انسان کا کام ہے کیونکہ دونوں راستوں کا انجام بتا دیا گیا ہے۔
مزید وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ جس نے سچائیوں سے انکار کیا اور ان سے اپنا منہ پھیرا اس کے لئے اللہ نے ایسی جہنم کی بھڑکتی آگ تیار کر رکھی ہے جس میں ہر شخص جھلس کر رہ جائے گا۔
اور جس نے پاکیزگی نفس کے لئے اللہ کے بندوں پر اپنا مال خرچ کیا جس میں مھض اللہ کی رضا و خوشنودی مقصود تھی وہ اپنا مال اس لئے خرچ نہیں کرتا تھا کہ اس پر لوگوں کا کوئی احسان تھا جس کا وہ بدل چکا رہا ہے بلکہ اپنے اللہ کو راضی کرنے کے لئے خرچ کرتا تھا اس کو نہ صرف جہنم کی آگ سے دور رکھا جائے گا بلکہ اس کو اللہ اپنی رضا عطا فرمائیں گے اور دونوں جہانوں میں تنا کچھ دیں گے جس سے وہ خوش ہوجائے گا۔